باربی فلم

پردہ اٹھتا ہے فلم کا آغاز ہوتا ہے۔ باربی۔۔۔ وہ فلم جو معصوم چھوٹی بچیوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس کا اغاز اس طرح ہوتا ہے کہ بہت ساری بچیاں کھلی جگہ پر ٹیلوں کے درمیان اپنے گڈے گڑیا کھیل رہی ہوتی ہیں۔ کوئی سلا رہی ہے، کوئی بہلا رہی ہے، کوئی کھلا رہی ہے۔ اچانک ان کے سامنے باربی نمودار ہوتی ہے، نیم عریاں لباس میں، ایک خوبصورت لڑکی جس میں ان بچیوں کو اپنا مستقبل نظر آتا ہے۔ وہ اپنے گڑیا گڈے توڑ پھوڑ کر پھینک دیتی ہیں اور باربی کے ساتھ ہو لینے کی خواہش کرتی ہیں۔ وہ باربی کی خوبصورتی اور اس کے اسٹائل سے متاثر نظر آتی ہیں۔ لمبی پتلی ٹانگیں، نیلی نیلی آنکھیں، نازک سی ناک، بھورے اور سنہرے بال، پتلی کمر، گلابی کپڑے۔
فلم کا یہ آغاز معصوم بچیوں کو کس بات کا پیغام دیتا ہے اور ان کے ذہن پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس میں ننھی ننھی بچیوں کے لیے کیا پیغام ہے؟ یہی نا کہ گڈے گڑیا نہ کھیلو، ان کو توڑ کر پھینک دو، ماں بننا دقیانوسیت ہے۔ اس خیال کو اپنے ذہن سے نکال دو۔ باربی بننے کی کوشش کرو کہ اب نیا زمانہ ہے، نئے انداز ہیں، تم کو ترقی کرنا ہے، آگے بڑھنا ہے، منظر عام پر آنا ہے، ہر میدان میں مردوں سے آگے بڑھ کر دکھانا ہے۔
اس فلم کے آنے سے پہلے بھی یہ سوچ طرح طرح سے راسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈراموں، سیریل، کہانیوں، کارٹونوں، اشتہاروں کے ذریعے سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ عورت کا مقام اس کی چار دیواری نہیں ہے، بلکہ اگر ہماری قوم کو ترقی کرنا ہے تو ترقی یافتہ قوموں کی طرح ہم کو عورتوں کو باہر نکالنا ہوگا اور ہرمیدان میں لے جانا ہوگا۔ زیادہ بچے پیدا کرنا قدامت پسندی ہے۔ بچوں کو خود اپنے ہاتھوں سے پالنا غربت اور جہالت کا کام ہے۔ ایک دائی رکھ کر دو بچے پلوا دیں، باقی ساری زندگی اپنا اسٹیٹس بنانے میں صرف کیا جائے، لیکن اب یہ ہوا کہ بچیوں کے لیے تیار کی گئی اس فلم نے آکر اس فکر کو بچیوں کے دماغ میں اتارنے کی کوشش کی۔
بس اتنا ہی نہیں بلکہ یہ فلم جو بچیوں کے لیے تیار کی گئی ہے، اس میں عریانیت، بے حیائی، عاشقى کے بہت سے مناظر بچیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ یہ نیم برہنہ کپڑے ترقی اور تہذیب کی علامت ہیں۔ اس طرح کے نیم عریاں کپڑے پہن کر جوان اور خوبصورت لگو گی۔ یہ نیم برہنہ کپڑے یونیک اور منفرد ہونے کی علامت ہیں، ایسے کپڑے پہنو جو تمہاری نسوانیت اور کشش کو ابھار دیں، جنس مخالف کی نگاہیں اور ان کے دل تمہاری طرف کھنچتے چلے آئیں۔
اس فلم میں یہ دکھایا گیا ہے کہ مرد سخت دل ہوتے ہیں، عورتوں پر مسلط ہوتے ہیں، ان کو ترقی کرتا اور اپنے سے آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتے، ہمیشہ اپنے دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ پیغام دیا گیا ہے کہ بچیوں اب تم کو کسی کے سامنے مجبور نہیں ہونا ہے، خود کفیل بن کر دکھانا ہے، مردوں کو خاطر میں نہ لانا، کبھی ان سے مغلوب نہ ہونا، یہ تم پر مسلط ہو کر تمہیں اپنا خدمت گار بنا لیں گے، تمهاری آزادی متاثر اور انا مجروح ہوگی، یہ مرد تمام مسائل کی جڑ ہیں۔
اگر گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ فلم ایک طرف بچیوں میں خود سری پیدا کرتی ہے اور شریعت کی اصولی قوامیت سے بیزار کرتی ہے تو دوسری طرف ہم جنس پرستی کی بھی دعوت دیتی ہے۔
اس فلم میں ایسے مرد بھی دکھائے گئے ہیں، جو اپنی جنس تبدیل کر چکے ہیں، وہ بھی باربی جیسی زندگی گزار رہے ہیں، بلکہ اس سے بھی کچھ اچھی۔ اس کے پیچھے یہ پیغام ہے کہ اگر کوئی اپنی جنس بدلنا چاہے، تو وہ اس جنس سے بہتر بھی ہو سکتا ہے اور صنف مخالف کے لیے دلچسپی کا مرکز بھی بن سکتا ہے۔
یہ فلم کچھ ایسے مناظر پر بھی مشتمل ہے جس کے بارے میں ایک امریکی اداکار کا تبصرہ ہے کہ یہ فلم ایک ہلکے زہر والی مٹھائی ہے، جو اخلاق، عقیدے اور سماج کے لیے موت ہے۔ آپ اس کو ایسے بھی سمجھ سکتے ہیں کہ امارات میں جب یہ فلم سینما ہال میں دکھائی گئی تو اس کے بہت سارے حصے کاٹ دیے گئے تھے، جب کہ امارات خود جدید ذہنیت اور مغربیت پسندی کا علم بردار ملک ہے۔ اگر غور کیا جائے تو پرانے زمانے میں جو کھلونے ہوتے تھے، وہ ایسے گڈے اور گڑیا کی شکل میں ہوتے تھے، جسے شیر خوار بچے، بچیاں کھانا کھلاتیں، دودھ پلاتیں، نہلاتیں، ان کی کنگھی کرتیں، ان کی دیکھ بھال کرتيں، ان کو پاس سلاتیں۔ یہ کھیل بچپن ہی سے بچیوں کے اندر ممتا کا جذبہ، پرورش کا شوق، پالنے کا ہنر اور صلاحیت اور اس میں مہارت پروان چڑھاتے تھے۔ تین چار سال کی بچیاں بھی چادر لپیٹ کر یا چھوٹے تکیے کو بے بی بنا کر سلانے کی ادا کاری کرتی نظر آسکتی ہیں۔ علم نفس کے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ کھیل بچوں کے اندر ان کی آنے والی زندگی میں پیش آنے والی ذمہ داریوں کے لیے ان کو تیار کرتے ہیں، لیکن یہ بات شیطانی نفوس کو راس نہیں آئی۔

یہ بچیوں کا گڑیا کھیلنا اور ان کو پالنا کوئی مجبوری نہیں، بلکہ ان کی فطرت کا تقاضا ہے، ایک فطری کھیل ہے جو عورتوں کی آزادی کی دعوت دینے والوں اور نسوانیت کے دشمنوں کو پسند نہیں آیا اور انھوں نے یہ تہیہ کر لیا کہ وہ بچیوں کے اندر سے ممتا ختم کر کے ان کو بازار میں لے آئیں گے۔ یہ یقین دلائیں گے کہ وہ ہر میدان میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔ اس کے لیے انھوں نے ایسی گڑیا ایجاد کی جس کے اندر گڑیا والی کوئی صفت ہی نہ تھی، بلکہ وہ تو مکمل عورت کا جسم، جس میں کشش کا ہر سامان موجود ہو، پھر اس کا نام باربی رکھا گیا۔ کیا اس سے پہلے بھی آپ نے کسی گڑیا کا نام سنا تھا؟ جگہ جگہ اس کے اشتہار آئے، کارٹون بنے، ویڈیو گیم بنے، گڑیوں کو کپڑے پہنانے کا شوق عریاں ونيم عریاں کپڑے پہنا كر کرایا گیا، اس کو رواج دینے کی ہر کوشش کی گئی، یہاں تک کہ ایک فلم تیار کرا دی باربی کے نام سے۔
بس اتنا ہی نہیں۔۔۔ اس منصوبے میں وہ تمام افکار موجود ہیں، جس کو یہ شائع کرنا چاہتے ہیں اور اس کو انھوں نے عملی اور ظاہری شکل میں دکھا دیا، جس میں سر فہرست تھا بچیوں سے ممتا کا جذبہ ختم کرنا، نسوانیت کا گلا گھوٹنا، مردوں کے شانہ بشانہ کھڑا کر دینا اور گھروں کا شیرازه بکھیر دینا اور باربی صرف ایک کھلونا نہیں، بلکہ بہت سارے افکار، عقائد، اصول اور بنیادوں کو مسخ کرنے کا منصوبہ اور پروگرام ہے، جو اگلی نسل کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ابھی اور سنیں۔ فرانس سے نکلنے والے ایک اخبار سی این بی سی کے ایک رائٹر لکھتے ہیں کہ باربی صرف ایک کھلونا نہیں ہے، وہ ایک ثقافت، ایک تہذیب کی نمائندہ ہے۔ اس میں وہ تمام چیزیں مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جو ہمارے اخلاق اور عقیدے کا حصہ ہے۔ اس نہلے پر دہلا یہ کہ شاید ہی آج کوئی گھر ایسا ہو جس میں باربی داخل نہیں ہوئی ہے۔ آپ اپنے گھر کو ٹٹول کر دیکھیں کیا آپ کے گھر میں بھی موجود ہے۔ غیر شعوری طور پر ہم سب اس کھلونے سے متاثر ہو چکے ہیں۔ خوبصورتی کا پیمانہ ہمارے سامنے یہ گڑیا ہو گئی ہے۔ آپ کسی لڑکی سے یہ پوچھیں کہ وہ کیسی ہونا چاہتی ہے، تو وہ یقینا آپ کو یہی علامتیں بتائے گی: سنہرے بهورے بال، نیلی آنکھیں، پتلی کمر، گورا رنگ۔ اس معیار تک پہنچنے کے لیے کیا کیا جتن کیے گئے؛ ہیئر ڈائی كيا، آنکھوں میں لیس لگائے، فیشيل اور بلیچ کیا اور ان سب سے بڑھ کر نشونما کے وقت میں ڈائٹنگ کی، جس سے بچیوں کے اندر کمزوری اور خون کی کمی کی شکایت عام ہو گئی۔
اسی طرح اگر کسی نوجوان سے رفیقۂ حیات کا مطلوبہ معیار پوچھا جائے تو اس کو بھی ایسی ہی لڑکی چاہیے، جو گوری رنگت، نیلی آنکھوں، بھورے بالوں اور پتلے جسم والی ہو۔ جب کسی عام عورت سے اس کی بہو کے لیے مطلوبہ صفات پوچھی جائیں تو وہ یہ کہے گی کہ معقول اور مناسب لڑکی ہو، معقول اور مناسب کے پیچھے خوبصورتی کا معیار کچھ اسی طرح کا ہوگا۔
صرف ایک منٹ رک کر سوچیں، کیوں ہر ایک کے ذہن میں حسن کا معیار ایک ہی ہو چکا ہے؟ یہ لا شعوری طور پر ہوا ہے، ورنہ حقیقت میں یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ کوئی انسان باربی جیسا ہو جائے۔ اتنے پتلے پتلے ہاتھ پیر کہ توازن قائم ہی نہیں رکھ سکیں گی۔
لا شعور میں خوبصورتی کی علامت باربی ہو گئی ہے، جب کہ حقیقت میں ایسی کوئی شخصیت موجود ہی نہیں۔ اس چیز نے کتنی نوجوان لڑکیوں کو حسن و جمال کی سرجری کرنے پر ابھارا ہے۔ ایک تحقیق یہ بھی آئی ہے کہ بچپن ہی سے جن بچیوں کے کھلونوں میں باربی شامل رہی ہے، ان کے اندر اپنے حسن کی تعلق سے شکوے زیادہ ہیں اور وہ اپنی شکل و صورت پر مطمئن نہیں ہیں۔ بس اتنا ہی نہیں آگے سنیں پھر کیا ہوا۔۔۔ باربی مسلمان ہو گئی۔
اسلامی حمیت رکھنے والے نوجوانوں کی ایک ٹیم سامنے آئی، جنھوں نے یہ خیال ظاہر کیا کہ باربی ہمارے سماج میں عریانیت اور بے شرمی کی عبارت ہو گئی ہے اور معصوم بچیوں کے ذہن میں گندی اور ناپاک افکار کو پروان چڑھا رہی ہے، شرم و حیا کا خیال ہی ختم ہوتا جا رہا ہے۔
ایک تو باربی کا جسم نسوانی نشیب و فراز سے تعبیر اور اس پر سے ویسٹرن کپڑوں کو پہنانا اور پھر ویسے ہی کپڑے خود پہننے کا شوق رکھنا۔ بچپن سے ویسٹرن کپڑے پہن کر جوان ہونے پر ویسٹرن کپڑوں کا عادی ہو جانا اوربڑے ہونے کے بعد بھی ساترکپڑے پہننے پر آمادہ نہ ہونا، بلکہ اس کو دقیانوسیت اور نانی اماں کے کپڑوں سے تعبیر کرنا، ایک عام المیہ ہوگیا ہے۔
ہم کو اس کا متبادل فراہم کرنا چاہیے۔ اس کے لیے کیا کرنا چاہیے؟ ایسا کریں کہ اس کو اسلامی سانچے میں ڈھال دیں۔
نا سمجھ لوگوں نے بجائے اس کے کہ اس فتنے کو جڑ سے ختم کرتے، جو ممتا اور نسوانیت کو مٹانے کی کوشش میں خود مختار نسوانیت، قوامیت سے بیزاری، ہم جنس پرستی، عریانیت وغیرہ کی دعوت دے رہا تھا، اس کا متبادل سوچنے لگے۔ ان تمام فتنوں کا سر کچلنے کے بجائے، ان کو ختم کرنے کے بجائے انھوں نے اس کو اسلامی رخ دینے کی کوشش کی اور اس کا متبادل تیار کیا فله کے نام سے۔ اس کو ساتر کپڑے اور
حجاب پہنانے کی کوشش کی۔ وہ حجاب جس کا حجاب سے کوئی تعلق ہی نہیں تھا۔ آپ گوگل پر fulla لکھ کر سرچ کریں تو یہی آئے گا کہ یہ ایک اسلامی گڑیا ہے جو حجاب میں رہتی ہے اور اخلاقی قدروں اور اسلامی تہذیب کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اس گڑیا کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی اور مارکیٹ میں اس کی کافی طلب بڑھی، یہاں تک کہ اخباروں میں یہ خبر بھی آگئی کہ فله سانولی سی مسلمان گڑیا، گوری انگریز باربی پر سبقت لے گئی۔ یہ مصر کے ایک اخبار میں شائع ہوئی خبر ہے، ليكن دیکھا گیا ہے کہ یہ صرف ایک سرمایہ داری اور تجارتی عمل تھا۔ اس کے پیچھے کوئی اسلامی سرگرمی نہیں تھی، یہ تو صرف اس گیم کی شکل بدل گئی تھی، کیوں کہ جن کے اندر اسلامی جوش و جذبہ تھا وہ اسلامی تعلیمات سے خالی تھے۔ پھر ہوا یہ کہ فله کو اسلام کا نمائندہ سمجھ لیا گیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس طرح سے باربی کا مسلمان ہونا یا باربی جیسی کسی بھی شخصیت کا مسلمان ہونا ہم کو دھیرے دھیرے ہماری اپنی پہچان سے باہر نکال دیتا ہے۔
ایک صحافی لکھتے ہیں کہ مسئلے کی جڑ یہ ہے کہ ہم ہر چیز کے لیے اسلامی متبادل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جب ہم نے باربی کا متبادل ڈھونڈا تو اس کی جگہ فلہ لے کر آگئے۔ حقیقت میں فله خود نسوانی پیکر کا ایک پر کشش مجسم ہے، جس پر ایک کپڑا ڈھک دیا گیا۔ ایک طرف اسلامی اقدار کی حفاظت کی فکر، دوسری طرف فلہ کا پوری کشش کے ساتھ منظر عام پر آجانا۔ بس یوں کہہ سکتے ہیں کہ نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم۔
یہ گڑیا جو جنس ٹی شرٹ اور ٹاپ واسکرٹ کے ساتھ سر پر چھوٹا سا حجاب اوڑھ لیتی ہے، وہ اسلام سے ناواقف موجودہ نسل کو اسلام کی کیا تعلیمات فراہم کر سکتی ہے اور اس کے لیے کون سا اسلامی نمونہ پیش کر سکتی ہے۔ جب باربی کو مسلمان کیا اور اس کو فله کی شکل میں لے کر آئے تو حجاب کا مفہوم ہی بدل گیا۔ فل میک اپ چہرہ، جنس ٹاپ پر اسکارف یا ایسے پرکشش عبائے، جن کو اوپر سے ایک عبائے کی ضرورت ہو۔

اگر ہم فله جیسی شخصیات سے اسلام کا نمونہ پیش کریں گے، تو پھر وہی علم سامنے آئے گا، جس کا مظهر یہ ہے کہ الجمعیة الأردنیة لإعجاز القران جو کہ قرآن و سنت کا آئینہ ہے، نمائندہ ہے۔ اس کی طرف سے شائع ہونے والا ایک ماہ نامہ جس کے سرے ورق پر ایک مثالی فیملی کا نمونہ پیش کیا گیا ہے۔ اس میں ماں صرف اور صرف گھٹنوں تک کا فراک پہنے ہوئے ہے۔ اندازہ کریں نظریے اور پیمانے کیسے بدل گئے!!!
مسلم امت حد درجہ مغرب پرستی کا شکار ہے۔ ان کی ہر چیز سے متاثر ہے، ان کے راگ الاپنا، ان کے گن گانا، ان کی لے میں لے ملانا۔ اس سے بڑی بے وقوفی، جہالت، غفلت اور کیا ہو سکتی ہے؟ ہم نے اپنی شناخت بالکل کھودی ہے۔
پیاری بہنوں، پیارے بھائیو! متبادل ڈھونڈنے کی کوشش ہرگز نہ کریں، بلکہ اصلیت کی طرف واپس آنے کی کوشش کریں۔

باربی کا متبادل فلہ

کافر اداکارہ کے بدلے مسلمان اداکاره
غیر مسلم سیریل کے بدلے اسلامی سیریل
غیر اسلامی میوزک کی جگہ اسلامی میوزک
کافر ماڈل گرل کے بدلے مسلمان ماڈل گرل
متبادل گمراہی کا دوسرا رخ ہے۔
برقعہ زینت کو چھپانے کے لیے ہے، مگر اب برقعہ کا مقصد ہی فوت ہوگیا۔ اب اس کی ماڈلنگ و ڈیزائننگ ہونے لگی ہے۔

ہر گمراہی کا متبادل مت ڈھونڈو
اپنی اصل کی طرف واپس آجاؤ

جب یہ کہا جاتا ہے کہ برقعہ ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، تو ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم برقعے میں رہ کر ہر کام کر سکتے ہیں، ہر میدان میں اتر سکتے ہیں۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم ہر کام اور ہر میدان کے لیے نہیں بنائے گئے ہیں۔ ہمارا جو میدان ہے وہ خود اتنا وسیع اور اہمیت کا حامل ہے کہ ہمیں کسی دوسرے میدان میں اترنے کی گنجائش ہی نہیں ہے۔
باربی ہو یا فله سب اٹھا کر پھینک دو۔ بچوں کے ہاتھ میں وہی بےبی دے دو، جس سے وہ دودھ پلانا لوری گا کر سلانا آنے والی زندگی میں پیش آنے والی ذمہ داریوں کو اٹھانا اور ہماری اگلی نسلوں کی تعمیر کرنا سیکھ لیں۔ ہم میں سے کتنی بہنیں ایسی ہیں جو اس ذمہ داری کے لیے معاون تعلیم حاصل کرتى ہیں اور کتنی ایسی ہیں جو یہ سمجھ کر چلتی ہیں کہ ہم کو خود کفیل ہونا ہے کسی کا محتاج نہیں۔ کتنی بڑی غلطی کرتے ہیں جب ہم گمراہی کا متبادل دوسری گمراہی سے تلاش کر لیتے ہیں۔ جو چیز غلط ہے اس کا متبادل بھی غلط ہی ہوگا۔ کسی اصول اور کسی بنیاد کی مخالفت میں جو اقدام کیا جاتا ہے، اس کا متبادل بھی اصول اور بنیاد کے مخالف ہوتا ہے۔ ہمیں اپنی شریعت کے اصولوں کو مضبوطی سے پکڑنا ہے، یہ ہماری جان ہیں، پہچان ہیں، شناخت ہیں۔ اس میں ہم کسی طرح کی مصالحت برداشت نہیں کر سکتے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:

 كلكم راع وكلكم مسؤل عن رعيته۔

 تم میں سے ہر شخص ذمہ دار ہے اور اس سے اس کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
اپنی ذمہ داری پر گہری نظر رکھیے۔ اگر زندگی رہی تو ہم کو وہ وقت بھی دیکھنا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا:

 القابض على دينه كالقابض على الجمر.

اپنے دین پر مضبوطی سے جمنے والا ایسا ہوگا جیسے وہ انگاروں پر جم کر کھڑا ہو گیا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے