کتاب:راہِ نور

زندگی کو الوداع کہہ کر موت کی طلب میں نکلنے والے تین افراد کی یہ کہانی قاری کو ابتدا ہی سے اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ وہ زندگی کی دہلیز عبور کرکے موت کے دروازے پر دستک دینے نکلتے ہیں اور ایک اندھیری غار میں جا پہنچتے ہیں۔ وہاں وہ مر سکتے تھے، مگر تڑپ کر یا اذیت ناک موت نہیں، بلکہ ایک پُرسکون انجام چاہتے تھے۔
اسی غار میں موجود ایک بزرگ انہیں بطورِ امانت ایک چمڑے کا تھیلا تھما کر ہدایت دیتے ہیں کہ اسے چاچا امام دین تک پہنچا دیں۔ وہ اس امانتی تھیلے کے ساتھ غار سے باہر نکلتے ہیں، اس ارادے کے ساتھ کہ امانت اپنی منزل تک پہنچانے کے بعد دوبارہ موت کو گلے لگانے کی کوشش کریں گے۔
عجیب تضاد ہے کہ جہاں دنیا کے بیشتر لوگ زندگی کی خواہش رکھتے ہیں، وہیں یہ تینوں بے وفائی اور اپنوں کی جدائی کے دکھ میں ہمیشہ کے لیے سو جانا چاہتے ہیں۔
غار سے چاچا امام دین تک کا یہ سفر انہیں ایسے بے شمار لوگوں سے ملواتا ہے جو بظاہر زندہ ہیں، مگر اندر سے مر چکے ہیں۔ چاچا امام دین کی تلاش میں وہ حویلیوں سے لے کر کھنڈرات تک بھٹکتے ہیں، مگر اُن تک رسائی نہیں ہو پاتی۔ رفتہ رفتہ ان کے مرنے کا ارادہ بھی ٹلنے لگتا ہے اور زندگی کا احساس بھی جاگنے لگتا ہے۔
ایک مرحلے پر پہنچ کر قاری بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ آخر یہ چاچا امام دین کون ہیں؟ ان کا کردار اتنا پُراسرار کیوں ہے؟ کتاب ابتدا سے اختتام تک اسی جستجو کو برقرار رکھتی ہے، مگر چاچا امام دین سامنے نہیں آتے۔
بالآخر جب اُن سے ملاقات ہوتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اُن کے ہاتھوں میں بھی ایک امانت ہے، اور وہ امانت ہادی اور طلال کی زندگیاں ہیں۔ تب یہ حقیقت بھی آشکار ہوتی ہے کہ یہی وہ بزرگ تھے جنہوں نے ابتدا میں ہادی، طلال اور ابراہیم کے ہاتھ میں امانت کا تھیلا تھمایا تھا۔
یہ کتاب صرف اُن لوگوں کے لیے نہیں جو زندگی کو دھوکا سمجھ کر موت کو گلے لگانا چاہتے ہیں، بلکہ اُن کے لیے بھی ہے جن کی زندگی سے امید کی روشنی ماند پڑ چکی ہے، جو ذرا سی تکلیف پر ہمت ہار بیٹھتے ہیں، یا ہر لمحہ جینے کے لیے مر رہے ہوتے ہیں۔
کتاب میں ایک نہایت حوصلہ افزا سطر درج ہے:
’’نبی اور پیغمبر بھی تکلیفوں سے گزرے، مگر وہ ان تکلیفوں میں رکے نہیں، بلکہ آگے بڑھ گئے۔ آگے بڑھ جانا افضل ہے، اور سفر جاری رکھنا عبادت۔ کوئی مشکل ایسی نہیں جو آسان نہ ہو جائے، اور کوئی کنواں ایسا نہیں جس سے یوسف سربلند ہو کر نہ نکلے۔ یوسف علیہ السلام اپنی کوشش سے نہیں، اپنے مرتبے کی بلندی سے باہر آئے۔ اپنا مرتبہ بلند کرو۔ یاد رکھو، جب یوسف علیہ السلام کو کنویں میں ڈالا گیا، تبھی اُن کے عروج کی ابتدا ہوئی۔ گرنے والے ہی بلند ہوتے ہیں، بشرطیکہ وہ بھروسے کی رسی مضبوطی سے تھامے رکھیں۔’’
’’راہِ نور’’ محض ایک ناول نہیں، بلکہ امید، صبر، توکل اور زندگی کی معنویت کا ایسا روح پرور سفر ہے جو قاری کو خود اپنے وجود کے اندر جھانکنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ کتاب ختم ہو جاتی ہے، مگر اس کے سوال، اس کے کردار اور اس کا پیغام دیر تک ذہن و دل میں گونجتے رہتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦