اسرار زندگی
زمرہ : ٹی ٹائم

ملٹی نیشنل خواہشیں

میری اتنی ساری بے چینی اور یہ سب کچھ جو مل ملا کے میری “Desires”، میری آرزوئیں، میری تمنائیں اور خواہش گڈمڈ ہوگئیں، تو میں نے کہا کہ میں بھی کسی صورت میں ’’جیکی‘‘ سے کم نہیں ہوں، جس طرح سے وہ بے چین ہے، جیسے وہ تڑپتا ہے، جیسے وہ نہ سمجھی کے عالم میں چکر لگاتا ہے، تو حالات کے تالاب کے ارد گرد میں بھی چکر لگاتا ہوں تو کیا میں اس کو کسی طرح سے روک سکتا ہوں؟ کیا میں ایسے سیدھا چل سکتا ہوں جیسے سیدھا چلنے کا مجھے حکم دیا گیا ہے؟ میں جیسے پہلے بھی ذکر کیا کرتا ہوں، میں نے اپنے بابا جی سے پوچھا کہ جی یہ کیوں بے چینی ہے؟ کیوں اتنی پریشانی ہے؟ کیوں ہم سکون قلب کے ساتھ اور اطمینان کے ساتھ بیٹھ نہیں سکتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ دیکھو تم اپنی پریشانی کی پوٹلیاں اپنے سامنے نہ رکھا کرو، انھیں خدا کے پاس لے جایا کرو، وہ ان کو حل کر دے گا۔ تم انھیں زور لگا کر خود حل کرنے کی کوشش کرتے ہو، لیکن تم انھیں حل نہیں کر سکو گے۔

کہاں ہوتا ہے خدا؟

میں چوں کہ بہت ہی پڑھا لکھا آدمی تھا اور ولایت سے آتا تھا۔ میں کہتا: کہاں ہوتا ہے خدا؟ اس نے کہا: خدا ہوتا نہیں ہے، نہ ہو سکتا ہے، نہ جانا جاتا ہے، نہ جانا جا سکتا ہے اور خدا کے بارے میں تمھارا ہر خیال وہ حقیقت نہیں بن سکتا، لیکن پھر بھی اس کو جانا جانا چاہیے۔ میں کہتا تھا: کیوں جانا جانا چاہیے اور آپ اس کا کیوں بار بار ذکر کرتے ہیں، آپ ہر بار اس کا ذکر کرتے ہیں اور ساتھ یہ بھی فرما رہے ہیں کہ نا وہ جانا جاتا ہے، نہ جانا جا سکتا ہے۔ کہنے لگے: پرندہ کیوں گاتا ہے اور کیوں چہچہاتا ہے، اس لیے نہیں کہ پرندے کے پاس کوئی خبر ہوتی ہے، کوئی اعلان ہوتا ہے یا پرندے نے کوئی ضمیمہ چھاپا ہوا ہوتا ہے کہ ’’آگئی آج کی تازہ خبر‘‘۔ پرندہ کبھی ضمیمے کی آواز نہیں لگاتا، پرندہ اس لیے گاتا ہے کہ اس کے پاس ایک گیت ہوتا ہے اور ہم خدا کا ذکر اس لیے کرتے ہیں کہ پرندے کی طرح ہمارے پاس بھی اس کے نام کا گیت ہے۔ جب تک آپ اس میں اتنے گہرے، اتنے ڈیپ اور اتنے عمیق نہیں جائیں گے، اس وقت تک آپ کا یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

جذبات سے پرے

کہتے ہیں کہ ایک چھوٹی مچھلی نے بڑی مچھلی سے پوچھا کہ آپا یہ سمندر کہاں ہوتا ہے؟ اس نے کہا جہاں تم کھڑی ہوئی ہو یہ سمندر ہے۔ اس نے کہا: آپ نے بھی وہی جاہلوں والی بات کی یہ تو پانی ہے، میں تو سمندر کی تلاش میں ہوں اور میں سمجھتی تھی کہ آپ بڑی عمر کی ہیں، آپ نے بڑا وقت گزارا ہے، آپ مجھے سمندر کا بتائیں گی۔ وہ اس کو آوازیں دیتی رہی کہ چھوٹی مچھلی ٹھہرو! ٹھہرو! میری بات سن کے جاؤ اور سمجھو کہ میں کیا کہنا چاہتی ہوں، لیکن اس نے پلٹ کر نہیں دیکھا اور چلی گئی۔ بڑی مچھلی نے کہا کہ کوشش کرنے کی، جدوجہد کرنے کی، بھاگنے دوڑنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، دیکھنے کی اور Straight آنکھوں کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مسئلے کے اندر اترنے کی ضرورت ہے۔ جب تک تم مسئلے کے اندر اتر کر نہیں دیکھو گے، تم اسی طرح بے چین و بے قرار رہو گے اور تمھیں سمندر نہیں ملے گا۔

چار چار سلیمان

ندوہ کے ایک جلسہ میں جو لکھنؤ غالباً ۱۹۱۵ء میں تھا چار سلیمان جمع ہو گئے تھے، قاضی سلیمان صاحب منصورپوریؒ مصنّف رحمۃٌ للعٰلَمین، مولانا سلیمان اشرف صاحب بہاریؒ (استادِ دینیات مسلم یونیورسٹی علی گڑھ)، مولانا شاہ سلیمان صاحب پھلوارویؒ اور خاکسار سلیمان، شاہ صاحب نے فرمایا کہ آج کل کئی کئی سلیمان پیدا ہو گئے ہیں، لیکن ان میں سلیمان بن داؤد مَیں ہوں۔
(شاہ صاحب کے والدِ ماجد کا نام داؤد تھا اور اسی لئے ان کی مُہر میں وَوَرِث سُلَیمٰنُ دَاوٗدَ کندہ تھا) مجمع بے اختیار ہنس پڑا۔
پھر فرمایا: ’’پہلے سُلَیمان فرد تھا اور اب رُباعی ہے، چار چار سلیمان یکجا ہیں۔‘‘ افسوس کہ یہ رباعی قاضی سلیمان کی وفات سے چند سال گزرے کہ مثلّث بن چُکی تھی اور اب ۷؍صَفر کو قطعہ ہو گئی، اب اس رُباعی کے صرف دو مصرعے باقی ہیں، خدا جانے یہ بھی کب اس صفحۂ ہستی سے حرفِ غلط کی طرح مٹ جائیں۔ و اللہ ھو الباقی
(یادِ رفتگاں از سید سلیمان ندویؒ ۔ ۔ ۔ شاہ سلیمان پھلوارویؒ کی وفات پر نثری مرثیہ)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے