صبح کے گیارہ بج رہے تھے۔۔۔ گیارہ بجے ہی لگتا تھا جیسے سورج سر پر آگیا ہو۔۔۔ صبح سے لائٹ بھی آف تھی اور اس شدید گرمی میں پسینے میں شرابور حمیدہ بیگم کچن میں کھڑی پیاز تلتی نظر آرہی تھیں۔۔۔ گھر میں ہر طرف خاموشی چھائی ہوئی تھی اور سناٹے میں تیل کے کڑکڑانے اور پیاز کے تلنے کی آوازیں کسی ساز کی مانند گونج رہی تھیں۔ بیس سالہ عروج اپنے کمرے میں آئینے کے سامنے کھڑی سیاہ عبایا پہنے فیس کور کرنے میں مصروف تھی۔
’’عروج!!! بیٹا جلدی کرو، پیپر کا وقت ہو رہا ہے۔‘‘ حمیدہ بیگم نے کچن سے صدا بلند کی۔
جی امی! بس نکل ہی رہی ہوں۔ عروج کندھے پر بیگ لٹکائے خدا حافظ کہنے کچن میں داخل ہوئی۔ اپنی والدہ کو پسینے میں نہایا دیکھ کر اسے افسوس ہوا۔۔۔ افف اللہ۔۔۔امی اتنی گرمی میں کیا بنارہی ہے آپ؟ ہم لوگ تو کھانا کھا چکے ہیں۔ عروج نے حیرت سے دریافت کیا۔
وہ کیا ہے نا کل میں نے بریانی بنائی تھی لیکن سعیدہ کے گھر نہیں بھیج سکی۔ بریانی بچ ہی نہیں پائی۔ (حمیدہ بیگم نے اپنی پڑوسن کا نام لیا) تمھیں تو پتہ ہے عروج! سعیدہ کے بچوں کو میرے ہاتھوں سے بنی بریانی کتنی پسند ہے۔ کل اس کے گھر دے نہیں پائی تو ساری رات قلق رہا، سوچا آج بناکر بھیج دوں۔ حمیدہ تلی ہوئی پیاز بریانی پر بکھراتی مسکراکر کہہ رہی تھی۔
اللہ سمجھے آپ کو امی! حد ہوگئی ہے بھئی! آپ نے تو تمام ہمسایوں کو سر پر بٹھا رکھا ہے۔ کوئی بیمار ہو تو عیادت کے لیے پہنچ جاتی ہیں۔ کسی کا رزلٹ آجائے تو مٹھائی لے کر پہنچ جاتی ہے اور تو اور اتنی گرمی میں آپ بریانی بنارہی ہیں، وہ بھی پڑوسن کے بچوں کے لیے۔ عروج تو جیسے ماں کو گرمی میں تپتا دیکھ کر جل بھن گئی تھی۔
عروج! بیٹا تم تو جانتی ہو کہ پڑوسیوں کے ہم پر کتنے حقوق ہیں! اللہ کریم اور نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے پڑوسیوں کے حقوق کو بہت اہم قرار دیا ہے۔ ابھی تمھیں کالج کے لیے دیر ہورہی ہے، ورنہ سناتی کہ ہمسایوں کے کیا کیا حقوق ہم پر عائد ہوتے ہیں۔ حمیدہ بیگم نے نرمی سے کہا اور دوبارہ اپنے کام کی طرف متوجہ ہوگئی۔
اچھا امی! تو کیا ہم ہی پر ہمسایوں کے حقوق ہیں، ان پر ہمارے کوئی حقوق نہیں؟ ہمیشہ کیا آپ ہی ان کے حقوق ادا کریں گی؟ کبھی انھوں نے کچھ پلٹ کر دیا ہے آپ کو؟ عروج آج خوب بحث کے موڈ میں تھی۔۔۔ گرمی اور ایگزامز کی ٹینشن نے جیسے اسے مشتعل کردیا تھا اور ویسے بھی اسے اپنی والدہ حقوق ہمسایہ پوری ایمان داری سے ادا کرتی بالکل اچھا نہیں لگتی تھیں۔
بالکل دیا ہے۔ ان سب نے مجھے محبت دی، عزت دی، احترام کرتے ہیں میرا اور ویسے بھی پیاری بیٹی! ہمسائے صرف مکان کے ساتھ نہیں، دل کے ساتھ جڑتے ہیں، اس لیے جو بھی دیتے ہیں اللہ کے لیے دیتے ہیں، بدلے کے لیے نہیں سمجھی؟ حمیدہ بیگم نے مسکرا کر تحمل سے کہا۔
’’جی سمجھ گئی۔‘‘
کیا سمجھیں؟ حمیدہ بیگم نے خوشگوار حیرت سے پوچھا، جیسے عروج کے اتنے جلدی سمجھ جانے پر شک ہو۔
یہی کہ آپ کے ہمسایے آپ کی طرح کے نہیں ہیں، مطلبی ہیں، جتنا مرضی دے لو بس فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔ عروج ناک سکوڑ کر کہتی تن فن کرتی باورچی خانے سے باہر نکل گئی۔
اللہ تمھیں سمجھے۔ حمیدہ بیگم نے زیر لب کہا اور ڈبے پیک کرنے لگیں۔
حمیدہ آپا!!! حمیدہ آپا!!!
سعیدہ کی بلند آواز پر عصر کی نماز کا سلام پھیرتی حمیدہ بیگم فورا صحن کی طرف بھاگیں۔ سعیدہ کے حصار میں لنگڑا کر چلتی عروج کو دیکھ کر حمیدہ کا دل دھک سے رہ گیا۔۔۔ یااللہ خیر۔۔۔ کیا ہوا میری بچی کو؟ حمیدہ بیگم نے فورا عروج کو تھام لیا۔
گھبرائیے نہیں آپا۔ کچھ نہیں ہوا ہے بس اس کی اسکوٹر وہاں سڑک کے موڑ پر سلپ ہوگئی تھی، اتفاق سے میں قریب ہی تھی تو مجھے اپنی عروج اسکوٹر سے گرتی دکھائی دی تو فورا اٹھا لائی میں اور حمزہ کے ابو سے کہہ دیا ہے وہ گڑیا کی اسکوٹر لےکر آرہے ہیں۔
سعیدہ نے اپنے شوہر کا نام لیا۔ بہت شکریہ تمھارا سعیدہ۔۔۔ اللہ تمھارا بھلا کرے۔۔۔ تم نہ ہوتی تو پتہ نہیں میری بیٹی کیسے گھر پہنچ پاتی۔ حمیدہ نے تشکر سے کہا۔
لو کردی غیروں والی بات۔۔۔ آپا اس میں شکریے کی کیا بات ہے، جس طرح آپ میری نبیلہ اور ثناء کو اپنے بچے کہتی ہیں، بالکل اسی طرح عروج میری بھی بیٹی ہے۔ سعیدہ نے محبت سے کہا۔
وہ دونوں بازوں سے پکڑ کر عروج کو صوفے پر بٹھا چکی تھی۔
اچھا آپا میں چلتی ہوں گڑیا کا خیال رکھیے گا۔ سعیدہ محبت بھری نظریں عروج پر ڈال کر صدر دروازے سے باہر نکل گئی۔
امی۔۔۔! عروج سعیدہ کے رخصت ہوتے ہی ماں سے لپٹ گئی۔ امی جب راستے میں میری اسکوٹر سلپ ہوئی اور میں گر پڑی تو مجھے کسی نے سہارا نہیں دیا، حالاں کہ کئی خواتین وہاں گزر رہی تھیں، مجھے کراہتا دیکھ رہی تھیں، جیسے میں کوئی تماشہ ہوں۔ وہ تو بھلا ہو سعیدہ خالہ کا کہ انھوں نے مجھے دیکھتے ہی پہچان لیا اور دوڑ کر میری جانب لپکی مجھے یہاں تک پکڑ کر لے آئی۔
امی! آپ درست کہتی ہیں کہ نیکی کبھی ضائع نہیں جاتی، خاص طور پر پڑوسیوں کے ساتھ کی گئی نیکی۔ پڑوسی رشتے دار نہ ہوں پھر بھی اپنا بن جاتے ہیں۔۔۔ بلاشبہ امی پڑوسی خون کے رشتے نہیں رکھتے مگر وقت پڑے تو سب سے قریبی بن جاتے ہیں۔ عروج ماں سے لپٹی شکرگزاری سے کہہ رہی تھی۔
پیاری بیٹی! شکر ہے تمھیں اس بہانے پڑوسیوں کی اہمیت تو پتہ چلی۔ حمیدہ بیگم نے دست شفقت عروج کے سر پر پھیرتے ہوئے کہا۔ پڑوسیوں کے ساتھ جو رشتے ہم خلوص سے نبھاتے ہیں وہی وقت پر ہمارا سہارا بن جاتے ہیں۔
واقعی سچ کہہ رہی ہے آپ امی! عروج آہستہ آواز میں کہتی نم آنکھوںسے دوبارہ حمیدہ بیگم کے گلے لگ گئی۔ اس کے دل میں یکایک پڑوسیوں کی محبت جاگ گئی تھی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments