مسلم طالبات : خود اعتمادی کی بازیافت
زمرہ : ادراك

آج کی مسلم لڑکی ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں بظاہر اس کے سامنے پہلے سے کہیں زیادہ مواقع موجود ہیں۔ تعلیم کے دروازے وسیع ہو چکے ہیں، یونیورسٹیوںمیں طالبات کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، خواتین مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور دنیا بظاہر انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور منوانے کے بے شمار مواقع فراہم کرتی نظر آتی ہے۔ مگر اس ظاہری ترقی کے ساتھ ایک گہرا نظریاتی بحران بھی جنم لے چکا ہے۔
ایک طرف اسے یہ باور کرایا جاتا ہے کہ اس کا اصل مقام صرف گھر کی چار دیواری ہے، اس کی بنیادی ذمہ داری بچوں کی پرورش، گھر کی دیکھ بھال اور خاندان کی خدمت ہے۔ دوسری طرف یہی معاشرہ اس سے اعلیٰ تعلیم، معاشی خود کفالت اور ہر میدان میں نمایاں کارکردگی کی توقع بھی رکھتا ہے۔ ایک ہی لڑکی سے بیک وقت ایک دوسرے سے متصادم توقعات وابستہ کر دی جاتی ہیں۔ وہ ڈاکٹر بھی بنے، بہترین ماں بھی ہو، مثالی بیوی بھی ثابت ہو، خاندان کی ذمہ داریاں بھی نبھائے، سماجی خدمات بھی انجام دے، اور اگر کسی مرحلے پر معمولی سی لغزش بھی ہو جائے تو تنقید کا نشانہ بھی بن جائے۔
یہ کشمکش صرف سماجی نہیں بلکہ گہری نفسیاتی نوعیت بھی اختیار کر چکی ہے۔آج بہت سے والدین اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم اس لیے بھی دلواتے ہیں کہ وہ مستقبل میں کسی ناگہانی صورتِ حال، طلاق، بیوگی یا معاشی عدمِ تحفظ کی صورت میں اپنے پاؤں پر خود کھڑی رہ سکیں۔ خاندانی نظام کی کمزوری اور معاشرتی عدمِ استحکام نے والدین کو بیٹیوں کی تعلیم اور خود کفالت پر پہلے سے زیادہ توجہ دینے پر مجبور کر دیا ہے۔یہ سوچ اپنی جگہ قابلِ فہم اور بجا ہے، لیکن جب اس کے ساتھ واضح اسلامی فکری رہنمائی موجود نہ ہو تو یہی لڑکیاں یونیورسٹی میں پہنچ کر ایک ایسے فکری طوفان میں داخل ہو جاتی ہیں جہاں مختلف نظریات اور افکار ان کے سامنے آ کھڑے ہوتے ہیں۔ ایسے ماحول میں ان کی شناخت، اقدار اور ایمانی شعور ہر قدم پر آزمائش سے گزرتا ہے۔

کالج کیمپس کے چیلنجز

کالج اور یونیورسٹی کا ماحول صرف علمی نہیں بلکہ فکری اور نظریاتی بھی ہوتا ہے۔ یہاں مختلف فلسفے، تہذیبیں اور سماجی نظریات ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں۔ انہی میں ایک نمایاں نظریہ فیمنزم (Feminism) بھی ہے، جس نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے دنیا بھر میں وسیع مباحث کو جنم دیا، مگر اس کے بعض تصورات مسلم طالبات کے ذہنوں میں الجھن اور فکری کشمکش بھی پیدا کرتے ہیں، خصوصاً اس وقت جب انہیں اسلام کے حقیقی تصورِ عورت سے صحیح طور پر روشناس نہ کرایا جائے۔
اس صورتِ حال کو ایک مثال سے سمجھتے ہیں۔سارہ انیس سالہ طالبہ ہے۔ اس نے ایک ایسے گھر میں پرورش پائی جہاں محبت، دینی ماحول اور معیاری تعلیم تینوں موجود تھے۔ والدین نے اسے اپنے بھائی کی طرح تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کیے۔ اس کا اپنا کمرہ تھا،اسٹڈی ٹیبل تھا، اپنی پسند کا مضمون منتخب کرنے کی آزادی تھی، حتیٰ کہ آمد و رفت کی مناسب سہولت بھی میسر تھی۔ اس کے ساتھ نماز کی پابندی، والدین کے احترام، سماجی شعور، حجاب، حیا اور اسلامی اخلاقیات کی بھی تربیت دی گئی۔لیکن یونیورسٹی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی اس کے سامنے ایک نئی دنیا کھل گئی۔ کبھی حجاب کی وجہ سے طنز، کبھی مذہبی شناخت کی بنیاد پر تعصب، کبھی دوستوں کے مذاق، کبھی فیشن اورگلیمر کا دباؤ، کبھی سوشل میڈیا کے رجحانات اور کبھی ’’آزاد عورت‘‘ کے دلکش نعروں نے اسے اندر ہی اندر متزلزل کرنا شروع کر دیا۔
رفتہ رفتہ اس کے ذہن میں کئی سوالات جنم لینے لگے۔
۱)کیا میرا حجاب میری کمزوری ہے؟
۲)کیا میرے والدین کی دی ہوئی تربیت دراصل پابندی ہے؟
۳)کیا شادی عورت کی ترقی میں رکاوٹ ہے؟
۴)کیا کیریئر اور خاندان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے؟
۵)کیا مذہب عورت کو محدود کرتا ہے؟
سوشل میڈیا نے اس کی الجھن میں مزید اضافہ کر دیا۔ ہر طرف یہی تصور پیش کیا جانے لگا کہ دنیا کا ہر معاشرہ Patriarchy یعنی مردانہ بالادستی پر قائم ہے، عورت ہمیشہ مظلوم رہی ہے اور حقیقی آزادی اسی وقت ممکن ہے جب وہ ہر قسم کی روایتی ذمہ داری سے خود کو آزاد کر لے۔
اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ سارہ صرف سماج ہی سے نہیں بلکہ اپنے خاندان، اپنی روایات اور رفتہ رفتہ اپنے مذہب سے بھی سوال کرنے لگی۔
بدقسمتی سے آج ہزاروں مسلم طالبات اسی نوعیت کی فکری کشمکش سے گزر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا کے ٹرینڈز اور کلچر کے اثرات نے خصوصاً کم عمر طالبات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں انہیں بظاہر آزادی، خودمختاری اور کامیابی کے دلکش تصورات تو دکھائے جاتے ہیں، مگر ان کے فکری، اخلاقی اور روحانی نتائج پر بہت کم گفتگو کی جاتی ہے۔

صحابیات: Empowerment کا عملی نمونہ

حقیقت یہ ہے کہ اسلام کی تعلیمات اور مسلم معاشرےکے موجودہ رویّوں میں فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔ بعض اوقات ہم اپنے معاشرتی رسم و رواج، خاندانی رویّوں اور مردانہ برتری پر مبنی ثقافتی عادات کو اسلام کا نام دے دیتے ہیں، حالانکہ قرآن و سنت کی تعلیمات ان سے بالکل مختلف ہیں۔
اسلام نے عورت کو عزت، قانونی حیثیت، مالی خودمختاری، وراثت، تعلیم، تجارت، اظہارِ رائے، حقِ انتخاب اور سماجی کردار جیسے وہ حقوق عطا کیے جو اس دور کی کسی دوسری تہذیب میں موجود نہ تھے۔ لیکن اگر مسلمان معاشرے ان تعلیمات پر عمل نہ کریں تو اس کی ذمہ داری اسلام پر عائد نہیں کی جا سکتی۔
اسی حقیقت کی طرف قرآنِ مجید اشارہ کرتا ہے:

وَلَا تَتَمَنَّوْا مَا فَضَّلَ اللّٰهُ بِهِ بَعْضَكُمْ عَلٰى بَعْضٍ لِلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبُوا وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبْنَ وَاسْأَلُوا اللّٰهَ مِنْ فَضْلِهِ إِنَّ اللّٰهَ كَانَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمًا

’’اور جو کچھ اللہ نے تم میں سے کسی کو دُوسروں کے مقابلے میں زیادہ دیا ہے اس کی تمنّا نہ کرو۔ جو کچھ مَردوں نے کمایا ہے اُس کے مطابق ان کا حصّہ ہے اور جو کچھ عورتوں نے کمایا ہے اس کے مطابق اُن کا حصّہ۔ ہاں اللہ سے اس کے فضل کی دُعا مانگتے رہو، یقیناً اللہ ہر چیز کا عِلم رکھتا ہے۔‘‘
(سورۃ النساء: ۳۲)
یہ آیت نہ صرف عورت کی معاشی اور سماج ی حیثیت کو تسلیم کرتی ہے بلکہ اس کی محنت، صلاحیت اور انفرادی کمائی کو بھی قانونی حیثیت عطا کرتی ہے۔ اسلام عورت کو مرد کا تابع وجود نہیں بلکہ ایک مستقل اخلاقی، قانونی اور سماجی شخصیت قرار دیتا ہے۔جب مسلم طالبات’’عورت کی آزادی‘‘ یا خواتین کی بااختیاریت (Women’s Empowerment) کی اصطلاح سنتی ہیں تو عموماً ان کے ذہن میں مغرب کے پیش کردہ تصورات آتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اسلام نے عورت کے لیے کوئی ماڈل پیش نہیں کیا؟
اگر قرآنِ مجید اور سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اسلام نے عورت کو نہ صرف باوقار مقام عطا کیا بلکہ اس کی شخصیت، صلاحیت، دلچسپی اور فطری رجحانات کو بھی پوری اہمیت دی۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام خواتین کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش نہیں کی بلکہ ہر خاتون کی فطری صلاحیت(Ability)،رجحان(Interest) اور حالات (Circumstances)کے مطابق اس کی رہنمائی فرمائی۔ یہی اسلام کا تصورِایمپاورمنٹ( بااختیاریت) ہے۔
اسلام نہ یہ کہتا ہے کہ ہر عورت صرف گھر تک محدود رہے اور نہ یہ کہ ہر عورت کے لیے گھر سے باہر کام کرنا لازمی ہے، بلکہ اس نے دونوں انتہاؤں سے بچتے ہوئے اعتدال اور توازن کا راستہ اختیار کیا ہے۔قرآنِ مجید میں ارشاد ہوتا ہے:

يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّن ذَكَرٍ وَأُنثَىٰ وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ

’’لوگو، ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنا دیں تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ درحقیقت اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزّت والا وہ ہے جو تمہارے اندر سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔‘‘ (سورۃ الحجرات، :۱۳)
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عزت، فضیلت اور برتری کا معیار جنس نہیں بلکہ تقویٰ ہے۔
حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ کی زندگی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ ایک مسلمان خاتون ضرورت کے وقت سماجی اور اجتماعی میدان میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے۔
ہجرت کے موقع پر وہ کئی راتوں تک غارِ ثور میں رسول اللہ اورحضرت ابوبکر صدیقؓ کے لیے کھانا اور ضروری سامان پہنچاتی رہیں۔ اسی خدمت کے باعث انہیں ذات النطاقین کا لقب عطا ہوا۔ بعد ازاں وہ اپنے کھیتوں میں کام کرتیں اور اپنے گھوڑے کی دیکھ بھال بھی خود انجام دیتیں۔ ان کی زندگی ایک ایسی مسلمان خاتون کا عملی نمونہ پیش کرتی ہے جو گھر کی ذمہ دار بھی ہے، سماج میں متحرک بھی اور دین کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔
اس کے برعکس حضرت فاطمہ زہراؓ کی زندگی کا نمایاں پہلو گھر اور خاندان کی ذمہ داریاں تھیں۔ وہ چکی پیستیں، پانی لاتیں، گھر کا انتظام سنبھالتیں، بچوں کی تربیت کرتیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نہایت محبوب صاحبزادی تھیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے گھریلو مشقت کی وجہ سے خادم کی خواہش ظاہر کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خادم دینے کے بجائے سونے سے پہلے ۳۳ مرتبہ سبحان اللہ، ۳۳ مرتبہ الحمد للہ اور ۳۴ مرتبہ اللہ اکبر پڑھنے کی تلقین فرمائی۔
جب کبھی کسی مسافر کو کھانا کھلانے کی ضرورت پیش آتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت سلمان فارسیؓ کو حضرت فاطمہؓ کے گھر بھیجتے، اور وہ بلا تامل مسافر کے لیے روٹیاں تیار کر دیتیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گھر کی ذمہ داریاں عورت کی کم حیثیتی کی علامت نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری اور عبادت ہیں۔ صحابیاتِ کرامؓ کی زندگیاں اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ ہر خاتون نے اپنی صلاحیت، حالات اور ذوق کے مطابق اپنا کردار ادا کیا۔
اسلامی تاریخ میں خواتین کی علمی قیادت کا ذکر کیا جائے تو سب سے نمایاں نام حضرت عائشہ صدیقہؓ کا سامنے آتا ہے۔ انہوں نے دو ہزار سے زائد احادیث روایت کیں۔ جلیل القدر صحابۂ کرامؓ فقہی مسائل میں ان سے رہنمائی حاصل کرتے تھے اور وہ امتِ مسلمہ کی عظیم معلمہ تھیں۔
حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ فرماتے ہیں:
’’ہمیں جب بھی کوئی علمی مسئلہ پیش آتا تو حضرت عائشہؓ کے پاس اس کا علم ضرور ملتا۔‘‘
یہ اسلامی تاریخ میں عورت کی علمی قیادت کا روشن ترین نمونہ ہے۔حضرت زینب بنت جحشؓ اپنے ہاتھ سے چمڑے کی دباغت اور دیگر ہنر انجام دیتی تھیں۔ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی راہِ خدا میں خرچ کر دیتی تھیں اور کثرت سے صدقہ کیا کرتی تھیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے بارے میں فرمایا:
’’تم میں سب سے پہلے مجھ سے وہ آ ملے گی جس کا ہاتھ سب سے زیادہ لمبا ہوگا۔‘‘
ابتدا میں صحابۂ کرامؓ نے اس کا ظاہری مفہوم لیا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اس سے مراد زیادہ صدقہ کرنے والی تھیں، اور سب سے پہلے حضرت زینبؓ ہی کا انتقال ہوا۔
حضرت اُم عطیہ انصاریہؓ جنگوں میں زخمی مجاہدین کی خدمت کرتیں، مرہم پٹی کرتیں اور بیماروں کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔ وہ خود بیان فرماتی ہیں:
’’میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سات غزوات میں شریک ہوئی۔ مجاہدین کے پیچھے رہ کر ان کے سامان کی دیکھ بھال کرتی، بیماروں کی خدمت کرتی اور زخمیوں کا علاج کیا کرتی تھی۔‘‘
یہ اسلامی معاشرے میں خواتین کی طبی، سماجی اور فلاحی خدمات کا واضح ثبوت ہے۔اسلام سب کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنے کا قائل نہیں۔ ان تمام مثالوں سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ حضرت عائشہؓ کا میدان علم و فقہ تھا، حضرت اسماءؓ سماجی خدمت اور عملی جدوجہد میں نمایاں تھیں، حضرت زینب بنت جحشؓ معاشی سرگرمیوں اور سخاوت میں ممتاز تھیں، حضرت اُم عطیہ انصاریہؓ طبی اور فلاحی خدمات انجام دیتی تھیں، جبکہ حضرت فاطمہ زہراؓ گھریلو زندگی، تربیتِ اولاد اور خاندانی ذمہ داریوں کی بہترین مثال تھیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی یہ نہیں فرمایا کہ تمام خواتین ایک ہی جیسا کردار اختیار کریں۔ اسلام انسان کی صلاحیت، دل چسپی اور حالات کو سامنے رکھ کر اس کی ذمہ داریاں متعین کرتا ہے۔اسی لیے قرآنِ مجید مومن مردوں اور مومن عورتوں کو ایک دوسرے کا معاون قرار دیتا ہے، نہ کہ ایک دوسرے کا حریف۔

وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ يَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ…

’’مومن مر د اور مومن عورتیں، یہ سب ایک دوسرے کے رفیق ہیں، بھلائی کا حکم دیتے اور بُرائی سے روکتے ہیں‘‘(سورۃ التوبہ،: ۷۱)
یہ آیت عورت اور مرد کے تعلق کو مقابلے یا کشمکش کے بجائے تعاون، شراکت اور ایک دوسرے کی تکمیل کا رشتہ قرار دیتی ہے۔
مسلم طالبات کے ذہنوں میں آج جو سب سے بڑا فکری انتشار پیدا ہوا ہے، اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہ اسلام اور مسلم معاشرے کو ایک ہی چیز سمجھنے لگتی ہیں، حالانکہ دونوں میں فرق کرنا نہایت ضروری ہے۔ اسلام ایک الہامی نظام ہے، جبکہ مسلمان ایک انسانی معاشرہ ہیں۔ اسلام کامل ہے، لیکن مسلمان کامل نہیں، اس لیے ان کے رویّے اور طرزِ عمل بھی کامل نہیں ہو سکتے۔ اگر کوئی مسلمان عورت پر ظلم کرتا ہے تو وہ اسلام کی نہیں بلکہ اپنے ذاتی عمل اور معاشرتی رویّے کی نمائندگی کرتا ہے۔
بدقسمتی سے بعض گھروں میں عورت کو تعلیم سے محروم رکھا جاتا ہے، اس کی رائے کو اہمیت نہیں دی جاتی، اس کی کمائی پر ناجائز قبضہ کیا جاتا ہے، اسے ہر گھریلو مسئلے کا واحد ذمہ دار سمجھا جاتا ہے یا محض خدمت گزار بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ پھر انہی رویّوں کو ’’اسلام‘‘ کا نام دے دیا جاتا ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں بہت سی نوجوان مسلم لڑکیاں مذہب سے بدظن ہونے لگتی ہیں۔
اسلام نے عورت کو محض چند حقوق نہیں دیے بلکہ اسے ایک مستقل قانونی شخصیت (Independent Legal Personality) عطا کی۔ قرآنِ مجید فرماتا ہے:

لِّلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبُوا وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبْنَ

’’جو کچھ مَردوں نے کمایا ہے اُس کے مطابق ان کا حصّہ ہے اور جو کچھ عورتوں نے کمایا ہے اس کے مطابق اُن کا حصّہ‘‘(سورۃ النساء، :۳۲)
یعنی عورت اپنی آمدنی کی خود مالک ہے۔ شوہر، والد یا کوئی اور شخص اس کی رضا کے بغیر اس پر اختیار نہیں رکھتا۔ اسلامی فقہ میں شادی کے بعد بھی عورت کی مالی حیثیت برقرار رہتی ہے۔
وہ خرید و فروخت کر سکتی ہے، تجارت کر سکتی ہے، صدقہ کر سکتی ہے، وصیت کر سکتی ہے اور اپنی جائیداد کی مکمل مالک رہتی ہے۔ یہ حق یورپ کی کئی ریاستوں میں انیسویں صدی تک بھی خواتین کو حاصل نہیں تھا، جبکہ اسلام نے چودہ سو سال پہلے یہ حق عطا کر دیا تھا۔
اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے الگ علمی نشستوں کا اہتمام فرمایا۔ صحابیاتؓ نے عرض کیا:
’’مرد آپ کی زیادہ صحبت میں علم حاصل کر لیتے ہیں، ہمارے لیے بھی ایک دن مقرر فرما دیجیے۔‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لیے ایک مخصوص دن مقرر فرمایا۔ یہ اسلامی تاریخ میں خواتین کی منظم تعلیم و تربیت کی اولین مثالوں میں سے ایک ہے۔
اگر ایک مسلمان لڑکی کو بچپن سے صرف احکام سکھائے جائیں لیکن ان کی حکمت نہ سمجھائی جائے، اگر اسے صرف ’’یہ جائز ہے‘‘ اور ’’یہ ناجائز ہے‘‘ بتایا جائے مگر قرآن کے عدل، رحمت اور انسان دوستی پر مبنی نظام سے روشناس نہ کرایا جائے، تو ممکن ہے کہ یونیورسٹی پہنچ کر وہ پہلے ہی فکری سوال پر متزلزل ہو جائے۔
فیمنزم کی کشش اس لیے نہیں بڑھتی کہ اس کے پاس ہر سوال کا درست جواب ہے، بلکہ اس لیے بڑھتی ہے کہ بہت سی مسلم لڑکیاں اپنے دین کی اصل تعلیمات اور ان کے دلائل سے واقف نہیں ہوتیں۔
اسلام خوف کا نہیں، شعور کا دین ہے۔
ایک مسلم لڑکی کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے کسی نظریے سے سند لینے کی ضرورت نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اسے اسی دن عزت و وقار عطا کر دیا تھا جب قرآن نے اسے ایمان، علم، عمل، ملکیت، عزت اور ذمہ داری میں مرد کے شانہ بشانہ ایک مستقل مقام دیا۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ وہ اپنی اس شناخت کو جانے، سمجھے اور اعتماد کے ساتھ اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

4 Comments

  1. قدسیہ کوثر

    بہت ہی اہم،وقت کی ضرورت اور ابھرتےہوئےعنوان پر قرآن و حدیث کے حوالوں کے ساتھ جذبات شیئر کئے۔۔۔پڑھ کر دل کو اطمینان ہوا۔۔جزاک اللہ خیر

    Reply
  2. Saima Chaudhary

    بهت عمده ما شاءالله

    Reply
    • Asma imtiyaz

      Purjosh aur ladkiyon ke eitmad ko mazbut karne wali tahreer
      Jazakallah khair

      Reply
  3. Saima Chaudhary

    بهت عمده ما شاءالله

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦