اس بھاگتی دوڑتی زندگی میں ہم اپنی زندگی کا ایک قیمتی حصہ دوسروں کو خوش کرنے میں گزار دیتے ہیں۔ ہمیں کسی کی شخصیت خود سے اچھی محسوس ہوتی ہے تو اپنی شخصیت کم تر لگنے لگتی ہے، کسی کے بولنے کا انداز اچھا لگتا ہے تو ہمیں کم تری کا احساس ہوتا ہے کہ ہم اس کی طرح کیوں نہیں بول سکتے، کسی کی تعلیم اچھی جگہ سے ہوتی ہے یا اچھی یونی ورسٹی سے ہوتی ہے تو ہمیں کم تری کا احساس ہونے لگتا ہے کہ میری تعلیم کی تو کوئی قیمت ہی نہیں ہے۔ جب ہمیں کوئی کسی دوسرے کی کام یابی کے بارے میں بتاتا ہے کہ فلاں کو اتنی اچھی جاب مل گئی، فلاں کا داخلہ اس بڑی یونی ورسٹی میں ہو گیا یا پھر جس کی بھی تعریف ہمارے سامنے ہوتی ہے تو کہیں نہ کہیں ہم یہی سوچتے ہیں کہ کاش ہم بھی اس طرح کے ہوتے۔ یہی سوچ دھیرے دھیرے ہماری زندگی پر اثر کرنے لگتی ہے۔ ہمارا ذہن مسلسل اس چیز کو سوچنے لگتا ہے، پھر ہم کوشش میں لگ جاتے ہیں کہ ہمیں بھی فلاں کی طرح بننا ہے۔ جب یہ کام یابی ہمیں نہیں ملتی تو ہم خود کو ہی کوسنے لگ جاتے ہیں۔ ہم احساسِ کم تری میں اتنا ڈوب جاتے ہیں کہ ہمیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ ہم لوگوں سے دور ہونے لگے ہیں۔ ہم اپنی عزت کو دوسروں کے سامنے کم محسوس کرنے لگ جاتے ہیں۔ پھر دھیرے دھیرے تنہائی ہماری ساتھی بن جاتی ہے۔
خود کو عزت دیں
آپ کا ایک معیار ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو خوبیاں آپ کو عطا کی ہیں، وہ کسی دوسرے کو نہیں دیں۔ اس انسان کو بھی نہیں، جس سے آپ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس انسان کا اپنا مقام ہے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے اپنا مقام دیا ہے۔ آپ قیمتی ہیں۔ خود کو خاص سمجھیں۔ جب تک آپ خود کی عزت نہیں کریں گے، دوسرے بھی آپ کی عزت نہیں کریں گے۔ اپنے آپ کی قدر کریں۔
ہر کوئی آپ کا مخلص نہیں ہوتا
ہم انسان ہیں۔ ہمارے بس کی بات نہیں کہ ہم سب کو راضی کریں۔ یہ جو انسان کی فطرت ہوتی ہے کہ سب میری تعریف کریں، یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ کچھ لوگ آپ کے درمیان دوسروں کی تعریف ہی اس لیے کرتے ہیں کہ آپ احساسِ کم تری کا شکار ہو جائیں اور آپ اس چیز کو سمجھ نہیں پاتے۔ آپ کے آس پاس دوسروں کی تعریف کرنے والا ہر انسان آپ کومخلص محسوس ہوتا ہے، جب کہ وہ مخلص ہوتا نہیں ہے۔
آپ سب کی طرح نہیں بن سکتے
آپ کی اپنی خوبیاں ہیں، ان کو پہچانیں۔ خود کو وقت دیں۔ آپ دوسروں کے جیسا بننے کے لیے خود کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ دنیا آپ کو کس نظر سے دیکھے، اس چیز کا فیصلہ آپ نہیں کر سکتے۔ آپ لوگوں کی سوچ کو نہیں بدل سکتے۔ مگر آپ خود کو کس نظر سے دیکھتے ہیں، یہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments