جو کئی برسوں سے رہتی ہے مرے گھر کے پاس
بے خبر میں تھی کہ ہم سائی ہے زیر افلاس
سامنا ہونے پہ ہوتے تھے دعا اور سلام
اپنی بے چارگی ہونے نہ دی اس نے کبھی عام
بارہا دیکھا اسے غم زدہ، با چشم نم
لیکن افسوس سمجھ پائی نہ میں اس کا غم
آخر اک مرتبہ یہ مجھ کو بتایا اس نے
بھوکی کچھ روز سے ہے کچھ نہیں کھایا اس نے
اس کی آواز مرے سامنے بھرّا سی گئی
اپنی ہم سائی سے غفلت پہ میں تھرّا سی گئی
اپنے سِل فون سے رکھتی ہوں میں دنیا پہ نظر
ہائے افسوس کہ ہمسائی کی رکھی نہ خبر
میں نے احکامِ خداوند کو پیچھے چھوڑا
اور فرمانِ محمد ص سے ہے منہ کو موڑا
توبہ اللہ سے عنبر کرو بخشے غلطی
ہو طلب عفو بھی ہم سائی سے، تھی بے خبری
Comments From Facebook


0 Comments