امّتِ محمدی ایک ایسی قوم جس کے رہنما نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ ہیں۔ حضور ﷺ کی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ایسی ہے کہ جنھیں پڑھ کر غیر مسلم بھی ایمان لے آتے ہیں اور اسلام قبول کرلیتے ہیں۔ بے شک اللہ تعالیٰ ہدایت صرف انھیں دیتا ہے جو خود اس سے ہدایت کی دعا مانگتے ہے۔
آج بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہی امّتِ محمدی، جس کے لیے حضور ﷺ نے مغفرت کی دعا کی ہے، وہی قوم آج غیروں کے بنائے گئے تہواروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور خوشی کا اظہار کرتی ہے۔ غیروں کے تہوار اس طرح منائے جا رہے ہیں، جیسے وہ خود کے اپنے ہوں! اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ…اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ… علم رکھنے کے باوجود ایسی حرکت کرنا دراصل جہالت ہے جو آج ہماری قوم میں کوٹ کوٹ کر بھر گئی ہے۔
ہمارے ہندوستان میں کئی مذاہب کے ماننے والے لوگ بستے ہیں۔ ان میں سے ایک ہندو قوم ہے، جس کا ایک مشہور تہوار ’’دیوالی‘‘ یا ’’دیپاولی‘‘ کہلاتا ہے۔ یہ تہوار ہندو عقیدے کے مطابق ان کے بھگوان رام کی خوشی میں منایا جاتا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ مسلمان اس میں پٹاخے کیوں پھوڑتے ہیں؟ دیوالی کی خوشیوں میں کیوں شریک ہوتے ہیں؟ اپنے ایمان کی کمزوری کا مظاہرہ کیوں کرتے ہیں؟ آخر اس سے حاصل کیا ہوگا؟ گناہ کے سوا کچھ نہیں!
جب بھی دیوالی آتی ہے، تو افسوس کے ساتھ یہ دیکھا جاتا ہے کہ کئی مسلم علاقوں میں پٹاخے سب سے زیادہ مسلمان ہی پھوڑتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ تہوار ہندوؤں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کا بھی ہے۔
دیوالی ہندوؤں کا تہوار ہے، مگر مسلمان کیوں بن رہے ہیں اس کے شریک؟
دیوالی ہندو برادری کا سب سے بڑا اور اہم مذہبی تہوار ہے جسے ’’روشنیوں کا تہوار‘‘ کہا جاتا ہے۔ ہندو عقیدے کے مطابق، یہ دن خوشی، امن، بھائی چارے اور تاریکی پر روشنی کی جیت کی علامت ہے۔ ان کے مطابق جب ان کے بھگوان رام چودہ سالہ جلاوطنی کے بعد اپنی اہلیہ سیتا اور بھائی لکشمن کے ساتھ لنکا سے واپس ایودھیا لوٹے تو عوام نے ان کے استقبال میں پورا شہر چراغوں سے روشن کر دیا۔ اسی خوشی میں آتش بازی کی گئی تاکہ روشنی آسمان تک پہنچے اور یوں پٹاخے پھوڑنے کی رسم ان کے مذہبی عقیدے کی یادگار کے طور پر رائج ہوئی۔ ان کا ایک عقیدہ یہ بھی ہے کہ پٹاخوں کی آواز سے بری روحیں اور منفی توانائیاں بھاگ جاتی ہیں، جس سے گھر اور ماحول پاکیزہ رہتا ہے۔
مگر افسوس! آج یہی عمل امتِ محمدی کے ہاتھوں انجام پا رہا ہے۔ مسلمان خود پٹاخے پھوڑ رہے ہیں، غیروں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہو رہے ہیں اور اپنے ایمان کو دنیاوی دکھاوے اور جہالت کی نذر کر رہے ہیں۔ آخر اس قوم کو کیا ہو گیا ہے؟ کیا یہ بھول گئی ہے کہ اسلام نے شرک اور غیروں کے مذہبی اعمال میں شرکت سے سختی سے روکا ہے؟ کیا یہ امت وہی نہیں ہے، جسے اللہ نے ہدایت کی راہ دکھائی، مگر اب وہ خود گمراہی کے جشن میں مصروف ہے؟
یاد رکھو! یہ کوئی خوشی نہیں، بلکہ ایمان کی کمزوری، جہالت اور دین سے غفلت کی نشانی ہے اور ساتھ ہی گناہ، اندھیرا اور اللہ کی ناراضی بڑھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں صاف فرما دیا ہے:
لَكُمْ دِينُكُمْ وَلِيَ دِينِ۔
(الکافرون: ٦)
تمہارے لیے تمہارا دین اور میرے لیے میرا دین۔
یہ آیت واضح اعلان ہے کہ مسلمان کا دین صرف اسلام ہے۔ نہ وہ دوسروں کے دین میں مداخلت کرے، نہ ان کے تہواروں کو اپنائے۔ جو قوم اس ہدایت کو بھول جائے، وہ روشنی نہیں بلکہ اندھیرے کی راہ اختیار کرتی ہے۔
مسلمانوں کا طرزِ عمل ایک لمحۂ فکریہ
اللہ نے مسلمانوں کو اس زمین پر ایک مقصد کے لیے پیدا کیا ہے، مگر آج یہ قوم غیروں کو خوش کرنے کے لیے اپنے ایمان کا سودا کر رہی ہے۔ ملّی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ محلے کی مساجد میں اس موضوع پر خصوصی بیانات رکھیں اور ایسے مسلمانوں کو راہِ راست پر لانے کی کوشش کریں، جو سیکولرزم کے نام پر اپنے ایمان کی حفاظت نہیں کر پا رہے ہیں۔ خاص طور پر جمعہ کے خطبوں میں اس مسئلے کو اٹھایا جانا چاہیے کہ پٹاخے نہ صرف ایمان کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور عوامی تکلیف کا باعث بھی بنتے ہیں۔
ماہرینِ ماحولیات بھی اب ’’ایکو-فرینڈلی دیوالی‘‘ کی بات کرتے ہیں، مگر افسوس کہ ہماری قوم کو نہ ماحول کی فکر ہے، نہ بزرگوں، بچوں، یا مریضوں کے آرام کی۔ یہی قوم اپنے شادی بیاہ اور خوشی کے مواقع پر بھی پٹاخے پھوڑ کر دوسروں کو تکلیف دیتی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ بھٹکے ہوئے مسلمانوں کو ہدایت عطا فرمائے اور ملّی جماعتوں کو توفیق دے کہ وہ قوم کو اس گمراہی سے نکالیں۔ اللہ ہمیں وہ امّتِ محمدی بنائے جو حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اور اپنے ایمان کی حفاظت کرے، آمین
٭ ٭ ٭


0 Comments