وقت کی رسیوں سے بندھے ہوئے معصوم بچے!

’’اسکول سے آگئے بیٹا؟ چلیں! کھانا کھالیں، نماز پڑھ کر پھر ٹیوشن جانا ہے۔‘‘ ابھی اس معصوم نے کاندھے سے وزنی بیگ اتارا ہی تھا کہ اسے فورا یاد دہانی کروادی گئی کہ اسے کھانا کھاتے ہی اسکول جانا ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ نیورو سائنس میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ بچے کے دماغ میںلاک ہونے والے آپ کے جملے یا آڈرز دراصل وہ input lock-in ہوتا ہے، جو برین نیورون میں لاک ہوتا ہے، وہیں سے برین اس منظر کو ان پرنٹ کرکے کنیکٹ کرنا شروع کردیتا ہے۔
آپ نے کہا ٹیوشن جانا ہے۔ اس جملے میں بچے کے دماغ میں ٹیوشن کا کل کا دن، ٹیوشن کی معلمہ کا چہرہ، ان کا دیا ہوم ورک آگیا ہے اور وہ جو گھر آکر ریلکس محسوس کررہا تھا، فورا ایک نئے ماحول کے لیے اس کا دماغ سوچنے لگتا ہے۔
ابھی وہ اسکول کے واقعات پر سوچنا چاہتا تھا، اپنی امی سے بتانا چاہتا تھا کہ اسکول میں کیا ہوا؟ اسے یہ بھی خیال تھا کہ امی کس بات سے خوش ہوتی ہیں؟ بس وہی باتیں بتائی جائیں، کچھ باتیں چھپادی جائیں، اپنی شرارت نہ ذکر کی جائے، دوسرے نے پریشان کیا، ٹیچر نے ڈانٹا، بچوں نے چھیڑا، اس نے اپنے دماغ میں سیٹنگ کرلی تھی۔ گھر آکر سنا گیا بے دلی سے اور آڈر دیا گیا نئے ٹاسک کا۔ کچھ دیر خالی الذہن ہوکر سوچیے اب وہ ٹیوشن سے لوٹے گا تو آپ اسے عربی مدرسہ بھجیں گی۔ وہاں سے لوٹے گا تو اسے ہوم ورک کرنے بٹھائیں گی۔ پھر وہ آپ کی اجازت سے موبائیل لے کر ایک گھنٹہ کچھ دیکھے گا یا گیم کھلے گا۔ آپ مطمئن ہیں کہ کتنا اچھا بچے کا دن گزر رہا ہے۔ یہ کام ہم سب پہلے اسی طرح کرنے کو تربیت سمجھتے تھے، لیکن اب ایسا نہیں سوچتے کیوں؟
اس لیے کہ ہم پہلے خود پر قیاس کریں کہ ہم دن بھر کام ختم کرکے تھک جائیں اور سوچیں کہ اب کچھ آرام کرلیں تو فورا کوئی نیا کام آن پڑتا ہے اور ہم اس کام میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ دل میں ایک ہوک اٹھتی ہے کہ فرصت جیسے نصیب میں نہیں۔ ہم آرام کو ترسنے لگتے ہیں اور یہی بات ہمیں اندر ہی اندر جھنجلاہٹ کا شکار بناتی ہے اور چوں کہ ہم اظہار نہیں کرپاتے ہیں، اس لیے آئے دن ہم پھٹ پڑتے ہیں کہ لگتا ہے کچھ بے فکری نصیب ہو، مگر موجودہ ماحول سے بے زاری ہونے لگتی ہے۔ بس اسی طرح یہ بچے بھی پرسکون وقت اپنی مرضی سے نہیں گزار پاتے اور جھنجلاہٹ، غصہ، بغاوت کا اظہار کرنے لگتے ہیں۔
یاد رہے کہ بچے کی مصروفیت اس کے اکتساب یا آموزش سے متعلق نہیں ہے، بلکہ جب بچہ پرسکون ہوگا، اپنی مرضی سے پڑھا گا تو وہ زیادہ معیاری وقت گزارے گا اور وہ سیکھے گا۔ زبردستی باندھا ہوا وقت بچے کی تخلیقیت کو ابھرنے کا موقع فراہم نہیں کرتا، بس روٹین فالو ہوجاتی ہے، لیکن ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ اس لیے کوشش یہ ہو کہ بچے اسکول میں بھی خوب کھیلیں، اسکول اسپورٹس کا نظم کرنے پر اسکول انتظامیہ کو متوجہ کیجیے اور اسی طرح اسکول کے بعد بچوں کو مرضی سے وقت گزارنے دیجیے، جتنا وہ اپنی مرضی سے وقت گزارتے ہیں۔ اتنا ہی وہ اپنے آپ کو سمجھنے لگتے ہیں۔
والدین کی مستقبل کے لیے فکر مندی، مسابقت میں آگے نکل جانے کا بوجھ دراصل انھیں مجبور کرتا ہے کہ وہ بچوں کو ہر لمحہ تعلیمی عمل سے باندھیں، جب کہ تعلیمی عمل میں گزرے ہوئے چار گھنٹے کو استعمال میں لانے کے لیے آٹھ گھنٹے چاہیے، اس لیے انھیں پڑھی گئی معلومات کو برتنے دیجیے۔ آئیے ہم ذیل میں آپ کو موجودہ ماحول میں ٹیوشن اور کلاس کلچر کی حقیقت سے آگاہ کرتے ہیں کہ آیا یہ کلچر آپ کے معصوم کو جکڑ رہا ہے یا اس کی ترقی کا راز اس میں مضمر ہے۔
کچھ ماضی میں جھانکیں تو تاریخی واقعات، بیانات، کہانیوں یا کتابوں میں نظر آئے گا کہ علم بانٹنا عبادت تھا۔ دادی کے نزدیک بیٹھ کر کہانی سنیں تو محسوس ہوگا کہ گاؤں کے استاد جی ہر بات جاننے میں مدد کرتے تھے۔ جہاں کہیں بچوں کی تعلیم کی اہمیت سمجھی جاتی، امراء اور شرفا استاد کا نظم کیا کرتے تھے۔ تعلیم کا مقصد تعلیم برائے عرفان ذات، تعلیم برائے زندگی کا شعور سمجھا جاتا تھا، تاہم ۱۹۵۰ءسے ۱۹۷۰ءکی دہائی میں برطانیوی نو آبادیاتی دور میں تعلیم کو مکتب، مدرسہ، خانقاہ اور گرکل سے نکال کر اسکول میں لایا گیا، جہاں تعلیم کا مقصد حکومتی کاموں کے نوکر شاہی کی تیاری تھا۔ اسکول رفتہ رفتہ آباد ہونے لگے، لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کا تصور عام ہونے لگا، اسکول overcrowded ہوگئے اور تعلیمی نظام کو آزادی کے بعد بھی پروفیشنل مقاصد سے جوڑا گیا اور تعلیم کا مقصد ’’تعلیم برائے روزگار‘‘ سے اس حد تک جوڑا گیا کہ ہر فرد خود کو ملازم بنانے اور نوکری کرنے کی دوڑ دھوپ میں آگے بڑھنے کا خواب دیکھنے لگا۔ ترقی کے ساتھ تعلیم کا مقصد جب کمانا بنتا گیا تو انسان نے ہر شعبۂ حیات کی تعلیم کو صرف واحد مقصد کی نظر سے دیکھنا شروع کیا۔ اسی مقصد نے گریڈز کے حصول کی دوڑ کو تیز ترین کردیا۔ یہ سیلاب اب رکنے کا نام نہیں لیتا، ہر شخص اپنے بچے کو اس دوڑ میں آگے کر رہے ہیں، حتی کہ اس معاشی حصول میں تدریس کا پیشہ بھی شامل ہوگیا ہے۔ اسکول میں طلبہ کی تعداد میں اضافے نے اساتذہ کو بے نیاز بنادیا اور تعلیم پر توجہ ختم ہونے لگی۔
چھوٹے بچوں (کلاس 1 سے 8 تک، یعنی 6-14سال کی عمر) میں ٹیوشن اور کوچنگ کا رجحان بھارت میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ 10-15سال پہلے تک یہ تصور بھی نہیں تھا کہ 8-10سال کا بچہ شام کو 3-4گھنٹے ٹیوشن/کوچنگ میں گزارے گا، لیکن آج دہلی، ممبئی، لکھنؤ، پٹنہ، کوٹا، حتیٰ کہ ٹیئر-2/3شہروں میں بھی یہ معمول بن چکا ہے۔ والدین کی فکر مندی نے پرسنل ٹیوشن اور کوچنگ کے نظام کو ایک انڈسٹری کی شکل میں لا کھڑا کیا۔
ابتدا میں تو یہ طالب علم سے اضافی بوجھ کو کم کرنے کا ذریعہ ثابت ہوئے۔ جو طلبہ اسکول میں پیچھے رہ جاتے، وہ گھر پر ٹیوشن لینے لگے۔ والدین نے بچوں کے لیے extra help ڈھونڈنی شروع کی۔ محلے کے ٹیوشن کو منظم کوچنگ کا ایک سفر آغاز ہم کہہ سکتے ہیں، تاہم ۱۹۷۰ء سے لے کر ۱۹۹۰ء تک سلیکٹو امتحانات کا عروج ہوا، یہ وہ موڑ تھا جہاں کوچنگ کلچر نے جڑیں مضبوط کیں۔ اہم ادارے جیسے:

IIT JEE
AIIMS
Medical Colleges
Civil Services, UPSC

ان اداروں کے معیار کو کامن پبلک اسکول نہیں پہنچ سکتے تھے، اس لیے اس کی تیاری کروانے کے لیے فاونڈیشن کورس کے در وا ہونے لگے اور صورت حال یہ بننے لگی کہ سیٹیں کم امیدوار لاکھوں۔ چوں کہ ابتداءً جو طالب علم ان کے معیار کو پہنچ جاتے، ان کا معیار زندگی بلند ہوجاتا اور جیت اور کامیابی کا شارٹ کٹ یہ خوبصورت ترین نظر آنے لگا۔ یہ جملہ کوچنگ انسٹیٹیوٹ نے پھیلا دیا: ’’ہم آپ کو جیت کا شارٹ کٹ دیں گے۔‘‘ ہندوستان میں کوچنگ کے ذریعہ معیاری اداروں میں پہنچانے میں کوٹا، دہلی، مکھرجی نگر، حیدرآباد اور چنئی جیسی جگہ مشہور ہونے لگی۔

نجی کاری (Privatisation)

۱۹۹۰ءکے بعد پرائیوٹائزیشن کا تصور اس بحران تعلیم میں مزید گل کھلانے لگا۔ لبرلائزیشن اور تعلیم میں مسابقت کا مزاج زور پکڑنے لگا۔ نجی کاری (Privatization) مقابلہ اور (Competition) middle class سے اوپر اٹھنے کا خواب۔
Engineer / Doctor / IAS اب ملکی ضرورت یا صلاحیت، مہارت یا تسکین ذات نہیں، بلکہ یہ پیشے اسٹیٹس سمبال (Status Symbol) بننے لگے اور ہر فرد یہ سوچنے لگا کہ اگر سب کر رہے ہیں تو ہمارا بچہ کیوں نہ کرے؟ نتیجتا کوچنگ اب ضرورت نہیں، سماجی دباؤ بن گئی۔ اسی بھیڑ بھاڑ میں اب بچہ کی پیدائش کے فورا بعد والدین، انڈیسٹریلسٹ کے لیے اپنے بچوں کو لیبر مزدور بنانے کے خواب دیکھنے لگے۔

توقعات میں دبا ہوا بچپن

اب بچوں کا بچپن کھیل کود، شرارت، سماجی تعامل اور بچپن کی مسرتوں سے لطف اٹھانے کے بجائے تعلیم اور کچھ بننے کے خواب کے زیر سایہ گزرنے لگا ہے۔ والدین بچوں پر دباؤ بنانے لگے۔ ہستے کھلیتے پڑھنے اور سیکھنے سے لطف لینے کے بجائے اس کی یادداشت اور ذہانت پر دباؤ بناکر کمزور کردیا گیا۔
بچوں کا بچپن ’’سرمایہ کاری‘‘ بن گیا
والدین سوچتے ہیں کہ آج ایک دو لاکھ روپے لگا دیں گے تو ۱۸؍سال کی عمر میں IIT سے ایک کروڑ کا پیکج ملے گا۔ یہ ایک قسم کا ایجوکیسنل گیمبلنگ بن گیا ہے۔ بچپن بچوں کی تعلیم کی تیاری میں مصروف کردیا گیا اور نویں جماعت میں بوجھ لاد دیا گیا۔ یہ ٹیوشن اور کوچنگ کلچر بھارت میں تعلیمی نظام کا ایک انتہائی اہم اور متنازعہ حصہ بن چکا ہے۔ نویں کلاس سے لے کر انجینئرنگ، میڈیکل، سول سروسز اور دیگر مقابلے کے امتحانات (competitive exams) کی تیاری کے لیے یہ ایک ’’پیرلل ایجوکیشن سسٹم‘‘ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

کوچک کلچر کے بڑھنے کی وجوہات

سماج کی آوازوں نے والدین کو سمجھادیا ہے کہ پروفیشنل ایجوکیشن ہی ان کے بچے کے مستقبل کی بقا کا واحد ذریعہ ہے، اسی لیے اضافی تعلیمی خرچ والدین کے لیے آسان راستہ نظر آنے لگا ہے، لیکن اس کے ثمرات وقت کے ساتھ طالب علم اور والدین کی نفسیات پر انتہائی سنگین صورت اختیار کررہے ہیں۔
بھارت کی کوچنگ انڈسٹری، جو JEE، NEET، UPSC اور دیگر مقابلے کی امتحانات کی تیاری پر مبنی ہے، ایک ’’پیرلل ایجوکیشن اکانومی‘‘ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ 2024ء میں اس کی مالیت تقریباً 58,000 کروڑ (تقریباً $7 بلین) تھی، جو 2028 تک 1.3 لاکھ کروڑ ($170 بلین) تک پہنچنے کی توقع ہے، یعنی سالانہ 15% کی شرح نمو۔ اس کے معاشی اثرات مثبت اور منفی دونوں ہیں۔ یہ روزگار اور جی ڈی پی میں حصہ ڈالتی ہے، لیکن خاندانوں پر مالی بوجھ، عدم مساوات اور سماجی لاگت بھی بڑھاتی ہے۔

کوچنگ کلچر کے اثرات

جہاں ان اکیڈمیوں نے کچھ طالب علم کے نتائج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، وہیں اس نے سماجی صورت حال کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس کے فائدے کو مختصر الفاظ میں یوں کہا جاسکتا ہے کہ لاکھوں نوکریوں (ٹیچرز، اسٹاف، ٹیک سپورٹ) سے مقامی معیشت کو فروغ ہوا۔ مثلا: کوٹا کی 25-30% GDP کا اضافہ اس کی مثال ہے۔
آن لائن اکیڈمی نے غریب، دیہی بچوں کو سستی تعلیم دی اور گھر گھر تعلیم پہنچانے میں مدد کی ہے۔ مختلف مہارتوں، ڈویلپمنٹ اور personalized learning سے کامیابی کی شرح بڑھتی ہے، تاہم ان فوائد کا جائزہ جب ہم اس کے مسائل اور نقصانات سے کرتے ہیں تو صورت حال دگرگوں نظر آتی ہے۔
مالی بوجھ بڑھ کر 5-15 لاکھ فی کورس پہنچ جاتا ہے، جو عموما متوسط گھرانے قرض کے طور پر لیتے ہی لیتے ہیں۔
ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کرنے والی صورت حال سامنے آتی ہے۔ ۲۰۲۲ء میں 13,000+ طالب علم نے (NCRB) امتحان میں ناکامی کی وجہ سے خودکشی کی۔ یہ سسٹم سماج کو بری طرح تقسیم کررہا ہے۔ امیر بچے فائدہ اٹھاتے ہیں، جب کہ غریب پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اس کوچنگ سسٹم نے اسکولی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ گیارھویں اور بارھویں جماعت کے طالب علم مطلق کلاس سے غائب رہنے لگے ہیں۔11ویں، 12ویں میں 80-90% بچے اسکول چھوڑ دیتے ہیں یا صرف اٹینڈنس کے لیے جاتے ہیں۔ ایک طرف صرف JEE/NEET کے لیے رٹا لگوایا جاتا ہے، جس سے سچی سمجھ اور تخلیقی صلاحیت دب جاتی ہے۔ کوچنگ سینٹرز کے مالکان کو اور تدریسی خدمات انجام دینے والے اسٹاف کو طالب علم کی ذہنی صحت سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا۔ بچوں کو موٹیویشنل اسپیکرز کے ذریعہ صرف تحریک دی جاتی ہے اور یہی تحریک بچے کو زندہ لاش بنادیتی ہے۔ ٹیوشن کی فیس کا قرض، والدین اور سماج کا دباؤ بچے کی ذہنی صحت کو بری حد تک متاثر کردیتا ہے، اس کی مختلف رپورٹس ہمارے سامنے ہیں۔
کوٹا (راجستھان) IIT-JEE اور NEET کی تیاری کا سب سے بڑا ہب (Hub) ہے۔ لاکھوں طالب علم ہر سال یہاں آتے ہیں۔ کوچنگ انڈسٹری کی مالیت اب اربوں روپے میں ہے۔ اسی طرح دہلی (مکھرجی نگر، راجندر نگر) UPSC/ SSC Bankingکی تیاری کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور حیدرآباد، پونے، بنگلور جیسے شہر بھی آئی ٹی Hub بن چکے ہیں۔
چھوٹے شہروں میں بھی اب Allen, Aakash, Resonance, Unacademy, Physics Wallah جیسے برانڈز کی برانچیز کھل گئی ہیں۔ کوٹا میں لاکھوں طالب علم JEE اور NEET جیسی مقابلے کی امتحانات کی تیاری کے لیے آتے ہیں۔ بدقسمتی سے یہ طالب علموں کی خودکشیوں کا مرکز بھی بن چکا ہے۔ یہ بحران دراصل تعلیمی دباؤ، تنہائی، والدین کی توقعات اور ناکامی کے خوف کی وجہ سے جنم لیتا ہے۔ ۲۰۲۵ء تک حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں، جیسے ہاسٹلز میں اینٹی ہینگنگ ڈیوائسز، کاؤنسلنگ اور کوٹا کیئرز پروگرام وغیرہ، مگر پھر بھی خودکشیاں رک نہیں رہی ہیں۔ جب ہم اعداد و شمار، وجوہات، حالیہ کیسز اور اقدامات پر تفصیل سمجھتے ہیں، تو یہ صورت سامنے آتی ہے۔
ایک خاتون نے بتایا کہ میرا اپنا بیٹا کوٹا راجھستان کے ایک واقعے کا چشم دید گواہ ہے کہ ایک طالب علم نے اپنے کم مارکس کی خبر والدین کو دیتے ہوئے ویڈیو کال کیا اور روتے ہوئے کہا کہ میرے مارکس شروع سے کم ہیں، لیکن یہاں کی فیس آپ لوگوں نے قرض لے کر دی ہے اور مجھے اس کا احساس ہے۔ میں آپ لوگوں کو خوشی نہیں دے سکتا۔ یہ کہتے ہوئے اس نے بلیڈ سے اپنی شہہ رگ والدین کے سامنے کاٹ لی۔ ویڈیو کال پر والدین دہائی دیتے رہے، لیکن اس نے خودکشی کر ڈالی۔ اس طرح کے بے شمار واقعات کو سالانہ اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھیں کہ کوٹا میں خودکشیوں کا رجحان گزشتہ دہائی سے بڑھ رہا ہے۔ NCRB (نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو) اور مقامی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2015-2019 میں 95 (تقریباً 16 فی سال) کیسز درج ہوئے۔ ۲۰۲۲ء میں 15 فی صد، جب کہ کورونا کے بعد تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ۲۰۲۳ء میں خودکشی کا تناسب 26-32 سب سے زیادہ، ماہانہ اوسط ۳؍ خودکشیاں، امتحانات اور نتائج کے موسم میں سب سے زیادہ زیادہ۔ اسی طرح ۲۰۲۴ء میں اضافے کا تناسب 16-19 رہا، جس میں 50% کمی کا دعویٰ کیا گیا تھا، لیکن اب بھی ستمبر اور اگست میں سنگین اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
۲۰۲۵ء دسمبر تک خودکشیوں کا تناسب 14-19 (جنوری-مئی تک 14) رہا۔ ابتدائی مہینوں (جنوری میں 6) میں تیزی رہی، مگر کل19 کا تخمینہ رہا۔ دباؤ کی اس صورت حال کی تجزیہ نگاروں نے یہ وجوہات بتائی ہیں کہ خودکشی کے ماہانہ رپورٹ کا آڈیٹ بتاتا ہے کہ امتحانات کے نتائج کے ماہ میں تناسب زیادہ ہے۔
ان خودکشیوں کی وجوہات میں یہ بات واضح ہے کہ تعلیمی نظام طالب علم کو روحانی تصور سے نہیں جوڑ رہا ہے۔ خودکشیوں کی بنیادی وجوہات تعلیمی نظام کی کمزوریاں ہیں اور نہ یہ نظام تعلیم انھیں سماجی تعامل کے قابل بناریا ہے۔ ایک روبوٹ کی طرح زندگی گزارنے والا طالب علم 12-15 گھنٹے روزانہ پڑھائی کر رہا ہے۔ ہفتہ وار ٹیسٹس اور رینک 1000 کے اندر آنے کی مجبوری۔ پھر ناکامی کو ’’زندگی کا خاتمہ‘‘ سمجھا جاتا ہے۔

تنہائی اور خاندانی دباؤ

15-18 سال کے بچے دور دراز سے آتے ہیں، گھر سے دور، والدین کی ’’ڈاکٹر یا انجینئر بنو‘‘ کی توقعات وغیرہ۔ ماحولیاتی عوامل بھی ان کے لیے ساز گار نہیں ہوتے۔ ہاسٹلز میں تنہائی، کوچنگ انسٹی ٹیوٹس کا ’’ٹاپر بناؤ‘‘ کا دباؤ۔
بہت ہی معصوم ذہنوں میں موٹیوشنل اسپیکرز کے ذریعہ لاکھوں کی پیکجیز کا خواب سجادیا جاتا ہے۔ انھیں زندگی کی اصل حقیقت سے روشناس نہیں کروایا جاتا ہے، بلکہ خوابوں کی کھوٹی دنیا کے حوالے کردیا جاتا ہے۔ وہ دماغ سے سیلف کنٹرول کھودیتے ہیں۔ کچھ کیسز میں تو affairs یا مالی مسائل بھی شامل ہیں، لیکن ان میں 80% تعلیمی تناؤ سے جڑے ہیں۔
تحقیق بتاتی ہے کہ کلاس 8 تک 90% سے زیادہ بچوں کا کیریئر دلچسپی کے باعث بدل جاتا ہے۔
– اولمپی ایڈ میڈلسٹ بھی JEE میں فیل ہو جاتے ہیں اور نان-اولمپی ایڈ بچے AIR-1 لے جاتے ہیں۔
– بچوں کا دماغ 6-14 سال میں تخلیقیت، کھیل، سماجی مہارت کے لیے ہوتا ہے، نہ کہ رٹے اور دباؤ کے لیے۔ چھوٹے بچوں میں ٹیوشن کوچنگ کا رجحان محض تعلیم نہیں، والدین کی تشویش، کوچنگ انڈسٹری کی لالچ اور معاشرتی مقابلہ بازی کا ملاجلا نتیجہ ہے۔ بچپن کو ’’انویسٹمنٹ پیریڈ‘‘ بنا دیا گیا ہے اور اس کی قیمت بچوں کی ذہنی صحت، خوشی اور تخلیقی صلاحیتوں سے چکائی جا رہی ہے۔
اگر والدین صرف ایک اصول اپنائیں کہ ’’بچے کو 14-15 سال تک کھیلنے، پڑھنے، غلطیاں کرنے دو، تب اندازا کیجیے کہ وہ کیا بننا چاہتے ہیں۔‘‘ تو شاید یہ جنون کم ہو جائے۔ علم کو ہمیشہ روحانیت سے جوڑ کر ہی حاصل کرنا چاہیے۔بچوں میں یہ تصور عام کرنے کی ضرورت ہے۔ علم بلا تفریق انسانیت کے نافع ہونا چاہیے، موجودہ سسٹم انھیں خود غرض اور سیلف سینٹرڈ بنارہا ہے، ہمیں انھیں علم کو خیر الناس من ینفع الناس کے تصور کے ساتھ دینا چاہیے۔انسانیت کے لیے فلاح و بہبودی کا تصور انھیں دینا چاہیے، علم کے حصول سے زیادہ عمل کی ترغیب دیں، جسمانی صحت کا بہتر رکھنا اور اچھی غذائیت، رشتوں کا خیال، صحت پر توجہ اور ہر چیز میں اللہ کی رضا و خوشنودی کو مقدم رکھنے کی تعلیم ہی بچے کو دباؤ اور ذہنی صحت کے خراب ہونے سے بچا سکتی ہے، مگر فی الحال یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب تو کلاس KG-1 کے بچوں کی بھی ’’پری فاونڈیشن‘‘ کلاسز شروع ہو گئی ہیں۔ ایسی صورت حال میں ہمیں اس مادہ پرستانہ تصور کے خلاف آواز بلند کرنا چاہیے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے