آپ کی طبیعت پراگندہ ہے
یوں تو ٹال مٹول کی عادت کے پیچھے بہت سے اسباب کارفرما ہوتے ہیں، مگر ان میں سب سے زیادہ اہم پراگندہ خیالی کا پیدا ہونا ہے۔
جب آپ پرسکون اور یک رخ ہوتے ہیں، تو اپنا سب سے اہم کام بآسانی کرلے جاتے ہیں۔ اس میں اس بات کا امکان ہے کہ آپ خود کو ہر دن متعینہ ہدف کی طرف بڑھتا دیکھ کر بے حد خوش ہوں۔ لیکن یہاں اصل پریشانی کی بات یہ ہے کہ آپ اکثر و بیشتر بے اطمینانی محسوس کرتے ہیں اور بے توجہی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پورے دن مصروفیت کے ساتھ یکے بعد دیگرے کام کرنے کے بجائے آپ کولہو کے بیل کی طرح ایک ہی دائرے میں چکر کاٹتے رہتے ہیں اور کبھی بھی کام کی تکمیل کا احساس ہوتا ہی نہیں ہے، بلکہ ادھورے پن کا احساس غالب رہتا ہے۔ آپ لغو کاموں کے ذریعہ اپنی توجہ آپ کھوتے ہیں اور میل، سوشل میڈیا اور مختلف موضوعات کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے اوقات ضائع کرتے ہیں۔
عام طور پر صبح کے اوقات میں ایسا ہوتا ہے، جب آپ اپنا فون اٹھاتے ہیں اور میل چیک کرتے ہیں۔ پھر یہیں پر بس نہیں ہوتا، بلکہ آپ کچھ دیر کے لیے سوشل میڈیا کی طرف رخ کرتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ہی ای میل، نوٹیفکیشن اور لائیک کے ذریعہ آپ کا ڈوپامائن خارج ہوچکا ہوتا ہے، جسے مختصرا کہا جائے کہ آپ اضطرابی کیفیت (Overstimulation) میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
اب جب کہ آپ اپنے ڈوپامائن کا متعین حصہ خارج کرچکے ہیں تو کیا ایسی صورت میں آپ کام کرنے کے لائق بچیں گے؟ پھر اس وقت کیا ہوگا جب آپ کسی اہم پروجیکٹ پر کام کرنے کے لیے اپنی میز پر بیٹھیں گے؟ کیا اسے انجام دینا آسان ہوگا یا آپ اسے توجہ بھی نہیں دے سکیں گے؟ شاید آپ خود کو یہ کہہ کر مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے کہ اس اہم کام کو بعد میں انجام دیں گے۔ عین اسی وقت آپ کافی کا کپ اٹھالیں گے اور آپ کو میل کا جواب دینا ضروری محسوس ہوگا۔
آپ کا کام پڑا رہ جائے گا یا آپ سوچتے رہ جائیں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ آپ کولہو کے بیل طرح ایک ہی دھری پر چلتے رہ جائیں گے اور اضطراب (Stimulation) میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ ممکن ہے کہ یہ کیفیت کئی کئی گھنٹوں اور دنوں تک باقی رہے۔
کیا آپ مذکورہ منظر نامے میں خود کو کہیں پر محسوس کر رہے ہیں؟
ہیجانی کیفیت (Overstimulation) کا اصل مسئلہ
جب آپ حد سے زیادہ ہیجانی کیفیت پیدا کرنے والے کاموں میں مصروف ہوتے ہیں، تو آپ کا دماغ زیادہ سے زیادہ ہیجانی کیفیت کا عادی ہوجاتا ہے۔ جیسے جیسے آپ کے اندر تحریص بڑھتی ہے، ویسے ویسے روزآنہ کے معمولات تیزی سے متاثر ہونے لگتے ہیں اور ان کی طرف رغبت میں کمی آجاتی ہے۔ آپ خود کو یہ کہہ کر جی چرانے لگتے ہیں کہ اپنی کتاب کیوں لکھوں اور رپورٹ یا مارکیٹ پلان کیوں کر بناؤں، جب کہ میں محض شادمانی کے لیے دیگر کام بھی تو کرسکتا ہوں۔
شدید تحریک اور اضطراب کی وجہ سے اہم کاموں کو کرنا مشکل ترین ہوجاتا ہےاور ٹال مٹول کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کو یوں سمجھیے:میں ایک قلم کار ہوں اور میرا سب سے اہم کام لکھنا ہے۔۔۔ ظاہر سی بات ہے کہ اب اگر ہم سوشل میڈیا اسکرول کرنے لگ جائیں، یوٹیوب دیکھنے لگ جائیں یا اپنے آن لان کاروبار کا مشاہدہ ہی کرتے رہیں، تو ہم خود کو بے توجہی کے گرداب میں گرتا ہوا پائیں گے، جہاں سے رہائی کی کوئی صورت نہیں ہوگی۔ جوں ہی میرے اندر ہیجانی کیفیت کا آغاز ہوگا، لکھنا پڑھنا سب سے غیر ضروری اور چیلنجنگ کام لگنے لگے گا۔
یہاں پر اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم اس صورت حال سے کیسے نبردآزما ہوسکتے ہیں؟ اور ہم اپنی اس کیفیت کو کم کر کے کیسے اہم کام کو پسندیدہ اور خوشنما بناسکتے ہیں؟ آگے ہم اسی نکتے کی وضاحت کریں گے۔
محرکی جھانسہ
آپ جب مضطرب ہوجائیں، تو آپ کا دماغ آپ کو یہ سمجھا کر رجھانے کی کوشش کرتا ہے کہ اس بے خودی سے باہر آنا بے کار ہے اور اسی حالت میں خود کو چمٹے رکھنے کی تلقین کرتا ہے اور مزید تحریک پیدا کرنے کے بہانے تلاش کرتا ہے۔یہاں ہم چار ایسے طریقے ذکر کریں گے، جن کا استعمال آپ کا دماغ آپ کو پریشانی میں مبتلا کرنے کے لیے کرتا ہے۔
(۱) دوبارہ کام پر لگنا آسان ہے
پہلا طریقہ جس کا استعمال آپ کا دماغ آپ کے خلاف کرتا ہے، وہ کام سے روکنا ہے اور یہ سمجھانا ہے کہ کام پر دوبارہ لگنا آسان ہے۔ وہ آپ کو یہ سمجھانے کی کوشش کرتا ہے کہ آپ جو کام کرنا چاہیں کرسکتے ہیں اور کوئی بھی کام کرنا محض بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ حالاں کہ حقیقت میں ایسا کبھی ہوتا نہیں ہے۔ عام حالات میں آپ کچھ گھنٹوں کے لیے بھی کام پر نہیں لوٹ سکتے ہیں۔ اس بات کا بہت امکان ہے کہ آپ اپنے اہم ترین کام کو اگلے دن پر چھوڑ دیں۔ اس سے یہی سبق ملتا ہے کہ اگر آپ ایک بار بے چینی کی کیفیت سے دوچار ہوگئے تو آپ کو خود محسوس ہوجائے گا کہ اب کام پر لگنا انتہائی مشکل ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے کتنی دفعہ یہ کہا ہوگا کہ میں بعد میں لکھنا شروع کروں گا، مگر کبھی نہیں کرسکا۔ اس لیے اگر آپ اس وہم میں ہیں کہ آپ اپنے کام پر گرفت رکھتے ہیں اور جب چاہیں اپنے کام پر لگ سکتے ہیں، تو اس وہم سے جلد از جلد نکلیے۔
(۲) آپ اسے بعد میں کرسکتے ہیں
دوسرا طریقہ جو آپ کا دماغ آپ کے خلاف استعمال کرتا ہے وہ کام کو ٹالنا ہے۔ وہ آپ کو سمجھاتا ہے کہ آپ اسے بعد میں بھی کرسکتے ہیں اور آپ کو یہ سمجھانے میں کامیاب بھی ہوجاتا ہے کہ دوپہر کا خالی وقت تو ہے یا یہ کہ اسے کل، اگلے ہفتے یا اگلے ماہ کرلیتے ہیں۔ بہرحال اگر آپ اس سے لڑیں گے نہیں، تو آپ کی یہ چھوٹی چھوٹی حرکتیں آپ کی عادت بن جائیں گی اور پھر پانچ سال بعد آپ خود پر افسوس کریں گے۔
(۳) جوش و خروش کا احساس جاتا رہتا ہے
جب آپ ایسی عادتوں میں ملوث ہوتے ہیں، جن سے آپ کی تحریک میں اضافہ ہوتا ہے تو آپ کا ذہن آپ کو اس خوشی اور مزے کے پیچھے مست کردیتا ہے۔ آپ مزید اس کو کرنے لگتے ہیں اور آپ کو اس کا احسا س تک نہیں ہوتا۔ آپ صرف خود کو لطف اندوز کرنا چاہتے ہیں اور آپ کا ذہن آپ کو مصروف رکھتا ہے۔لیکن جب ذہن آپ کو یہ پیغام دے کہ یہ خوشیاں درحقیقت شخصیت کی تکمیل نہیں کر رہی ہیں۔پھر جب آپ کی تحریک عام مزاج کے موافق ہوجائے تو خود سے یہ سوال کیجیے:
یوٹیوب ویڈیو، فیس بک اور میل چیک کرنے سے ہمیں کتنا فائدہ ہوا؟ کیا ہمارا وقت معنی خیز کاموں میں صرف ہوا؟کیا ہماری زندگی کا یہ سب سے قیمتی دن ثابت ہوا؟
یاد رکھیے! حد سے زیادہ خوشی آپ کی شخصیت کی تکمیل نہیں ہے۔ خوشی میں مزا ضرور ہے، مگر اس بات کو یقینی بنائیے کہ آپ اپنے سکون، اندرونی شعور اور گہرے ارتکاز کو سنوارنے میں لگے ہیں۔ یہ چیز لمبے وقفے تک آپ کو پراعتماد بنائے گی۔
(۴) آپ کچھ بھول رہے ہیں
ہر آدھے گھنٹے پر میل اور خبریں دیکھ کر یہ سمجھنا کہ اس سے خوشی مل رہی ہے تو یہ سراسر دھوکہ ہے۔ آپ اس صورت حال میں کوئی بھی خبر یا میل نظر انداز کرنا نہیں چاہتے۔ لیکن کیا آپ کو ہمیشہ فوری طور پر میل کا جواب دینے کی ضرورت رہتی ہے؟ اور کیا آپ کو مستقل خبریں دیکھنا اہم معلوم ہوتا ہے؟
اس طرح کی سوچ کا لازمی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ انسان کسی چیز کے کھونے سے ڈرتا ہے اور اسی ڈر سے خوف کی نفسیات پروان چڑھتی ہے۔ دل میں ہمیشہ یہ خیال غالب رہتا ہے کہ آپ کو انتہائی کم مواقع میسر ہوں گے۔ اس طرح آپ کو ہر موقع کو غنیمت جاننا چاہیے، جسے آپ اچھے سے نبھا سکتے ہیں۔ کیا ایسا نہیں کرنا چاہیے؟حالاں کہ مواقع تو ہر جگہ موجود ہیں۔ مستقبل میں بھی خوب مواقع دستیاب ہوں گے۔ اسی طرح اگر آپ نے ایک خبر نہیں سنی، تو آپ کسی خاص پروگرام میں شریک نہیں ہوسکے یا کسی پسندیدہ یوٹیوبر کی کوئی لائیو ویڈیو نہیں دیکھ سکے، ٹھیک ہے۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ آپ اپنے بچے کا یوم پیدائش بھول جائیں یا اپنے بھائی بہن کی شادی بھول جائیں، مگر بہت سے پروگرام ایسے ہوتے ہیں کہ ان کے چھوٹنے سے زندگی میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ذاتی طور پر میں بہت کم خبریں پڑھتا ہوں اور فون کا جواب بالکل نہیں دیتا، حتی کہ مجھے معلوم ہوجائے کہ کس کا فون ہے؟ اور میں کبھی بھی کوئی پروگرام چھوٹنے پر افسوس نہیں کرتا، کیوں کہ مستقبل میں دیگر کئی پروگرام ایسے ضرور ہوں گے جن سے ہم لطف اندوز ہوں گے۔
آپ کی صورت حال کیا ہے؟ کیا آپ نے کبھی کچھ چھوٹنے پر ڈر کا اظہار کیا ہے؟ آپ اپنے پورے دن کا جائزہ لیجیے اور ان باتوں کو نوٹ کیجیے، جہاں آپ دھوکہ میں پڑ گئے ہوں۔ پھر فورا ہی توجہ سے خود کو سنبھال لیا ہو اور اپنے ہدف پر مرتکز رہے ہوں۔
عملی مشق
اپنی مشقی کاپی پر کوئی ایسی بے توجہی والی عادت لکھیے، جس کا آپ اکثر شکار ہوتے ہوں اور وہ آپ کو انتہائی اضطراب میں مبتلا کردیتی ہو۔ مثلا: فیس بک کا استعمال، ویڈیوز دیکھنا، میل چیک کرنا اور خبریں پڑھنا وغیرہ وغیرہ۔
درج ذیل طریقے سے خود کو نمبر دیں اور جانچ کریں۔
(1) میرا ذہن بہت جلد کام کی طرف لگ جاتا ہے۔
(2) میرا ذہن یہ کہتا ہے کہ اسے بعد میں کرلوں گا۔
(3) میرا ذہن کہتا ہے کہ مواقع بہت محدود ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments