متوازن غذائیں اور متوازن طرز زندگی صحت کا ذریعہ

صحت انسان کو بخشی گئی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت قیمتی نعمت ہے۔ صحت و تندرستی کے ساتھ ہی وہ دیگر وسائل حیات سے فائدہ اٹھاکر زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ ایک بیمار شخص سارے ذرائع و وسائل کی دستیابی کے باوجود اپنے میدان میں اچھی کارکردگی سے قاصر رہتا ہے، لیکن بیشتر بیماریاں انسان کی خود اپنی لاپرواہی، بسیار خوری یا بے شعوری کا بھی نتیجہ ہوتی ہیں۔ امین احسن اصلاحی صاحب تدبر القران میں سورہ شعراء کی ایک آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں: وَإِذَا مَرِضُتُ فَهُوَ يَشْفِيْنِ۔ (الشعراء) اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو مجھے شفا دیتا ہے۔
’’نعمتیں جس قدر بھی بندے کو ملتی ہیں وہ سب خدا کے فضل وجود سے ملتی، لیکن اس کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو بسا اوقات وہ اس کے عمل پر مرتب ہوتی ہے، ہر چند کے وہ پہنچتی خدا کے اذن وحکم سے، لیکن اس میں انسان کی اپنی غفلت کا دخل ہوتا ہے۔ اس وجہ سے وہ بندے کی طرف منسوب ہوتی ہے، اس لیے حضرت ابراہیم نے اس پہلو کے مد نظر یہاں یہ فرمایا کہ جب میں بیمار پڑتا ہوں، یہ نہیں فرمایا کہ وہ مجھے بیمار کرتا ہے۔‘‘
بقراط(Hippoceates) جسے بابائے طب (father of medicines ) کہا جاتا ہے، نے بھی کہا تھا کہ ہر انسان اپنے جسم کا معمار خود ہوتا ہے۔ یعنی انسان صحت وتندرستی کے تعلق سے باشعور ہو تو متوازن غذا منظم اور منضبط روز وشب اور اچھی ومثبت سوچ کے ذریعہ تندرست وتوانا رہ سکتا ہے۔

متوازن غذا

ایسی غذا جو جسم کو درکار سارے ضروری اجزا مناسب مقدار اور مناسب تناسب میں مہیا کرے، متوازن غذا کہلاتی ہے۔ balance diet جسم اور ذہن کی صحت اور مناسب نشونما کے لیے لازمی ہوتی ہے۔ جنس عمر جسامت کے لحاظ سے متوازن غذا کا تناسب مختلف ہوتا ہے، لیکن عمومی طور پر اس کے بنیادی اصول یکساں ہوتے ہیں۔ WHO کے مطابق متوازن غذا کے اہم اجزاء یوں ہیں:
کم از کم 400g یا جملہ خوراک کا پانچواں حصہ پھل اور ترکاریاں ریشے دار غذائیں کھانے میں لازما شامل رہیں۔
پروٹین جو جسم کے لیے نہایت اہم ضروری غذائی جز ہے، پٹھوں، ہڈیوں، بالوں اور جلد کی نشونما میں مدد دیتا ہے۔ جسم کے خراب اور زخمی خلیات کی مرمت پروٹین سے ہوتی ہے۔ اینٹی باڈیز پروٹین سے بنتی ہیں، جو جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ بہت سے ہارمونز اور اینزائمز پروٹین سے بنتے ہیں، لہذا پروٹین کی درکار مقدار بھی غذا میں شامل رکھنا نہایت ضروری ہے۔ پروٹین کا اہم ذریعہ گوشت ہے، اس کے علاوہ دودھ، مچھلی، انڈے وغیرہ میں بھی کافی پروٹین پائے جاتے ہیں۔ WHO کے مطابق ہر فرد کو فی گرام پروٹین فی کلو گرام جسمانی وزن کے تناسب سے استعمال کرنا چاہیے۔
اس کے علاوہ اناج دالیں، پھلیاں کم مقدار میں اچھا تیل توانائی اور فعالیت کے لیے کاربوہائڈریٹ اور صحت مند چکنائی فراہم کرتے ہیں۔
شکر ۲۵ گرام سے کم اور ایک چائے کا چمچ نمک ایک فرد کے لیے روزانہ کافی ہے۔ اس سے زیادہ استعمال نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے روزانہ آٹھ سے بارہ گلاس یعنی ایک یا ڈیڑھ لیٹر پانی ضروری ہے۔
کولڈ ڈرنکس، زیادہ چکنائی، پروسیسڈ اور پریزرورڈ غذا سے احتیاط کرنا چاہیے۔ دعوتوں اور ہوٹلوں میں انواع و اقسام کی ڈشس عموما ضرورت سے زیادہ کھائی جاتی ہیں۔ بسیار خوری موٹاپا، سستی، کاہلی اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے، مزید کئی بیماریوں کی موجب بنتی ہے۔ امام غزالی نے فرمایا تھا:

كَثْرَةُ الأَكْلِ تُورِثُ قَسْوَةَ القَلْبِ، وَتُثَقِّلُ البَدَنَ، وَتُفْسِدُ العَقْلَ.

’’زیادہ کھانا دل کی سختی پیدا کرتا ہے، جسم کو بھاری بناتا ہے اور عقل کو خراب کرتا ہے۔‘‘
گھر کے بنے صاف ستھرے کھانے صحت بخش ہوتے ہیں، باہر کے کھانوں سے حتی الامکان بچنا چاہیے۔
خوشگوار ماحول میں گھر کے سبھی افراد کا مل جل کر کھانا نہ صرف آپسی تعلقات کے لیے بلکہ صحت کے لیے بھی کافی سود مند واقع ہوتا ہے۔ ہارورڈ کے مطابق افراد خانہ کا مل جل کر کھانا جسمانی اور ذہنی صحت اور غذائیت میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ کھاتے وقت پڑھنے اور موبائل دیکھنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ BBC کی رپورٹ کے مطابق کھاتے وقت موبائل دیکھنے سے ذہن موبائل میں مصروف رہتا ہے، اس لیے پپٹ بھرنے کا سگنل فوری نہیں ملتا اور احساس ہی نہیں ہوتا کہ کیا کھایا اور کتنا کھایا۔ نتیجتا موٹاپا اور دوسری مہلک بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ساتھ بیٹھ کر بھی ہر فرد اپنے موبائل میں مصروف ہو تو یہ بھی علاحدہ کھانے کے ہی مترادف ہے۔
جب کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اجتمعوا على طعامكم واذكروا اسم الله يبارك لكم فيه.
’’اپنے کھانے میں اکٹھے ہوجایا کرو اور اللہ کا نام لو اس میں تمہارے لیے برکت ڈال دی گئی ہے۔‘‘ (سنن ابی داؤد)

متوازن روز وشب

اچھی صحت کے لیے متوازن غذا کے ساتھ ساتھ منظم و متوازن طرز زندگی بھی بہت ضروری ہے۔ ‎صبح کا وقت زیادہ نفع بخش ہوتا ہے۔ نماز و ذکر وعبادت کے بعد محنت اور جسمانی مشقت بہت ثمر آور ہوتی ہے۔ نبی اصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ

اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لِأُمَّتِي فِي بُكُورِهَا.

’’اے اللہ! میری اُمت کے لیے اس کے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما۔‘‘
WHOکے مطابق ایک بالغ شخص کو روزانہ کم ازکم آدھا گھنٹہ اور ہفتہ میں پانچ دن ایروبک سرگرمی (moderate intensity aerobic activity)کرنی چاہیے۔ اس میں جسم توانائی حاصل کرنے کے لیے آکسیجن استعمال کرتا ہے جس سے پھیپڑوں کی کارکردگی بڑھتی ہے۔
یہ سرگرمی دل اور پھیپڑوں کو مضبوط بناتی ہے۔ کام کرنے کی استعداد بڑھاتی ہے۔ خون کی گردش بہتر کرتی ہے اور اس کے ذریعہ وزن بھی کم ہوتا ہے۔
ورزش اور مستعدی کے علاوہ سونے جاگنے کے مناسب اوقات بھی تندرستی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اچھی صحت کے لیے مناسب وقت میں مناسب نیند بہت ضروری ہے۔ رات میں دیر تک جاگنا رات میں اسکرین پر نظریں جمائے رکھنا، دیر تک بیٹھے رہنا صحت پر نہایت مضر اثرات ڈالتے ہیں۔ امام غزالی نے فرمایا تھا:

 صِحَّةُ الأَبْدَانِ مَنْشَؤُهَا اعتِدالُ العَادَاتِ، وَصِحَّةُ القُلُوبِ مَنْشَؤُهَا تَزْكِيَةُ النُّفُوسِ.

’’بدن کی صحت کا سرچشمہ عادات کا اعتدال ہے، اور دل کی صحت کا سرچشمہ نفس کی پاکیزگی ہے۔‘‘

مثبت سوچ

مثبت سوچ صحت پر بہت گہرے مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ مثبت اور تعمیری سوچ انسان کو خوش رکھتی ہے اور اس کو ملنسار خوش گفتار بناتی ہے۔ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد وسائل کی کمی اور تنگ دستی میں بھی خوش اور مطمئن رہتے ہیں۔ حاصل شدہ نعمتوں کی قدرو شکر گزاری اور انھیں دستیاب وسائل کا عمدہ استعمال سکھاتی ہے اور یہی اطمعنان وخوشی قوت مدافعت (immunity) کے اضافہ کا ذریعہ بنتی ہے، جو انھیں مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔ اس کے برعکس منفی سوچ رکھنے والے عیش وعشرت کے سامان کے باوجود خوشیوں سے محروم رہتے ہیں اور depression, anxiety جیسے امراض کا شکار ہوتے ہیں۔ مثبت رویہ رکھنے والے افراد کو ان کی سوچ جذبۂ خدمت پر آمدہ کرتی ہے۔ سماجی خدمت نہ صرف معاشرہ کے لیے بلکہ خود فرد کی صحت کے لیے بھی کافی مفید ہے۔ خود اعتمادی اور خود قدری میں اضافہ ہوتا ہے۔ WHO کے مطابق مضبوط سماجی تعلقات صحت وتندرستی اور عمر میں اضافہ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
دوسروں کی مدد کرنے سے خوشی کے ہارمونز (Endrophins) بڑھتے ہیں، جو ذہنی صحت کے لیے کافی مفید ہوتے ہیں۔ ضرورت مندوں کو خوش کرکے خدا کی رضا حاصل کرنے کا اطمینان دونوں جہاں کا نفع پہنچاتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو چاہتا ہو کہ اس کے رزق میں فراخی ہو اور عمر دراز ہو تو وہ صلہ رحمی کرے (مسلم، ترمذی)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے