نکاح کی پامالی اوربکھرتا خاندانی نظام

اللہ تعالی نے اس وسیع وعریض کائنات کی تخلیق کے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کر دیا ہے کہ ہم نے ہر چیز کو جوڑے جوڑے بنایا، تاکہ تم نصیحت حاصل کرو۔ (سورۃ الذاریات: ۴۹)
دنیا کی تمام مخلوق کو توالد وتناسل کے تعلق کے سلسلے میں کسی قانون کا پابند نہیں کیا، لیکن انسان جیسی اشرف مخلوق کے لیے اس ضمن میں تفصیلی احکام نازل کیے اور اپنے نبیﷺ کے ذریعے اس کو عملی طور پر نافذ کر کے دکھا بھی دیا۔ مرد وعورت کے تعلق کے لیے نکاح کا قانون بنایا اور اس کے علاوہ مرد وعورت کے کسی بھی زوجی تعلق کو قطعا حرام قرار دیا۔
اللہ تعالی نے سورۃالنساء میں نکاح کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنی پسند کی عورتوں سے نکاح کرو۔
دو دو تین تین اور چار چار، لیکن اگر تمھیں خوف ہو کہ تم ان کے درمیان عدل نہیں کر سکو گے تو پھر ایک ہی رکھو۔
سورۃ النور میں اللہ تعالی نے حکم دیا کہ اپنے یہاں کے بے نکاحے مردوں اور عورتوں کے نکاح کر دو۔ (آیت: ۳۲ ) نکاح کرنے پر زور دیتے ہوئے نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نکاح میرا طریقہ ہے اور جو میرے طریقے پرعمل نہ کرے وہ مجھ میں سے نہیں ہے۔ (ابو داؤد)
قرآن میں اس تعلق سے اور بھی تلقین کی گئی ہے۔ قابل غور ہے کہ آخر نکاح کرنے پر اتنا زور کیوں دیا گیا۔ قبل اس کے کہ نکاح کے مقصد و اہمیت کی تفصیل کی جائے یہ جاننا ضروری ہے کہ نکاح کیا ہے۔ اسلام میں نکاح مرد و عورت کے درمیان دو گواہوں کی موجودگی میں مہر کے عوض شوہر بیوی کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے لیے بغیر کسی دباؤ کے کیے گئے پختہ اور مستحکم عہد کا نام ہے۔ قرآن نے اس عہد نکاح کو ’میثاقا غلیظا‘ یعنی مستحکم اور پائیدار عہد وپیمان سے تعبیر کیا ہے۔ یہ پختہ، مستحکم اور مستقل عہد ہے، کوئی عارضی چیز نہیں ہے۔
اسلام میں نکاح کا مقصد محض جنسی لطف اندوزی نہیں ہے، بلکہ یہ ایک عبادت، ایک عظیم ذمہ داری اور انفرادی واجتماعی ضرورت ہے، جس کا مقصد ایک مستحکم خاندان وجود میں لانا ہے، تاکہ ایک صالح معاشرہ وجود میں آئے۔ بچے والدین کی محبت و شفقت کے زیر سایہ اور ان کی نگرانی میں پروان چڑھیں تاکہ وہ ذہنی، نفسیاتی، جسمانی، علمی اور تمدنی طور پر مضبوط و قوی ہوں، مہذب ہوں اور معاشرے کا صالح اور با فیض عنصر بنیں۔ نسل انسانی کی بقا و تحفظ اور صالح معاشرہ کی تعمیر کا سارا دار ومدار مستحکم خاندانی نظام پر ہے اور مستحکم خاندانی نظام مرد وعورت کے جائز اور مستحکم تعلق سے قائم ہوتا ہے، جو صرف نکاح کے ذریعے وجود میں آتا ہے۔ صالح نسل انسانی کے تسلسل کے لیے نکاح ناگزیر ہے۔ اللہ تعالی قرآن میں فرماتا ہے کہ ’اے انسانوں اپنے رب کی عبادت کرو، جس نے تمھیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کا جوڑا پیدا کیا اور پھر ان دونوں سے بہت سارے مرد و عورت پھیلا دیے۔‘ (سورۃ النساء: ۱)
دوسری جگہ فرمایا: ’اور اللہ نے تمہارے لیے تمھاری جنس سے جوڑے بنائے اور ان جوڑوں سے تمھیں اولاد اور پوتے پوتیاں عطا کیں۔‘ (النحل: ۷۲)
صحیح وقت پر نکاح کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ معاشرہ جنسی جرائم سے بڑی حد تک پاک ہو جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ صحیح وقت پر فطری خواہش کی تکمیل کا ایک مؤثر، پر سکون اور مستقل ذریعہ نکاح کی برکت سے بیوی یا شوہر کی شکل میں مل گیا، تو پھر دوسری طرف نظر اٹھا کر دیکھنے کی حاجت نہیں رہ جاتی، سوائے اس کے جو جنسی بد قماش ہو تو اس کے لیے اسلام نے سزا کا انتظام کر رکھا ہے۔ ایسے معاشرے میں احساس تحفظ پیدا ہوتا ہے جو ہمارے ذہن ودماغ پر بڑے اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔ ہماری عورتیں بلا خوف اپنی ضرورت کے تحت گھر سے باہر نکل سکتی ہیں۔ ورنہ آج کا حال تو یہ ہے کہ بڑی تو بڑی چھوٹی بچیوں کا گھر سے نکلنا خطرناک ہوتا جارہا ہے۔ ابھی دو دن پہلے کی خبر ہے کہ ایک چھ سال کی بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور ایسی خبر اکثر آتی رہتی ہے۔ غور کریں تو یہ سب نتیجہ ہے وقت پر شادی نہ کرنے، بلکہ شادی ہی نہ کرنے کا اور اپنی جنسی تسکین دوسرے ناجائز ذرائع سے حاصل کرنے کا۔ یورپ سے در آمد یہ وبا ہمارے ملک میں بھی بری طرح پھیلتی جارہی ہے اور کیوں نہ پھیلے اسے قانونی سر پرستی جو حاصل ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے اکثر ملکوں کی طرح یہاں بھی زنا بالرضا (Consensual Sexual Relationship) کو قانونی حیثیت حاصل ہے، جس کا نتیجہ فحاشی، عریانیت، جنسی ہیجان، زنا بالجبر کا یہ طوفان اور بکھرتا خاندانی نظام ہے، جو ہم آج اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
نکاح کا ایک مقصد خاندان میں سکون اور آپس میں محبت ورحمت کا دائمی جذبہ پیدا کرنا ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: ’اور اس کی نشانیوں میں یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے جوڑے بنائے، تاکہ تم ا ن سے سکون حاصل کرو اور اس نے تمہارے درمیان محبت و ہمدردی پیدا کر دی۔‘ (الروم: ۲۱)
اللہ تعالی نے مرد وعورت کی دو متضاد صنف پیدا کر کے دونوں کے اندار ایک ایسی کشش پیدا کی ہے کہ دونوں کو ایک دوسرے سے ملے بغیر بے سکونی کی حالت رہتی ہے اور ملنے کے بعد قرار و سکون آتا ہے اور پھر یہی ابتدائی قرار و سکون دائمی طور پر باہمی محبت ،ہمدردی اور رحمت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ یہ دو اجنبی ساری زندگی ایک ساتھ ہنسی خوشی گزار دیتے ہیں۔ پھر یہ نکاح کا ہی کمال ہے کہ یہ دو اجنبیوں کے درمیان خیر خواہی، ہمدردی، غم خواری، ایثار وقربانی کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور وہ ایک دوسرے کے شریک رنج وراحت ہوتے ہیں۔ یہی وہ پاک جذبے ہیں جو زوجین کو اپنے بچوں کو محبت سے پالنے پر آمادہ کرتی ہے۔ جو بچے باپ کی شفقت و سرپرستی اور ماں کی محبت و نگرانی میں پروان چڑھتے ہیں، وہ ذہنی، نفسیاتی اور دماغی طور پر کافی مضبوط ہوتے ہیں۔ جیسا کہ ماہر نفسیات کا کہنا ہے:
یہ جذبے ان لوگوں کو کہاں نصیب جو بغیر شادی یا نکاح کے حیوانوں کی طرح اپنی جنسی ہوس پوری کرتے ہیں۔ آج کی اصطلاح میں اس طرح کے ناجائز تعلقات کو Live-in Relationship یا Cohabitation کہتے ہیں۔ اسے ہم اپنی زبان میں ’زنا بالرضا‘ (Consensual Relationship) کہتے ہیں۔ اس طرح کے ناجائز تعلقات کو بیشتر ملکوں میں قانونی سرپرستی حاصل ہے۔ یہ وبا نہ صرف یورپ بلکہ ہمارے ملک ہندوستان اور عرب ممالک تک میں پھیل چکی ہے۔ اس طرح کے تعلقات میں پائداری تو ہوتی نہیں، اس لیے کہ ان کا مقصد کسی خاندان کو وجود میں لانا سرے سے نہیں ہوتا، بلکہ محض جنسی خواہش کی حیوانی تسکین ہوتا ہے۔ عام طور پر اس کا انجام بھی بہت بھیانک ہوتا ہے۔ اخبارات میں کثرت سے یہ خبر شائع ہوتی رہتی ہے کہ غیر شادی شدہ جوڑے نے ایک دو سال ساتھ رہنے کے بعد خود کشی کر لی یا ایک نے دوسرے کا قتل کر دیا یا پھر یہ معاملہ عدالت میں پہنچتا ہے۔ ظاہر ہے شادی تو ہوئی نہیں کہ رشتے کے تقدس، ذمہ داری اور پائداری کا احساس ہو۔ ایک دو سال میں جب ایک دوسرے سے دل بھر گیا، تو پھر نئے پارٹنر کی تلاش ہوتی ہے، جس کے لیے پرانے پارٹنر کو راستے سے ہٹانا ضروری ہوتا ہے۔ ان کی حیثیت ٹشو پیپر کی سی ہوتی ہے، جسے استعمال کر کے ڈسٹ بن میں پھینک دیا جاتا ہے۔ اسلام میں اسے ذواقیت (مزہ تبدیل کرنا) کہتے ہیں، جسے نبی کریمﷺ نے سختی سے روکا ہے۔ یورپین ممالک میں یہ وبا پوری طرح پھیل چکی ہے۔ اس بے لگام جنسی ہیجان و وبا کے نتائج کی ایک جھلک ہم ان ہی کے پیش کردہ اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھ سکتے ہیں۔
یوروسٹیٹ (Eurostat) کی رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۳ء میں یورپ میں شادی کی شرح ایک ہزار افراد میں صرف چار تھی، یعنی ایک ۱۰۰۰؍ میں ۹۹۶؍لوگوں نے شادی نہیں کی اور مجرد رہنا پسند کیا اور اسی رپورٹ کے مطابق یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ پھر جن گنے چنے لوگوں نے شادی کی، ان کی بھی شادی کی اوسط عمر ۳۷؍سال رہی۔ اس کے نتیجے میں عورتوں کے خلاف جنسی زیادتیاں بڑی تیزی سے بڑھیں۔ انھیں کے اعداد وشمار کے مطابق ۲۰۲۳ء میں یورپ میں جنسی زیادتیوں (Sexual Violence) کے درج شدہ رپورٹ 2,43,715 ہے، جس میں 91,370 صرف زنا بالجبر (Rape Cases) کے ہیں۔ ۲۰۲۲ء کے مقابلے ۷؍فیصد کا اضافہ ہے۔ جرمنی میں یہ اضافہ پچھلے سال کے مقابلے 9.3؍ فیصد ہے۔ خود ہندستان میں Business Standad کی رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۳ء میں جنسی زیادتیوں (Sexual Violence) کے درج شدہ رپورٹ4,48,211 ہیں، جس میں 29,670 صرف زنا بالجبر (Rape Cases) کے ہیں۔ اس کا دوسرا نتیجہ ناجائز بچوں کی پیدائش میں ظاہر ہوتا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق اس طرح کے تعلق کے نتیجے میں ناجائز بچوں کے پیدائش فرانس، پورچگل اور بلغاریا میں حسب ترتیب 59.7، 59.5 اور 58.5؍فیصد ہے۔ ایسے بچوں کا مستقبل جن کے والدین ہر سال دو سال میں اپنے پارٹنر بدلتے رہتے ہوں، کتنا تاریک ہوگا یہ ہر کوئی سمجھ سکتا ہے۔ ایسے بچے نفسیاتی طور پر نہایت کمزور اور دماغی طور پر غیر متوازن ہوتے ہیں، جو بڑی آسانی سے جرائم کی طرف مائل ہوتے ہیں۔
ضرورت ہے کہ وقت رہتے اس کا علاج کیا جائے۔ اور اس کا واحد علاج قرآنی تعلیمات کی طرف رجوع کرنا، اس پر عمل کرنا، اپنے بھائیوں کو اپنے برادر وطن کو اس کی تلقین کرنا اور تمام دنیا میں اس پیغام کو پہنچانا ہے، جو ہمارا فرض منصبی ہے۔ یہ پیغام بے لگام جنسی بے راہ روی کو ترک کر کے نکاح جیسے مقدس رشتے کی طرف لوٹنا ہے۔ یہی اس خطرناک صورت حال کا واحد علاج ہے۔ اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہیں لیے تو پتہ نہیں یہ طوفان فحاشی، وبائے عریانیت، تذلیل نسواں، کثرت زنا، لٹتی عصمتیں، زیادتی طلاق، بھٹکتے نوجوان، سسکتے بچے، بے سہارا والدین، تنہا بڑھاپا اور سب سے بڑھ کر خاندانی نظام کے بکھراؤ اور غیر متوازن معاشرہ ہمیں کہاں لے جائے گا اور بحیثیت خیر امت اس کی سب سے بڑی ذمہ داری ہماری ہے۔ آخر میں امام مالک کے اس قول پر میں اپنی بات ختم کروں گا کہ ’لا یصلح آخر ھذہ الامۃ الا بما صلح بہ اولھاـ‘ یعنی اس امت کے بعد میں آنے والوں کی اصلاح بھی اسی سے( یعنی قرآن سے) ہوگی، جس سے پہلے کے لوگوں کی اصلاح ہوئی ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے