سردیوں کی ایک صبح آنگن میں دھوپ کا بسیرا تھا۔۔۔ سفید جالی دار پردو سے چمچماتی سورج کی روشنی دیکھ منیرہ خانم نے اپنی پوتی کو پکارا۔۔۔ جو نرم دھوپ میں بیٹھی مالٹے کے چھلکے سوکھا رہی تھی
شافعیہ۔۔۔ او شافی۔۔۔ دادی کی جان ذرا یہاں آنا تو۔
شافعیہ نے دادی کی آواز پر پلٹ کر دیکھا اور دوڑتی ہوئی دادی کے پاس آئی۔۔۔
جی دادی ماں کہیے۔
شافی ذرا تخت کے نیچے سے میرا صندوق نکالنا، آج دھوپ اچھی ہے، رضائی کو دھوپ دکھا دوں، سال بھر سے اندر ہے۔
شافعیہ نے جی کہتے ہوئے تخت کے نیچے سے صندوق کھینچا۔۔۔ کئی سال پرانا صندوق آج بھی اتنا ہی مظبوط تھا۔ منیرہ خانم کا صندوق جس میں ان کا سارا خزانہ اور کل کائنات تھی۔۔۔ شافعیہ نے آہستہ سے سامان الگ کرتے ہوئے رضائی نکالی تو اس میں سے کچھ رنگین کپڑے بھی گرنے لگے۔۔۔ اس نے چونک کر دادی کو دیکھا۔
دادی ماں یہ کپڑے کیا ہے؟
شافی نے کپڑے کھول کر دیکھے نارنجی، جامنی، گلابی وغیرہ، کوئی چوکون تو کوئی دائرے نما، جس پر چمک دار گوٹے اور لیس لگے تھے۔ شافی کنفیوز تھی یہ کپڑے اتنا خوبصورت ہیں، مگر زیادہ بڑے نہیں ہیں۔
دادی جو اپنے صندوق میں سامان کو نہارے جا رہی تھیں، شافی کو دیکھ کر مسکرائی۔۔۔
تمھیں یہ نہیں پتہ۔۔۔؟ ظاہر ہے کیسے پتا ہوگا۔۔۔ اسے تورے پوش کہتے ہے۔۔۔ یوں سمجھ لو یہ پڑوس سے تعلق بنانے کی ایک نشانی ہے۔
دادی نے شافی کے ہاتھ سے وہ کپڑے لے کر تہہ کرنے لگیں۔
کیا مطلب ؟ شافی نے نا سمجھی سے کپڑوں کو دیکھا اور دادی کو ایک کپڑے کا پڑوسی سے کیا لینا دینا۔۔۔!
مطلب یہ کہ ہمارے زمانے میں جب گھر میں کچھ بھی اچھا پکتا تو اس میں سے ایک حصہ پڑوسی کے لیے ہوتا۔۔۔ کیوں کہ آپ نے فرمایا مومن وہ نہیں ہوتا جو خود تو پیٹ بھر کے کھائے اور اُس کا پڑوسی اس کے پہلو میں بھوکا رہے۔ اور بھی بہت سی حدیثیں ہے، جیسے ایک صحابی ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وصیت کی کہ جب تم سالن پکاؤ تو اس میں شوربا زیادہ رکھو، پھر اپنے قریبی ہمسایہ کے گھر والوں کو دیکھ کر (جو ضرورت مند ہوں) اس میں کچھ اچھے طریقے سے انھیں بھیجو۔ اسی لیے جب بھی پڑوسیوں کو کچھ دینا ہوتا تو ہم لوگ اس تورے پوش سے ڈھانک کر بھیجا کرتے ہیں۔
دادی کی بات سن کر شافی کے چہرے پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں چمک اتری یہ اس کے لیے نئی بات تھی۔
کیا میں اسے رکھ سکتی ہوں؟
ہاں کیوں نہیں۔۔۔ پر تم اس کا کیا کرو گی؟ دادی جو شافی کے ارادے بھانپ چکی تھی، پوچھے بغیر نہ رہ سکی۔
ابھی بتاتی ہوں۔ اس نے گلابی تورے پوش پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا اور کچن کی طرف چلی گئی۔
منیرہ بیگم مسکراتے ہوئے اسے دیکھنے گئی۔۔۔ پھر ہاتھ میں پکڑے جامنی تورے پوش کو دیکھا۔۔۔ جو نہ جانے کتنے پڑوسیوں تک کھانا ڈھانپ کر گزرا تھا۔۔۔ ان کی سوچ انھیں ماضی تک لے گیا۔ قدیم روایات بھی تعلقات کو مظبوط بنانے میں کتنے مفید ہوتے ہے۔۔۔ یہ صرف روایات نہیں ہوتے، بلکہ تہذیب اور تمدن کی عکاسی کرتے ہے۔۔۔ مذہب سے محبت کرانے اور احکامات پر عمل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔۔۔ وہ اپنی ہی سوچ میں گم تھی کہ شافعیہ اسکارف اوڑھے واپس آگئی۔۔۔ اس نے ایک ہاتھ سے وہی گلابی تورے پوش اٹھایا تو پیالے میں مغزیات سے سجی کھیر کی خوشبو کمرے میں پھیل گئی۔۔۔
یہ کھیر ہے۔ میں پڑوس میں دے کر آتی ہوں۔۔۔ کیوں کہ پڑوسی کا بھی حق ہے۔ مدرسے میں یاد کرائیں گئی، حدیث اسے اچانک ہی یاد آگئی۔ منیرہ بیگم کی نگاہیں کھڑکی سے جاتی شافعیہ کے ہاتھ تک گئی۔۔۔ تورے پوش پر لگی کرن سردی کی دھوپ میں سنہری چمکتی دکھائی دینے لگی۔۔۔ کمرے میں کھیر کی مٹھاس اب تک تھی۔۔۔ جو جلد ہی پڑوسیوں تک پہنچ رہی تھی۔۔۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant[Tore Posh]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2025/12/Girls-PlantTore-Posh.jpg)
0 Comments