خواتین کے حقوق اور خاندانی انصاف
زمرہ : ادراك

کوئی اگر اسلامی تاریخ کا جائزہ لینا چاہے اور تصوراتی شکل یہ بنے کہ آپ حال کے بلند وبالا چوٹی پر کھڑے ہوکر ایک ناظر کی طرح ماضی اور مستقبل کو بہ نظر غائر دیکھ رہے ہوں تو اسلام سے قبل اور بعد از اسلام عورت کے وجود کو تسلیم کرنے کی حیثیت اور موجودہ دور میں حقوق نسواں کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ کرۂ ارض پر عورت کی حیثیت بغیر کسی تفریق کے صرف اسلامی دور میں مستحکم نظر آتی ہے۔
اسلام سے قبل کی حالت ایک جملے میں کہیں تو غلامی سے بدتر ہے۔ اسلام کے بعد

’’وَالمُؤمِنُونَ وَالمُؤمِنَاتُ بَعضُھُم أولیاءُ بَعضٍ‘‘

کی تصویر نظر آتی ہے اور مغربی انقلاب کے بعد حقوق اور حیثیت متعین کرنے میں عورت خود بھی مضطرب دکھائی دیتی ہے اور مرد اس کو اپنے مفاد میں استعمال کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔ اسے باضابطہ موجودہ تخریب کار تہذیب نے کیا کہ وہ اس سسٹم کا حصہ بنے اور کارپوریٹ کلچر اسے استعمال میں لاسکے۔
غیر جانبداری اور حقیقت بیانی سے کام لیا جائے تو ہر ذہین آدمی نہ صرف سمجھ سکتا ہے، بلکہ دیکھ سکتا ہے کہ اسلام وہ واحد مذہب ہے، جس نے دنیا میں خواتین کو مکمل حیثیت میں تسلیم کیا اور اس کے ایک مستقل وجود کو مقام عطا کیا۔ اسلام کو دنیا کی واحد آسمانی شریعت ہونے کا شرف حاصل ہے، جس نے عورت کو اس کی پیدائش سے لے کر موت تک مکمل حقوق، عزت اور قانونی تحفظ فراہم کیا۔ جاہلیت میں عورت کو زندہ دفن کرنا، وراثت سے محروم رکھنا، خرید و فروخت کا مال بنانا اور ازدواجی زندگی میں ظلم سہنا عام تھا، لیکن اسلام نے ایک انقلابی چارٹر آف ویمن رائٹس (charter of women Rights) پیش کیا۔

وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ۔ (الإسراء: 70)

’’اللہ نے پوری انسانیت کو عزت دی، مرد اور عورت دونوں کو۔‘‘
مرد و خواتین کی یکساں پوزیشن اس طرح واضح کی کہ اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

لِّلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِمَّا اكْتَسَبُوا وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِمٍّا اکتسبن۔ (النساء: 32)

کوشش اور عمل کے معاملے میں اللہ رب العالمین نے دونوں کا اجر مبنی بر انصاف رکھا اور خاندان میں عدل کی بنیاد پر دونوں کے حقوق اور ذمہ داریوں کی تقسیم کی ہے۔ بات سمجھنے کے لیے نکاح کے عمل کو سمجھیے کہ نکاح کسی خاتون سے اس کی مرضی کے بغیر نہیں کیا جاسکتا ہے۔
اسلام میں نکاح صرف عورت کی رضامندی سے معتبر ہے۔ یہ حق قرآن و حدیث دونوں سے ثابت ہے۔ جہاں مرد کے بالادست معاشرے کو عورت کی خرید و فروخت کی آزادی تھی، اس کی مرضی جاننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا، وہیں موجودہ دور میں پسند کی آزادی کے نام پر مرد سے آشنائیاں کرنے اور بغیر رشتے بندھے استحقاق جتانے اور مرد کا آلہ کار بننے کی ترغیب دی جاتی ہے، جب کہ اسلامی تعلیمات نے یہ کہہ کر عدل کی صورت پیدا کردی کہ ناپسندیدگی کے ساتھ کوئی عورت پر جبر نہیں کرسکتا اور پسند کے نام پر نکاح سے پہلے کوئی مرد اس پر حق نہیں جتا سکتا۔
اسلام میں نکاح عورت کی مرضی کے بغیر درست نہیں۔ یہ حکم عدل، عزت اور انسانی وقار پر مبنی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا:

لَا تُنْكَحُ الْبِكْرُ حَتَّى تُسْتَأْذَنَ. (صحیح البخاری:۵۱۳۶، صحیح مسلم: ۱۴۱۹)

کنواری لڑکی کا نکاح اس کی اجازت کے بغیر نہ کیا جائے۔ صحابہؓ نے پوچھا : یا رسول اللہ! اس کی اجازت کیسے معلوم ہو؟ آپ ﷺ نے فرمایا:
اس کی خاموشی اس کی اجازت ہے۔

الأَيِّمُ أَحَقُّ بِنَفْسِهَا مِنْ وَلِيِّهَا. (صحیح مسلم:۱۴۲۱)

ایک لڑکی اپنے باپ کے پاس آئی کہ اس نے زبردستی نکاح کر دیا، رسول ﷺ نے نکاح فسخ کر دیا۔ (صحیح بخاری: ۵۱۳۸)
مختلف ائمہ کی آراء کو جانیں تو پتہ چلتا ہے کہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک عورت کی اجازت کے بغیر نکاح باطل ہوگا۔ امام شافعی کے نزدیک نکاح میں لڑکی کی اجازت ضروری ہے، ولی کا کردار معاون ہے۔ حنفیہ مسلک میں اجازت نکاح دونوں پر لازم ہے، ولی نہ ہو تو قاضی حق رکھتا ہے۔ اس طرح اسلام میں ولی کی ذمہ داریاں واضح بیان کردی گئیں کہ ولی کا مقصد عورت پر زبردستی نہیں بلکہ اس کا تحفظ ہے۔تاہم یہاں یہ نکتہ واضح ہو کہ یہ جاننے کے بعد اکثر طالبات اپنے پسند کے رشتے پر سوال پوچھتی ہیں کہ والدین کیوں روک دیتے ہیں۔ تو جواب یہ ہے کہ والدین اگر کسی پسند کے رشتے پر مشورہ دیتے ہیں کہ اس سے باز رہو تو یہ سمجھنا چاہیے کہ جذبات کی رو میں بہہ کر جو چیز کسی لڑکی کو نظر نہیں آرہی ہے، اس کے ولی کی تجربہ کار نگاہ اس شر کو محسوس کررہی ہے اور تحفظ کی خاطر آگاہ کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ موجودہ حالات میں جو نامحرم سے وعدہ وعید کرلینے کے مزاج کو معمول بنا لیا گیا ہے، یہ شریعت کا مطمح نظر نہیں ہے۔ اس لیے ولی کی مداخلت کو بعض مرتبہ تحفظ شمار کرنا چاہیے، کیوں کہ ہم انسانوں کے شر اور ان کی طمع سے ناواقف ہوتے ہیں۔

نان و نفقہ کا حق

عورت کے کھانے، رہائش، لباس اور علاج کا خرچ شوہر پر واجب ہے۔ مرد کو اللہ نے قوام کہا ہے۔ مرد کی قوامیت عورت پر کنٹرول یا حاکمیت نہیں ہے۔ اکثر اسی زعم میں مردوں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ چوں کہ حاکم ہیں، تو عورت کا مال، اس کے مہر کی رقم، اس کا جہیز، اس کی وراثت حتی کہ اس کی کمائی پر انھیں استحقاق حاصل ہے اور اسی وجہ سے عورت کو مالی استحقاق، پراپرٹی رائٹس دئیے نہیں جاتے۔ سمجھ لینا چاہیے کہ ’’قوامیت‘‘ ایک ذمہ داری اور اصول ہے۔ اسلامی فیملی سسٹم کے بنیادی اصول میں قوامیت سب سے اہم اصول ہے۔ قرآن کریم میں کہا گیا:

الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءاَلرِّجَالُ قَوَّامُوۡنَ عَلَى النِّسَآءِ بِمَا فَضَّلَ اللّٰهُ بَعۡضَهُمۡ عَلٰى بَعۡضٍ وَّبِمَاۤ اَنۡفَقُوۡا مِنۡ اَمۡوَالِهِمۡ‌ ؕ فَالصّٰلِحٰتُ قٰنِتٰتٌ حٰفِظٰتٌ لِّلۡغَيۡبِ بِمَا حَفِظَ اللّٰهُ‌ ؕ وَالّٰتِىۡ تَخَافُوۡنَ نُشُوۡزَهُنَّ فَعِظُوۡهُنَّ وَاهۡجُرُوۡهُنَّ فِى الۡمَضَاجِعِ وَاضۡرِبُوۡهُنَّ‌ ۚ فَاِنۡ اَطَعۡنَكُمۡ فَلَا تَبۡغُوۡا عَلَيۡهِنَّ سَبِيۡلًا‌ ؕاِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلِيًّا كَبِيۡرًا‏. (النساء: ٣٤)

’’مرد عورتوں کے سرپرست ہیں، بوجہ اس کے کہ اللہ نے ایک کو دوسرے پر فضیلت بخشی ہے اور بوجہ اس کے کہ انھوں نے اپنے مال خرچ کیے۔ پس جو نیک بیبیاں ہیں وہ فرمانبرداری کرنے والی، رازوں کی حفاظت کرنے والی ہوتی ہیں۔ بوجہ اس کے کہ خدا نے بھی رازوں کی حفاظت فرمائی ہے اور جن سے تمھیں سرتابی کا اندیشہ ہو تو ان کو نصیحت کرو اور ان کو ان کے بستروں میں تنہا چھوڑو اور ان کو سزا دو، پس اگر وہ تمہاری اطاعت کریں تو ان کے خلاف راہ نہ ڈھونڈو، بے شک اللہ بہت بلند اور بہت بڑا ہے۔‘‘
مرد عورتوں پر قوام ( محافظ) ہیں، اس حیثیت سے کہ وہ عورتوں پر اپنا مال خرچ کرتے ہیں۔ مطلب ان کے مہر کی ادائیگی کرتے ہیں، ان کی بنیادی ضرورتیں نان و نفقہ کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں، ان سے اپنی صالح نسل کی امید لگاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ عورت کمتر ہے، بلکہ اس طرح اللہ نے ایک خاتون کے ساتھ رحم دلی، محبت و مودت کی راہ کو ہموار کیا، تاکہ وہ اس مرد کی نسل کے ساتھ اسی محبت و مودت کو یقینی بنائے اور اسی کو اللہ نے رحمت کہا ہے۔
اسی طرح اسلام میں عورت کے استحکام کا کس درجہ خیال رکھا کہ عورت کے اپنے پیٹ پالنے کا بھی اسے ذمہ دار نہیں بنایا، جب تک وہ ولی کی سرپرستی میں ہے۔ اس کے بنیادی ضرورتوں کا لحاظ اس کے ولی کے ذمہ ہے۔ والد نہ ہو تو بھائی اور اگر بھائی نہ ہو تو دادا اور چچا اس کے ولی ہیں، جو اس بچی کے بنیادی خرچ کے ذمہ دار ہیں۔ شادی کے بعد ان بنیادی ضروتوں کی تکمیل کے لیے شوہر پر اس ذمہ داری کو واجب کیا ہے۔
جو خواتین گھروں میں مجبور ہو کر کمانے نکل پڑتی ہیں، یہ ان کے اپنے صوابدید پر موقوف ہے، تاہم شریعت نے کمانے کی ذمہ داری اس پر ہرگز نہیں ڈالی ہے۔ اسی لیے کوئی طلاق شدہ اور بیوہ اپنے نکاح کا فیصلہ خود کر سکتی ہے، نہ اسے جبر کے ساتھ روکا جاسکتا ہے، نہ نکاح کرنے پر جبر کیا جاسکتا ہے۔ قران نے رہنمائی کی کہ

فَلَا تَعْضُلُوهُنَّ أَنْ يَنْكِحْنَ أَزْوَاجَهُنَّ. (البقرۃ: ۲۳۲)

یعنی عورت کو نکاح سے روکنا ظلم اور گناہ ہے۔
اسی طرح عورت کا نان و نفقہ غیر مشروط ہے کہ بچے کی دیکھ بھال کرے، تبھی انھیں دیا جائے یا والدین کی خدمت کریں، اسی شرط پر انھیں نان ونفقہ اور لباس دیا جائے، بلکہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’تمہارا حق بیویوں پر یہ ہے کہ انھیں مناسب لباس دو اور کھانا دو۔‘‘ (صحیح مسلم: ۱۲۱)
نان و نفقہ کا انکار ظالم قرار دیتا ہے۔ (الدر المختار، ۳؍۵۶۶)
شوہر کو عورت کے معیارِ زندگی کا لحاظ رکھنا ہوگا۔ (کشاف القناع، ۵؍۱۸۸)
ان سب احکامات کے باوجود ہم امت مسلمہ میں خواتین کے بنیادی حقوق کو غصب کرتے دیکھتے ہیں یا وہ کہیں کہیں خود کما کر بچوں اور شوہر کی ذمہ داریاں ڈھوتی نظر آتی ہیں۔ اس کی ایک ہی وجہ ہے وہ یہ کہ ہر مرد کسی نہ کسی خاتون کی آغوش میں تربیت پاتا ہے اور خواتین انھیں بچپن سے قرآن کریم سے جوڑ کر ذمہ دار مرد بنانا تو کجا ان لڑکوں کو سسرال کے مال پر نظر رکھنا سکھاتی ہیں۔ کبھی جہیز کی صورت تو کبھی لڑکیوں کی وراثت کی صورت، یا بیویوں کے زیورات اور ان کی کمائی پر استحقاق جتانا سکھاتی ہیں۔

مہر عورت کی ملکیت کا حق

کسی عمومی خاتون کو اپنے لیے محرم بنانے کے لیے اللہ نے مرد کے لیے استحقاق کی راہ ہموار کی اور قرآن نے واضح حکم دیا:

وَآتُوا النِّسَاءَ صَدُقَاتِهِنَّ نِحْلَةً. (النساء: ۴)

عورت کا ذاتی حق ہے، اسے خوش دلی کے ساتھ ادا کرنے کا حکم اس لیے دیا کہ میاں اور بیوی کا رشتہ سببی رشتہ ہے اور مہر وہ اولین تحفہ ہے شوہر کی جانب سے، جس سے دل میں محبت پیدا ہوگی اور دو اجنبیوں کے درمیاں محبت کی راہ ہم وار ہوگی۔ وہ مہر اس خاتون کی اپنی اس کی ملکیت ہے، اس لیے اسے اس سے زبردستی واپس نہیں لیا جا سکتا۔
مہر کی مقدار شریعت نے متعین نہیں کی ہے۔ سونے، چاندی، مال، زیور، زمین سب جائز ہیں۔ مہر کی ادائیگی نکاح کا حصہ ہے، تاہم بقدر استطاعت ہو اور خوش دلی کے ساتھ دی جائے۔

طلاق میں عورت کے حقوق

نکاح زوجین کو حلال رشتے سے منسلک کرکے خاندان کا تصور پیش کرتا ہے، تاکہ نسل انسانی کے پرورش کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ساتھ ہی نکاح زوجین کے لیے تکمیل ذات کا روحانی احساس بھی ہے، تاہم جہاں یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ مرد خواتین جس طرح تنہا زندگی نہیں گزار سکتے، جہاں زوجین کا تعامل تکمیل ذات ہے، وہیں یہ بھی کائنات کا اصول ہے کہ مزاجا ہر فرد دوسرے سے مختلف ہے؛ اس لیے زوجین میں بھی کبھی کبھی دونوں ایک دوسرے کے لیے تحفظ اور روحانی سکون کے بجائے تکلیف دہ زندگی گزارتے ہیں۔ اسی لیے قرآن نے ہر دو کو ایک دوسرے سے آزادی اختیار کرنے کا حق بھی دیا ہے۔ اس میں بھی اللہ نے عدل کو رکھا۔
شوہر بیوی سے نالاں ہو، باوجود کوشش کے صلاح کی صورت نہ بن رہی ہو تو بیوی کو طلاق دے کر علاحدہ ہوسکتا ہے، وہیں خاتون اگر شوہر سے نبھانے کی صورت نہ پائے تو اسے خلع کا حق دیا ہے۔

خلع کا حق

عورت اگر ازدواجی زندگی سے مطمئن نہ ہو تو قاضی کے ذریعے خلع لے سکتی ہے۔ خلع کے حق پر غور کریں تو اندازا ہوتا ہے کہ اسلام نے اس طرح ایک خاتون کو نفسیاتی اثرات، شوہر کے ظلم اور ناپسندیدگی سے بچنے کی راہ نہ صرف نکالی بلکہ اسے ایک انسانی شرف کے تحت اسے اختیار بخشا کہ وہ بھی علاحیدگی لے سکتی ہے، جب کہ دوسرے مذاہب میں عورت کے اس اختیار کی صورت آپ کو کہیں نظر نہ آئے گی۔
جمیلہ بنت ثابت نے ناپسندیدگی کی بنیاد پر خلع لیا۔ خلع کا حق دراصل عورت کی حیثیت کو تسلیم کرنا۔ (صحیح بخاری: ۵۲۷۳)

طلاقِ تفویض

شوہر بیوی کو طلاق کا اختیار منتقل کر سکتا ہے (الہدایہ ، ۲؍۲۳۵)
یہ حق بیوی کی شرعی تقویت ہے۔ تفویضِ طلاق سے مراد یہ ہے کہ شوہر اپنا طلاق دینے کا حق بیوی کو منتقل (delegate) کر دے، تاکہ مخصوص حالات میں عورت خود اپنے نکاح کو ختم کر سکے۔ یہ طریقہ اسلامی شریعت میں جائز ہے اور اس کی اصل قرآن و سنت سے ملتی ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اے نبی! اپنی بیویوں سے کہہ دیجیے کہ اگر تم دنیا کی زندگی اور اس کی زینت چاہتی ہو تو آؤ میں تمھیں فائدہ دے کر خوبصورتی سے رخصت کر دوں۔‘‘
عام مسلمان بھی تفویض طلاق کا حق ایک خاتون کو دے سکتا ہے اس کی مختلف صورتیں ہوسکتی ہیں۔ گویا عورت کو ایک مکمل وجود اپنے پورے معیار کے ساتھ قبول کرنا یہ صرف اسلام کا درجہ امتیاز ہے، دوسرے کسی مذہب میں خاتون کی پوزیشن اتنی مستحکم نظر نہیں آتی۔ اسی طرح خواتین کو عدت کی مدت مقرر کرکے اسلام نے اس کے شرف کو محسوس کیا۔
عورتوں کو تعلیم حاصل کرنے کی آزادی کسی فن کو سیکھنے کی آزادی اسلام نے دی۔ خواتین تجارت کرسکتی ہیں، اپنے مال و متاع کو وہ نہ صرف اپنے نام پر رکھ سکتی ہیں، بلکہ وہ اپنی رقم تجارت میں شریک بھی کرسکتی ہیں۔ میدان عمل میں شرعی حدود کے ساتھ وہ حصہ لے سکتی ہیں؛ تاہم یہ بھی ایک المیہ ہے کہ مسلم امت نے اسلام کے عطا کردہ حقوق کو دیگر اقوام عالم کے سامنے روبہ عمل لاتے ہوئے اسے اس طرح متعارف نہیں کروایا جیسا کہ اس کا حق تھا، اسی لیے ہم معترضین کو مسلم خاتون کی حیثیت پر اعتراض کرتا ہوا پاتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے