دیار غیر میں ہم سائے کے سائے نہیں نصیب

ایسے دور میں جہاں ایک دوسرے تک پیغام رسانی اور خبروں کی ترسیل برق رفتاری کے ساتھ ہوتی ہے۔ ایک ایک پیغام و میسج پر ہزاروں لاکھوں کی لائک کی بارش ہوتی ہے۔ وہیں یورپ بھر میں لاکھوں افراد ایک الگ حقیقت کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک ایسی دنیا جہاں رابطے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ زندگی اپنے تمام تر وسائل اور سہولیات کے ساتھ آگے بڑھتی ہوئی نظر آتی ہے، لیکن یہاں تعلقات کی کمی بات چیت ہونے کے باوجود وابستگی کا فقدان پایا جاتا ہے۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں ہونے والی تحقیقات ایک سنگین صورتحال کو بیان کرتی ہے۔ سماجی تنہائی اور تنہا ہونے کے احساسات اب معمر افراد یا پھر معاشرتی طور پر الگ تھلگ طبقات تک محدود نہیں رہے، بلکہ یہ آہستہ آہستہ معاشرے کے ہر طبقے میں سرایت کر چکے ہیں۔ نوجوان پیشہ ور افراد سے لے کر ریٹائیرڈ افراد تک، شہروں کی بھیڑ بھاڑ سے لے کر دیہی علاقوں تک یہ محسوس کیا جا رہا ہے کہ لوگ تنہائی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ زندگی کے تمام تر وسائل موجود ہونے کے باوجود یہ احساس کہ ہم تنہا ہیں۔ اس کمی کو محسوس کرنا کہ ہم تنہا زندگی جی رہے ہیں، اس صورتحال سے کیسے نپٹا جائے؟ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کی رپورٹس اس پر کیا کہتی ہیں؟ آئیے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

تنہائی ایک خاموش وبا

یوروپین کمیشن کے جوائنٹس سینٹر کی جانب سے ۲۰۲۲ء میں کی گئی ایک تحقیق میں یورپی یونین نے یہ پایا کہ ۱۳؍ فیصد شہریوں نے ایک مہینے کے دوران یا ہر وقت تنہائی محسوس کرنے کی شکایت کی۔ اس میں اگر ان لوگوں کو بھی شامل کر لیں، جنھوں نے کبھی کبھار تنائی کی شکایت کی، تو یہ شرح فیصد /35 تک پہنچ جاتی ہے۔ یورپ جو آباد شہروں اور تیز رفتار ذرائع وسائل اور آمد و رفت اور مسلسل پھیلتے ہوئے ڈیجیٹل نیٹ ورک کے لیے جانا جاتا ہے، لوگ ہزاروں کی تعداد میں آئی ٹی سیل میں جاب کے لیے دوسرے ممالک سے سفر طے کرکے خصوصا ہندوستان جیسے کثیر آبادی والے ملک سے سفر کر کے آتے ہیں اور یہاں کی آبادی میں خود کو پرسکون محسوس کر کے زندگی گزارنے لگتے ہیں، لیکن ان کی نسلیں جب پروان چڑھتی ہیں اور یہاں کی شہریت قبول کر لیتی ہیں، تو وہ یہ محسوس کرتی ہیں کہ ہم نے سب کچھ حاصل کیا، لیکن اپنوں سے دوری اور تنہائی و محبت کے احساس سے محروم ہو گئے۔ ایسے ہی ایک صاحب سے جرمنی میں ملنے کا موقع ملا، جو اپنا ریسٹورنٹ چلاتے ہیں۔ ان کے بچے یہیں تعلیم حاصل کر کے بڑے ہو رہے ہیں، وہ ان کی اہلیہ مل کر ریسٹورنٹ سے لاکھوں کماتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں ۸؍کروڑ کا بنگلہ بھی تیار کرنے والے ہیں، لیکن ان سے بات چیت کے دوران ان کا درد سنا جو کہ ان کے جذبات و احساسات کی عکاسی کر رہا تھا۔ اکیلے پن کا احساس اپنوں سے دوری اور دیار غیر کی تنہائی کا اظہار ان کی باتوں سے جھلک رہا تھا۔ سماجی تنہائی کا مسئلہ یہاں عجیب طور پر نظر آتا ہے۔ سماج سے کٹے ہوئے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد ایک لمحۂ فکریہ بن گئ ہے۔ اپنوں کی کمی کا احساس انھیں وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتا ہے۔

فرانس اور برطانیہ کی صورت حال

فرانس میں ۱۵؍ سال سے زائد عمر کے تقریبا ہر چار میں سے ایک فرد باقاعدگی سے خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ برطانیہ میں Ipsos Mori کی ۲۰۲۳ء کی رپورٹ کے مطابق ۱۸ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے ۵۸؍ فیصد سے زائد نوجوان بھی خود کو اکثر تنہا محسوس کرتے ہیں۔ گویا تنہائی اب ایک نسلی مسئلہ بن چکی ہے۔ برلن کی ایک سوشل سائیکلوجسٹ ہنا مولر کہتی ہیں کہ اب صرف اکیلے رہنے کا ہی معاملہ نہیں رہا، بلکہ ایک دوسرے سے جڑے نہ رہنے اور نہ دیکھے جانے کا معاملہ کافی حساس بن چکا ہے۔

اکیلا رہنا تنہا محسوس کرنا

سماجی تنہائی کا ایک اہم سبب اکیلے رہنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہے۔ وہ افراد جو نقل مکانی کرکے باہر سے آتے ہیں اور دوسرے ممالک میں بس جاتے ہیں، اپنوں سے دور رہ کر زندگی گزارتے ہیں۔ کچھ دنوں بعد وہ ایک نامانوس سی زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ جرمنی میں ۲۰؍ فیصد سے زائد افراد اکیلے رہتے ہیں جو یورپی یونین میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ اکیلے رہنا یوں تو کوئی معیوب چیز نہیں، لیکن جب یہ خراب صحت اور محدود سماجی زندگی سے جڑ جائے تو پھر خطرناک ہو جاتی ہے۔ فرانس میں بھی صورت حال کچھ مختلف نہیں، فاؤنڈیشن ڈے فرانس کی ایک رپورٹ کے مطابق ۱۲؍ فیصد افراد رشتہ داروں کی طرف سے تنہائی کا (Relational isolation) شکار ہیں۔ ان کا حال یہ ہے کہ وہ دوستوں، رشتہ داروں، خاندان کے افراد یا ساتھیوں سے بہت کم رابطے میں ہیں۔ شہری زندگی کی بھاگ دوڑ، چہل پہل اور رونقیں جہاں تنہائی کے ازالے کا سبب سمجھی جاتی تھیں، اب ان کی مصروفیات نے تنہائی کو بڑھا دیا ہے۔ پیرس یا برلن جیسے بڑے شہروں میں ہزاروں لوگوں کے بیچ اب خود کو مکمل طور پر تنہا محسوس کر سکتے ہیں۔ آپ کسی بس اسٹاپ پر کھڑے ہوں یا لوگوں کی بھیڑ بھاڑ میں، خود کو بالکل اور مکمل تنہا محسوس کرتے ہیں۔ کوئی آپ سےیہ نہیں پوچھے گا کہ اپ کہاں سے آئے ہیں؟ اور کہاں جا رہے ہیں؟ آپ کون ہیں؟ اور کیا کرتے ہیں؟ یہ معاملہ دوسرے ممالک میں کم ہے۔ اکثر لوگ معلوم ہی کر لیتے ہیں اور چند گھنٹوں کے سفر میں تو خوب اچھی بات چیت ہو جاتی ہے، لیکن یہاں یورپین ممالک میں کسی کو کسی سے بلاوجہ بات کرنے یا اس کی پرائیویسی میں دخل اندازی پسند نہیں۔ یہ بات بہت معیوب سمجھی جاتی ہے کہ آپ بلا وجہ پوچھ تاچھ کریں۔ ماہر نفسیات جول گارنیے کہتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ’’لوگ زیادہ خود پرست ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘

ٹیکنالوجی پل یا دیوار؟

ٹیکنالوجی بھی ایک اہم سبب ہے اکیلے پن کا۔ٹیکنالوجی کا سہارا اور ڈیجیٹل رابطے پر انحصار نے ملاقات اور روابط میں کمی پیدا کر دی ہے۔ کورونائی وبا کے دوران آن لائن رابطوں پر حد سے زیادہ انحصار نے تنہائی کو مزید گہرا کر دیا۔ لوگ بالمشافہ ملاقات کے بجائے ڈیجیٹل رابطے اختیار کرتے جا رہے ہیں، لیکن اس طرح کے تعلقات کبھی بھی جذباتی تسکین فراہم نہیں کرتے۔ یہ ایک فارمل گفتگو پر مبنی ملاقات ہوتی ہے۔ گھر جا کر ملاقاتیں کرنا موقع بہ موقع لوگوں کا اکٹھا ہونا، ایک دوسرے سے کھانے پر، چائے پر ملاقاتیں کرنا، تیوہاروں کے موقع پر مل کر خوشیاں بانٹنا زندگی میں اضافے اور خوشی کا سبب بنتا ہے۔ انسان زیادہ دن پر سکون اور خوش حال زندگی گزارتا ہے جو عمر میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔

تنہائی کے نقصانات

سماجی تنہائی صرف جذبات کے لیے تکلیف دہ نہیں، بلکہ یہ صحت کے لیے بھی خطرناک ہے۔ طویل تنہائی سے قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ طویل تنہائی سے اس کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق یہ شرح ۲۶؍ فیصد بڑھ جاتی ہے اور اس کے سماجی نقصان دہ اثرات روزآنہ ۱۵؍ سگریٹ پینے کے برابر ہوتے ہیں۔ یورپ میں ذہنی صحت بھی اس سے متاثر ہوتی نظر آرہی ہے۔ جرمنی میں کورونا وبا کے دوران سے لے کر اب تک ذہنی صحت سے متاثر افراد کی فون کال ہیلپ لائن نمبرس کے ذریعے بڑھتی جا رہی ہیں۔ اس میں غیر معمولی اضافہ تشویش ناک ہے۔

جاپان میں تنہائی کی وبا

ٹوکیو کے عالمی خبر نامے کے مطابق دنیا کے جدید ترین ممالک میں شمار ہونے والا جاپان ایک خوفناک اور خاموش المیے کا شکار ہے۔ یہاں خبر کے مطابق ہزاروں افراد اپنی زندگی کے آخری دن تنہائی میں گزار رہے ہیں اور نتیجے کے طور پر وہ یوں خاموشی سے مر جاتے ہیں کہ ان کی موت کا انکشاف کچھ دنوں، ہفتوں بلکہ کبھی تو مہینوں بعد ہوتا ہے۔ اس وبا کو جاپانی زبان میں کودوکوشی کہا جاتا ہے، جس کا مطلب اکیلے پن کی موت ہے۔ جاپان پولیس ایجنسی کے مطابق صرف چھ ماہ میں ۳۷؍ ہزار سے زائد بزرگ شہری اپنے گھروں میں مردہ پائے گئے، اس میں چار ہزار کی لاشیں ایک ماہ کے بعد اور بعض ایک سال بعد دریافت ہوئی اور یہ لوگ وہ لوگ تھے جن کے پاس نہ خاندان تھا، نہ دوست، نہ کوئی خبرگیری کرنے والا۔ ماہرین کے مطابق کودوکوشی کا سب سے بڑا سبب معاشرتی تنہائی اور جدید طرز زندگی ہے اور پھر شادی سے دوری، نیز طلاق کا بڑھتا ہوا رجحان اور اولاد نہ ہونا یا پھر اولاد ہو تو ان سے رشتہ ٹوٹ جانا۔ اسی طرح تیز رفتار معاشی زندگی نے انسان کو رشتوں اور تعلقات سے الگ کر اکیلا کر دیا ہے۔‌جاپانی تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ ۲۰۲۵ء تک اکیلے بڑھاپا گزارنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ لوگ اکیلے ایسے فلیٹوں میں رہتے ہیں، جہاں کوئی کسی کی خبرگیری کرنے والا نہیں۔ وہاں جب وہ مر جاتے ہیں تو لاشوں کی بدبو اور سڑانڈ ان کے مرنے کا پتہ دیتی ہے۔ اس سلسلے میں کچھ حکومتیں اور سماجی تنظیمیں اس رجحان کو روکنے کے لیے مہمات چلا رہی ہیں۔ ایشیائی ممالک میں جا‌پان، یوروپ میں فرانس، جرمنی اور اٹلی، برطانیہ میں حکومتوں نے ایسی مہم شروع کی ہے، جس میں تنہائی کو دور کرنے کے لیے کچھ عہدے متعین کیے گئے۔ مثلا: جرمنی میں مقامی سطح پر ’’کمیونٹی کیفے‘‘ ٹوکیوں میں کمیونٹی اجتماعات ہاٹ لائن رضاکاروں کی ٹیمیں متحرک کی گئی ہیں، تاکہ تنہائی کا شکار لوگوں کی مدد کی جا سکے، لیکن ان تمام تر کوششوں کے باوجود یہ وبا کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔
جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ہم نے کچھ لوگوں سے بات کی اور یہ معلوم کیا کہ حکومت کی جانب سے متعین عہدہ داروں کی ملاقات تنہائی کو دور کرنے اور متاثرہ افراد کی دلجوئی کے لیے کتنی کارآمد ثابت ہو رہی ہے؟ پون (pawan)
نام کے ہندوستانی شخص 35؍ سال سے جرمنی میں رہائش پذیر ہیں اور یہاں کے نیشنلٹی ہولڈر ہیں، انھوں نے بتایا کہ یہ ملاقاتیں محض رسمی اور وقتی ہیں۔ اس سے متاثر افراد کو نہ تو تسلی ملتی ہے نہ ہی تنہائی کو دور کرنے کا سبب بنتی ہے۔

ہمارے لیے سبق

علم اور ٹیکنالوجی ترقی اور معیشت میں دنیا کو پیچھے چھوڑنے والے بڑے ممالک جاپان، فرانس، برلن کی رپورٹ یہ بتا رہی ہے کہ اکیلے سماجی زندگی گزارنے والے آخری دنوں میں کس طرح خاندان، رشتے دار، پڑوس اور دوستوں کے لیے ترستے ہیں۔ خاندان کو فراموش کرنے والوں کے لیے یہ ایک سبق ہے۔ خاندانی رشتے، پڑوسی سے تعلقات اور خبرگیری ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی اور خدا سے تعلق ہی وہ نعمت عظمی ہے جو انسان کی تنہائی کا واحد علاج ہے۔ جب یہ رشتے ٹوٹ جائیں، اس وقت ترقی اور دولت بھی کسی کام نہیں آتی۔ انسان عمر کے آخری دور میں جب قوی کمزور ہو جاتے ہیں، تو انہی رشتوں کے لیے ترس جاتا ہے۔ اس لیے انسانی رشتوں کی قدر و قیمت ان کے حقوق کی ادائیگی رشتوں کو جوڑنا پڑوسیوں کی خبرگیری اور ان کے حقوق کو جاننا نہایت ضروری ہے اور رشتہ داروں قرابت داروں سے بھی قریبی رشتہ پڑوسی کا رشتہ ہے جو سب سے پہلے دکھ درد اور مصیبت غم و الم میں قریب ہو سکتا ہے۔ اگر ان سے روابط مضبوط رکھیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ پڑوسی سے تعلقات مضبوط ہوں۔ یہ خبرگیری کی جائے کہ ہمارا پڑوسی کیسا ہے؟ اور اس کے کیا حالات ہیں؟ اسلام نے ۴۰؍ گھر تک پڑوس کی خبرگیری کی تعلیم دی ہے۔ یہی وہ ٹیکنیک ہے جو ٹیکنالوجی سے زیادہ مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ پولیس اور خبرگیری کے لیے بنائی جانے والی تمام ایجنسیاں وقتی روکھے سوکھے روابط تک محدود اور جذبات سے خالی ہوتی ہیں ۔
ان کی محبت ہمدردی رسمی ہی ہوگی ترقی یافتہ ممالک کا یہ المیہ آج ان تمام مالک کی ترقی اور چکاچوند کے باوجود ماندپڑتا نظر آتا ہے۔ آج یہاں جرمنی کے شہر Hamburg سے اس مضمون کو مکمل کرنے تک سڑکوں پر ہزاروں بوڑھوں اور پارکوں میں درجنوں بزرگ مرد و خواتین کو اکیلا تنہا کسی اسٹرولر کے سہارے سڑکوں کو پار کرتا، کبھی پارکوں میں بیٹھ کر کھیلتے ہوئے بچوں کو حسرت سے دیکھتا، دیکھ کر دل بہت دکھی ہوا۔ کاش خاندانی رشتوں کی قدر، محلے اور پڑوس کی خبرگیری کی کوئی مہم یہاں بھی چلائی جاتی اور یہ احساس زندہ ہوتا کہ اس محرومی سے نکلنے کا واحد راستہ وہی ہے جو خالق کائنات نے بتایا ہے۔
ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو۔ قرابت داروں اور یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ۔ پڑوسی رشتہ دار سے اجنبی ہمسایہ سے پہلو کے ساتھی سے رشتہ جوڑو۔ مکارم اخلاق میں سے چھٹا خلق ہمسائے یا پڑوسی کے حقوق ہیں، یہ بات بھی واضح طور پر ذہنوں میں بسانے کی ضرورت ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥