عورت کی اصل پہچان

وجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ
اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوزِ دروں

ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی۔ آسمان پر بادل ایسے چھائے تھے، جیسے کسی مصور نے نیلے کینوس پر سرمئی رنگ بکھیر دیے ہوں۔ مونسہ کھڑکی کے پاس بیٹھی بارش کی بوندوں کو شیشے پر بہتے دیکھ رہی تھی، مگر اس کے دل میں ایک طوفان برپا تھا۔
آج کالج میں ایک سوال نے اس کی پوری دنیا ہلا دی تھی:
’’آج کی عورت کی اصل پہچان کیا ہے؟‘‘
کلاس میں ہر طالبہ نے اپنا اپنا جواب دیا۔
کسی نے کہا:’’مالی خود مختاری۔‘‘
کسی نے کہا:’’جدید طرزِ زندگی۔‘‘
کسی نے کہا:’’آزادی۔‘‘
مونسہ خاموش رہی۔ اسے محسوس ہوا جیسے وہ خود کو جانتی ہی نہیں۔
گھر آ کر اس نے اپنی امی سے یہی سوال کیا۔ امی نے جواب دینے کے بجائے الماری سے ایک پرانی کتاب نکالی۔ اس کے پہلے صفحے پر علامہ اقبال کا یہ شعرتحریر تھا:

’’وجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ‘‘

امی نے کہا:’’بیٹی! اگر تم اس شعر کو سمجھ لو تو عورت کی حقیقت بھی سمجھ لو گی۔‘‘
مونسہ حیرت سے ان کی طرف دیکھنے لگی۔
امی بولیں:’’ذرا سوچو! جب ایک بچہ دنیا میں آتا ہے تو سب سے پہلے کس کی آغوش اسے سکون دیتی ہے؟ جب ایک گھرکا تانا بانا بکھرنے لگتا ہے تو کون محبت کے دھاگوں سے اسے دوبارہ جوڑتا ہے؟ جب ایک معاشرہ اخلاق سے خالی ہونے لگتا ہے تو نئی نسل کی تربیت کون کرتا ہے؟‘‘
مونسہ کی نظریں جھک گئیں۔
امی نے اس کا ہاتھ تھام کر کہا:’’بیٹی! عورت صرف ایک انسان نہیں، وہ نسلوں کی معمار ہے۔ اس کی گود پہلی درس گاہ ہے، اس کی زبان پہلا سبق ہے، اس کا کردار پہلی کتاب ہے اور اس کی دعا پہلی حفاظت۔‘‘
اس رات مونسہ سو نہ سکی۔ اگلی صبح اس نے زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنا شروع کیا۔
اس نے اپنی ماں کو دیکھا، جو خاموشی سے پورے گھر کی تھکن اپنے چہرے پر آنے نہیں دیتی تھیں۔
اپنی استانی کو دیکھا، جو سینکڑوں طالبات کے دلوں میں علم کا نور روشن کر رہی تھیں۔
اس ڈاکٹر خاتون کو دیکھا، جو مریضوں کی خدمت میں دن رات ایک کیے ہوئے تھیں۔
اور مدرسے میں قرآن پڑھاتی وہ معلمہ، جس کی ایک ایک بات بچیوں کے کردار کو سنوار رہی تھی۔
مونسہ کو محسوس ہوا کہ دنیا کی خوب صورتی صرف رنگوں، عمارتوں یا روشنیوں میں نہیں، بلکہ ان عورتوں میں ہے، جو خاموشی سے زندگیوں کو سنوار رہی ہیں۔
اس دن اس نے اپنی ڈائری میں لکھا:
’’میں دوسروں جیسی بننے کے لیے پیدا نہیں ہوئی۔ میں اس مقصد کے لیے پیدا ہوئی ہوں کہ اللہ نے مجھے جو فطرت، حیا، محبت، شفقت اور صلاحیت عطا کی ہے، اسے انسانیت کی بھلائی میں استعمال کروں۔ یہی میری پہچان ہے اور یہی میری کام یابی ہے۔‘‘
برسوں بعد۔۔۔
مونسہ ایک کام یاب معلمہ، بہترین بیٹی اور معاشرے کی رہنما بن چکی تھی۔ ایک تقریب میں اس سے پوچھا گیا:
’’آپ کی کام یابی کا راز کیا ہے؟‘‘
وہ مسکرائی۔ چند لمحے خاموش رہی اور پھر بولی:
’’میں نے دنیا کو بدلنے سے پہلے خود کو پہچانا۔ جب میں نے جان لیا کہ عورت ہونا کمزوری نہیں بلکہ اللہ کی عظیم امانت ہے، تب میری زندگی کا ہر قدم عبادت بن گیا۔‘‘
ہال تالیوں سے گونج اٹھا، مگر مونسہ کی نگاہیں آسمان کی طرف تھیں۔
اسے یوں محسوس ہوا جیسے بارش کے بعد بکھرنے والی قوسِ قزح یہ پیغام دے رہی ہو کہ۔۔۔
اگر عورت اپنے ایمان، علم، حیا اور کردار کے رنگوں کو سنبھال لے تو صرف ایک گھر نہیں، پوری کائنات رنگوں سے بھر جاتی ہے۔
اور تب اقبال کا شعر صرف ایک شعر نہیں رہتا، بلکہ ایک زندہ حقیقت بن جاتا ہے:

وجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ
اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوزِ دروں

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Abu Saleh

    دل چسپ انداز میں پیش کی گئی یہ تحریر ایک نوجوان خاتون کو متاثر کرنے والی زندگی کا رخ بدل دینے والی جامع گُفتگو ہے ۔ جزاک اللّٰہ خیر!

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے