لفظ عیادت کا مطلب ہے کسی بیمار کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اس کے پاس جانا، اس کی دل جوئی کرنا اور اسے حوصلہ دینا تاکہ ان تکلیف دہ لمحات میں اسے یہ احساس رہے کہ ہم سب اس کے ساتھ ہیں، وہ تنہا نہیں ہے۔ عیادت صرف ایک رسمی ملاقات نہیں ہے بلکہ ہمدردی، محبت اور تعلقات کا عملی مظاہرہ ہے۔ اس لیے کہ بیمار شخص جب لوگوں سے ملتا ہے تو اس کی ڈھارس بندھتی ہے اور تھوڑی دیر کے لیے وہ بیماری بھول جاتا ہے۔ اسے تقویت ملتی ہے اور تسلی ہوتی ہے۔ عیادت مریض کے حوصلے کو بحال کرتی ہے اور اسے نفسیاتی طور پر صحت یاب ہونے میں خاصی مدد ملتی ہے۔ جہاں یہ انسانی ہمدردی کا اظہار ہے، وہیں اللہ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اسی لیے اسلام نے عیادت کی بڑی تاکید کی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے واضح الفاظ میں فرمایا: ’’مریض کی عیادت کیا کرو۔‘‘ (سنن ابی داود، حدیث 3105)
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک بار نبی کریم ﷺ نے بیمار کی عیادت پر ابھارتے ہوئے فرمایا: ’’جب بھی کوئی مسلمان صبح کو کسی مسلمان کی عیادت کے لیے جاتا ہے تو شام تک ستر ہزار فرشتے اس کے لیے رحمت کی دعا کرتے رہتے ہیں اور اگر وہ شام کے وقت عیادت کے لیے جاتا ہے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اس کے لیے دعائے رحمت کرتے ہیں اور جنت میں اس کے لیے چنے ہوئے پھل ہوں گے۔‘‘ (جامع ترمذی، حدیث 969)
عیادت کو آپ ﷺ نے مسلمان بھائی کا حق قرار دیا۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’مسلمان پر مسلمان کے پانچ حقوق ہیں: سلام کا جواب دینا، دعوت قبول کرنا، چھینک آنے پر الحمدللہ کا جواب یرحمک اللہ سے دینا، بیمار ہو تو اس کی عیادت کرنا اور وفات ہو جائے تو جنازے کے ساتھ جانا۔‘‘
(صحیح مسلم، حدیث 2162)
ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے نہایت دل نشیں انداز میں عیادت کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا : ’’اے ابن آدم! میں بیمار تھا، تو نے میری عیادت نہیں کی۔‘‘ وہ عرض کرے گا: ’’اے اللہ! تو تو سارے جہانوں کا رب ہے۔ تیری بیماری اور عیادت کا کیا سوال؟‘‘ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: ’’کیا تجھے یاد نہیں رہا کہ میرا فلاں بندہ بیمار تھا، مگر تو نے اس کی عیادت نہیں کی؟ تو اس کی عیادت کرتا تو مجھے اس کے پاس پاتا۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث 2569)
مریض کی عیادت کے تعلق سے غیر مسلموں کے ساتھ بھی حسنِ سلوک کی مثالیں ملتی ہیں۔ نبی ﷺ نے ایک یہودی لڑکے کی بھی عیادت فرمائی، جیسا کہ صحیح بخاری کی مشہور حدیث میں ہے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک یہودی لڑکا جو نبی ﷺ کی خدمت کیا کرتا تھا، جب وہ بیمار پڑا تو نبی ﷺ نے اس کی عیادت کی۔ آپ ﷺ اس کے سرہانے بیٹھے اور اسے اسلام کی دعوت دی۔ لڑکے نے اپنے والد کی طرف دیکھا تو اس کے والد نے کہا کہ ابوالقاسم کی بات مان لو۔ چناں چہ وہ لڑکا ایمان لے آیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کے لیے حمد و ثنا ہے، جس نے اس لڑکے کو آگ سے بچا لیا۔
(صحیح بخاری، حدیث 1356)
اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ کسی غیر مسلم کی عیادت کے لیے جائیں تو موقع پا کر حکمت کے ساتھ اسے اسلام کی دعوت بھی دی جا سکتی ہے۔
اسلام نے عیادت کی نہ صرف تاکید کی ہے بلکہ اس کے آداب بھی سکھائے ہیں۔ جب مسلمان بھائی اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کو جائے تو اس کے لیے صحت و عافیت کی دعا کرے اور اسے صبر کی تلقین کرے۔ نبی ﷺ سے مروی ہے کہ جب کسی مریض کی عیادت کی جائے تو اسے امید دلائی جائے۔ اس سلسلے میں روایت ہے: ’’جب تم کسی مریض کے پاس جاؤ تو اسے لمبی عمر کی امید دلاؤ۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی قضا تو نہیں ٹل سکتی، لیکن مریض کی دل جوئی ہوتی ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ، حدیث 1438) یہ روایت ضعیف ہے، تاہم اس کا مفہوم مریض کی دل جوئی کے اعتبار سے درست ہے۔
عیادت کے وقت یہ دعا بھی کہی جائے:’’لا بأس، طَهور إن شاء اللہ‘‘یعنی ’’کوئی بات نہیں، ان شاء اللہ یہ بیماری گناہوں سے پاک کرنے والی ہے۔‘‘ (صحیح بخاری، حدیث 5656)
رسول اللہ ﷺ سے مریض کی عیادت کے وقت اس کے لیے دعا کرنا ثابت ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب کسی مریض کی عیادت فرماتے یا کوئی مریض آپ ﷺ کے پاس لایا جاتا تو دعا فرماتے:
’’اللهم رب الناس، أذهب الباس، اشف أنت الشافي، لا شفاء إلا شفاؤك، شفاء لا يغادر سقماً۔‘‘
ترجمہ: اے اللہ! لوگوں کے رب، اس کی تکلیف دور کر دے۔ تو ہی شفا دینے والا ہے۔ تیرے علاوہ کوئی شفا دینے والا نہیں۔ اسے ایسی شفا عطا فرما کہ کوئی بیماری باقی نہ رہے۔ (صحیح بخاری، حدیث 5675)
مریض کی عیادت کے آداب میں یہ بھی ہے کہ اس کے پاس حسبِ ضرورت بیٹھے۔ اگر یہ محسوس کرے کہ عیادت مریض کی دل جوئی کا باعث ہے تو زیادہ دیر بیٹھنے میں بھی کوئی حرج نہیں اور اگر یہ محسوس کرے کہ زیادہ دیر اس کی موجودگی مریض یا اس کے رشتے داروں کے لیے تکلیف کا باعث ہوگی تو زیادہ دیر نہ بیٹھے۔ مریض کے پاس اچھی اور حوصلہ افزا بات کرنی چاہیے۔ تیمارداری میں بھی تعاون کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور ممکن ہو تو کچھ پھل یا جوس وغیرہ لے کر عیادت کے لیے جانا چاہیے۔
اگر ممکن ہو تو مریض سے اپنے حق میں دعا کی درخواست بھی کی جا سکتی ہے۔ اس بارے میں سنن ابن ماجہ میں روایت ہے: ’’جب تم کسی مریض کے پاس جاؤ تو اس سے کہو کہ وہ تمہارے لیے دعا کرے۔ اس لیے کہ اس کی دعا فرشتوں کی دعا جیسی ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ، حدیث 1441) تاہم اس روایت کو ضعیف قرار دیا گیا ہے۔
مندرجہ بالا تفصیل سے واضح ہوتا ہے کہ عیادت مریض کے لیے ہمدردی، دل جوئی اور خیر خواہی کا اہم ذریعہ ہے اور مسلمان کے لیے اجر و ثواب کا باعث بھی ہے۔ ہمیں بہ حیثیت مسلمان اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments