منصف بادشاہ

ایک گھنے، سرسبز جنگل میں شیر بادشاہ کی حکومت تھی۔ وہ سب کا محافظ تھا اور انصاف پسندی میں بے حد مشہور تھا۔ جنگل کے سب جانور اس سے محبت بھی کرتے تھے اور تھوڑا سا ڈرتے بھی تھے۔
ایک دن شیر بادشاہ نے اعلان کروایا:
’’کل جنگل میں سب کے لیے خاص دعوت ہو گی! دسترخوان پر ہر جانور کے لیے کھانا رکھا جائے گا!‘‘
یہ اعلان ہوا تو جنگل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہرن نے خوشی سے چھلانگ لگائی، بندر درخت سے درخت پر کودنے لگا، ہاتھی نے سونڈ ہلا کر خوشی کا اظہار کیا، اور چڑیاں چہکنے لگیں۔
رات بھر سب جانور خوشی میں باتیں کرتے رہے۔ خرگوش نے کہا:
کل میں خوب گاجر کھاؤں گا!
بکری بولی:
اور میں نرم گھاس!
بندر نے قہقہہ لگایا:
میں تو پھلوں پر ٹوٹ پڑوں گا!
اگلے دن جب دسترخوان سجا، تو رنگ برنگے پھل، سبزیاں، گوشت، اناج، شہد، بیری، سب کچھ موجود تھا۔ جنگل کی خوشبو میں بھوک مزید بڑھ گئی۔
لیکن جیسے ہی سب جمع ہوئے، لومڑی نے غرور سے کہا:
میں چالاک ہوں، پہلے مجھے کھانے دو!
ریچھ دھاڑا:
میں طاقتور ہوں، میرا حصہ سب سے پہلے ہے!
بھیڑیا اور گدھ بھی لپکے۔
سب نے کھانے پر قبضہ کر لیا۔ کچھ نے دوسروں کا حصہ کھا لیا، کچھ نے پورا برتن اٹھا لیا۔ شور، دھکم پیل، چیخ پکار جیسے میلے کا منظر بگڑ گیا ہو!!!
چھوٹے جانور، چڑیاں، خرگوش، ہرن اور بکریاں سب پیچھے رہ گئے۔ جب وہ دسترخوان تک پہنچے، وہاں صرف کچھ بچے ہوئے چھلکے، ہڈیاں اور ٹکڑے پڑے تھے۔
بکری نے آہستہ کہا:
ہمیں تو کچھ بھی نہیں ملا۔۔۔
خرگوش کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
کیا طاقتور ہی اپنا حصہ پاتے ہیں!!!
شیر بادشاہ، جو درخت کے پیچھے سے یہ سب دیکھ رہا تھا، غصے سے دھاڑا کہ پورا جنگل لرز گیا!
بس!! یہ خوانِ یغما نہیں، یہ انصاف کا دسترخوان ہے! جو لوٹے گا، وہ کھائے گا نہیں بلکہ سزا پائے گا!
سناٹا چھا گیا۔ لومڑی کے ہاتھ سے برتن گر گیا۔ ریچھ سر جھکا کر پیچھے ہٹ گیا۔
شیر نے الو وزیر کو حکم دیا:
سب سے پہلے ان چھوٹے جانوروں کو کھانا دو۔ جنھیں تم نے دھتکارا، آج ان کی باری ہے!
الو نے حکم کی تعمیل کی۔پھر سب چھوٹے جانوروں نے پہلی بار پیٹ بھر کر کھایا۔ ان کے چہرے خوشی سے چمکنے لگے۔
پھر شیر نے ایک تختی بنوائی اور اونچی جگہ پر لٹکائی:
جنگل کے دسترخوان پر ہر ایک کا حق برابر ہے۔ جو اصول توڑے گا، وہ اپنا حصہ کھوئے گا!
ہرن بولا:
منصف بادشاہ سلامت رہے۔
ہاتھی نے اپنی سونڈ بلند کی۔
انصاف سے ہی امن قائم رہتا ہے!
اس دن کے بعد جنگل میں کبھی کوئی بھوکا نہ رہا۔ طاقتور نے کمزور کا حق دینا سیکھ لیا۔
شیر بادشاہ واقعی منصف بادشاہ کہلایا۔
منصف وہ ہے جو سب کے ساتھ برابری کرے، چھوٹا ہو یا بڑا ، چاہے کمزور ہو یا طاقتور!!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے