نوبل پیس پرائز : غزہ کی قربانیاں نظر انداز کیوں؟

دنیا کا سب سے باوقار اور معزز سمجھا جانے والا نوبل پیس پرائز ایک بار پھر سوالوں اور تنقید کے گھیرے میں ہے۔ ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو دنیا بھر سے آئے ۳۳۸؍ نام زد لوگوں میں سے وننزویلا کی اپوزیشن رہنما ۳۸؍ سالہ ماریہ کورنیا کو نوبل پیس پرائس سے نوازا گیا۔ ماریہ کارنیا نے انعام ملتے ہی ٹویٹ کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنے انعام کا اصل حقدار مانا۔ دراصل ٹرمپ کی وننزویلا میں جمہوریت کو لے کر چل رہی جدوجہد میں مدد کرنے پر ماریہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ جو خود عالمی تنازعات اور جنگی پالیسیوں کے سبب متعدد بار تنقید کی زد میں رہ چکے ہیں، ماریہ کو نوبل پیس پرائز ملنے پر لوگوں نے نوبل امن کمیٹی کو اس نام زدگی پر خاصی تنقید کی۔ کئی لوگوں نے لکھا کیا واقعی نوبل امن انعام حقدار لوگوں کو ملتا ہے؟ یا یہ بھی یورپ و امریکہ کے مفاد کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔
نوبل کمیٹی کا موقف ہے کہ ماریہ اپنے ملک میں جمہوریت کا بول بالا کرنے اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی علم بردار ہیں۔ یہ بات اپنی جگہ درست ہو سکتی ہے، مگر کیا ان کی جدوجہد واقعی امن پر مبنی ہے؟ وہ خود کھلے عام بیرونی فوجی مداخلت کی حمایت کرتی رہی ہیں اور عالمی سطح پر انھوں نے کبھی بھی فلسطین پر ہو رہے ظلم و جبر کی مذمت نہیں کی۔
ایسے میں سوال یہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے کہ امن کے نام پر وہ شخصیت کیسے منتخب ہو گئیں جو جنگی مداخلت کو حل سمجھتی ہے؟ ماریہ اس سال ٹائم میگزنز کے ۱۰۰؍ با اثر لوگوں میں بھی رہ چکی ہیں، انھیں ونزویلا کی آئرن لیڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ماریہ ایک لمبے وقت سے اپنے ملک میں جمہوریت کی لڑائی لڑ رہی ہیں۔ امریکہ نے ہمیشہ سے ووننزویلا کا اس لڑائی میں ساتھ دیا ہے۔ عالمی سطح پر ماریہ نے کھلے طور پر اسرائیل کا ساتھ دیا ہے۔ انعام جیتنے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنا ایوارڈ ڈیڈیکیٹ کرنا بھی ماریہ کی طرف سے ایک سیاسی قدم لگتا ہے۔ تاکہ آئندہ مستقبل میں ٹرمپ وننزویلا کی سرکار کے خلاف ان کو فوجی امداد دیں۔

نوبل پرائز ہے کیا؟

نوبل پرائز عالمی سطح پر سب سے باوقار اعزاز ہے۔ اس کا اصل مقصد عظیم انسانی خدمات کا اعتراف کرنا اور انھیں عزت دینا ہوتا ہے۔ یہ انعام ۱۹؍ ویں صدی کے سویڈش سائنس داں الفریڈ ناول کی خواہش پر شروع ہوا تھا۔ پہلی مرتبہ یہ انعام ۱۹۰۱ء میں دیا گیا، لگ بھگ الفریڈ کی موت کے پانچویں سال کے بعد۔ اب تک یہ انعام ۱۰۶؍ بار دیا جا چکا ہے، جس میں ۱۱۲؍شخصیات اور ۳۱؍ آرگنائزیشن اسے وصول کر چکے ہیں۔ الفریڈ کی خواہش کے مطابق اس انعام کو پانچ شعبوں میں دیا جاتا ہے۔ طبیعیات، کیمسٹری، طب، ادب اور امن۔ الفریڈ کے مطابق امن کا یہ انعام اس شخص کو ملنا چاہیے جس نے ملکوں کے بیچ بھائی چارہ بڑھانے، فوج کو کم کرنے یا ختم کرنے اور پرامن طریقے سے شانتی کو بڑھاوا دینے کی لیے سب سے بہترین کام کیا ہو۔
ناروے کی پارلیمنٹ ناول کمیٹی بناتی ہے جس میں زیادہ تر سابق سیاست داں ہی ہوتے ہیں، جس سے خود ایک بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا صرف ایک ملک کے لوگ عالمی سطح پر ہو رہی امن کی کوششوں پر ججمنٹ دے سکتے ہیں۔
نوبل پیس پرائس کئی دفعہ اپنے انتخابات کے لیے تنقید کا نشانہ بنا ہے۔ ایک طرف یہ دکھتا ہے کہ محض کسی ملک کی آئیڈیالوجی سے نفرت کی بنا پر وہاں کے لوگوں کو نظر انداز کیا گیا، مثلا روس کے لیوٹوے جنھوں نے لٹریچر میں قابل ذکر خدمات انجام دی۔ ٹھیک اسی طرح پانچ دفعہ نام زدگی کے باوجود ہندوستان سے گاندھی جی کو نوبل امن انعام نہیں دیا گیا۔ ۲۰۰۹ء میں جب براک اوباما کو نوبل پیس پرائز دیا گیا، اس وقت بھی نوبل کمیٹی کی نااہلیت پر لوگوں نے جم کے تنقید کی اور آج بھی یہ تنقید کا نشانہ بنتا ہے کہ ایک شخص جس کو عہدہ ملے ایک سال کا عرصہ بھی نا گزرا ہو اسے نام زد کیسے کیا جا سکتا ہے؟ اور پھر بعد میں اوباما نے شام، لیبیا، افغانستان، پاکستان، عراق اور یمن کے خلاف جنگیں شروع کیں، ان پہ بم برسائے! اس کے باوجود ناول کمیٹی کی طرف سے کسی طرح کا بیان سامنے نہیں آیا۔

کیا اس سال ماریہ سے زیادہ کوئی اور اس انعام کا حقدار نہیں تھا؟

عالمی سطح پر اگر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے غزہ سے بڑا انسانی قتل عام کہیں نہیں ہوا، جہاں اب تک ۵۰؍ ہزار بچوں کو مارا جا چکا ہے اور عام زندگی ختم ہو چکی ہے۔ ایسے میں دنیا کا کوئی بھی طاقتور ملک، یہاں تک کہ عرب ممالک بھی اسرائیل کو ڈٹ کر کچھ کہہ نہیں رہے۔ ایسے حالات میں عام شہری سڑکوں پہ آئے، طلبہ نے سامنے سے اپنا حوصلہ دکھایا، ہمت کی اور غزہ کے لیے احتجاج کیا۔ ایک عالمی دباؤ بنایا جس کے نتیجے میں انھیں جیل جانا پڑا، نوکریاں گنوانی پڑی اور خود بھی تشدد کا نشانہ بننا پڑا۔ ماریہ کورنیا اگر اپنے ملک کی جنگ جیت جاتی ہیں تو انھیں وہاں کا وزیر اعظم بنا دیا جائے گا لیکن یہ عام احتجاجی ان کو اگر فلسطین میں جنگ بند بھی ہو جائے تو کسی طرح کا کوئی فائدہ نہیں پہنچنے والا۔ ان کا یہ احتجاج محض انسانیت کے لیے اور امن کے لیے ہے۔ کیا نوبل کمیٹی عام لوگوں کی اس اسپرٹ کو با اثر نہیں بنا سکتی تھی؟ کیا یہ سب امن کے مجاہد نہیں؟کیا انسانیت کے لیے کھڑی ہونے والی یہ آوازیں نوبل امن انعام کے قابل نہیں تھیں؟
وہ جرنلسٹ جنھوں نے سات اکتوبر سے لے کر ابھی تک اسرائیل کے ظلم کو دکھاتے ہوئے اپنی جانیں دے دیں، فلسطین میں لگ بھگ ۲۵۰؍جنرلسٹ کو اسرائیل نے چن چن کے مارا ہے۔ معلوم ہوں کہ جنرلسٹ کی اتنی زیادہ اموات پوری عالمی تاریخ میں نہیں ملتی، حتی کہ دوسری عالمی جنگ کے موقع پر بھی نہیں؛ کیا یہ جرنلسٹ ناول پیس پرائز کے حقدار نہیں تھے؟
ایک ایسا وقت جب کہ ناروے کی امن کمیٹی پوری دنیا میں یہ پیغام پہنچا سکتی تھی کہ انصاف و انسانیت کے لیے کیے گئے خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا کی بڑی طاقتیں ایک طرف اور یہ انسانیت کے جذبے سے سرشار لوگ ایک طرف ہیں۔ مگر نوبل کمیٹی نے اس موقع کو گنوا دیا اور ایک مرتبہ پھر سے اپنی نااہلیت ثابت کر دی، کیا بعید ہے کہ ۲۰۲۶ء کا نوبل امن انعام ڈونالڈ ٹرمپ کو دے دیا جائے!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥