انسانی زندگی محض عبادات اور ذاتی معمولات کا نام نہیں، بلکہ یہ باہمی تعلقات، ذمے داریوں اور معاشرتی معاملات کا ایک وسیع نظام ہے۔ اسلام نے انسان کو اللہ تعالیٰ کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا ہے تو دوسری طرف بندوں کے حقوق کی ادائیگی کو بھی نہایت اہم قرار دیا ہے۔ ایک مسلمان کی حقیقی کام یابی اسی وقت مکمل ہوتی ہے، جب اس کی عبادت کے ساتھ اس کے اخلاق، معاملات اور معاشرتی رویے بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ہوں۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد دراصل دین اسلام کے اس جامع تصور کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں انسان کا تعلق اپنے خالق کے ساتھ بھی درست ہو اور مخلوق کے ساتھ بھی۔
حقوق اللہ اور حقوق العباد کیا ہیں؟
انسان پر جو بنیادی حقوق عائد ہوتے ہیں، انھیں عام طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: حقوق اللہ اور حقوق العباد۔ حقوق اللہ سے مراد وہ حقوق ہیں، جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر عائد فرمائے ہیں، مثلاً اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا، نماز قائم کرنا، روزے رکھنا، زکوٰۃ ادا کرنا اور صاحبِ استطاعت ہونے کی صورت میں حج کرنا۔ حقوق العباد سے مراد بندوں کے وہ حقوق ہیں، جن کی ادائیگی کا شریعت نے حکم دیا ہے، مثلا والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، رشتے داروں سے اچھا برتاؤ، پڑوسیوں کا خیال، معاملات میں دیانت داری، کسی پر ظلم نہ کرنا اور دوسروں کی عزت و آبرو کی حفاظت کرنا وغیرہ۔
اسلام انسان کو اپنی ذات اور جسم کے حقوق ادا کرنے کی بھی تعلیم دیتا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ پابندی عائد کرتا ہے کہ اپنی خواہشات یا مفادات کی تکمیل کے لیے کسی دوسرے انسان کے حقوق پامال نہ کیے جائیں۔
اپنے حقوق کی ادائیگی اور دوسروں کے حقوق کا تحفظ
شریعتِ اسلامیہ نے انسان کو حلال طریقے سے اپنی ضروریات پوری کرنے اور اپنے جسم و نفس کا خیال رکھنے کی اجازت دی ہے، لیکن اس اجازت کے ساتھ اخلاقی حدود بھی مقرر کی ہیں۔ چوری، لوٹ مار، رشوت اور سود خوری جیسے ذرائع کو حرام قرار دیا گیا، کیوں کہ ان میں دوسروں کے مال اور حقوق پر ناجائز دست درازی ہوتی ہے۔ اسی طرح جھوٹ، غیبت، چغل خوری اور بہتان تراشی بھی ممنوع ہیں، کیوں کہ یہ اعمال کسی کی عزت، اعتماد اور معاشرتی مقام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ جوا اور سٹے بازی بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ممنوع ہیں۔ ان میں مالی مفاد کے حصول کے لیے ایسا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے، جس سے دوسروں کا مال اور معاشی مفاد متاثر ہو سکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی ضروریات پوری کرے، لیکن اس کے لیے ظلم، دھوکا دہی یا کسی دوسرے کے حقوق کی پامالی کا راستہ اختیار نہ کرے۔
انسانی تعلقات: معاشرتی زندگی کی بنیاد
انسانی تعلقات کا آغاز خان دان سے ہوتا ہے۔ خان دان کے افراد مل کر ایک معاشرتی اکائی تشکیل دیتے ہیں۔ پھر کئی خان دان مل کر ایک معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ انسان کے تعلقات والدین، بہن بھائیوں اور رشتے داروں، دوستوں، پڑوسیوں، اہلِ محلہ اور دیگر لوگوں سے قائم ہوتے ہیں۔ اسلام نے ان تمام تعلقات میں راست بازی، انصاف، ہم دردی اور حسنِ اخلاق کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ کسی کو تکلیف نہ پہنچانا، کسی کی دل آزاری سے بچنا، فحش گوئی اور بد کلامی سے اجتناب کرنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا اسلامی شریعت کا حصہ ہے۔ بیماروں کی عیادت، مصیبت زدہ لوگوں سے ہم دردی، یتیموں اور بیواؤں کی خبرگیری اور کسی مسلمان کے انتقال پر اس کے جنازے میں شرکت جیسے اعمال معاشرے میں محبت، تعاون اور باہمی ہم دردی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے ایک سماجی مخلوق ہے۔ وہ مکمل طور پر دوسروں سے الگ تھلگ رہ کر زندگی نہیں گزار سکتا۔ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون، ہم دردی اور خیر خواہی ہی معاشرتی زندگی کو خوش گوار بناتے ہیں۔
صلہ رحمی: رشتوں کو جوڑنے کا حکم
رشتے داروں کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا، ان کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان کے حقوق ادا کرنا صلہ رحمی کہلاتا ہے۔ اسلام میں صلہ رحمی کی بڑی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ رشتے داروں سے اچھا سلوک محض ایک معاشرتی روایت نہیں، بلکہ دینی ذمے داری بھی ہے۔ آج کے مصروف دور میں بعض اوقات مصروفیات، غلط فہمیوں یا معمولی اختلافات کی وجہ سے رشتوں میں دوریاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ ایسے حالات میں اسلامی تعلیمات ہمیں صبر، درگزر اور تعلقات کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
حقوق العباد کی اہمیت
حقوق العباد کی اہمیت کا اندازہ اس حدیث سے ہوتا ہے، جس میں آپ ﷺ نے حقیقی مفلس کی وضاحت فرمائی ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرام سے دریافت کیا:
’’کیا تم جانتے ہو کہ مفلس کون ہے؟‘‘
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ ہمارے نزدیک مفلس وہ ہے، جس کے پاس درہم و دینار اور مال و متاع نہ ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میری امت کا مفلس وہ شخص ہے، جو قیامت کے دن نماز، روزے اور زکوٰۃ جیسے اعمال لے کر آئے گا، لیکن اس نے دنیا میں کسی کو گالی دی ہوگی، کسی پر تہمت لگائی ہوگی، کسی کا مال ناحق کھایا ہوگا، کسی کو ظلم پہنچایا ہوگا یا کسی پر ظلم کیا ہوگا۔ چناں چہ اس کی نیکیاں ان مظلوم لوگوں کو دے دی جائیں گی۔ اگر ان کے حقوق ادا ہونے سے پہلے اس کی نیکیاں ختم ہو گئیں تو ان لوگوں کے گناہ اس کے ذمے ڈال دیے جائیں گے۔ پھر اسے جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔ (صحیح مسلم)
یہ حدیث ہمیں متنبہ کرتی ہے کہ عبادات کے ساتھ ساتھ بندوں کے حقوق کی ادائیگی بھی نہایت ضروری ہے۔ کسی کی عزت پامال کرنا، اس کا مال ہڑپ کرنا، اسے ظلم و زیادتی کا نشانہ بنانا معمولی بات نہیں۔ یہ ایسے معاملات ہیں، جن کے بارے میں آخرت میں باز پرس ہوگی۔
زبان: نعمت بھی، آزمائش بھی
انسان کو اللہ تعالیٰ نے زبان جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی ہے۔ یہی زبان ذکر و تلاوت، علم کی اشاعت، نصیحت، محبت اور خیر خواہی کا ذریعہ بنتی ہے۔ لیکن یہی زبان اگر بے احتیاطی سے استعمال کی جائے تو کسی کے دل کو زخمی بھی کر سکتی ہے۔ انسان بعض اوقات بے سوچے سمجھے ایسے الفاظ ادا کر دیتا ہے، جن سے دوسروں کو تکلیف پہنچتی ہے۔ کسی کی عزت مجروح ہوتی ہے یا کسی کے دل میں رنج پیدا ہوتا ہے۔ ایک سخت جملہ، طنزیہ انداز، تحقیر آمیز خطاب یا کسی کی کم زوری کا مذاق بہ ظاہر معمولی محسوس ہو سکتا ہے، لیکن اس کے اثرات دیر پا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے اسلام نے زبان کی حفاظت اور گفتگو میں احتیاط کی خصوصی تعلیم دی ہے۔ بات صرف یہ نہیں کہ ہم کیا کہتے ہیں، بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ ہم کس انداز اور لہجے میں کہتے ہیں۔ ایک ہی جملہ محبت، نرمی اور خیر خواہی کے ساتھ ادا کیا جائے تو دل کو سکون دے سکتا ہے، لیکن غصے، طنز یا تحقیر کے لہجے میں یہی جملہ دل آزاری کا سبب بن سکتا ہے۔
اسلام ہمیں نرم گفتگو، اچھے الفاظ اور دوسروں کی عزت کا خیال رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اس لیے گفتگو سے پہلے یہ سوچ لینا چاہیے کہ ہمارے الفاظ سامنے والے کے لیے رحمت کا باعث بنیں گے یا اذیت کا؟
اخلاقی برائیاں: معاشرتی زہر
غیبت، چغل خوری اور بہتان تراشی ایسی اخلاقی برائیاں ہیں، جو افراد کے درمیان اعتماد کو ختم کرتی ہیں اور معاشرے میں انتشار پیدا کرتی ہیں۔ غیبت یعنی کسی شخص کی ایسی برائی اس کی غیر موجودگی میں بیان کرنا، جو اگر اسے معلوم ہو تو اسے ناگوار گزرے۔ چغل خوری لوگوں کے درمیان فساد پیدا کرنے کے لیے باتیں پہنچانے کا نام ہے، جب کہ بہتان کسی پر ایسی بات کا الزام لگانا ہے جو اس میں موجود ہی نہ ہو۔ یہ برائیاں صرف زبان کے گناہ نہیں، بلکہ حقوق العباد سے بھی تعلق رکھتی ہیں۔ کیوں کہ ان کے ذریعے کسی کی عزت، تعلقات اور معاشرتی مقام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
قرآن مجید میں واضح ہدایات سورۂ حجرات میں موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
’’وَلَا يَغْتَبْ بَعْضُكُمْ بَعْضًا ۚ أَيُحِبُّ أَحَدُكُمْ أَنْ يَأْكُلَ لَحْمَ أَخِيهِ مَيْتًا فَكَرِهْتُمُوهُ‘‘
ترجمہ: اور تم میں سے کوئی کسی کی غیبت نہ کرے۔ کیا تم میں سے کوئی یہ پسند کرے گا کہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے؟ پس تم اسے ناپسند کرو گے۔ (الحجرات، آیت 12)
سورۂ حجرات کی آیات 11 ؍ اور 12 ؍ میں غیبت کی قباحت کے ساتھ ساتھ ساتھ کسی کا مذاق اڑانے، عیب لگانے، برے القاب سے پکارنے، بدگمانی اور تجسس سے بھی منع کیا گیا ہے۔ مردہ بھائی کا گوشت کھانے کی تشبیہ انسان کے دل میں نفرت اور کراہیت پیدا کرتی ہے تاکہ وہ غیبت جیسی برائی سے بچنے کی اہمیت کو سمجھے۔
یہ احکام اس بات کی رہنمائی کرتے ہیں کہ ایک پاکیزہ معاشرہ صرف ظاہری ترقی سے نہیں بنتا، بلکہ اس کے لیے دلوں میں احترام، زبانوں میں شائستگی اور رویوں میں خیر خواہی ضروری ہے۔ انسان اگر دوسروں کو کم تر سمجھنے، ان کے عیوب تلاش کرنے اور ان کی عزت مجروح کرنے سے باز آ جائے تو معاشرے میں محبت اور اعتماد کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی طرح قرآن مجید میں سورۂ ہمزہ کے آغاز میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
’’وَيْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ‘‘
ترجمہ: ہر غیبت کرنے والے اور طعنہ دینے والے کے لیے ہلاکت اور بڑی خرابی ہے۔ (الہمزہ، آیت 1)
اس آیت میں ایسے لوگوں کے لیے سخت وعید بیان کی گئی ہے، جو دوسروں کی تحقیر کرتے، ان کے عیوب اچھالتے اور طعنہ زنی کو اپنا معمول بنا لیتے ہیں۔
ہمزہ ایسے شخص کے لیے بولا جاتا ہے، جو اشاروں، حرکات یا الفاظ کے ذریعے دوسروں کی تحقیر اور عیب جوئی کرتا ہے۔
لمزہ ایسے شخص کے لیے بولا جاتا ہے جو دوسروں میں عیب تلاش کرتا ہے، ان پر طعنے کستا یا ان کی برائیاں بیان کرتا ہے۔
اس آیت کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی زبان، اشاروں اور رویوں کے ذریعے کسی دوسرے کی عزت کو مجروح نہ کرے۔ مال و دولت، منصب یا کسی ظاہری برتری کی بنیاد پر دوسروں کو حقیر سمجھنا اسلامی اخلاق کے منافی ہے۔
ہر لفظ محفوظ ہو رہا ہے
اکثر انسان گفتگو کے دوران یہ بھول جاتا ہے کہ اس کی زبان سے نکلنے والے الفاظ بھی اس کے اعمال کا حصہ ہیں۔ قرآن مجید انسان کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ اس کی باتیں اللہ تعالیٰ کے علم میں ہیں اور ان کا حساب بھی ہوگا۔ اللہ تعالیٰ سورۂ ق، آیت 18 ؍ میں ارشاد فرماتے ہیں:
’’مَّا يَلْفِظُ مِن قَوْلٍ إِلَّا لَدَيْهِ رَقِيبٌ عَتِيدٌ‘‘
ترجمہ: وہ منہ سے کوئی بات نہیں نکالتا مگر اس کے پاس ایک نگہبان، لکھنے کے لیے تیار رہتا ہے۔ (ق، آیت 18)
اس آیت میں انسان کو اپنی گفتگو کے بارے میں بہت محتاط رہنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ مفسرین کے بیان کے مطابق انسان کے اقوال اور اعمال کی نگرانی اور کتابت کے لیے فرشتے مقرر ہیں۔ رقیب نگرانی کرنے والے اور عتید تیار اور مستعد رہنے والے کے معنی میں آتا ہے۔ یہ آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری زبان سے ادا ہونے والی باتیں بے مقصد نہیں۔ اس لیے گفتگو میں سچائی، شائستگی، نرمی اور ذمے داری اختیار کرنا ضروری ہے۔
حقوق العباد کی تلافی کیسے کی جائے؟
گر کسی انسان سے حقوق العباد کے سلسلے میں کوئی کوتاہی ہو جائے تو اسے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے اصلاح کی کوشش کرنی چاہیے۔
(1) کسی کا مال ناحق لیا ہو تو اسے واپس کیا جائے۔
(2) کسی پر ظلم کیا ہو تو ممکنہ حد تک اس کی تلافی کی جائے۔
(3) کسی کی دل آزاری کی ہو تو مناسب انداز میں معذرت کی جائے۔
(4) کسی کی غیبت یا بدنامی کا سبب بنے ہوں تو آئندہ اس برائی سے بچا جائے اور جہاں مناسب ہو نقصان کی اصلاح کی کوشش کی جائے۔
(5) اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ اور مغفرت طلب کی جائے۔
حقوق العباد: ایک پرامن معاشرے کی بنیاد
حقوق العباد کی ادائیگی صرف فرد کی دینی ذمے داری نہیں، بلکہ معاشرے کی تعمیر کا بنیادی اصول بھی ہے۔ جس معاشرے میں لوگ ایک دوسرے کی عزت کریں، معاملات میں دیانت داری اختیار کریں، کم زوروں کا سہارا بنیں، رشتوں کو نبھائیں اور اپنی زبان و کردار سے دوسروں کو محفوظ رکھیں، وہاں اعتماد، محبت اور سکون پیدا ہوتا ہے۔
اس کے برعکس جب ظلم، دھوکا، بد زبانی، غیبت اور حق تلفی عام ہو جائے تو معاشرتی رشتے کم زور پڑنے لگتے ہیں۔ لہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے روزمرہ معمولات میں حقوق العباد کی ادائیگی کو اہم مقام دے اور اپنے کردار کا جائزہ لیتا رہے۔
عبادت کا حسن اور کردار کی روشنی
اللہ تعالیٰ کے حقوق ادا کرنا بندے کی بندگی کا اظہار ہے، جب کہ بندوں کے حقوق ادا کرنا اس کی بندگی کے حسن کو ظاہر کرتا ہے۔ نماز ہمیں اللہ کے سامنے جھکنا سکھاتی ہے، روزہ ہمیں ضبطِ نفس کی تربیت دیتا ہے اور زکوٰۃ ہمیں دوسروں کے ساتھ مالی ہم دردی کا درس دیتی ہے۔ ان عبادات کی روح یہ ہے کہ انسان کے اندر تقویٰ، رحم، انصاف اور حسنِ اخلاق پیدا ہو۔
ہمیں چاہیے کہ اپنے الفاظ کو کسی کے لیے زخم نہیں، مرہم بنائیں، اپنے لہجے کو نفرت نہیں، محبت کا ذریعہ بنائیں اور اپنے کردار کو دوسروں کے لیے امن و اطمینان کا سبب بنائیں۔
کسی کی عزت کی حفاظت، کسی کے درد میں شریک ہونا، کسی کے حق کو ادا کرنا اور کسی کے دل کو بے وجہ نہ دکھانا، یہی حقوق العباد کی حقیقی روح ہے۔
ہم اللہ تعالیٰ سے عہد کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی کے ساتھ بندوں کے حقوق کا بھی خیال رکھیں گے، اپنی زبان کو غیبت اور بد کلامی سے محفوظ رکھیں گے اور اپنے عمل سے ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کریں گے جہاں ہر انسان خود کو محترم، محفوظ اور قابلِ قدر محسوس کرے۔ کیوں کہ ایک صالح معاشرہ صرف عبادت گزار افراد سے نہیں، بلکہ با اخلاق، ذمے دار اور حقوق العباد ادا کرنے والے انسانوں سے تشکیل پاتا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments