مریم کی داستان

رات کے دو بجے اندھیرے کی چیخوں کے بیچ رفیق صاحب کے کانوں میں معصوم سی سسکیاں گونجیں، رونے کی شدت لمحہ بہ لمحہ بڑھ رہی تھی، جیسے جیسے رات گاڑھی ہو رہی تھی ویسے ویسے آواز تیز ہو رہی تھی، کیوں کہ قبرستان کا معاملہ تھا اور رفیق صاحب ایک گورکن تھے، وہ صبح کے لیے ایک قبر تیار کر رہے تھے۔ وہ سمجھ گئے کہ معاملہ سنگین ہے، وہ آواز کی طرف دوڑے۔ انھوں نے دیکھا کہ ایک معصوم سی ننھی سی جان ایک قبر کے پاس بیٹھی رو رہی تھی۔ رفیق صاحب ایک لمحے کے لیے ٹھٹھک سے گئے کہ اتنی رات کو قبرستان میں ایک بچی کا ہونا کوئی معمولی بات نہیں۔
وہ آہستہ سے اس کے قریب گئے، اور ملائم لہجے میں کہا، بیٹا یہاں کیا کر رہی ہو؟
بچی ایک لمحے کے لیے ڈر سی گئی، اس کی آواز بھر آئی۔ وہ فوراً اٹھی اور رفیق صاحب سے لپٹ گئی اور شدت سے رونے لگی۔۔۔
رفیق صاحب نے اس کے آنسو صاف کیے اور پیار سے پوچھا، کیوں رو رہی ہو؟ یہاں کیوں آئی ہو؟ کیا نام ہے آپ کا؟
انکل میرا نام مریم ہے۔ انکل میں۔۔۔ میں میری امی کو ڈھونڈ رہی ہوں۔ اس کی آواز میں ایسا لرزہ تھا کہ رفیق صاحب کا دل جیسے کسی بوجھ تلے دب گیا۔ انکل میری امی اس قبر کے اندر ہیں، وہ باہر نہیں آتیں۔ میں آوازیں دیتی ہوں لیکن وہ نہیں سنتیں۔ مجھے ان کو دیکھنا ہے، ان سے بات کرنا ہے، مجھے ان کے ہاتھ پر سونا ہے، ان کے ہاتھ سے کھانا کھانا ہے۔ انکل اس دنیا میں میری امی کے علاوہ میرا کوئی نہیں تھا۔ میں تنہا ہوں، میری امی اور میں دونوں ایک ساتھ رہتے تھے، اب وہ بھی نہیں آتیں۔
رفیق صاحب کی آنکھوں میں بھر بھر کر آنسو آ گئے۔ انھوں نے ارد گرد دیکھا، ہوا ساکت تھی اور درخت خاموش تھے۔ بچی کی معصوم نظریں سوالات کا شور تھیں۔ رفیق صاحب نے مریم کا ہاتھ پکڑا اور اسے اپنے گھر لے گئے، وہ اپنی بیوی اور بیٹی شاہدہ کے ساتھ رہتے تھے۔ رفیق صاحب نے اپنی بیوی سے کہا: دیکھو آمنہ اللہ نے ہمیں یہ موقع عنایت کیا ہے کہ ہم اس معصوم کو اپنے گھر کی زینت بنائیں۔شاہدہ کی طرح یہ بھی ہمارے گھر کا پھول ہے۔
آمنہ نہایت ہی پاک باز، نمازی، روزے دار، زکوٰۃ ادا کرنے والی، شوہر کی خدمت گزار خاتون تھیں، لیکن آمنہ اس بات پر بالکل قائل نہیں ہوئی کہ مریم کو ساتھ رکھا جائے، لیکن رفیق صاحب کے اصرار پر اس نے حامی تو بھر دی، لیکن دل میں مریم کے لیے غصہ بھرا ہوا تھا۔ آمنہ شاہدہ کو تو آنکھوں پر بٹھا کر رکھتی، لیکن مریم کے ساتھ سختی سے پیش آتی، اسے نظرانداز کرتی، اس پر بے وجہ ناراضگی دکھاتی۔ شاہدہ کے لیے تو نئے نئے پکوان تیار ہوتے، لیکن مریم کے لیے باسی کھانا ہی بہت بڑی نعمت تصور کیا جاتا۔ آمنہ کے دل میں مریم کے لیے نہ کوئی محبت تھی، نہ کوئی گوشہ۔ آمنہ کو لگتا تھا کہ مریم ایک بوجھ ہے۔ گھر کے برتن، کپڑے، آنگن سب کام مریم کے حصے میں آ گئے تھے۔ شاہدہ تو جیسے گھر کی شہزادی تھی۔ مریم ہمیشہ سوچتی، میری امی میرے لیے کتنی بڑی نعمت تھیں! وہ میرا سہارا تھیں، میرے دل کا سکون بھی۔
رفیق صاحب تو گھر رات کو آتے تھے، انھیں ان سب کا کوئی علم نہیں ہوتا کہ مریم کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟
ایک روز مریم شاہدہ کے کپڑے تہہ کر رہی تھی کہ اسے ایک نیا جوڑا نظر آیا، وہ اس جوڑے سے نہایت متاثر ہو گئی۔ اسے دیکھنے لگی تو ادھر سے شاہدہ نے مریم کو دیکھ لیا اور نہایت بدترین لہجے میں کہا: جو کام دیا گیا تھا وہ کرو۔ یہ کپڑے میرے ہیں، اپنی بد نظر مت ڈالو ان پر۔ مریم فوراً وہاں سے پیچھے ہو گئی۔ آمنہ پیچھے سے آتے ہوئے کہنے لگی: اب فوراً گھر کا آنگن صاف کر دینا، بہت گندا ہو گیا ہے اور ہاں! خیال رہے پانی کھڑکی کے اندر نہ آئے، مریم نے اپنی گردن ہلائی اور بھرے دل کے ساتھ باہر جا کر کام میں لگ گئی.
بہر حال رات کی خاموشی میں جب ذمہ داریوں کا بوجھ آمنہ کے ذہن پر دھیرے دھیرے اتر رہا تھا، آمنہ نے خواب دیکھا کہ اسے چند سفید پوش لوگ دھکیلتے ہوئے کہیں لے جا رہے ہیں۔ اس نے دیکھا کہ چاروں طرف رونے کی آوازیں، چیخیں گونج رہی تھیں، کہیں کوئی اپنے آپ کو کوس رہا تھا تو کوئی اپنے آپ میں ٹوٹ کر رو رہا تھا، کوئی پکار رہا تھا کہ میں مجرم نہیں، کوئی دنیا کو یاد کر رہا تھا۔ اسی دوران آمنہ کے کانوں میں آواز آئی کہ حکم ملا ہے کہ اسے بھی مجرموں کی قطار میں کھڑا کر دیا جائے گا۔ آمنہ چیخ چیخ کر کہنے لگی: میں اللہ کی نیک بندی ہوں، مجھ میں کیا خرابی ہے، میں نے زندگی ساری اسی کی اطاعت میں گزاری ہے۔ وہاں کوئی آمنہ کو سننے والا نہیں تھا۔ اسے نظر آیا کہ رفیق صاحب آ رہے ہیں، انھیں اچھے افراد میں چنا گیا ہے۔ آمنہ نے رفیق صاحب کو بلک بلک کر اپنی داستان سنائی۔ رفیق صاحب نے کہا: میں نہ کہتا تھا کہ یتیم اللہ کے نزدیک سب سے بڑی امانت ہوتا ہے اور تم اسے ایک بوجھ جانتی تھیں۔ میں نے حقوق اللہ تم سے بہت کم درجے کے ادا کیے لیکن اس یتیم کو اپنا مانا۔ آج اللہ مجھ سے راضی ہے اور تم سے ناراض۔
آمنہ چیختی ہوئی نیند سے اٹھی۔ سانس پھول رہی تھی، پیشانی پسینے سے بھیگ گئی تھی، کچھ لمحے وہ گھبراہٹ میں ادھر ادھر دیکھنے لگی اور مریم کا خیال آیا۔ دل میں عجیب سا خوف جاگا، وہ تیزی سے کمرے سے باہر نکلی۔ مریم زمین پر تھکی ہوئی بغیر تکیے کمبل کے سو رہی تھی۔ اس کے چہرے پر سوکھے ہوئے آنسوؤں کے نشان ابھی بھی جھلک رہے تھے۔ آمنہ نے مریم کا ہاتھ پکڑا تو مریم چونک کر اٹھی، جیسے پھر ڈانٹ پڑے گی، لیکن آمنہ نے سر جھکا کر مریم سے معافی مانگی۔ میری بچی میں نے تیرے ساتھ بہت بُرا سلوک کیا، آج مجھے سمجھ آیا ہے کہ جو دل رحم سے خالی ہو وہ عبادتوں کے باوجود اندھیرے میں رہتا ہے۔ مریم نے آج برسوں سے کھویا ہوا محبت کا وہ لہجہ دیکھا جس کے لیے وہ ترس گئی تھی۔
آج اتوار کی صبح مریم کو گوبل اسکولز میں بحیثیت ڈاکٹر (Neurologist) اپنی زندگی اور تعلیمی سفر بیان کرنے کے لیے بلایا گیا ہے۔ مریم شہر کی سب میں کامیاب اور محنتی ڈاکٹر ہے۔ سامنے بیٹھی ہزاروں بچیاں مریم کو نمونہ اعلیٰ سمجھتے ہوئے اپنے خواب سجا رہی ہیں۔
مریم کہتی ہے کہ میں آج یہاں صرف اور صرف اپنے والدین کی کوشش، جدوجہد اور دعاؤں کے باعث پہنچی ہوں۔ میری کامیابی کے پیچھے ان کی بہت قربانیاں ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ شاہدہ گلوبل اسکول کی ہی ٹیچر ہے۔ ہم بہنیں دوست بھی ہیں اور ساتھی بھی۔
آمنہ، رفیق صاحب اور شاہدہ نیچے سے مریم کو فخر کی نظر دیکھ رہیں ہیں اور بے انتہا خوش ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے