قَالَ النَّبِيُّ ﷺ:
“المُهَاجِرُ مَن هَجَرَ مَا نَهَى اللّٰهُ عَنْهُ” (البخاری: ۱۰)
ترجمہ:
حقیقی مہاجر وہ ہے جو ان چیزوں کو چھوڑ دے جن سے اللہ نے منع کیا ہے۔
یہ ہجرت روحانی اور اخلاقی پہلو رکھتی ہے۔ یعنی گناہوں، برائیوں اور نافرمانیوں سے ہجرت کر کے اطاعتِ الٰہی کی طرف آنا۔
یہ حدیث دراصل ہجرت کے حقیقی مفہوم کو واضح کرتی ہے۔ عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ ہجرت کا مطلب صرف ایک شہر یا ملک سے دوسرے شہر یا ملک جانا ہے، مگر نبی کریم ﷺ نے بتایا کہ اصل ہجرت وہ ہے جو گناہوں اور نافرمانیوں سے ہجرت کرے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَمَن يُوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ۔ (الحشر:۹)
جو اپنے نفس کی حرص و بخل سے بچا لیا گیا، وہی کامیاب ہونے والے ہیں۔
یہ آیت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ انسان کے اندر سب سے بڑی رکاوٹ اُس کا اپنا نفس ہے۔ جب انسان اپنے نفس کی بری خواہشات کو قابو میں رکھ لیتا ہے، تو یہی اصل ہجرت ہوتی ہے برائی سے نیکی کی طرف، گناہ سے توبہ کی طرف اور دنیا کی خواہشات سے اللہ کی رضا کی طرف۔
قرآن کریم میں ایک اور جگہ فرمایا گیا:
قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَاهَا.
(الشمس: ۹)
يقيناً وہ شخص کامیاب ہوا جس نے اپنے نفس کو پاک کر لیا۔
یہ آیت دراصل اس بات کی تائید کرتی ہے کہ نفس کی پاکیزگی ہی اصل کامیابی ہے۔ جو بندہ اپنے دل زبان اور عمل کو پاک رکھتا ہے، وہ اللہ کے نزدیک کامیاب ہے۔
عَنْ فُضَالَةَ بْنِ عُبَيْدٍ رضي الله عنه قَالَ: قال رَسُولُ اللهِ ﷺ فِي حَجَّةِ الْوَدَاعِ: أفْضَلُ الْجِهَادِ مَنْ جَاهَدَ نَفْسَهُ فِي طَاعَةِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ.
(جامع الترمذي:۱۶۲۱)
حضرت فضالہ بن عبید سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا: سب سے افضل جہاد وہ ہے جو آدمی اپنے نفس کے خلاف اللہ کی اطاعت میں کرے۔
یعنی اصل جہاد صرف میدان جنگ والا نہیں، بلکہ سب سے بڑا جہاد یہ ہے کہ انسان اپنے نفس کی خواہشات، گناہوں اور برے میلانات کے خلاف لڑے۔ یہی وہ “جہاد بالنفس” ہے، جسے روحانی کامیابی کی بنیاد کہا گیا ہے۔
آج کے دور میں نفس کا جہاد یہ ہے کہ انسان سوشل میڈیا کے فتنوں سے بچے ہر طرف فحاشی، دکھاوا اور غلط چیزیں عام ہو چکی ہیں۔ اپنی نگاہوں، دل اور نیت کو پاک رکھنا ہی سب سے بڑا جہاد ہے۔ انسان کو اپنے غصے اور حسد پر قابو پانا چاہیے، کیوں کہ نفس انسان کو جلد غصہ دلاتا ہے اور دوسروں کی کامیابی پر جلنے کی عادت ڈالتا ہے۔ ان جذبات پر قابو پانا بھی جہاد ہے۔
اسی طرح حرص اور لالچ سے بچنا بھی نفس کے خلاف جہاد ہے۔ آج کے زمانے میں دنیا کا پیسہ، شہرت اور آسائشیں انسان کے دل میں دنیا کی محبت پیدا کرتی ہیں۔ کم پر راضی رہنا اور شکر گزار بننا حقیقی کامیابی ہے۔ اپنے وقت اور نیت کی حفاظت بھی ضروری ہے۔ فضول باتوں ویڈیوز اور لغو مشغولیات سے وقت ضائع نہ کرنا اور ہر لمحہ کو اللہ کی رضا میں لگانا نفس کے خلاف جہاد ہے۔
جب برائی آسان ہو اور کوئی دیکھنے والا نہ ہو، تب اپنے نفس کو روک لینا۔ یہی اصل جہاد ہے۔
قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے نفس کے جہاد کا انعام جنت بتایا ہے اور یہ بھی واضح فرمایا ہے کہ جہاد بالنفس وہی کرے گا جسے اپنے رب کے سامنے پیش ہونے کا یقین اور خوف ہوگا۔
وَأَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهِ وَنَهَى النَّفْسَ عَنِ الْهَوَى فَإِنَّ الْجَنَّةَ هِيَ الْمَأْوَى.
یعنی جو شخص اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتا ہے اور اپنے نفس کو خواہشات سے روکتا ہے، تو اس کا ٹھکانا جنت ہے۔
آج کے دور میں جب نفس کی آزمائشیں ہر طرف پھیلی ہوئی ہیں، خصوصاً سوشل میڈیا اور دنیاوی لذتوں کے ذریعے، تو جو شخص اپنے دل و دماغ کو قابو میں رکھے اور اللہ کے خوف سے اپنے نفس کو برائیوں سے روکے، وہ دراصل اسی آیت کے وعدے کا مستحق بنتا ہے کہ جنت اس کا انعام ہوگی۔
اللَّهُمَّ طَهَّرَ قَلْبِي مِنَ النَّفَاقِ، وَنَفْسِي مِنَ الشَّهَوَاتِ، وَاجْعَلْنِي مِمَّنْ جَاهَدَ نَفْسَهُ فِي رِضَاكَ.
اے اللہ ! میرے دل کو نفاق سے پاک کر، میرے نفس کو خواہشات سے پاک کر اور مجھے ان لوگوں میں شامل فرما، جو تیری رضا کے لیے اپنے نفس سے جہاد کرتے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments