قاری کی رائے
ذمہ داران ہادیہ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

ہادیہ ای میگزین بہت ہی بہترین میگزین ہے۔ میں اس کی مستقل قاری ہوں۔ بچوں کا صفحہ میرا پسندیدہ کالم ہے، میں پہلے اسے پڑھتی ہوں اور پھر بچوں کو سناتی ہوں۔ پچھلے ماہ درخت کا بھوت بہت ہی پسند آیا۔
ان مضامین میں جو باتیں دل کو چھو جاتی ہیں یا جن سے اچھی رہنمائی فراہم ہوتی ہے، اسے عمومی اجتماعات میں ہم سناتے ہیں۔ خود بھی فائدہ اٹھاتے ہیں اور خواتین کو بھی اس سے روشناس کراتے ہیں۔
ماہ نومبر کے شمارے میں پڑوسیوں کے تعلق سے بہت ہی بہترین مضامین آئے تھے۔ اس سے ہم نے بہت فائدہ حاصل کیا۔ اس ماہ بھی درس قرآن میں سورۃ الشوریٰ کی آیتوں کے ذریعے سے بہت مؤثر طریقے سے اقامتِ دین کی روح کو بیان کر دیا گیا۔ درس حدیث بھی بہت ہی بہترین رہی، اس میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی نے میری امت سے غلطی اور بھول چوک اور جس چیز سے زبردستی مجبور کر دیا گیا ہو، درگزر فرما دیا ہے۔ سبحان اللہ! بہت خوب۔
ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ کا مضمون ’’بچوں میں کارٹون کی طرف بڑھتا اشتیاق‘‘ پڑھ کر ایسا لگا کہ آج کے ماحول میں اور میرے گھر کے لیے بالکل پرفیکٹ مضمون ہے۔ میرے گھر کا بھی یہی حال ہے۔ دو پوتے ہیں، نرسری میں جاتے ہیں۔ ایسی ایسی باتیں سیکھ کر آتے ہیں کہ حیرانی ہوتی ہے کہ کہاں سے سیکھتے ہیں! تو یہ مضمون پڑھنے کے بعد سمجھ میں آیا کہ بہت ساری باتیں بچے باہر کے ماحول سے اور ٹی وی سے یا کارٹون سے سیکھتے ہیں۔ اس میں بہت بہترین حل بتایا گیا۔ الحمدللہ اس سے ہم کو بہت رہنمائی حاصل ہوئی۔
ماں کے ہاتھوں کی خوشبو پڑھ کر تو بہت احساس ہوا امی کے کھانوں کی اور ہر چیز کی یاد آئی۔ اسی طرح سے سبھی مضامین بہت ہی عمدہ لگے اور بے حد پسند آئے۔ میں اللہ رب العزت سے دعا کرتی ہوں کہ ہم سب کو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہادیہ کے تمام ذمہ داران کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے اور ہادیہ کو خوب خوب ترقی عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
شہناز صادق صاحبہ!
آپ کا مراسلہ نظر نواز ہوا۔ یہ جان کر مسرت ہوئی کہ قارئین ھادیہ ای میگزین سے اپنی عملی زندگی میں استفادہ کر پارہے ہیں۔ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ عملی زندگی میں درپیش مسائل پر ھادیہ رہنمائی کرے اور الحمدللہ ھادیہ کو زیرک قارئین اللہ نے نصیب فرمائے ہیں۔ ھادیہ ٹیم آپ کی مشکور ہے۔ اپنی رائے سے گاہے بہ گاہے آگاہ کرتی رہا کریں۔
والسلام

ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے