یوں تو شب وروز قدرت کی نشانیوں میں سے ایک ہے، لیکن انہی ایام میں سے رب کریم کسی دن کو اپنی خاص عنایات کے لیے چن لیتا ہے اور اس دن کو کسی خاص مقصد سے جوڑ کر اسے یادگار لمحہ بنا دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی انہی خاص بخششوں کا مظہر واقعہ شب معراج ہے، جسے اسلامی تاریخ کا انتہائی اہم واقعہ مانا جاتا ہے۔
شب معراج وہ واقعہ ہے جو اسلامی سال کے ساتویں مہینے رجب المرجب میں وقوع پذیر ہوا اور رجب اُن چار مہینوں میں سے ایک ہے، جنھیں اللہ تعالیٰ نے حرمت والے مہینے قرار دیا ہے:
إِنَّ عِدَّةَ الشُّهُورِ عِندَ اللہِ اثْنَا عَشَرَ شَهْرًا فِي كِتَابِ اللہِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ مِنْهَا أَرْبَعَةٌ حُرُمٌ. (سورة التوبة: ٣٤)
’’اللہ کے نزدیک مہینوں کی تعداد بارہ ہے، جو اللہ کی کتاب (یعنی لوحِ محفوظ )
کے مطابق اُس دن سے نافذ ہیں، جس دن اللہ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا۔ ان (بارہ مہینوں) میں سے چار حرمت والے ہیں۔‘‘
ان مہینوں کی تحدید فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوتی ہے اور وہ یہ ہیں: ذو القعدہ، ذوالحجہ، محرم الحرام اور رجب المرجب۔
ان چار مہینوں کو اشہرِ حرم (حرمت والے مہینے) قرار دینے کی علت یہ ہے کہ ان میں ہر اس عمل کی بطور خاص ممانعت ہے، جو خرابیٔ معاشرے کا باعث ہو۔ ان مہینوں کی حرمت پچھلی شریعتوں میں بھی مسلم تھی۔
رجب جس کا لغوی معنی عزت وتکریم ہے۔ زمانۂ جاہلیت میں اس مہینے کا بہت زیادہ احترام کیا جاتا تھا، لہٰذا اس ماہ کو رجب کے نام سے موسوم کردیا گیا۔ تاریخ کی کتابوں میں اس مہینے کے کئی نام ملتے ہیں، جن میں سے رجب المرجب زیادہ مشہور ہے۔
ماہ رجب کی اہمیت یوں دو چند ہو جاتی ہے کہ ہادئ دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کا قول مبارک اس کی عکاسی کچھ یوں کرتا ہے:
اِنَّ الزمَانَ اسْتَدَارَکَ ھَیْئَةِ یَوْمَ خَلَقَ السّمٰوَاتَ وَالارْض.
(ابوداؤد، كتاب المناسك)
’’سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: وقت (زمانہ) اس حالت میں پلٹ آیا ہے جس حالت میں اس روز تھا، جب اللہ تعالیٰ نے زمین وآسمان پیدا کیے تھے۔‘‘
سال میں بارہ مہینے ہیں، ان میں سے چار حرمت والے ہیں، وہ بھی تین تو لگاتار ہیں، ذوالقعدہ، ذوالحجۃ اور محرم، جب کہ چوتھا رجب ہے جو کہ جمادی الثانی اور شعبان کے درمیان آتاہے۔
واقعۂ معراج کی حقیقت
کتاب وسنت کے دلائل یہ شواہد پیش کرتے ہیں کہ معراج کا یہ سفر محض روحانی نہیں تھا، بلکہ جسمانی تھا، جسے اسلامی تاریخ کا سب سے لمبا سفر قرار دیا گیا ہے۔ یہ وہ بابرکت سفر تھا جس میں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کو راتوں رات بنفس نفیس رب ذوالجلال کا مہمان بننے کا شرف حاصل ہوا۔ البتہ اس واقعہ کی تاریخ اور سال کے متعلق مؤرخین اور اہل سیر کی آراء مختلف ہیں، ان میں سے ایک رائے یہ ہے کہ نبوت کے بارہویں سال ۲۷؍رجب کو ۵۱؍سال، ۵؍مہینہ کی عمر میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سفر معراج کی سعادت حاصل ہوئی، جو دراصل پوری انسانیت کی معراج تھی، جس میں رب کریم نے ان رازوں کو منکشف کیا، جو معاشرہ انسانی کی کامیابی کی روح ہیں۔ جیسا کہ علّامہ قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ’’مہرِ نبوت‘‘ میں تحریر فرمایا ہے۔
اِسراء کے معنی رات کو لے جانے کے ہیں۔ مسجدِ حرام (مکہ مکرمہ) سے مسجدِ اقصیٰ کا سفر، جس کا تذکرہ سورۂ بنی اسرائیل ’’س
سُبْحَانَ الَّذِیْ أَسْرٰی بِعَبْدِہٖ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَی الْمَسْجِدِ الْأَقْصٰی‘‘
میں کیا گیا ہے، اس کو اِسراء کہتے ہیں۔ یہاں سے جو سفر آسمانوں کی طرف ہوا اس کا نام معراج ہے۔ ’’معراج‘‘ عروج سے نکلا ہے جس کے معنی چڑھنے کے ہیں۔ حدیث میں’’عُرِجَ بِيْ‘‘ یعنی مجھ کو اوپر چڑھایا گیا کا لفظ استعمال ہوا ہے، اس لیے اس سفر کا نام معراج ہوگیا۔ اس مقدس واقعہ کو اِسر اء اور معراج دونوں ناموں سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس واقعہ کا ذکر سورۂ نجم کی آیات میں بھی ہے:
’’پھر وہ قریب آیا اور جھک پڑا، یہاں تک کہ وہ دو کمانوں کے فاصلے کے برابر قریب آگیا، بلکہ اس سے بھی زیادہ نزدیک، اس طرح اللہ کو اپنے بندے پر جو وحی نازل فرمانی تھی، وہ نازل فرمائی۔‘‘
سورۃ النجم کی آیات ۱۳-۱۸ میں وضاحت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس موقع پر) بڑی بڑی نشانیاں ملاحظہ فرمائیں:
’’اور حقیقت یہ ہے کہ انھوں نے اس (فرشتے) کو ایک اور مرتبہ دیکھا ہے۔ اس بیر کے درخت کے پاس جس کا نام سدرۃ المنتہیٰ ہے، اسی کے پاس جنت المأویٰ ہے۔ اس وقت اس بیر کے درخت پر وہ چیزیں چھائی ہوئی تھیں، جو بھی اس پر چھائی ہوئی تھیں۔ (نبی کی) آنکھ نہ تو چکرائی اور نہ حد سے آگے بڑھی، سچ تو یہ ہے کہ انھوں نے اپنے پروردگار کی بڑی بڑی نشانیوں میں سے بہت کچھ دیکھا ہے۔‘‘
یہ واقعہ احادیثِ متواترہ سے بھی ثابت ہے، یعنی صحابہؓ، تابعینؒ اور تبع تابعینؒ کی ایک بڑی تعداد سے واقعہ معراج سے متعلق متعدد احادیث مروی ہیں۔
واقعۂ معراج کا مختصر تعارف
اس رات کی حقیقت جاننے سے پہلے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس واقعہ پر مختصر نظر ڈال لی جائے جو کچھ اس طرح ہے: ’’حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سونے کا طشت لایا گیا جو حکمت اور ایمان سے پُر تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سینہ چاک کیا گیا، پھر اُسے زمزم کے پانی سے دھویا گیا، پھر اُسے حکمت اور ایمان سے بھر دیا گیا اور پھر بجلی کی رفتار سے زیادہ تیز چلنے والی ایک سواری یعنی براق لایا گیا جو لمبا سفید رنگ کا چوپایہ تھا۔ اس کا قد گدھے سے بڑا اور خچر سے چھوٹا تھا، وہ اپنا قدم وہاں رکھتا تھا جہاں تک اس کی نظر پڑتی تھی۔ اس پر سوار کرکے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بیت المقدس لے جایا گیا اور وہاں تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں نماز پڑھی، پھر آسمانوں کی طرف لے جایا گیا۔
پہلے آسمان پر حضرت آدم علیہ السلام
دوسرے آسمان پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت یحییٰ علیہ السلام
تیسرے آسمان پر حضرت یوسف علیہ السلام
چوتھے آسمان پر حضرت ادریس علیہ السلام
پانچویں آسمان پر حضرت ہارون علیہ السلام
چھٹے آسمان پر حضرت موسیٰ علیہ السلام
ساتویں آسمان پر حضرت ابراہیم علیہ السلام
سے ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد ’’البیت المعمور‘‘ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کردیا گیا، جہاں روزانہ ستر ہزار فرشتے اللہ کی عبادت کے لیے داخل ہوتے ہیں، جو دوبارہ اس میں لوٹ کر نہیں آتے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سدرۃ المنتہیٰ تک لے جایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ اس کے پتے اتنے بڑے ہیں جیسے ہاتھی کے کان ہوں اور اس کے پھل اتنے بڑے بڑے ہیں جیسے مٹکے ہوں۔ جب سدرۃ المنتہیٰ کو اللہ کے حکم سے ڈھانکنے والی چیزوں نے ڈھانک لیا تو اس کا حال بدل گیا، اللہ کی کسی بھی مخلوق میں اتنی طاقت نہیں کہ اس کے حسن کو بیان کرسکے۔ سدرۃ المنتہیٰ کی جڑ میں چار نہریں نظر آئیں: دو باطنی نہریں اور دو ظاہری نہریں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دریافت کرنے پر حضرت جبرئیل علیہ السلام نے بتایا کہ باطنی دو نہریں جنت کی نہریں ہیں اور ظاہری دو نہریں فرات اور نیل ہیں (فرات عراق میں اور نیل مصر میں ہے)۔
(دیکھیے: صحيح البخاري/كتاب مناقب الأنصار/حدیث: ۳۸۸۷]
واقعۂ شب معراج امت کے لیے نعمت الہی کیسے؟
یوں تو واقعۂ معراج کے مقاصد میں جو سب سے مختصر اور عظیم مقصد قرآن کریم کی سورۂ بنی اسرائیل میں ذکر کیا گیا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو کچھ نشانیاں دکھانا ہے۔ لیکن اس کے بنیادی مقاصد میں سے ایک اہم مقصد رب کائنات کا اپنے حبیب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو عظیم الشان مقام ومرتبہ سے ہم کنار کرنا، نیز اُمتِ مسلمہ کو یہ پیغام دینا ہے کہ نماز ایسا مہتم بالشان عمل اور عظیم عبادت ہے کہ اس کی فرضیت کا اعلان روئے زمین پر نہیں، بلکہ ساتوں آسمانوں کے اوپر شب معراج میں ہوا۔ یہ وہ عظیم عبادت ہے جو حضرت جبرئیل علیہ السلام کے واسطے سے نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ نے یہ تحفہ بذاتِ خود اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا فرمایا۔
شب معراج کا واقعہ امت مسلمہ کے لیے اس حیثیت سے نعمت الہی کے حصول کا ذریعہ ہے کہ اس شب میں عائد کردہ عبادت وہ عظیم عبادت ہے جو رب اور بندوں کے تعلقات کو استحکام بخشنے کا سب سے افضل و اکمل ذریعہ ہے۔ نیز یہ وہ عبادت ہے جسے پچاس وقت سے مختصر کرکے پانچ وقتوں کی تحدید کے ساتھ پچاس نمازوں کے اجر و ثواب سے جوڑ دیا گیا، جو رب کائنات کا امت پر بے پایاں احسان ہے۔ اللہ رب العزت کا یہ احسان عظیم بندوں کو شکر کا پروانہ عطا کرتا ہے، جس کے بدلے بندہ مزید اجر و ثواب کا مستحق قرار پاتا ہے۔ جیسا کہ سورہ ابراھیم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’لئن شکرتم لأزیدنکم.‘‘ (سورہ ابراھیم: ٧)
علاوہ ازیں یہ واقعہ امت کے لیے نعمت الہی اس حیثیت سے مانا جاسکتا ہے کہ اس رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو اپنی قدرت کی نشانیاں دکھا کر قریش کے خلاف حجت تمام کردی جو بندوں کے دل میں ایمانی قوت کے راسخ کرنے کا سبب بنا۔
بنا بریں یہ واقعہ اس طور پر نعمت الہی کا ذریعہ ثابت ہوا کہ یہی وہ رات تھی جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ان اخلاقی بیماریوں کے انجام بد کے مناظر کا مشاہدہ کرایا گیا جو عام طور پر معاشرتی بگاڑ کا سبب بنتی ہیں۔ چنانچہ غیبت کرنے والوں کا اپنے سینوں کو ناخنوں سے چھیلنے، سود خوروں کے پیٹوں سے سانپوں کا نظر آنے، نماز میں تساہلی برتنے والوں کے سر پتھر سے کچلے جانے، زکوٰۃ نہ دینے والوں کا اونٹ و بیل کی طرح کانٹے دار درخت اور جہنم کے پتھر کھانے اور زنا کاروں کو سڑا ہوا گوشت کھانے کے مشاہدات اسی رات کی وہ تعلیمات ہیں، جو بندوں کے دلوں میں خوف الہی طاری کر دیتی ہیں اور رب کا خوف اور تصور آخرت بندوں کو ان برائیوں سے اجتناب پر آمادہ کرتا ہے اور اس سے بچ کر بندہ اجر عظیم کا مستحق ٹھہرتا ہے۔
اس کے علاوہ صحیح مسلم کی روایت کے مطابق سورۃ البقرہ کی آخری دو آیات اسی شب میں عنایت فرمائی گئیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے رات کو یہ دو آیتیں پڑھ لیں تو یہ اس کے لیے کافی ہے۔
(واضح رہے کہ مفسرین کے نزدیک سورہ بقرہ مدنی ہے، لیکن یہ دو آیات شب معراج میں بطور رحمت عطا کی گئیں)
اس کے علاوہ یہ رات نعمت الہی اس طور پر ہوئی کہ اسی رات کو اس قانون کا اعلان کیا گیا کہ امت محمدیہ کے شرک کے علاوہ تمام گناہوں کی معافی توبہ کرنے کی صورت میں ممکن ہے، یعنی کبیرہ گناہوں کی وجہ سے ہمیشہ عذاب میں نہیں رہیں گے، بلکہ توبہ کرلینے سے نجات مل سکتی ہے۔
شب معراج میں مروجہ بدعات اور ہماری ذمہ داریاں
شب معراج کا واقعہ امت مسلمہ کے لیے تو مذکورہ بالا صورت میں نعمت الہی ہے، لیکن بدقسمتی سے امت کے بیشتر افراد شب معراج کے مقاصد سے بہرہ ور ہونے اور اس روز ملنے والے انعامات سے مستفید ہونے اور اس رات میں عائد کردہ احکامات کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے ان بدعات وخرافات میں ملوث ہیں جن کا کتاب وسنت سے کوئی تعلق نہیں اور اس سلسلے میں وہ ان موضوع احادیث کا سہارا لیتے ہیں جسے عقل سلیم بھی تسلیم نہیں کرتی۔
ماہ رجب کی فضیلت میں موضوع روایات بھی بکثرت ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:
۱۔ ماہ رجب کی باقی مہینوں پر فضیلت اس طرح ہے جس طرح قرآن مجید بقیہ تمام ازکارسے افضل ہے۔ (تبیین العجب بما ورد فی فضل رجب لابن حجر، ص: ۱۷)
۲۔ ماہ رجب اللہ کا، شعبان میرا (رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا) اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ (موضوعات لابن جوزی، ۲/۲۰٤)
۳۔ رجب اللہ کا مہینہ ہے جس نے اس مہینے میں روزہ رکھا، اس کے لیے اللہ کی خوشنودی واجب ہو جاتی ہے۔ (الفوائد المجموعۃ للشوکانی ص: ٤۳۹، حدیث ۱۲٤۰)
ان کے علاوہ بھی کئی موضوع احادیث کا سہارا لے کر ماہ رجب اور بالخصوص ستائیس رجب کو کچھ عبادات اس طرح انجام دی جاتی ہیں، گویا شریعت کا اصل جز ہیں۔ چنانچہ ماہ رجب کی بدعات میں سے ایک بدعت صلاة الرغائب ہے جسے رجب کی پہلی جمعرات کو مخصوص تعداد میں اور مخصوص طریقے سے ادا کیا جاتا ہے ۔
اس نماز سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی صحیح حدیث کی مخالفت ہوتی ہے جس میں آپؐ نے جمعہ کی رات کو خصوصی قیام سے منع کیا ہے۔ (مسلم ۲/۸۰۱) اسی لیے تو امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے اس نماز کو بدعت قرار دیتے ہوئے لکھا:
أما صلاۃ الغائب فلا أصل لها، بل ھي محدثة فلا تستحب لا جماعة ولا فرادی.
(مجموع الفتاویٰ : ١٣٤/٢٣)
اسی طرح بر صغیر میں ٢٢ رجب کو انجام دیے جانے والی مروجہ رسم رجب کے کونڈے بھی رجب کی بدعات میں سے ایک ہیں، جسے امام جعفر صادق کی جانب منسوب کیا جاتا ہے۔ اس عمل کی انجام دہی میں موافق مقدور کے مطابق پوریاں اور دو کونڈے کھیر پکا کر امام جعفر صادق کے نام پر فاتحہ خوانی اس عقیدے کے ساتھ کی جاتی ہے کہ رب کائنات تمام مرادیں بر لائے گا اور اس سلسلے میں بے بنیاد من گھڑت روایت کا سہارا لیا جاتا ہے۔ (دیکھیے : ندائے جامعہ، شمارہ ٤، ص ١٨)
اسی طرح ستائیسویں رجب کو خصوصی طور پر روزے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ کتاب و سنت سے اس کی کوئی دلیل نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں شب معراج کو انجام دی جانے والی دیگر نوافل عبادات بھی انہی بدعات میں سے ایک ہیں، کیوں کہ اس رات کی خصوصی عبادت قرآن وسنت تو کجا ضعیف حدیث سے بھی ثابت نہیں ہے۔ ان بدعات کو ترویج دینے کے لیے موضوع روایات کا سہارا لیا جاتا ہے اور اس شب میں عبادت کا خصوصی اہتمام کتاب وسنت اور عقل سلیم کے سراسر منافی ہے۔ اس لیے کہ اس رات کی تعیین میں ہی علماء کے درمیان اختلاف ہے تو اس رات کی خصوصی عبادت چہ معنی دارد۔
اس کے علاوہ رجب کی ستائیسویں شب میں انجام دی جانے والی بے جا و غیر شرعی رسومات بھی قابل ذکر ہیں، جو بہت تیزی سے فروغ پا رہی ہیں، مثلاً: اس رات حلوہ پکانا، رنگین جھنڈیاں، آتش بازی اور مٹی کے چراغوں کو جلا کے گھروں کے درو دیوار پر رکھنا وغیرہ وغیرہ، جن کا شرعی حکم یہ ہے کہ ان اعمال کو عبادت سمجھ کر انجام دینا بدعت کے زمرے میں آتا ہے، کیوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ان امور کے انجام دہی کا قولی ثبوت ملتا ہے نہ عملی۔ اور اگر ان امور کو بطورِ رسم کیا جاتا ہے تو ان میں فضول خرچی، اسراف اور آتش بازی کی صورت میں جانی نقصان کا خدشہ ہے، لہذا یہ سب اُمور شرعاً حرام ہیں۔
ایسے ماحول میں جب ماہ رجب اور بالخصوص شب معراج میں ایسی بے بنیاد عبادات انجام دی جا رہی ہوں جن کا کتاب وسنت سے دور کا واسطہ بھی نہیں، تو ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم عوام الناس کو اس دن کی بدعات و خرافات سے آگاہ کریں اور خالص کتاب وسنت کی روشنی میں اس دن پیش آنے والے واقعہ سے روشناس کریں۔ نیز اس خاص انعام کے مقاصد سے متعارف کرائیں، جو بندوں پر قدرت الٰہی کے انکشاف کے لیے ظہور پذیر ہوا اور عوام الناس کو بدعات سے گریز کی تلقین کے ساتھ بندوں پر رب کے بے پایاں احسانات کو اجاگر کریں، جو رب کریم نے پچاس وقت کی نمازوں کو پانچ وقت سے تبدیل کرکے پچاس کے اجر و ثواب کی صورت میں برقرار رکھا۔ علاوہ ازیں بندوں کو فرض نمازوں کی اہمیت سے آگاہی کے ساتھ ان اخلاقی بیماریوں سے احتراز کی تاکید کریں، جن کا مشاہدہ بطور خاص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو شب معراج میں کرایا گیا اور عوام الناس میں شب معراج کے تئیں صحیح بیداری پیدا کرکے شکر خداوندی کی جانب رغبت دلائیں اور اس طرح معاشرے کو بےجا رسومات کی جکڑ بندیوں سے آزاد کرانے اور انعامات الٰہی کے تحفظ کے ضامن بنیں۔
اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو شب معراج کی ہر قسم کی بدعات و خرافات سے محفوظ رکھے اور اس رات کے پیغامات کو دلوں میں جاگزیں کردے۔ آمین یارب العالمین۔
٭ ٭ ٭


0 Comments