درس قرآن
زمرہ : النور

(۱) يَا أَيُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا.

(المؤمنون: ۵۱)
اللہ پاک نے پاکیزہ کھانے اور صالح عمل کو ایک ساتھ ذکر کیا۔

(۲) فَامْشُوا فِي مِنَاكِبِهَا وَكُلُوا مِنْ رِزْقِهِ.

 (الملک: ۱۵)
محنت اور کوشش سے زمین میں چل کر رزق تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(۳) وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا.

(البقرۃ: ۲۷۵)
حلال تجارت کی اجازت اور حرام ذریعوں سے کمانے کی ممانعت آئی ہے۔

 کسب معاش اور تجارت انسانی زندگی کو مصروف بناتی ہے۔ زندگی کی ضروریات اس کی آمدنی سے پوری ہوتی ہے، اس لیے کہ یہ ہر ایک کا مشغلہ ہوتا ہے۔ دولت مند کو مزید دولت کی جستجو ہے، غریب اپنی غربت سے نکلنا چاہتا ہے، اس لیے کمائی کی جو شکل، جو موقع ملے اس سے فائدہ اٹھانا اس کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ اس لیے قرآن نے کسب معاش اور تجارت کو اپنا موضوع بنایا اور اس کے رہنما اصول پیش کیے، جو زندگی کو خوش حال بنانے کے ساتھ سماج میں توازن قائم کرتے ہیں۔
قرآن کی یہ تین آیات تلاوت میں مختصر اور اپنے معانی میں وسعت رکھتی ہیں۔
پہلی آیت کے سلسلہ میں امام قرطبی اپنی تفسیر میں’’الطيبات‘‘ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ کمائی جو حلال طریقے سے حاصل کی گئی ہو اور اس کو کمانے میں کسی کا حق نہ مارا گیا ہو۔
ابن عاشور نے ’’الطيبات‘‘ کا مفہوم بڑا جامع انداز میں بیان کیا:
طیب کا اصل معنی: ہر وہ چیز جسے انسان طبعاً، عقلاً اور شرعاً پسند کرے۔
طیب میں شامل ہے:
٭ غذائی پاکیزگی
٭ کمائی کی پاکیزگی
٭ اخلاقی پاکیزگی
’’طیبات‘‘ کا مقصد:
٭ انسان کی جسمانی صحت برقرار رکھنا
٭ اخلاق و کردار میں صفائی پیدا کرنا
ابن عاشور کے مطابق طیب کا مفہوم:

’’الطیب هو الموافق لسلامة البدن وصلاح العقل وصحة الدين.‘‘

یعنی طیب وہ ہے جو جسم کو صحت دے، عقل کو درست رکھے اور دین کو سنوارے۔
امام غزالی ؒ اپنی شہرۂ آفاق کتاب ’’احیاء علوم الدین‘‘ کے باب ’’آداب الأكل‘‘ کھانے کے آداب میں لکھتے ہیں:

 أَوَّلُ آدَابِهِ أَنْ يَكُونَ مِنْ حَلَالٍ. 

’’کھانے کا سب سے پہلا ادب یہ ہے کہ کھانا حلال کمائی سے ہو۔‘‘ یہ مفکر کا کہا صرف ایک جملہ نہیں، یہ پیارے نبی ﷺ کا اسوہ ہے، جس پر آپ بہت پابندی سے عمل کرتے رہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ ایک روز چھوٹے حسن بن علیؓ نے صدقے کی کھجوروں میں سے ایک کھجور اٹھا لیا اور اُسے اپنے لبوں تک لے گئے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے شفقت بھرے انداز میں فوراً ٹوکتے ہوئے فرمایا: ’’کِخ، کِخ! بیٹا اسے چھوڑ دو۔۔۔ کیا تم نہیں جانتے کہ ہم صدقہ نہیں کھایا کرتے؟‘‘
اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ کی قسم! اگر مجھے راستے میں کوئی گری ہوئی کھجور بھی مل جائے تو میرا دل چونک جاتا ہے، اس خوف سے کہ شاید یہ صدقے کی ہو۔ اگر مجھے اطمینان ہوتا کہ یہ صدقہ نہیں ہے، تو میں اسے کھاتا۔‘‘
دوسری آیت کے سلسلہ میں استاد نعمان اپنے چینل ’’البینہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بہت اہم بات کہتے ہیں:
’’فامشوا‘‘ کا مطلب:
٭ practical steps: عملی قدم
٭ effort: محنت
٭ hustle: مسلسل کوشش

Allah is the Provider, effort is your responsibility
کوشش کرنا تمہاری ذمہ داری ہے، رزق دینا اللہ کا کام ہے۔
مولانا مودودی ؒ نے اس موضوع پر تفصیلی گفتگو کی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے:
تلاش معاش رب کا حکم ہے۔
یہ آیت ’’عمل اور محنت‘‘ کو عبادت کا حصہ قرار دیتی ہے۔
’’مناکبها‘‘ سے مقصود: زمین کے وسائل، پیداوار، صنعت، تجارت اور سب معاشی امکانات ہیں۔انسان اپنی طاقت لگائے، مگر دل میں یقین رکھے کہ رزق مہیا کرنے والا اللہ ہے، نہ کہ محض اس کا ہُنر۔
محترم طارق رمضان صاحب اس آیت کو “Ethics of Earning” کی بنیاد بناتے ہیں:
’’قرآن انسان کو چلنے، سفر کرنے، مارکیٹ اور دنیا کا تجربہ لینے کا حکم دیتا ہے۔ رزق اللہ کی عطا ہے، مگر کوشش انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔‘‘
یہ Faith + Action کا فارمولا ہے۔ (یقین اور جستجو)
تیسری آیت کے سلسلہ میں علامہ شیخ یوسف القرضاوی فرماتے ہیں: یہ آیت اسلامی معاشیات کا بنیادی اصول قائم کرتی ہے۔
معیشت حلال تجارت پر کھڑی ہو، نہ کہ استحصالی نظام پر۔
ربا (سود) کو اس لیے حرام کیا گیا کہ وہ غیر محنتی منافع اور کمزور پر طاقتور کا معاشی تسلط پیدا کرتا ہے۔
اس آیت سے ’’عدالتی معاشی نظام‘‘ کی بنیاد نکلتی ہے، جہاں اصل منافع محنت اور پیداوار سے آئے نہ کہ غیر یقینی سود سے۔
نایف بن نہار اس آیت کے معاشرتی و تہذیبی اثر پر بات کرتے ہیں:

اسلام معاشی سرگرمی کو Encourage کرتا ہے، مگر ایسی جو انسانی dignity اور social justice کو برقرار رکھے۔
وہ کہتے ہیں: سود فرد کو سماج سے کاٹ کر مفادِ ذات میں قید کر دیتا ہے، جب کہ بیع انسان کو سماجی تعلقات، پیداوار اور mutual benefit میں داخل کرتی ہے۔
ان کے نزدیک یہ آیت اسلامی معاشی اخلاقیات (Ethics of Economy) کا “Foundational Text” ہے۔
ان آیات کی روشنی میں تشکیل پانے والے سماج میں توازن ہوتا ہے، امیر نہ دولت کے نشے میں چور سماج کے کمزور افراد سے بے پرواہ ہوتا ہے، نہ غریب بے سہارا اپنی پریشانیوں کے بوجھ تلے سسک رہا ہوتا ہے۔ ایسا سماج ہر مقام میں اپنا وجود بنا سکتا ہے، چاہے مسلمان اقلیت میں ہی کیوں نہ ہوں، بس شرط یہ ہے کہ ان کی تجارت، ان کی کمائی میں وہ قرآن کے بتائے ضابطوں پر عمل کرتے ہوں، جس سے ان کی ذاتی زندگی بھی سنورتی ہے اور انھیں دلی سکون بھی میسر ہوتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Abdul Rauf

    very good

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے