تعلیم، طالب علم، استاد

اصل لغت میں تعلیم کو علم و ہنر کی منتقلی کہا گیا ہے، لیکن تعلیمی تصور آج اس طرح جانا جاتا ہے کہ تعلیم دراصل سرگرمیوں کا ایک وسیع عمل ہے، جو فرد کو فکری، سماجی، جذباتی اور جسمانی طور پر سیکھنے اور ترقی میں مدد فراہم کرتی ہے۔ جان ڈیوی (۱۹۱۶ء) نے تعلیم کو ایک سماجی عمل کہا ہے۔ حالیہ برسوں میں نیورو سائنس میں ہونے والی پیش رفت نے یہ بات ثابت کی ہے کہ تعلیم جسمانی اور ذہنی طور پر انسان کو مطمئن رکھتی ہے۔ تعلیم ذہن و روح کو فطری طور پر اہداف فراہم کرتی ہے۔
رابندر ناتھ ٹیگور نے لکھا ہے کہ اعلی تعلیم وہ ہے جو ہمیں نہ صرف معلومات فراہم کرے، بلکہ زندگی کو تمام موجودات سے ہم آہنگ کرے۔

تعلیم کیوں ضروری ہے؟

علم سیکھنے اور سکھانے کا عمل صدیوں سے جاری ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ تعلیم انسان کی پوری زندگی کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہے، تعلیم انسان کے سوچنے کی صلاحیت اور ادراک کو بدل دیتی ہے۔ تعلیم ہر انسان کی بنیادی ضرورت بلکہ حق ہے۔ تعلیم سماج، معاشرے، ملک بلکہ قوم کی ترقی کی ضامن ہے۔ تعلیم ایک زیور ہے جو انسان کی اخلاقی نگہداشت کرتی ہے۔ آج کے اس پر آشوب اور تیز ترین دور میں تعلیم کی ضرورت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ عالمی برادری اس بات کو تسلیم کر چکی ہے کہ ترقی کا مکمل دار ومدار اچھی تعلیم ہے۔
اے پی جی عبدالکلام نے ایک بار کہا تھا کہ تعلیم سے تخلیقی صلاحیتیں ملتی ہیں، وہ انسان کو تخلیق سوچ کی طرف لے جاتی ہے، سوچ علم فراہم کرتی ہے اور علم آپ کو عظیم بناتا ہے۔
تعلیم معاشرے کو بہتر بناتی ہے، تعلیم مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے، تعلیم غربت کو ختم کرتی ہے، تعلیم مہارتوں کی نشوونما کرتی ہے۔

تعلیم اور طالب علم

Cambridge University کے مطابق جو بچہ کسی کالج یا یونیورسٹی، مدرسہ، اسکول میں باقاعدہ تعلیم حاصل کرتا ہو وہ طالب علم کہلاتا ہے۔ ایک بچہ جو علم کا متلاشی ہوتا ہے، وہ نے نئے دلائل اور خیالات کو دریافت کرتا ہے، صحیح قواعد ضوابط کے ساتھ اپنے مقاصد تلاش کرتا جاتا ہے۔
قومی تعلیمی پالیسی ۱۹۸۶ء کا اگر مطالعہ کیا جائے تو سمجھ آتا ہے کہ مولانا آزاد نے ہندوستانیوں سے ایک مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعلیم کو نوکری کا مقصد نہیں، زندگی کا مقصد بنائیں۔ مولانا آزاد کی کئی تحریریں اسی بات کا مطالبہ کرتی ہیں کہ ملک اسی وقت ترقی حاصل کر سکتا ہے، جب اس کے باشندے شخصیت سازی پر کام کریں، مستحکم بنیں، قدر شناس بنیں۔

“International Student Day” کا آغاز ۱۹۴۱ء میں لندن سے ہوا، جہاں طالب علم کو مستقبل کا معمار کہا گیا۔ دنیا کے جو ممالک ترقی یافتہ ہیں، انھوں نے اپنے ملک کا بہت بڑا سرمایہ طلبہ کے لیے رکھا۔ نوئیڈا کے ایک مشہور اسکول JBM global کا ماننا ہے کہ تعلیم ہر بچہ کا پیدائشی حق ہے۔ اسی بنیاد پر دنیا نے کئی ہونہار طلبہ تیار کیے۔
بحیثیت طالب علم ہمارا مطالبہ بھی ہندوستانی حکومت سے یہی ہے کہ وہ طلبہ کو بنیادی ضروریات کے ساتھ ساتھ نئی ٹیکنالوجی فراہم کریں، تاکہ اس کے ذریعے ملکی ترقی ہو۔

استاد کا اثر طالب علم پر

یہ حقیقت ہے کہ تعلیم میں استاد کا تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ طلبہ کو با مقصد بنانے کے لیے علم اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور یہی علم و رہنمائی طلبہ میں تحریک پیدا کرتی ہے، اسی لیے استاد کو مقدس ہستی مانا جاتا ہے۔ طلبہ کے اسکول میں داخل ہونے سے لے کر ان کے اسکولی زندگی کی تکمیل تک استاد ان کے لیے روشنی اور تبدیلی کا کام کرتے ہیں۔

استاد ایک قائد

قائد جس طرح اپنی عوام کے لیے ہمدرد ہوتا ہے، اسی طرح ایک استاد اپنے بچوں کا ہمدرد اور رہنما ہوتا ہے۔ استاد بچوں میں تجسس، دلچسپی کو تشکیل دیتا ہے۔ استاد بچوں کے لیے نئے نئے راستے تیار کرتا ہے۔ انھیں علم سکھانے کے ساتھ ساتھ زندگی کی پیچیدگیوں سے بھی آگاہ کراتا ہے۔

استاد ایک دوست

استاد زندگی کے کوہِ گراں میں دوست اور رہنما بن کر ساتھ دیتا ہے، اپنے بچوں کی چھپی صلاحیتوں کا ادراک کرتا ہے، اسی کے ساتھ کمزور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، پرائمری سطح پر انھیں بنیاد فراہم کراتا ہے، ثانوی سطح پر مطالعہ کا راستہ تیار کراتا ہے، اعلی ثانوی سطح پر مستقبل کا راستہ تراشتہ ہے۔

استاد ایک متاثر کن شخصیت

استاد اپنے بچوں کے لیے سب سے عظیم شخصیت ہوتا ہے۔ بچے اپنے استاد سے بہترین شخص کسی کو نہیں سمجھتے، وہ اپنے استاد کو دیکھ کر اچھائی اور برائی کا اندازہ لگاتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے