اکثر بچے چھ سے سات سال کی عمر میں بہت تیزی کے ساتھ سنی گئی باتوں کو یا پڑھی گئی آیات کو دہراتے ہیں اور انھیں یاد بھی ہوجاتا ہے، لیکن جوں جوں وہ بڑے ہوتے ہیں، نو دس سال کی عمر تک ان کی حفظ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور ٹین ایج، ۱۳؍ سال کی عمر آنے تک تو یاد نہ ہونے اور توجہ کی کمی کی شکایت کرتے ہیں۔ والدین پریشان رہتے ہیں کہ بچپن میں بچے اچھا پڑھتے تھے، لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ یاد کرلینا تو کجا، بھول جانے کا شکار ہوجاتے ہیں۔ جس عمر میں بچے بہت تیزی سے یاد کرتے ہیں پہلے اس کی وجوہات جان لیتے ہیں۔
دماغ کی تیزی سے نشوونما
(Rapid Brain Development)
۵سے ۱۰؍ سال کی عمر میں بچے کے دماغ میں نیورانز (neurons) بہت تیزی سے نئے تعلقات (connections or synapses) بناتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب دماغ معلومات کو تیزی سے جذب (absorb) اور محفوظ (store) کرتا ہے۔ اسی لیے بچہ الفاظ، چہرے، آوازیں اور سبق بہت جلد یاد کر لیتا ہے اس عمر میں بچوں کی حسی یادداشت (Sensory Memory) زیادہ فعال ہوتی ہے۔ اس عمر میں بچے ہر چیز کو جذبات اور حسی تجربات (touch, sound, sight) کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ یعنی اگر وہ کوئی لفظ سنتے ہیں تو وہ ساتھ ہی اس کی آواز، رنگ یا احساس بھی ذہن میں رکھتے ہیں۔ یہ ’’multi-sensory learning‘‘ان کی یادداشت کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
اس عمری میں تجسس اور سیکھنے کی فطری خواہش (Curiosity or Motivation)پیدا ہوتی ہے اور بچے اس عمر میں ہر چیز جاننا چاہتے ہیں۔ ان کا دماغ سیکھنے کے موڈ (learning mode) میں ہوتا ہے، جسے ماہرین ”Critical Period of learning“کہتے ہیں۔ اسی وجہ سے نظمیں کہانیاں، محاورے، جملے، نعتیں، دعائیں یا آیات اس عمر میں سب سے آسانی سے یاد ہوتی ہے۔ ذہن پر دباؤ نہیں ہوتا، نیند پوری لیتے ہیں، اس لیے حفظ کروانے کے لیے یہ عمر بہترین ہوتی ہے۔ اس عمر میں بچوں کے دماغ پر ذمہ داری، اسٹریس یا فکرمندی نہیں ہوتی۔ جب دماغ پرسکون ہو تو یادداشت کا عمل (memory formation) بہت آسانی سے ہوتا ہے۔
جوں جوں بچے بڑے ہوتے ہیں نیورون کے بننے کی رفتار سست ہوتی ہے، مختلف چیزوں میں ذہن بٹ جاتا ہے، نیند کی کمی اور دلچسپیاں بدلنے لگتی ہیں، حفظ کی کیفیت متاثر ہوتی ہے۔ سب سے اہم توجہ میں ارتکاز کم ہوجاتا ہے، یہی تبدیلی والدین کا ذہن قبول نہیں کرپاتا، وہ فکر مند ہوجاتے ہیں اور سوچتے ہیں بچپن والی رفتار ہی قائم رہے۔
یہ بھی جان لینا چاہیے کہ صرف یاد کرلینے کو ذہانت نہیں کہتے۔ اکثر والدین اپنے بچوں میں جسے تیزی سے یاد ہوجائے اسے ذہین اور جسے یاد نہیں ہوپائے، اسے غبی سمجھتے ہیں۔ جب کہ یہ اندازہ درست نہیں ہے۔ یاد کرکے دہرانا ذہانت کے دوسرے کاموں کی طرح یہ بھی ایک کام ہے۔ ہر بچے کا دماغ الگ الگ طریقے سے کام کرتا ہے، سب کا یکساں کام نہیں کرتا۔ اگر ایک بچہ یاد کرلیتا ہے، حفظ میں اچھا ہے تو دوسرا غور سے دیکھنے اور اس کا اطلاق کرنے والا (Application) بہتر ہوسکتا ہے۔ کسی بچے کا رائیٹ سائیڈ برین زیادہ تیز کام کرتا ہے، بعض کا لیفٹ برین تیز ہوتا ہے، اس لیے کبھی حفظ کو ذہانت سمجھ کر دوسرے کو کم تر سمجھنا یہ بالکل غلط اندازا ہے۔
جو بچے تیرا سال سے زیادہ عمر کے ہیں، انھیں اپنا حافظہ (Memory) کو تیز کرنے کی شعوری کوشش کرنی چاہیے۔ یہاں ذیل میں ہم ذہن نشین کرنے کے ساتھ مختلف طریقے بیان کررہے ہیں۔ ان تیکنیک پر آپ ان طلبہ سے عمل کرواسکتے ہیں، جو واقعی اپنی یادداشت کی کمزوری سے پریشان ہیں۔
یادداشت کو تقویت دینے والی غذائیں
دماغی صحت اور یادداشت کو مضبوط رکھنے میں خوراک کا کردار نہایت اہم ہے۔ کچھ غذائیں ایسی ہیں جو دماغ کے خلیوں کو توانائی بخشتی ہیں، نیوران کے درمیان روابط کو بہتر بناتی ہیں اور بھولنے کی عادت کو کم کرتی ہیں۔
اخروٹ کو دماغ کی بہترین غذا کہا جاتا ہے، کیوں کہ یہ اومیگا-3فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہے، جو دماغی خلیات کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔ اسی طرح بادام میں موجود وٹامن-ای دماغی خلیات کو نقصان سے محفوظ رکھتا ہے اور یادداشت کے کمزور ہونے کے عمل کو سست کرتا ہے۔
مچھلی، خاص طور پر سالمن، ٹونا اور سارڈینز، میں موجود DHA اور EPA دماغ کے لیے ایندھن کا کام کرتے ہیں اور سوچنے، سمجھنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں۔ انڈا کولین (Choline) فراہم کرتا ہے جو دماغی نیورانز کے لیے بنیادی جز ہے اور توجہ و فوکس میں مدد دیتا ہے۔
رنگ برنگے پھل، جیسے بلوبیری اور اسٹرابیری، قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو دماغ میں پیدا ہونے والے زہریلے مادوں کو ختم کرتے ہیں اور یادداشت کو طویل عرصے تک محفوظ رکھتے ہیں۔ اسی طرح سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور کیل (Spinach, Kale) میں ’’فولک ایسڈ اور وٹامن کے‘‘ پایا جاتا ہے جو نیورل کنکشن کو مضبوط بناتا ہے اور دماغی افعال کو منظم رکھتا ہے۔ مزید یہ کہ السی، کدو اور سورج مکھی کے بیج دماغ کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں، کیوں کہ ان میں زنک، میگنیشیم، اور اومیگا-3فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں، جو سیکھنے اور یاد رکھنے کے عمل کو سہل بناتے ہیں۔
کچھ غیر متوقع لیکن مفید غذاؤں میں ڈارک چاکلیٹ بھی شامل ہے۔ اس میں موجود کیفین اور فلیونائڈز دماغی گردش کو تیز کرتے ہیں، فوکس بڑھاتے ہیں اور موڈ کو خوشگوار بناتے ہیں۔ آخر میں ہلدی (Turmeric) کا ذکر ضروری ہے، جس میں موجود کرکومِن (Curcumin) دماغ میں سوزش کم کرتا ہے، نیورانز کو فعال رکھتا ہے اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یوں اگر یہ تمام غذائیں روزمرہ خوراک میں متوازن انداز میں شامل کر لی جائیں تو نہ صرف یادداشت بلکہ ذہنی توانائی اور ارتکاز میں بھی واضح بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
جن بچوں کو فکر مندی لاحق ہے کہ وہ چاہتے تو ہیں کہ حفظ کی رفتار بڑھے، لیکن یاداشت کو متاثر پاتے ہیں، وہ ذیل میں بیان کی گئی تدابیر سے اس پر قابو پاسکتے ہیں:
(۱) چنکِنگ (Chunking)
بڑی مقدار کی معلومات کو چھوٹے چھوٹے گروپس (چنکس) میں تقسیم کرنا۔ مثال کے طور پر ایک موبائل نمبر کو ایسے تقسیم کریں کہ نمبر کی جوڑی بن جائے اس طرح آپ کا دماغ چھوٹے گروپوں کو آسانی سے یاد کرسکتا ہے یا اگر آپ کو کوئی پیرا یا سوال کا جواب یاد کرنا ہو تو اس بڑے جواب کے تین چار بنیادی نکات بنالیں اور اسے یاد رکھیں۔ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں یاد کرنا آسان ہوتا ہے۔ مثال سے اسے سمجھتے ہیں کہ آپ نے ایک کتاب کا مطالعہ کیا، ایک ٹاپک ختم کیا اور اسے نکات کی صورت میں لکھا۔ اس صفحے کے حاشیہ میں لکھے نکات یا ڈائری میں نوٹ کیے گئے نکات لکھنے کے بعد آپ اس نکتے پر آنکھ بند کرکے دہرائیے اور اپنے الفاظ میں اسے ذہن میں ترتیب دیجیے۔ اس طرح آپ کو پڑھی گئی کتاب تادیر یاد رہے گی۔
(۲) جوڑ (Mnemonics)
لفظ ”Mnemonics “ (نیمنونکس) یونانی لفظ ’’Mnemon‘‘(یاد رکھنے والا) سے نکلا ہے اور اس کا مطلب ہے ’’یادداشت کو بہتر بنانے یا چیزوں کو یاد رکھنے کا کوئی طریقہ یا اصول۔‘‘ یعنی ایسا طریقہ، جملہ، یا اشارہ جو دماغ کو معلومات یاد رکھنے میں مدد دے۔ مثال کے طور پر انگلش میں ’’VIBGYOR‘‘ ایک mnemonic ہے جو سات رنگوں (Violet, Indigo, Blue, Green, Yellow, Orange, Red) کو یاد رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
نظمیں یا دلکش فقرے استعمال کرنا تاکہ معلومات یاد رہ جائیں۔ مثلاً، آپ اپنے موضوعات کے مطابق اپنا mnemonic بھی بنا سکتے ہیں۔اردو کے مضامین میں اس کی مثال کچھ یوں ہوگی۔
طلباء کو ایک سوال کے جواب میں اس ایک مقام کے لوگوں، سماجی، تمدنی، مذہبی، معاشی ان نکات کو یاد رکھنے کے لیے یہ جملہ بنایا گیا: ’’سلیم تعلیم میں ممتاز تھا۔‘‘ اس طرح اس جملے میں پورے سناپسس موجود ہیں ۔
(۳) ایسوسی ایشن طریقہ (Association Method)
نئی معلومات کو ایسی چیز سے منسلک کرنا جو آپ پہلے جانتے ہوں۔ مثلا: لفظ ”catastrophe “ کو ایک بلی کے تباہی مچانے کے منظر کے ساتھ جوڑنا۔ اس طرح آپ کو یہ یاد رہے گا کہ لفظ کا مطلب ’’تباہی‘‘ ہے۔ یہ بہت قدیم طریقہ ہے اسی سے ضرب المثال کا چلن عام ہوا۔ ’’دم کٹی لومڑی‘‘ یہ مخفف ہے دوسروں کی چال پر چلنا اور بیوقوف بننا۔ اسی طرح آپ کسی لفظ کو اسوسیٹ کرلیں اور اس لفظ کے پیچھے کی پوری کہانی آپ جانتے ہوں۔
اس طریقہ کو اینگر مینجمنٹ غصے کی حالت میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، جیسے بچے غصہ ہوں تو کوئی لفظ مخفف کرلیں اور جب غصہ آئے تو بچے سے کہیں ’’اٹس اوکے، بعد میں بات کرتے ہیں‘‘۔ یہ جملہ اشارہ ہے کہ ابھی ہم غصے کی حالت میں ہیں۔ اسی طرح جب یہ کوڈ ورڈ آپ کو غصہ کی حالت کو احساس دلانے میں کام آسکتا ہے تو یہ امتحان گاہ میں ایسا ہی مخفف دماغ میں بنانے سے آپ کو امتحان گاہ میں یاد کرواسکتا ہے۔
(۴) بصری سازی (Visualization)
کسی بھی چیز کو پڑھنے کے بعد اسے چشم تصور میں زندہ کرنا اور پوری امیج بنانا، اس کی ترغیب بھی بچپن سے دی جاتی ہے۔ جیسے اپنے بچے کو پڑھاتے ہوئے آپ کہیں کہ فرانس میں سوچیں کہ وہاں انقلاب کیسے آئے تھا؟ موبائیل پر قدیم فرانس اور جدید فرانس کی تصاویر نکال کر دکھائیں، نقشہ دکھائیں، اس کے بعد جو معلومات آپ دینا چاہتے ہیں وہ دیں۔ اس طرح بچہ اسے امیجنری یاد رکھنے کا عادی ہوگا۔ دوسرا طریقہ خیالی، عجیب یا مضحکہ خیز تصویری مناظرات بنانا تاکہ تصورات ذہن میں رہ جائیں۔ مثلا: لفظ ”ostentatious“ اس لفظ کے معنی ہیں نمائش پسند، دکھاوے والا، یا اپنی چیزوں کو ظاہر کر کے دوسروں کو متاثر کرنے والا۔ اس کو یاد رکھنے کے لیے تصور کریں کہ ایک مور نے سونے کی چین اور چشمہ پہنا ہے، جو چمکتی ہو۔
(۵) مائنڈ میپس (Mind Maps)
خیالات کو بصری انداز سے منظم کرنا۔ جیسے اس خیال کو تصور میں لائیں، جیسے آپ کو LPG گیس کے استعمالات لکھنے ہوں تو پورے کچن کا تصور کریں، پھر کچن سے گیس سلنڈر کو ہٹا دیں اور افراتفری محسوس کریں۔ اب اس کی موجودگی کو محسوس کرکے سہولیات کو محسوس کریں اور اب لکھیں۔ مثال کے طور پر سانس لینے کے نظام کا مطالعہ کرتے وقت ایک مرکزی نکتہ ”lungs“ رکھیں اور شاخیں بنائیں جیسے ’’Airways’’، ‘‘Gas Exchange‘‘ وغیرہ۔ جن شاخوں پر کم تفصیل ہو، وہ آپ کی کمزور جگہیں ہیں، جنہیں مزید دھیان دینا چاہیے۔
(۶) وقفے وقفے سے دہرائی (Spaced Repetition)
معلومات کا اعادہ ایسے وقفوں سے کرنا جو بڑھتے جائیں۔ مثلاً: اگر آپ جرمن لفظ ”Apfel“ (سیب) سیکھ رہے ہیں، تو اسے کل دہرائیں، پھر دو دن بعد، پھر تین دن بعد اور اسی طرح آگے۔ اس طرح بار بار دیکھنے سے وہ طویل المدت حافظے میں چلے جاتے ہیں۔ یہ میموری کا پروسیس ہے۔
یادداشت کے عمل میں معلومات تین مرحلوں سے گزرتی ہیں۔ سب سے پہلے Sensory Memory میں معلومات چند ملی سیکنڈ سے دو سیکنڈ تک رہتی ہے، جیسے کسی منظر یا آواز کا فوری عکس۔ اس کے بعد معلومات Short-term Memory میں تقریباً ۲۰سے ۳۰؍ سیکنڈ تک محفوظ رہتی ہے، جیسے کوئی فون نمبر یا سنا ہوا جملہ۔ اگر معلومات پر توجہ دی جائے یا اسے دہرایا جائے تو وہ Long-term Memory میں چلی جاتی ہے، جہاں وہ منٹوں سے لے کر ساری زندگی تک محفوظ رہ سکتی ہے، جیسے بچپن کی یادیں یا سیکھی ہوئی مہارتیں۔ اگر گھر کا ماحول تعلیمی گفتگو سے پر ہوتو بچوں کو بہت آسانی سے نالج کو فیکس کیا جاسکتا ہے۔
(۷) لوکی میتھڈ (Loci Method)
جسے ”Memory Palace“ بھی کہتے ہیں۔ ایک جان پہچان کی جگہ کا تصور کریں، جیسے آپ کا گھر اور مخصوص مقامات پر ذہنی تصاویر رکھیں جو معلومات کی نمائندگی کریں۔ جب آپ کو معلومات یاد کرنی ہو، تو اس ”محل“ میں چلتے ہوئے وہ تصاویر دیکھیں اور متعلقہ معلومات واپس لیں۔
Loci ( لوکائی ) لاطینی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ہے مقامات (Places)۔Memory Palace یعنی یادداشت کا محل، ایک تصوراتی جگہ جہاں آپ اپنی یادیں یامعلومات کو ترتیب سے رکھ دیتے ہیں۔
Loci Method ایک یاد رکھنے کی تکنیک ہے جس میں انسان اپنے ذہن میں کسی مانوس جگہ (جیسے اپنا گھر یا اسکول) کا تصور کرتا ہے اور ہر معلومات کو اس جگہ کے کسی حصے سے جوڑ دیتا ہے تاکہ بعد میں آسانی سے یاد آ سکے۔
فرض کریں آپ کو درج ذیل پانچ چیزیں یاد رکھنی ہیں:
کتاب، قلم، آم، بلی اور درخت۔
اپنے گھر کے دروازے پر ’’کتاب‘‘ کا تصور کریں۔
ڈرائنگ روم میں ’’قلم‘‘ رکھا ہوا ہے۔
کچن میں ’’آم‘‘ رکھا ہے۔
بیڈروم میں ’’بلی‘‘ کھیل رہی ہے۔
آنگن میں ’’درخت‘‘ لگا ہے۔
جب آپ امتحان گاہ میں بیٹھ کر کسی سوال کے جواب میں ان اشیاء کو لکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو گھر کا تصور کرتے ہوئے یہ اشیاء یاد آئیں گی۔
دوسری مثال: جیسے آپ کے ذہن میں موجود ہے کہ شیر جنگل کا راجہ ہے اور لومڑی چالاک ہے اور کتا چوکی داری کرتا ہے۔ اب آپ ایک شیر کے پہلو میں لومڑی اور کچھار کے باہر کتا بٹھا دیں اور ذہن میں کسی ظالم کی اسٹوری کو تازہ کریں کہ فلاں فرد چالاک ہے اور لومڑی کی طرح اس ظالم باس کے سامنے بیٹھا ہے۔ ایک لوکیشن دماغ میں سیٹ کریں اور اس لوکیشن سے اس کے کہانی کو یاد رکھیں۔
تیسری مثال: آپ موجودہ معلومات کو کسی واقعہ کے لوکیشن سے سیٹ کریں کہ جس وقت ہم اس صوفے پر بیٹھے تھے تب یہ واقعہ ہوا تھا اور یہاں یہ جملہ ہم نے پڑھا تھا۔ اسی طرح ایک مثال یہ بھی ہے کہ آپ کو یاد رکھنا ہے اورنگ زیب کا انتقال ۱۷۰۷ء میں ہوا۔ آپ نے آزادی ۱۹۴۷ء سے ان کی موت کی تاریخ کا فرق نکالا اور یہ یاد رکھا کہ آزادی سے اتنے سال پہلے یہ واقعہ ہوا۔ معلوم کو سینٹر بناکر وہاں سے فرق نکالنا ہوگا۔ کبھی یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ کو ۱۹۸۰ء کی کوئی تاریخ یاد رکھنی ہے تو اپنے گھر کے بڑوں کی جو تاریخ پیدائش آپ کو یاد ہے اس سے فرق نکال لیں کہ آپ کی امی کی پیدائش سے دس سال پہلے یہ واقعہ ہوا تھا، اس طرح ایک ٹائم لائن آپ کو بنالینی چاہیے۔
آپ یہ تکنیکیں مختلف مضامین میں آزما کر دیکھیں کہ کون سی آپ کے لیے سب سے مؤثر ہے۔ ہر طریقہ اپنی نوعیت سے آپ کی یادداشت کو مضبوط کرتا ہے۔ جب آپ لفظ ”ostentatious“ سیکھ رہے ہوں، تو اُس کا تصور کریں کہ ایک مور نے ایک بہت بڑی سونے کی چین اور چشمہ پہنا ہوا ہے، جیول سے بھری ڈھیر پر فخر سے کھڑا ہے۔
اس مضمون کا حاصل یہ ہے کہ مختلف یادداشت کی تکنیکیں جیسے مائنڈ میپ، جور (mnemonics)، ایسوسی ایشن طریقہ، لوکی میتھڈ وغیرہ آپ کو ذہانت سے پڑھنے اور معلومات کو مؤثر طریقے سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ یہ طریقے صرف یاد کرنے کو آسان نہیں بناتے بلکہ سیکھنے کو مزید دلچسپ اور شاندار بھی بناتے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments