سوال ۱: اسلام خاندان کو کس نظر سے دیکھتا ہے؟ آج کی انفرادیت پسند (Individualistic) دنیا میں اسلامی خاندانی نظام کا بنیادی فلسفہ کیا ہے؟
جواب: انسان اجتماعیت پسند واقع ہوا ہے۔ اس کی فطرت میں داخل ہے کہ وہ اپنے ابنائے نوع کے ساتھ مل کر زندگی گزارے۔ اسی طرح اس کی تخلیق اس طرح کی گئی ہے کہ عمر کے ایک خاص مرحلے میں پہنچ کر اس کے اندر صنفِ مخالف کی طرف کشش محسوس ہوتی ہے۔ قدرت کی طرف سے یہ انتظام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ نسل انسانی کا تسلسل قیامت تک باقی رہے۔
اسلام نے مرد اور عورت کے درمیان جنسی تعلق کو صرف نکاح تک محدود کیا ہے اور ماورائے نکاح کسی طرح کے جنسی تعلق کو حرام اور قابلِ تعزیر قرار دیا ہے۔ اسلام چاہتا ہے کہ نکاح کے ذریعے خاندان وجود میں آئے۔ اولاد ہو تو ماں باپ مل کر ان کی پرورش کریں۔ اولاد بڑی ہو تو وہ اپنے ماں باپ کا خیال رکھیں اور انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔ رشتے داروں کے ساتھ بھی اچھا سلوک کیا جائے۔ خاندان کے تمام افراد کے درمیان خوش گوار تعلقات ہوں تو اس سے اچھا سماج وجود میں آتا ہے۔ اس لیے کہ خاندانوں کے مجموعے سے ہی سماج تشکیل پاتا ہے ۔
سوال۲ : قرآن نے خاندان کی بنیاد کن اصولوں پر رکھی ہے؟ آیت لِتَسْكُنُوا إِلَيْهَا (الروم:۲۱) میں سکون، مودّت اور رحمت جیسے الفاظ کی حقیقی تشریح کیا ہے؟
جواب: اسلام میں خاندان کی بنیاد اس کے تمام افراد کے درمیان خوش گوار تعلقات، باہمی محبت اور ایثار پر رکھی گئی ہے۔ اس چیز کو ’اللہ کی نشانی‘ کہا گیا ہے۔ سورۂ روم کی آیت ۲۱، جس کا آپ نے حوالہ دیا، اس میں اس بات کو صراحت سے بیان کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے جوڑے بنائے ،تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی۔ یقیناً اس میں بہت سی نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو غور و فکر کرتے ہیں۔‘‘
ازدواجی رشتہ مرد اور عورت دونوں کو جسمانی اور روحانی سکون عطا کرتا ہے۔ انھیں ذہنی اور نفسیاتی اطمینان اور راحت حاصل ہوتی ہے۔ دونوں کو قدرتی طور پر ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے۔ ہر ایک خود تکلیف اٹھا کر دوسرے کو راحت پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’دو افراد کے درمیان جتنی زیادہ محبت نکاح کے ذریعے پیدا ہوتی ہے، اتنی کسی اور ذریعے سے نہیں پیدا ہوتی۔‘‘ ( ابن ماجہ: ۱۸۴۷)
اس سے اسلام کے ماننے والوں کو یہ تعلیم ملتی ہے کہ انھیں خاندان کی تشکیل کے وقت ان بنیادوں کو اپنے پیش نظر رکھنا چاہیے۔
سوال۳: اسلام میں نکاح کو صرف ایک سماجی معاہدہ نہیں، بلکہ عبادت کیوں سمجھا گیا ہے؟ اس زاویے کے اخلاقی اور سماجی اثرات کیا ہیں؟
جواب: اسلام میں نکاح کے معاملے میں دونوں پہلوؤں کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔ ایک طرف نکاح کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے۔ اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ انسان اپنی پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق گزارے۔ نکاح زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ ازدواجی زندگی میں رضائے الٰہی کو پیشِ نظر رکھنے اور اس کی نافرمانی سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ایک حدیث میں ہے: ’’جب کوئی شخص نکاح کر لیتا ہے تو اس کا نصف دین محفوظ ہو جاتا ہے۔ اب اسے باقی نصف دین میں اللہ سے ڈرنا چاہیے۔‘‘ (بیہقی فی شعب الایمان: ۵۸۶ھ) نکاح کے موقع پر خطبے میں جن آیات کی تلاوت کی جاتی ہے، ان میں بار بار اللہ سے ڈرتے ہوئے زندگی گزارنے کی تلقین کی گئی ہے، رشتوں کا پاس و لحاظ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے اور پوری زندگی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہوئے گزارنے کی تاکید کی گئی ہے۔ دوسری طرف نکاح کو ایک سماجی معاہدہ (Social Contract) بھی قرار دیا گیا ہے۔ جس طرح دوسرے معاہدے وقت ضرورت ختم کیے جا سکتے ہیں، اسی طرح نکاح کے بعد اگر زوجین کے درمیان نباہ ممکن نہ ہو اور نکاح کے مقاصد پورے نہ ہو رہے ہوں تو اسے ختم کرنے کا آپشن کھلا رکھا گیا ہے۔
بہرحال نکاح میں عبادت کا پہلو غالب ہے۔ اس کے انسانی زندگی پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ زوجین ایک دوسرے کے ساتھ معاملہ کرنے میں اسلامی تعلیمات کو پیش نظر رکھتے ہیں۔
سوال۴: اسلام میاں بیوی کے تعلق کو کن بنیادی اصولوں پر قائم کرتا ہے؟ کیا یہ تعلق مساوات (Equality) پر قائم ہے یا باہمی تکمیل (Complementarity) پر؟
جواب: آزادیٔ نسواں کے علم بردار اور مغربی تہذیب کے دل دادہ میاں بیوی کے تعلق کو مساوات کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک مساوات کا مطلب یہ ہے کہ گھر چلانے کے معاملے میں دونوں کا حصہ برابر ہے اور دونوں کی ذمہ داری بھی۔ ہر وہ کام جو مرد کر سکتا ہے، اسے عورت بھی کر سکتی ہے۔ جب کہ اسلام میں زوجین کے درمیان مساوات نہیں بلکہ عدل کو ملحوظ رکھا ہے۔ اس نے گھر چلانے کی ذمہ داری مرد پر ڈالی ہے اور عورت کو اس کی اطاعت کا حکم دیا ہے۔ دونوں مل کر خاندان کی تشکیل کرتے ہیں اور اس کا نظام چلانے میں ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہیں۔ ان کی حیثیت فریق کی نہیں، بلکہ رفیق کی ہوتی ہے۔ وہ زندگی کے معاملات کی انجام دہی میں ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ حلیف ہوتے ہیں۔ شوہر گھر کے باہر کے کام انجام دیتا ہے اور عورت وقت ضرورت اس کا تعاون کرتی ہے، جب کہ عورت گھر کا اندرونی نظام سنبھالتی ہے اور مرد حسبِ سہولت اس کا معاون و مددگار ہوتا ہے۔ الغرض نظامِ خاندان میں دونوں کا وجود ایک دوسرے کی تکمیل کرتا ہے۔
سوال۵: خاندان میں قیادت اور ذمہ داری کا توازن کیسے سمجھا جائے؟ جدید Gender Equality کے تصور اور اسلامی ’عدل‘ کے اصول میں کیا فرق ہے؟
جواب:اسلام کے نظامِ خاندان اور اس میں افرادِ خاندان کی ذمہ داریوں کو قرآن مجید کی اس آیت میں بیان کیا گیا ہے: ’’مرد عورتوں پر ’قوام‘ (یعنی ان کے نگراں اور محافظ) ہیں، اس بنا پر کہ اللہ نے ان میں سے ایک کو دوسرے پر فضیلت دی ہے اور اس بنا پر کہ مرد اپنے مال خرچ کرتے ہیں۔ پس جو صالح عورتیں ہیں وہ اطاعت شعار ہوتی ہیں اور مردوں کے پیچھے اللہ کی حفاظت و نگرانی میں ان کے حقوق کی حفاظت کرتی ہیں۔‘‘ (النساء:۳۴) اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں خاندان کی سربراہی کی ذمے داری مرد کو عطا کی گئی ہے اور عورت کو اس کی اطاعت کا پابند کیا گیا ہے۔ ایک کمپنی میں کچھ لوگ پروڈکشن کا کام کرتے ہیں اور کچھ دوسرے مارکیٹنگ کا کام دیکھتے ہیں۔ ان کا ایک سربراہ (Boss) ہوتا ہے، جس کا حکم ماننا تمام ملازمین پر لازم ہوتا ہے۔ اگر ملازمین اپنی مرضی کے مالک ہوں تو کمپنی صحیح طریقے سے نہیں چل سکتی۔
اسلامی نظامِ خاندان اور جدید تصوّرِ خاندان میں یہی فرق ہے کہ جدید تصور خاندان میں مرد کو قائد اور عورت کو اس کا ماتحت نہیں تصور کرتا، جب کہ اسلام خاندان کی قیادت مرد کو سونپتا ہے اور بیوی کو شوہر کی اطاعت کی تلقین کرتا ہے۔
سوال۶:اسلامی خاندانی نظام میں عورت کا اصل کردار کیا ہے؟ گھریلو اور اجتماعی ذمہ داریوں میں توازن کیسے پیدا کیا جائے؟
جواب: اسلام کا نظامِ خاندان مرد اور عورت دونوں کے باہمی تعاون سے تشکیل پاتا ہے اور عورت کی حیثیت اس میں مشیر اور معاون کی ہوتی ہے۔ وہ اپنے دائرۂ کار میں اختیارات بھی رکھتی ہے۔ اس چیز کو ایک حدیث میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: ’’اور بیوی اپنے شوہر کے گھر اور بچوں کی نگراں ہوتی ہے اور اس سے ان کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔‘‘( بخاری: ۷۱۳۸، مسلم: ۱۸۲۹)
اس لیے عورت کی اولین ذمہ داری اپنے گھر اور خاندان کے نظام کو سنبھالنا ہے، لیکن ساتھ ہی سماج کی اصلاح کے معاملے میں بھی اسے سرگرم رول ادا کرنا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’مومن مرد اور مومن عورتیں ایک دوسرے کے رفیق ہیں۔ وہ بھلائی کا حکم دیتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں۔‘‘ (التوبۃ:۷۱)
اس سے معلوم ہوا کہ عورت کو گھریلو ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں اور سماجی ذمہ داریوں سے بھی پہلو تہی نہیں کرنی ہے۔ دونوں کے درمیان توازن قائم کرنا ضروری ہے۔ عورت صرف اپنے گھر پر توجہ دے اور سماج سے لا تعلق رہے، یہ درست نہیں۔ اسی طرح یہ بھی صحیح نہیں ہے کہ وہ گھر سے باہر کے کاموں میں بہت زیادہ سرگرمی دکھائے اور Social Activist بنی رہے، لیکن شوہر، بچوں اور گھر کے دوسرے افراد کو بالکل وقت نہ دے۔
سوال۷ : والدین اور بچوں کے حقوق کے بارے میں اسلام کی کیا رہ نمائی ہے؟ آج کے معاشرے میں جب والدین کی نظراندازی (Parental Neglect) اور بڑھاپے کی تنہائی بڑھ رہی ہے، اسلام کیا حل پیش کرتا ہے؟
جواب: اسلام میں والدین اور اولاد دونوں کے حقوق بیان کر دیے گئے ہیں اور ان کے فرائض بھی۔ والدین کے حقوق اولاد کے فرائض اور اولاد کے حقوق والدین کے فرائض ہیں۔ ہر ایک اپنے فرائض پر توجہ دے اور انھیں ادا کرنے کی کوشش کرے تو دوسرے کو خود بہ خود اس کے حقوق حاصل ہو جائیں گے۔
والدین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اولاد کی پرورش اور دینی تعلیم و تربیت کی فکر کریں۔ ایک حدیث میں اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد ہے: ’’والدین نے اپنی اولاد کو اچھا ادب سکھانے سے بڑھ کر کوئی تحفہ نہیں دیا۔‘‘ ( ترمذی: ۱۹۵۲) اسی طرح اولاد کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔ یہ تاکید قرآن مجید میں بار بار کی گئی ہے۔ ( البقرۃ: ۸۳، النساء: ۳۶، الانعام: ۱۵۱، الاسراء:۲۳، العنکبوت: ۸) سورۂ اسرا میں تو تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ اگر والدین یا ان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جائیں تو اولاد انھیں اف تک نہ کہے اور انھیں جھڑک کر جواب نہ دے، بلکہ ان سے احترام کے ساتھ بات کرے، نرمی اور رحم کے ساتھ ان کے سامنے جھک کر رہے اور ان کے حق میں دعا کرتی رہے۔ اگر ان تعلیمات پر عمل کیا جائے تو بوڑھے والدین نظر انداز نہیں ہوں گے اور Old Age Homes قائم کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جن کا عالمی سطح پر اب بہت چلن ہو رہا ہے۔
سوال۸: مسلم معاشرے میں خاندانوں کی اسلامی شناخت کیسے مضبوط کی جا سکتی ہے؟ کیا جماعت اسلامی ہند اس سمت میں کوئی ٹھوس منصوبہ چلا رہی ہے؟
جواب: ضرورت ہے کہ اسلام کے تصوّرِ خاندان کو واضح کیا جائے، یہ بتایا جائے کہ اسلام کیسا خاندان تشکیل دینا چاہتا ہے؟ اور افرادِ خاندان کے جو حقوق اور فرائض بیان کیے گئے ہیں، ان سے روشناس کرایا جائے۔ اسی صورت میں مسلم معاشرے میں خاندانوں کی اسلامی شناخت مضبوط ہوسکتی ہے۔
جماعت اسلامی ہند کی جانب سے اس سلسلے میں دو منصوبے چلائے جارہے ہیں: ایک ہے ازدواجی تفہیمی کورس (Pre-Marriage Counseling Course)۔ اس کورس سے ایسے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو گزارا جاتا ہے جو نکاح کی عمر کو پہنچ گئے ہیں، لیکن ابھی ان کا نکاح نہیں ہوا ہے، یا حال ہی میں ان کا نکاح ہوچکا ہے۔ ان کے سامنے اسلام میں مقاصدِ نکاح، زوجین کے حقوق اور فرائض، خوش گوار خاندان کی تشکیل کیسے؟ ازدواجی اور خاندانی تنازعات کا ازالہ کیسے کیا جائے؟ جیسے عناوین پر علماء، ماہرین نفسیات اور کونسلنگ ایکسپرٹس کے لیکچر کروائے جاتے ہیں۔ دوسرا منصوبہ خاندانی مفاہتی مرکز (Post-Mearriage Conseling Centre) کا ہے۔ اس کے تحت نکاح کے بعد زوجین اور دیگر افرادِ خاندان کے درمیان سر ابھارنے والے تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ الحمد للہ یہ دونوں منصوبے کام یابی کے ساتھ چل رہے ہیں اور ان کے ذریعے خاندانوں میں استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سوال۹ : آج کے نوجوانوں کو نکاح اور خاندانی زندگی کے بارے میں آپ کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
جواب: نوجوانوں کے لیے میرا پیغام یہ ہے کہ وہ نکاح کو ایک دینی فریضہ سمجھیں اور عبادت کی حیثیت سے اس پر عمل کریں۔ خاندان کی تشکیل میں ان کی بڑی ذمہ داری ہے۔ ان کی توجہ صرف اپنے حقوق پر نہ رہے، بلکہ ان کے جو فرائض اور ذمے داریاں قرآن و حدیث میں بیان کی گئی ہیں، ان کی انجام دہی خوش دلی کے ساتھ کریں۔ نوجوان لڑکوں اور نوجوان لڑکیوں دونوں کو میری نصیحت ہے کہ وہ خاندان میں خوش گواری پیدا کریں، افرادِ خاندان سے ان کے تعلقات محبت و مودت پر مبنی ہوں، وہ ایثار کا مظاہرہ کریں، خود تکلیف اٹھا کر دوسروں کو راحت پہنچانے کی کوشش کریں، دوسروں سے کوئی کوتاہی سرزد ہوجائے تو عفو و درگزر سے کام لیں۔ اس طرح خوش گوار اور باہم محبت کرنے والا خاندان وجود میں آئے گا، جس سے وہ خود بھی راحت محسوس کریں گے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments