یہ سوال کہ کیا مسلمان واقعی کمزور ہیں؟ آج کے عالمی منظر نامے میں بار بار دہرایا جاتا ہے۔لوگ سیاسی زوال، معاشی پسماندگی اور عالمی کمزوری کو دیکھ کر اس سوال کا جواب اثبات میں دیتے ہیں، مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ گہری اور پیچیدہ ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان کبھی کمزور نہ تھے۔علم، فلسفہ، ادب، ریاضی اور سائنس میں مسلمانوں کی خدمات نے دنیا کی فطری سمت متعین کی۔ بغداد، قرطبہ اور سمرقند جیسے علمی مراکز اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلمانوں کی اصل طاقت علم و فکر تھی، نہ کہ صرف تلوار۔
آج کی کمزوری دراصل اسلام کی نہیں، بلکہ مسلمانوں کے رویوں کی کمزوری ہے۔ علم سے دوری، فرقہ واریت، داخلی انتشار اور خود احتسابی کے فقدان نے امت کو منتشر کردیا ہے۔ ہم نے قرآن کے پیغام پر تدبر اور سوال سے کنارہ کشی اختیار کی۔ نتیجتاً تقلید نے تحقیق کی جگہ لی۔
اس وقت کرہ ارض پر دو بلین سے زیادہ مسلمان موجود ہیں اور اسلام دنیا کا سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن چکا ہے۔ لیکن سوچنے والی بات یہ ہے کہ تعداد میں اس قدر کثیر ہونے کے باوجود دنیا کے ہر خطے میں مسلمان اس قدر بے وقعت اوربے بس کیوں نظر آتے ہیں؟ اور خاص طور سے ہندوستانی مسلمان! اس کی وجہ داخلی و خارجی طاقتوں کا زبردست دباؤ ہے، جو انھیں نفسیاتی طور پر کمزور کررہا ہے؟ یا پھر مسلمانوں کی اپنی کمزوریاں، حکمتِ عملی اور احتساب کی کمی ہے؟
مسلمان اپنی توانائیاں اپنی برادری کی ترقی پر خرچ کرنے کے بجائے مسلسل چیلنجز کا سامنا کرنے کی وجہ سے غیر ضروری امور پر خرچ کررہے ہیں؟ یا پھر یہ برادری موجودہ تناظر میں حالات کاجائزہ لینے اور قوم کو درپیش اصل چیلنج کو دیکھنے سے قاصر ہے؟ یا پھر مسلمان (حکمتِ عملی کی صلاحیت میں جن کا کوئی ثانی نہیں) صرف ردِ عمل تک محدود ہیں؟ مسائل سے نمٹنے کے لیے معمولی سے ردعمل کو ہی کارگر سمجھتے ہیں اور کوئی ہمہ رخی مسائل اور نتائج سے ہم آہنگ حکمتِ عملی بنانے سے قاصر ہیں؟
اگر کسی معاشرے کو مسلسل کمزور کہا جائے تو اس کی قوتِ تحریک پر اس قدر منفی اثر پڑتا ہے کہ وہ باوجود کثیرالتعداد ہونے کے نفسیاتی طور پر پسماندہ اور ناکارہ رہ جاتی ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں پر بھی اسی طرح کے سماجی، سیاسی، معاشی اور مذہبی حملے ہورہے ہیں۔ اس قوم پر کمزوری کا ٹھپہ لگانا، قوم کو کمزور بنانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ مسلمان کمزور نہیں ہیں۔ انھیں بس ممکنہ اور مثبت حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔
ہندوستان میں مسلمانوں کو درپیش مسائل:
(۱) تعلیمی چیلنج
٭ کم تعلیمی شرح
٭ مسلمانوں میں اسکول چھوڑنے کی شرح (drop out rate) زیاده
٭ اعلی تعلیم میں کم شرکت
وجوہات: غربت، مسلم اکثریتی علاقوں میں سرکاری اسکولوں کی کمی۔ مدرسہ بمقابلہ جدید تعلیم کا تضاد۔
سچار کمیٹی کے مطابق مسلمانوں کی تعلیمی حالت کئی ریاستوں میں Sc/St سے بھی کمزور ہے۔
(۲) معاشی اور روزگار کے مسائل
٭ چھوٹے کاروبار
٭ مواقع کی کمی
٭ دستکاری، ٹیلرنگ، رکشہ مزدوری تک محدود
٭ روزگار میں امتیاز
٭ نام، حلیہ اور رہائش کی بنیاد پر ملازمت نہ ملنا
٭ نجی شعبوں میں غیر اعلانیہ تفریق
٭ سرمائے تک کم رسائی (بینک لون ملنے میں دشواری، کاروبار پھیلانے کے مواقع محدود)
(۳) رہائشی علاحدگی
٭ کئی علاقوں میں مسلمان علاحدہ محلوں میں رہنے پر مجبور ہیں
٭ زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخلی
(۴) سیاسی نمائندگی کی کمی
٭ آبادی کے تناسب سے لوک سبھا، اسمبلی اور بیوروکریسی میں کم نمائندگی
٭ پالیسی سازی میں آواز کمزور
نتیجہ:
٭ سیاسی مسائل کو ترجیح نہیں دیتے
٭ اسکیمیں مؤثر طریقے سے نہیں پہنچتیں
(۵) سماجی امتیاز اور تعصب
٭ ملازمت کے انٹرویوز میں تعصب
٭ میڈیا میں منفی تصویر کشی
٭ زیادہ نقصان
٭ انصاف میں تاخیر
٭ تعصب کی بنیاد پر گرفتاریاں
(۶) نفسیاتی اثرات
٭ احساسِ عدم تحفظ
٭ اعتماد کی کمی
٭ نوجوانوں میں مایوسی
(۷) اندرونی مسائل
٭ فرقہ بندیاں
٭ لڑکیوں کی تعلیم میں کمی
٭ جدید مہارتوں سے دوری
٭ قیادت کا فقدان
یہ کہنا غلط ہے کہ مسلمان فطری طور پر کمزور ہیں۔ درست بات تو یہ ہے کہ وہ تاریخی محرومی، سماجی و معاشی رکاوٹوں، سیاسی عدم نمائندگی اور موجودہ تعاصبات کی وجہ سے منظم طور پر پیچھے رکھے گئے ہیں۔
ہندوستانی مسلمانوں کو جن مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس سے ساری دنیا واقف ہے۔ سماجی، سیاسی و مذہبی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اذان پر پابندی کی سازشیں، تبلیغی جماعت پر الزام، لوجہاد کے نام پر بدنامی، یہ تمام واقعات مسلمانوں کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے ہیں۔ ان میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔ ہندو برادری میں مسلمانوں کے خلاف خوف و نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ مذہبی آزادی پر حملے کیے جارہے ہیں۔ حال ہی میں پیش آئے حجاب کے واقعے نے یہ ثابت کیا کہ مسلم خواتین کی ناموس و احترام جو سیاسی لیڈروں کے بیانات سے مجروح ہوتی رہی ہیں، آج انھیں لیڈروں کے ہاتھ بھی حجاب تک پہنچ چکے ہیں۔ اگر مسلمانوں نے کوئی احتجاج کیا تو سیاسی طور پر اس کا خاطر خواہ نوٹس نہیں لیا جاتا۔ ثقافت اور شناخت کے لئے آئے دن مسلمانوں پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے حالات میں ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ قرآنِ مجید مسلمانوں کو بار بار ہدایت دیتا ہے کہ ’’ولم یخش الا اللہ‘‘ اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈریں۔ ڈر ایمان کا حصہ ہے اور اللہ کے سوا کسی اور چیز سے ڈر کفر و شرک کی دلیل ہے۔ نفع و نقصان کا مالک رب العزت ہے اور ہمیں ملت کی بقاء و حفاظت کے لیے بھی اسی پر بھروسے کی ضرورت ہے۔ ہمارے مسلم رہنما ڈر اور خوف کے ماحول کو زائل کرنے کی تقریریں ضرور کرتے ہیں، قرآن کا درس بھی دیتے ہیں، حدیث کی تعلیم بھی پیش کرتے ہیں، لیکن بہت کم ایسے لوگ ہیں جو موجودہ حالات کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ اس کے حل کے لیے مختصرںالمیعاد (short term) یا طویل المیعاد (long term) منصوبہ پیش کرتے ہیں۔ ۱۹۲۵ء سے ملک کی سربراہ جماعت نے آج کے حالات پیدا کرنے کے لیے طویل المیعاد منصوبہ بنایا تھا۔ مسلمانوں کے پاس اپنے تحفظ کے لیے کونسے ایسے منصوبے ہیں جو ان کی مذہبی آزادی اور اس ملک میں ان کی بقا کو بحال رکھ سکتے ہیں؟
مسلمانوں کو اپنے اسلاف کی طرح علم و فراست کے میدان میں آگے آنا ہوگا۔ انھیں فتنوں سے بچنے کے لیے ضروت ہے ابوبکر جیسی فہم و فراست کی۔ علی جیسی تعلیم و تربیت کی۔ خواتین میں ام عمارہ جیسے حوصلے کی جو بہادری میں مردوں کے برابر کھڑی تھیں۔
انفرادی حکمتِ عملی
مسلمانوں کو ایمان، اخلاق اور کردار کو مضبوط بنانا ہوگا۔ جدید مہارتیں سیکھنی ہوگی۔ قرآن و سنت کے ساتھ سائنس ٹیکنالوجی اور دیگر زبانوں میں عبور حاصل کرنا ہوگا۔ تعلیمی میدان کو راہِ عمل بنانا ہوگا۔ خود احتسابی، نظم و ضبط اور وقت کی قدر کرنی ہوگی۔ سوشل میڈیا پر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہوگا۔
سماجی حکمت عملی
آپسی اتحاد، فرقہ واریت سے اجتناب، مقامی سطح پر فلاحی کام، تعلیم، صحت، امداد اور نوجوانوں کی فکری تربیت کرنی ہوگی۔
تعلیمی و فکری حکمتِ عملی
٭ معیاری تعلیمی ادارے اور اسکالر شپ سسٹم کو آگے بڑھانا ہوگا۔
٭ تنقیدی سوچ اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔
٭ میڈیا، صحافت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں شمولیت کرنا چاہیے۔
معاشی حکمتِ عملی
٭ حلال کاروبار، اسٹارٹ اپس اور مہارت پر مبنی کاروبار
٭ سود سے بچاؤ، اسلامی فنانس کا فروغ
٭ مالی خود انحصاری، وسیع کاروباری طریقے اپنانے ہوں گے۔
٭ دوسری ترقی یافتہ قوموں کی طرح آمدنی کا بڑا حصہ قوم کی تعلیم و فلاح پر خرچ کرنا ہوگا۔
سیاسی و شہری حکمتِ عملی
٭ سیاست میں شمولیت قوم کو لیڈ کرنے کا بہترین حل ہے
٭ مظلوموں کے لیے آواز اٹھانا ہوگا مگر دانشمندانہ اور قانونی طریقے سے
٭ ماضی پر رونے کی بجائے مستقبل کی تعمیر
مسلمانوں کی اصل طاقت ایمان، علم اخلاق، اتحاد، حکمت ہے۔ آج ان تمام چیزوں کی اشد ضرورت ہے۔
سبق پڑھ پھر صداقت کا عدالت کا شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت
٭ ٭ ٭


0 Comments