ٹال مٹول والی عادت سے فوری چھٹکارہ پائیں (قسط: 5)

ڈوپامائن کے اصلاحی عمل کا ایک اہم مقصد ہیجانی کیفیت (Stimulation)کو کم کرنا ہوتا ہے، تاکہ انسان اپنے اہم کاموں کو انجام دینے کے لیے چاق و چوبند رہے۔ اس حصہ میں ہم دیکھیں گے کہ کیسے اس کیفیت کو سنبھالا جاسکتا ہے اور ٹال مٹول جیسے رجحانات کو کم سے کم تر کیا جاسکتا ہے؟

وقت کو منظم کریں

اپنے وقت کے ساتھ مطلبی ہوجانا قابلیت کو بڑھانے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ جب آپ روز یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کونسے کام کرنے ہیں اور کونسے نہیں، تو بے توجہی اور کسل مندی کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ لہذا آپ اپنے وقت کے تعلق سے جتنے زیادہ مطلبی ہوں گے، اتنا بہتر ہے۔

وقت کی تنظیم کئی وجوہات سے ضروری ہے:

٭ اس سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ کون سا کام ضروری ہے اور کون سا غیر ضروری۔
٭ اس سے ذہنی مشکلات کم ہوجاتی ہے، جو پورے دن آپ کے ذہن کو پراگندہ کرتی ہے۔ کیوں کہ جب آپ کو معلوم ہے کہ آپ کو اصلا کیا کرنا ہے تو آپ آسانی سے ایک کام سے دوسرے کام کی طرف اپنی توجہ پھیر سکتے ہیں۔
٭ آپ ذہنی دباؤ کم ہی محسوس کریں گے اور خود کو اپنے قبضے میں رکھ سکیں گے۔ نیز اپنے ماحول کو کوسنے اور اس سے پریشان ہونے کے بجائے، تیزی سے اپنے مقاصد پر توجہ کریں گے۔

اپنے دن کو کیسے ترتیب دیں؟

اپنے دن کو ترتیب دینے کے لیے کسی خاص چیز کی ضرورت بالکل نہیں پڑتی، بلکہ آپ ایک راز دارانہ طریقہ اپنا سکتے ہیں، جسے لوگوں نے تقریبا بھلا دیا ہے؛ وہ پین اور پیپر ہے۔ آسان انداز میں اپنے وہ کام لکھ لیجیے جنھیں آج ہی کرنا ضروری ہے۔ ان میں تین سے پانچ کام انتہائی ضروری ہوں گے۔ انھیں اہمیت کے پیش نظر ترتیب دیں اور اپنے پہلے کام سے آغاز کریں۔ جب اسے مکمل کرلیں تو دوسرے پر ہاتھ رکھیں۔ اسی ترتیب سے فہرست کے تمام کام مکمل کریں۔ ذیل میں سمجھنے کے لیے کچھ چیزیں درج ہیں:
یہ یقین دہانی کرائیں کہ یہ کام بنیادی اور اصل ہیں۔اپنے اصل کام کی شناخت کے لیے آپ اپنے آپ سے یہ سوال کریں:
٭ اگر آج میں صرف ایک کام مکمل کرسکا تو کتنا اثر پڑے گا؟
٭ اگر ابھی بھی آپ غیر یقینی صورت حال میں جی رہے ہیں تو خود یہ سوال بھی کیجیے:
٭ ایک مہینہ کی چھٹی لینے سے پہلے اگر آج میں صرف ایک ہی کام مکمل کر سکوں تو وہ کون سا کام ہوگا؟
آپ محسوس کریں گے کہ آپ کا سب سے اہم کام ایک ہی ہے، جسے آپ ہر حال میں کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن شاید اس کے مشکل ہونے کی وجہ سے آپ نہیں جانتے کہ کہاں سے شروع کرنا ہے؟ یا وہ بیزار کن کام ہے۔ لیکن ڈوپامائن کا اصلاحی عمل ان کاموں کی انجام دہی کو آسان تر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بات ذہن نشیں کرلیجیے کہ آپ یہ طریقہ کار ہفتہ وار ، ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ اہداف کو متعین کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ میں آپ کو طویل مدتی اہداف متعین کرنے کا مشورہ دوں گا۔ یہ پانچ یا دس سالہ بھی ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ یہ بہت مناسب نہ ہو، لیکن کسی کام کا محض خیال بھی پیدا ہوجائے تو اس سے بڑا فرق پیدا ہوتا ہے۔
قلیل مدتی اہداف کی تعیین کے لیے بھی وہی طریقہ اپنانا ہوگا جو طویل مدتی اہداف کے لیے اپنانا ہے۔ مثال کے طور پر اگر اگلے تین ماہ میں، میں کتاب لکھنا چاہوں تو پہلا مرحلہ اس کے لیے ایک خاکہ تیار کرنا ہوگا۔ دوسرا مرحلہ اس خاکہ کو مکمل کرنا ہوگا اور پھر اس کام کو پورا کرنے کے لیے مجھے روز کا کام متعین کرنا ہوگا۔

ہر صبح کوئی ایک ہدف متعین کریں

قابلیت پر سینکڑوں کتابیں موجود ہیں، لیکن ان میں صرف چند اصول ہی اہم ہوتے ہیں۔ میں یہ بات پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ سب سے اہم چیز اپنے اصل کام کی شناخت اور اسی سے صبح کا آغاز ہے۔ یہ کام تسلسل سے کرنے کا ہے۔
اگرچہ اس بات کا حد درجہ امکان ہے کہ آپ کے پاس کبھی نہ ختم ہونے والی فہرست ہو، لیکن ان میں محض چند ہی کام ایسے ہوتے ہیں جو مکمل ہونے پر آپ کے اندر قابلیت کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ اسے مکمل کیے بغیر کوئی اور چارہ بھی نہیں ہوتا ہے۔

کامیابی کی کنجی تین لفظوں میں پوشیدہ ہے:

٭ ارتکاز: دراصل یہ آپ کے سمت کو درست رکھنے کا ذریعہ ہے اور اپنے اہداف پر کام کرتے ہوئے کسل مندی، بے توجہی یا ٹال مٹول جیسی عادت کو ختم کرتا ہے۔
٭ تسلسل: اس کا مطلب آپ کے اندر کام کی عادت کو پروان چڑھانا ہے۔
٭ تاثیر: اس سے اصل ہدف کی شناخت ہوتی ہے، جو آپ کی طویل مدتی کامیابی پر گہرا اثر چھوڑتا ہے اور اس پر زیادہ سے زیادہ کام کرنا اچھا لگتا ہے۔
مذکورہ تین طریقوں کو مد نظر رکھ کر صلاحیت کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ سب سے زیادہ اثر دار کام پر مسلسل جمے رہنے کا نام صلاحیت ہے۔
اب آئیے دیکھتے ہیں کہ آپ ہر روز اپنے اہم کاموں پر اپنی توجہ کیسے مرکوز رکھتے ہیں۔

اپنی توجہ کو روشنی کی طرح تیز تر بنائیں

اپنی توجہ کو روشنی کی طرح تیز تر (Laser-Sharp focus) بنانے میں سب سے اہم چیز آپ کی استعداد ہے۔ آپ اپنی قابلیت کو بآسانی بڑھا سکتے ہیں۔ اپنے اصل کام پر مسلسل پینتالیس منٹ لگانے سے آپ اپنی علمی ترقی کو رفتار دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرا کام کرنے کی ضرورت بالکل نہیں ہے۔
یہاں ہم ایک خاص چیز کا ذکر کریں گے ، جس کا استعمال آپ اپنی توجہ کے ارتکاز میں کرسکتے ہیں اور اپنے اصل ہدف کو پاسکتے ہیں۔

(۱ ) ہر زور ایک ہی وقت پر ایک ہی جگہ پر حاضر رہیں

ہم اس سے پہلے بتا چکے ہیں کہ آپ کے ذہن کو درست رکھنے میں روزآنہ کے معمول سے بڑی مدد ملے گی۔ اپنے اندر خود اعتمادی محسوس کریں گے اور اضطرابی کیفیت (Stimulation) سے نکل جائیں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ کسی بھی کام کا آغاز انتہائی آسان معلوم ہوگا۔
ایک چیز جس سے آپ کا معمول برقرار رہے گا، وہ ہر روز وقت پر ایک ہی جگہ آپ کی حاضری ہے۔ مشہور اسکالر اسٹیفن کنگ ہر روز اپنے آفس کی میز پر ایک ہی وقت پر موجود رہتے اور لکھنے میں مشغول ہوتے تھے۔ کسی تحریک یا ترغیب کے انتظار کے بجائے، انھوں نے یہ جانتے ہوئے اپنا کام جاری رکھا کہ جوں ہی وہ خود کو کام میں مصروف رکھیں گے، خود بہ خود رغبت پیدا ہوگی۔ یہی کام آپ بھی کیجیے۔ ایک وقت اور جگہ متعین کیجیے، جہاں بیٹھ کر آپ ہر روز اپنا کام انجام دے سکیں۔ ہر روز وقت پر اس کی مشق کیجیے۔ اس طرح دھیرے دھیرے تسلسل اور ارتکاز پیدا ہوجائے گا۔
یاد رکھیے کہ استعداد اور قابلیت اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے کہ آپ اپنے سب سے اہم ترین ہدف پر مرتکز رہیں اور اسے تسلسل کے ساتھ انجام دیں۔
اس سلسلہ میں آپ کی صورت حال کیا ہے؟ آپ کو کیسا محسوس ہوگا جب آپ اپنے اہم کام کے لیے کوئی وقت متعین کرلیں؟ آپ کب سے آغاز کریں گے؟

(۲) محرکات (Trigger) کا انتخاب کریں

جب آپ اپنا معمول بنائیں، تو بعض محرکات (Trigger)کا انتخاب کرلیں۔ وہ محرکات کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ مثلا: بیٹھے بیٹھے چائے بنالینا، یا کوئی میڈیٹیشن کرنا۔ کوئی ایک محرک کا انتخاب کر کے دیکھیں، جو آپ کے ذہن کو پرسکون کردے۔ جب آپ پرسکون ہوں گے تو آپ کے لیے کام کا آغاز آسان ہوجائے گا ۔

 (۳) آغاز کریں

ایک بار جب آپ نے اپنا معمول بنالیا اور محرکات کی شناخت کرلی تو اب بس آغاز بھی کردیجیے۔ اگر آپ چند منٹ بھی اپنے ہدف پر کام کرتے ہیں تو آپ آسانی سے رفتار کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ ایک بہاؤ اور روانی پر آجائیں۔ ایک ماہر نفسیات “Mihaly” نے اس طریقہ کو بہاؤ (Flow) کا نام دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ ایک ذہنی حالت ہے۔ اس میں آپ مکمل طور پر اس کام میں مصروف ہوتے ہیں جس میں آپ کا ارتکاز گہرا (Hyper-focused) ہوتا ہے۔ یاد رکھیے آپ جتنا زیادہ پرسکون ہوں گے، اتنا ہی زیادہ مرتکز (Focused)رہنا آسان ہوگا۔ تو بس آج ہی شروع کیجیے اور کام کو اتقان کے ساتھ مکمل کرنے کا غم نہ کھائیے۔ اگر آپ کے اندر تحریک نہیں پائی جارہی ہے تو کوئی بات نہیں۔ کام کرنے سے ہی تحریک پیدا ہوگی اور آپ کی سرگرمی بڑھے گی۔

(۴) پراگندگی کو زندگی سے نکال دیجیے

جب آپ کام کا آغاز کریں تو تمام طرح کی پراگندیوں کو دور کرنے کی کوشش کیجیے۔ فون کا نوٹیفکیشن بند کردیجیے، سوشل میڈیا سے بچیے اور اگر کوئی خاص چیز کی تحقیق مقصود نہ ہو تو انٹرنیٹ سے دوری اختیار کیجیے۔دوسروں کو متنبہ کردیجیے کہ وہ آپ کو پریشان نہ کریں۔ اس طرح آپ جتنا زیادہ آزاد ماحول (Distraction-free) میں کام کرنے کی کوشش کریں گے، اتنا زیادہ آپ کی ارتکازی صلاحیت مضبوط ہوگی۔

(۵) خلل اندازی کے بغیر کام کیجیے

اب جب کہ آپ نے پریشانیوں کو دور کردیا ہے، تو خلل اندازی کے بغیر تسلسل کے ساتھ کام پر لگ جائیے۔ میں آپ کو مشورہ دوں گا کہ دل بستہ کاموں میں زیادہ سے زیادہ پینتالیس منٹ گزاریے۔ اگر آپ اس طرح کے مختلف کام کرنا چاہتے ہیں تو ہر کام کے درمیان پانچ سے دس منٹ کا وقفہ ضرور لیں۔
مذکورہ بالا پانچ طریقے آپ کی توجہ میں گہرائی پیدا کرتے ہیں اور قابلیت کو بڑھاتے ہیں۔ کیوں کہ سادہ سی بات ہے کہ جب آپ ٹال مٹول کم کرتے ہیں تو آپ خوش احساس ہوتے ہیں، جو کہ لامحالہ آپ کی زندگی کے دوسرے حصوں پر مثبت اثر ڈالیں گے۔

آزادانہ ماحول سے ہوشیار رہیے

بڑی سے بڑی پریشانیوں کے ساتھ انجام دی جانے والی سرگرمیاں عام طور پر آزاد ماحول کا حصہ بنتی ہیں۔ یہ آزادانہ ماحول ہے کیا؟ یہ حقیقت میں کوئی موبائل ایپ بھی ہوسکتا ہے اور آس پاس کا ماحول بھی، جو مسلسل آپ کو کبھی نہ ختم ہونے والی خارجی ہیجان سے دوچار کرتا ہے۔ اس کی واضح مثال ای میل، فیس بک، یوٹیوب اور انٹرنیٹ وغیرہ ہیں۔
ٍجب کبھی آپ ایک آزاد ماحول میں داخل ہوتے ہیں، تو ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہونے کے خطرات یک بیک بڑھ جاتے ہیں۔ مثلا: اگر صبح سویرے آپ کا سب سے پہلا کام فیس بک دیکھنا ہے تو بہت ممکن ہے کہ آپ درج ذیل چیزوں میں ملوث ہوں:
٭ کسی مقصد کے بغیر اس کو چلاتے رہنا
٭ ایک کے بعد ایک ویڈیو دیکھنا
٭ کسی سے گفتگو کرنا اور لمبے وقت تک اسی میں الجھے رہنا
پھر جب ایک بار آپ نے فیس بک بند کردیا تو آپ خود کو بے انتہا تھکا ہوا اور اضطرابی کیفیت میں مبتلا پائیں گے اور پھر کام کے آغاز کے لیے بڑی جد جہد کرنی پڑے گی۔
اسی لیے آپ پر لازم ہے کہ آپ ایک آزاد ماحول میں داخل ہونے سے خود کی حفاظت کریں اور اس خود ساختہ خطرات کو سمجھیں۔ اس لیے کہ اس آزادانہ ماحول کی کوئی حد ہے اور نہ علامت، جہاں پہنچ کر اس کا خاتمہ ہوسکے اور پراگندہ حال ہونے کے لا محدود طریقے ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ آزادانہ ماحول سے ذہنی پراگندگی بڑھتی ہے۔ اس لیے اس کے بجائے آپ کو اپنا بندھا ہوا نظام بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ بندھا ہوا نظام کیا ہے؟ دراصل یہ ایسا نظام ہے جہاں کسی طرح کی پراگندگی نہیں ہوتی۔ اس سے کاموں کے ارتکاز میں بڑی مدد ملتی ہے۔ اس کی مثال Excel, Word, PPT ہے۔
ان دنوں میں ایک کتاب پر کام کر رہا ہوں۔ میں کمپیوٹر پر دوسری مصروفیات کے بجائے لکھنے پر توجہ صرف کرتا ہوں۔ فون چیک کرنے سے بالکلیہ احتراز کرتا ہوں۔ دوسرے لفظوں میں کہوں تو میں اپنے دن کا آغاز لگے بندھے نظام کے ساتھ ہی کرتا ہوں اور اسی طرز پر آپ کو بھی دیکھنا چاہتا ہوں۔
جب آپ بندھے ہوئے نظام کے ساتھ اپنے دن کی شروعات کرتے ہیں تو آپ مختلف پریشانیوں سے بچے رہتے ہیں، جس سے آپ کے لیے آسانی یہ ہوتی ہے کہ آپ دشوار گزار کام کو بھی کرلے جاتے ہیں۔ اس طرح اگر آپ ہر روز مستعد رہتے ہیں تو آپ بہتر محسوس کریں گے اور زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی چاہت بھی بڑھے گی۔ اس لیے ٹال مٹول کی عادت سے چھٹکارہ پانے اور زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا راز صرف یہ ہے اپنے دن کا آغاز بندھے ہوئے نظام کے ساتھ کریں۔ اس طریقے سے آپ بے شمار پریشانیوں سے چھٹکارہ پاسکتے ہیں۔
یاد رکھیے کہ جو آپ سوچتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ صبح کی پہلی ابتداء اثر انگیز ہوتی ہے۔ صرف ایک چھوٹا سا فیصلہ آپ کے معمولات زندگی پر حیرت انگیز طور پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

عملی کام

(۱) اپنے کاپی یا کسی علاحدہ کاغذ پر اپنے روزآنہ کے کام اور ہفتہ واری اہداف کی فہرست بنائیں۔
(۲) اپنی توجہ کو روشنی سے زیادہ تیز (Laser-sharp focus) بنانے کے لیے کاپی کا استعمال کریں اور درج ذیل طریقے اپنائیں:
٭ آپ یہ فیصلہ کریں کہ اہم اہم کاموں پر آپ کس وقت توجہ دیں گے۔ پھر آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ہر روز ایک ہی وقت پر اپنی جگہ پر حاضر رہیں۔
٭ کچھ خاص محرکات کا انتخاب کریں، جس سے صبح کا معمول بآسانی شروع ہوسکے۔
٭ فوری ابتدا کیجیے۔ جب آپ کچھ دیر تک اپنا کام کریں گے تو آپ جلد ہی ایک بہاؤ میں چلنے لگیں گے اور لمبے وقت تک کام کرسکیں گے۔
٭ کسی بھی طرح کی پراگندگی ہو، مثلا: فون، نوٹیفکیشن، انٹرنیٹ وغیرہ، اسے فوری ختم کیجیے۔
٭ خلل اندازی کے بغیر کام کیجیے۔ کوشش کیجیے کہ پینتالیس منٹ تک بغیر خلل اندازی کے کام کریں۔
(۳) اپنی کاپی پر آزادانہ نظام کی کچھ مثالیں پیش کریں، جو آپ کو پراگندگی کی طرف لے جاتی ہو۔ اسی کے ساتھ پابند نظام کی بھی مثال پیش کریں، جوآپ کی قابلیت بڑھانے میں مدد گار ہوسکے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے