سوال
ہم پانچ بہنیں ہیں اور ہمارا ایک بھائی ہے۔ ۲۰۱۸ء میں والد صاحب نے وصیت کی تھی کہ ہر بہن کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیے جائیں۔ اس کے مطابق تین بہنوں کو ادائیگی کردی گئی۔ والد اور والدہ کی مرضی سے رہائشی مکان میرے بھائی کے نام سے کردیا گیا تھا۔ ۲۰۲۳ء میں والد صاحب کا انتقال ہوگیا۔ انتقال سے قبل انھوں نے باقی دو بہنوں کو بھی پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کی ہدایت میرے بھائی کو کی تھی۔ اب باقی دو بہنوں اور ان کے شوہروں کا کہنا ہے کہ شریعت کے لحاظ سے والد صاحب کی وصیت درست نہیں تھی۔ کل پراپرٹی کی تقسیم احکامِ شریعت کے مطابق ہونی چاہیے۔ اس مسئلے کی وجہ سے میری والدہ بہت پریشان ہیں۔ بہ راہِ کرم رہ نمائی فرمائیں، کیا والد صاحب کی تقسیم درست نہیں ہے؟ اس مسئلے میں شریعت کے کیا احکام ہیں؟
جواب
مکان، دکان، زمین جائیداد یا کسی دوسری چیز کی ملکیت ایک شخص سے دوسرے تک منتقل ہونے کی تین صورتیں ہوتی ہیں:
(۱) وراثت(Inheritance): کسی شخص کا انتقال ہوجائے تو اس کی ملکیت کی تمام چیزیں اس کے قریبی رشتے داروں کے درمیان شریعت کی بتائی ہوئی تفصیل کے مطابق تقسیم ہوں گی۔
(۲) وصیت (Will): آدمی مرنے کے بعد اپنی ملکیت کی کوئی چیز دوسرے کو دینے کا عہد کرے۔ اس میں دو باتیں لازمی ہیں: اول یہ کہ کسی وارث کے حق میں وصیت جائز نہیں۔ دوم یہ کہ کسی غیر وارث کو کل مال میں سے زیادہ سے زیادہ ایک تہائی کی وصیت کی جا سکتی ہے۔
(۳) ہبہ (Gift): آدمی اپنی زندگی میں کسی کو بھی اپنی ملکیت کی کوئی چیز ہبہ کر سکتا ہے۔ ہبہ اس وقت مکمل سمجھا جائے گا جب اس چیز پر اُس شخص کا قبضہ ہوجائے جسے ہبہ کیا گیا ہو۔ اگر آدمی اپنی اولاد کو ہبہ کر رہا ہے تو ضروری ہے کہ سب کے درمیان برابر تقسیم کرے۔ اس معاملے میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان فرق نہیں کیا جائے گا۔
سوال میں مذکور ہے کہ والد صاحب نے اپنی زندگی میں اپنی لڑکیوں میں سے کچھ کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیے اور کچھ کے بارے میں بیٹے کو ہدایت کردی کہ ان کے مرنے کے بعد وہ انھیں پانچ پانچ لاکھ روپے دے دے اور مکان بیٹے کے نام رجسٹرڈ کرادیا۔ ان کی یہ تقسیم درست نہیں تھی، اس پر وہ گناہ گار ہوں گے۔ انھیں گناہ سے بچانے کا طریقہ یہ ہے کہ از سرِ نو کل پراپرٹی کی شریعت کے مطابق تقسیم کی جائے۔
کسی شخص کے ورثہ میں بیوہ، پانچ لڑکیاں اور ایک لڑکا ہو تو بیوہ کو آٹھواں حصہ (12.5%) ملے گا۔ باقی کے سات حصے کیے جائیں گے۔ ایک ایک حصہ ہر لڑکی کو اور دو حصے لڑکے کو دیے جائیں گے۔
٭ ٭ ٭


بہت اعلیٰ