عصرِ حاضر میں جن نظریات نے دنیا بھر میں علمی، سماجی اور فکری مباحث کو جنم دیا ہے، ان میں فیمینزم (نسوانیت) ایک نمایاں نظریہ ہے۔ ایک طبقہ اسے خواتین کے حقوق، آزادی اور مساوات کی علامت قرار دیتا ہے، جب کہ دوسرا طبقہ اسے خان دانی نظام اور معاشرتی اقدار کے لیے ایک چیلنج (دَرپیش مسئلہ) سمجھتا ہے۔ ان متضاد آرا کے درمیان ضروری ہے کہ فیمینزم کا جائزہ جذبات یا تعصب کی بجائے تحقیق، تاریخ اور انصاف کی روشنی میں لیا جائے اور پھر اسلامی تعلیمات کے تناظر میں اس کی حقیقت کو سمجھا جائے۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا اسلام اور فیمینزم کے مقاصد ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں یا دونوں کے درمیان بنیادی فکری اختلافات بھی موجود ہیں؟
فیمینزم کیا ہے؟
لفظ Feminism، Feminine سے ماخوذ ہے، جس کی جڑیں لاطینی لفظ Femina اور بعد میں فرانسیسی زبان سے ملتی ہیں۔ اس سے مراد ایک ایسا نظریہ ہے جو عورت کے بنیادی انسانی، سماجی، تعلیمی، معاشی اور قانونی حقوق کے تحفظ اور اس کے ساتھ ہونے والے ہر قسم کے ظلم، امتیاز اور استحصال کے خاتمے کی حمایت کرتا ہے۔ اس نظریے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ خواتین کو معاشرے میں وہی بنیادی حقوق حاصل ہوں جو ہر انسان کا فطری حق ہیں، تاکہ وہ عزت، وقار اور انصاف کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
انیسویں صدی میں یورپ میں خواتین کے حقوق کے لیے باقاعدہ تحریکیں شروع ہوئیں۔ ان کا مقصد خواتین کو تعلیم، جائیداد، ووٹ، ملازمت اور دیگر بنیادی شہری حقوق دلانا تھا۔ فرانسیسی انقلاب (1789ء) کے دوران بھی خواتین نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی اور 5؍اکتوبر 1789ء کو پیرس سے پیلس آف ورسائی تک ان کا تاریخی مارچ خواتین کے حقوق کی جدوجہد کی ایک اہم مثال سمجھا جاتا ہے۔ بعد ازاں مختلف ممالک میں خواتین کو بہ تدریج ووٹ، تعلیم اور ملازمت کے مواقع حاصل ہوئے، جس نے معاشرتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا۔
ابتدا میں فیمینزم کا مقصد عورت کو انصاف، مساوات اور اس کے جائز حقوق دلانا تھا، لیکن وقت کے ساتھ اس کی مختلف تشریحات سامنے آئیں۔ بعض نظریات نے عورت کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور سماجی انصاف میں مثبت کردار ادا کیا، جب کہ بعض انتہا پسند خیالات نے مرد اور عورت کو ایک دوسرے کا مخالف بنا کر خان دانی نظام، ازدواجی تعلقات اور معاشرتی توازن کو متاثر کیا۔ اسی وجہ سے آج فیمینزم کو ایک ہی نظریہ نہیں بلکہ مختلف افکار اور رجحانات کا مجموعہ سمجھا جاتا ہے۔
اسلام اور فیمینزم
اسلام نے چودہ سو سال پہلے ہی عورت کو عزت، وقار اور بنیادی حقوق عطا کیے، جن کے لیے بعد میں دنیا کے مختلف حصوں میں تحریکیں چلائی گئیں۔ اسلام نے عورت کو ایک مکمل انسان قرار دیا، جس کی جان، مال، عزت اور شخصیت سب قابلِ احترام ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ
ترجمہ: ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا۔
(سورۃ التین، آیت 4)
اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مرد اور عورت دونوں کو عزت، شرف اور بہترین مقام عطا کیا ہے اور دونوں کو اپنی عبادت اور نیک اعمال کے یکساں مواقع دیے ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّن ذَكَرٍ وَأُنثَىٰ… إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ
ترجمہ: اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا۔۔۔ اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے، جو سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔ (سورۃ الحجرات، آیت 13)
اسلام کے نزدیک فضیلت کا معیار مرد یا عورت ہونا نہیں بلکہ تقویٰ، نیک کردار اور اللہ کی اطاعت ہے۔ قرآنِ مجید کا ارشاد‘‘بَعْضُكُم مِّن بَعْضٍ’’ اس حقیقت کی طرف رہنمائی کرتا ہے کہ مرد اور عورت ایک دوسرے سے وابستہ ہیں اور دونوں مل کر معاشرے کی تعمیر کرتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے بھی عورت کے مقام کو بلند فرمایا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے، جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہو اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم سب سے بہتر ہوں۔‘‘ (جامع الترمذی، حدیث 3895)
اسی طرح آپ ﷺ نے فرمایا:
’’عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرو۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث 1218)
اسلام نے عورت کو تعلیم حاصل کرنے، وراثت میں حصہ لینے، اپنی ملکیت رکھنے، نکاح میں اپنی رضامندی دینے، تجارت کرنے اور عزت و احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیا ہے۔ یہ حقوق اس وقت دیے گئے جب دنیا کے کئی معاشروں میں عورت ان بنیادی حقوق سے بھی محروم تھی۔
فیمینزم کے مثبت اور منفی پہلو
فیمینزم کی پہلی لہر (1848ء تا 1920ء) کا بنیادی مقصد خواتین کو تعلیم، ووٹ، جائیداد اور دیگر بنیادی حقوق دلانا تھا۔ اس اعتبار سے اس تحریک نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف اہم کردار ادا کیا۔ اس کے نتیجے میں بہت سی خواتین کو تعلیم اور معاشرتی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہوئے۔
تاہم بعد میں فیمینزم کی بعض تشریحات میں ایسے خیالات شامل ہو گئے جن میں مرد اور عورت کے فطری فرق کو نظر انداز کیا گیا، خان دانی نظام کی اہمیت کو کم کیا گیا اور آزادی کو بعض اوقات ذمے داریوں سے الگ کر کے پیش کیا گیا۔ اسلام عورت کے حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے، لیکن اس کے ساتھ خان دان، اخلاق، باہمی احترام اور معاشرتی توازن کو بھی بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ اسلام کا نقطۂ نظر یہ ہے کہ حقوق اور ذمے داریاں ایک دوسرے سے جدا نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔
دورِ جدید اور فیمینزم
آج کے دور میں خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادی، انسانی اسمگلنگ، گھریلو تشدد اور دیگر مظالم کے خلاف عالمی سطح پر کام کیا جا رہا ہے، جو یقیناً ایک مثبت قدم ہے۔ اسلام بھی ہر قسم کے ظلم، جبر اور استحصال کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور ہر انسان کے ساتھ عدل و انصاف کا حکم دیتا ہے۔
تاہم اگر آزادی کے نام پر عورت کو صرف فیشن، تشہیر یا کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے یا اس کی شخصیت کو محض ایک تجارتی ذریعہ بنا دیا جائے، تو یہ حقیقی آزادی نہیں بلکہ استحصال کی ایک نئی صورت ہے۔ اسلام عورت کی عزت، حیا، وقار اور شخصیت کے تحفظ کو ترجیح دیتا ہے اور اسے معاشرے کا باوقار اور مؤثر فرد بنانا چاہتا ہے۔
اسلام کی نظر میں عورت کا مقام
اسلام نے عورت کو ماں، بیٹی، بہن اور بیوی، ہر رشتے میں عزت اور احترام دیا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات اس بات پر زور دیتی ہیں کہ مرد اور عورت ایک دوسرے کے معاون، خیر خواہ اور محافظ ہیں، نہ کہ ایک دوسرے کے مخالف۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ
ترجمہ: اور عورتوں کے لیے بھی دستور کے مطابق ویسے ہی حقوق ہیں جیسے ان پر ذمے داریاں ہیں۔ (سورۃ البقرۃ، آیت 228)
ایک مضبوط، پُرامن اور کام یاب معاشرہ اسی وقت وجود میں آتا ہے، جب مرد اور عورت اپنے اپنے حقوق اور ذمے داریوں کو سمجھتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کریں اور تعاون کے ساتھ زندگی گزاریں۔ اسلام کا تصورِ معاشرہ مقابلے، کشمکش اور نفرت پر نہیں بلکہ محبت، عدل، تعاون اور ذمے داری پر قائم ہے۔
حقیقی فیمینزم وہ ہے جو عورت کو اس کے جائز حقوق، عزت، تحفظ اور انصاف فراہم کرے، نہ کہ اسے خان دان، اخلاقی اقدار اور سماجی ذمے داریوں سے دور کرے۔ اسلام بھی عورت کے وقار، انصاف اور تحفظ کا داعی ہے، مگر اس کے ساتھ وہ خان دانی نظام، اخلاقی حدود اور معاشرتی استحکام کو بھی یکساں اہمیت دیتا ہے۔
آخر میں ایک سوال
کیا کوئی معاشرہ اس وقت حقیقی ترقی کر سکتا ہے، جب مرد اور عورت ایک دوسرے کو اپنا ساتھی، معاون اور خیر خواہ سمجھنے کے بجائے اپنا مخالف سمجھنے لگیں؟ یقیناً ایک متوازن، مضبوط اور خوش حال معاشرہ وہی ہوتا ہے، جہاں حقوق کے ساتھ ذمے داریوں کا احساس بھی موجود ہو اور دونوں ایک دوسرے کی عزت، تعاون اور خیر خواہی کے جذبے کے ساتھ زندگی گزاریں۔
٭ ٭ ٭


نہایت متوازن اور فکر انگیز ۔
تاہم خوگر تحسین سے تھوڑا سا گلہ سُن لے !
ہر اصطلاح اپنا ایک اعلان شدہ ایجنڈااور تصور رکھتی ۔ اُس تصور کو پس پردہ ڈال کر اگر ہم اپنی مرضی کے مطابق اس کے کسی ٹکڑے کو استعمال کریں گے تو گڑ بڑ ہو جائے فی ۔
اس پس منظر میں فیمینزم کو دیکھیں تو یہ اصطلاح ایک مکمل نظام فکر و عمل کی حامل اصطلاح ہے ۔ گویا کہ مکمل پیکج ہے ۔
اس لیے آپ خواتین کی خیر خواہی کے لیے جب اُس کے چند ٹکڑوں کا حوالہ دیں گے ، تو نسائیت و خانگی بربادی کے لیے فیمینزم کے جرائم کی شدت ہلکی پڑ جائے گی ۔ اور یہ معصومانہ کشادہ دلی ، نقصان کا ذریعہ بنے گی ۔
میں پھر آپ کے مضمون اور آپ کی فکری سلامتی کے شکر گزار ہوں اور اگر آپ کو میرے تبصرے سے دُکھ پہنچا ہے تو معذرت خواہ ہوں ۔
جزاک اللہ