مسلم خواتین سے اسلام کے مطالبات

کتاب ’’مسلم خواتین سے اسلام کے مطالبات‘‘ جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ کے اس خطاب پر مبنی تصنیف ہے، جو انھوں نے پاکستان کے شہر لاہور میں جماعت اسلامی کی ارکان اور ہمدرد خواتین کے اجتماع عام میں 15 ؍ فروری 1948 کو فرمایا تھا۔ مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں۔ آپ کی شخصیت بیسویں صدی کے عظیم مفکر اور مجددِ اسلام کے طور پر جانی جاتی ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ برصغیر کی ان نمایاں شخصیات میں سے ہیں، جنھوں نے اپنے عہد کو متاثر کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے بھی فکری رہنمائی فراہم کی۔
آپ کی شخصیت ’’کُنْتُمْ خَیْرَ أُمَّةٍ‘‘ کا شعوری ادراک رکھنے والی وہ شخصیت تھی، جس نے نہ صرف اپنے فرضِ منصبی کو سمجھا بلکہ اس اہم فریضے کی جانب امت کی توجہ دلانے میں بھی اپنی پوری کوشش صرف کی۔ اپنے مقصد کو بروئے کار لانے کے لیے تحریکِ اسلامی کی بنا ڈالی اور اپنے اس مشن کو کام یابی سے ہم کنار کرنے کے لیے تحریر و تقریر کے میدان میں لگے رہے اور 120 ؍ سے زائد کتابیں تصنیف کیں، جن میں سب سے مشہور تفہیم القرآن ہے۔
غرض کہ اپنی تحریر و تقریر کے ذریعے درد مندانہ دل رکھنے والی شخصیت نے امتِ مسلمہ پر عائد اس اہم فریضے کی جانب مرد و زن کو یکساں طور پر توجہ دلائی اور ایک ایسی جماعت کی اساس رکھی، جس سے فیض یافتہ افراد تاحال اس فریضے کے تئیں اپنا نمایاں کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں۔
زیرِ نظر کتاب آپ کی ان ہی درد مندانہ کاوشوں کی ایک سنہری کڑی ہے، جو 32 ؍ صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں پیش کردہ تقریر کو 15 ؍ مختصر ذیلی عنوانات میں تقسیم کر کے ہر ایک کی نہایت پرکشش اسلوب میں مختصر مگر جامع وضاحت موجود ہے۔ اس میں سب سے پہلے مصنف نے خدائے برتر کی حمد و توصیف پیش کرتے ہوئے ’’دنیائے اسلام‘‘ کا ایک دلچسپ خاکہ پیش کیا ہے، جس میں انھوں نے موجودہ دنیائے اسلام کو چڑیا گھر سے تشبیہ دیتے ہوئے مسلمانوں کو یہ باور کرایا ہے کہ موجودہ دور کے مسلمان منشائے اسلام کے مطابق زندگی بسر کرنے کے بجائے، بھلائی اور برائی کی تمیز سے قطع نظر، خواہشات کے پیروکار بنے ہوئے ہیں اور محض اپنی غذائیت و خواہشات کی تکمیل کی چاہت رکھنے والے چڑیا گھر میں رہنے والے مختلف قسم کے جانوروں کی سی غفلت والی زندگی گزارنے میں منہمک ہیں اور ان تمام حقوق کے متلاشی ہیں، جو صحیح معنوں میں صرف ایک مسلمان کا حق ہے۔
اس کے بعد ’’غیر شعوری مسلمان‘‘ کا عنوان دے کر مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ نے مذکورہ بالا تفصیل کا سبب بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مسلمانوں کی یہ صورتِ حال اس وجہ سے ہے کہ وہ نسلی مسلمان ہیں، جو مسلمان گھرانے میں پیدا تو ہو گئے مگر شعوری مسلمان ہونے سے قاصر رہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ باور بھی کرایا کہ انسان کو پیدائش سے نسب، نسلیت اور وطنیت وغیرہ تو مل سکتی ہے، لیکن محض پیدائش سے اسلام نہیں مل سکتا۔ انھوں نے حدیث

’’ذاق طعم الايمان من رضي بالله ربًّا، وبالإسلام دينًا، وبمحمد رسولًا‘‘

‘ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ وضاحت کی کہ حقیقی مسلمان وہی ہے، جو پورے شعور کے ساتھ اور اپنی رضا سے مذہبِ اسلام کو قبول کرے۔
پھر اس کے بعد ’’مسلمان ہونے کے معنی‘‘ کے تحت یہ واضح کیا کہ مسلمان ہونے کے معنی یہ ہیں کہ آدمی پورے شعور کے ساتھ بلا چوں چرا اپنی خواہشات کو اللہ کی مرضی، اسلام کے قانون اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت کے تابع کر دے۔ اس ضمن میں انھوں نے حدیث 

’’لا يؤمن أحدكم حتى يكون هواه تبعًا لما جئت به‘‘

، یعنی تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا جب تک اس کی خواہشاتِ نفس اس ہدایت کے تابع نہ ہو جائیں جسے میں لایا ہوں، کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ حقیقتاً ایمان و اسلام یہ ہے کہ آدمی کا دل کہنے لگے کہ میں بے چوں چرا اس کامل دین کی اطاعت پر پوری طرح سے راضی ہوں۔
اتنا ہی نہیں بلکہ انھوں نے

’’كلكم راع وكلكم مسؤول‘‘

 کی روشنی میں مکمل مسلمان ہونے کی توضیح کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک مومن کی زندگی ایک ذمے دارانہ زندگی ہوتی ہے، اسے ہمہ وقت جواب دہی کا احساس ہوتا ہے اور ایک سچا مسلمان بے لگام زندگی نہیں بسر کرتا کہ جس طرح چاہے اپنی خواہشات کی تکمیل کرتا پھرے۔ انھوں نے حدیث کی روشنی میں، جس میں مسلمان اور ایمان کو کھونٹے سے بندھے ہوئے گھوڑے سے تشبیہ دی گئی ہے، یہ وضاحت کر دی کہ صحیح مسلمان کبھی بھی ان حدود کو پامال کرنے کی جرأت نہیں کر سکتا، جو اسلام نے وضع کی ہیں۔
اس کے بعد ’’جماعت اسلامی کیا مطالبہ کرتی ہے؟‘‘ کے عنوان کے تحت انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں برصغیر میں بسنے والے مسلمانوں کے سامنے اپنا مقصد و مدعا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ محض اتنا ہی ہے کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کا رویہ 

 ’’أَفَتُؤْمِنُونَ بِبَعْضِ الْكِتَابِ وَتَكْفُرُونَ بِبَعْضٍ‘‘

کے مصداق مشرکانہ و منافقانہ نہ ہو بلکہ

’’ادخلوا في السلم كافة‘‘

 کا سچا مظہر ہو، جس کے تحت وہ اسلام کی عائد کردہ پابندیوں کو بہ رضا و رغبت قبول کرنے پر آمادہ ہوں، ورنہ بہ صورتِ دیگر نام نہاد اسلام سے پوری طرح دست بردار ہو جائیں اور اپنے اوپر اسلام کا جھوٹا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کرنے سے گریز کریں۔
اس ضمن میں مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ نے جہاں مردوں کے سامنے جماعت کے مطالبات رکھے، وہیں عورتوں سے بھی گزارش کی کہ وہ اپنی شخصیتوں کو مردوں کی شخصیتوں میں گم نہ کریں بلکہ کتاب و سنت کی روشنی میں جواب دہی کا احساس باقی رکھیں اور اسلام کے تمام تر اصول، اس کی حدود، اس کی عائد کی ہوئی پابندیوں اور اس کی ڈالی ہوئی ذمے داریوں کو پورے شعور کے ساتھ عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر انھوں نے جماعت اسلامی کے واضح موقف کا بھی تذکرہ فرمایا کہ جماعت اسلامی کبھی بھی اپنے ارکان و کارکنان سے قوامیت کے زور پر اپنی عورتوں کو اپنے مسلک کی طرف کھینچنے کا مطالبہ نہیں کرتی بلکہ اسلام کے مطالبات ان کے سامنے رکھ کر انھیں خود فیصلہ کرنے کی آزادی دیتی ہے۔
اس کے بعد ’’آپ کے فرائض‘‘ کے تحت خواتین کے کرنے کے چار کاموں کی آپ نے نشان دہی کی:
(1) اپنے اندر سے جاہلیت کی تمام چیزیں نکال کر پوری زندگی کو اسلام کے سانچے میں ڈھالیں۔
(2) گھر کی فضا کو بالکل درست رکھیں، جہاں نہ رسموں کے نام پر جاہلانہ تخیلات اور مشرکانہ عقائد پروان چڑھیں اور نہ روشن خیالی کے نام پر فرنگیت کا بول بالا ہو۔
(3) بچوں کو اسلامی طرز پر تربیت دیں۔ اس طور پر کہ روزمرہ کے معمولات میں اسلام نمودار ہو اور بچوں کے سامنے اسلام چلتا پھرتا نظر آئے، جس سے اسلام کا نقش ان کے دلوں پر قائم ہو۔
(4) اپنے گھر کے مردوں پر اثر ڈالیں۔ ان کے سامنے اسوۂ رسول اور صحابۂ کرام کے طرزِ زندگی سے اپنی رغبت اور پسندیدگی کا اظہار کریں اور نئے دور کے ماڈلز اور ہیروز کے طرزِ زندگی سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کریں۔ ان کے سامنے حلال طریقے سے کمائی ہوئی روزی پر قناعت پسندی کا عملی نمونہ پیش کریں اور حرام طریقے سے لائی ہوئی عیش و عشرت کی زندگی کو ٹھکرا دیں۔ اس طرح معاشرے میں کتنی رائج الوقت خرابیوں کا ازالہ ممکن ہے! غرض کہ عورتیں اصلاحِ احوال کی مہم شروع کر دیں، جس کے لیے انھیں شیریں طریقے سے اپنے متعلقین کے سامنے جاہلیت کے طریقوں پر تنقید کرنا، اسلام کے احکام کو سمجھانا اور خود بھی اسلام کا سچا نمونہ بن کر عملی تصویر پیش کرنا ہو گا۔
اس کے بعد ’’ایک فیصلہ طلب سوال‘‘ کے عنوان سے انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں سوال کرتے ہوئے فرمایا کہ کیا آپ نے واقعی اسلام کو پسند کر لیا ہے؟ اورایک حدیث پیش کی جس کا مفہوم ہے کہ قیامت کے روز بدترین حال اس شخص کا ہوگا، جس نے دوسروں کی دنیا بنانے کی خاطر اپنی عاقبت خراب کر لی۔ اس حدیث کی روشنی میں چند گزارشات پیش کرتے ہوئے خواتین کو تلقین کی کہ وہ سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں اور دوسروں کی خاطر اپنی عاقبت نہ برباد ہونے دیں۔ اپنے مردوں پر یہ واضح کر دیں کہ وہ اسلام کی اتباع میں ان کی رفاقت تو کر سکتی ہیں، مگر دوسری صورت میں وہ معذرت خواہ ہیں۔ دوسری جانب جن خواتین کے مرد اللہ اور اس کے رسول کے احکام کے تابع ہوں، تو وہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور تکلیفوں میں ان کا ساتھ دیں، کیوں کہ تکالیف میں اپنے حق پرست مردوں کی سچی رفیق ثابت ہونا خواتین کا فرض ہے۔
اس کے بعد ’’نازک وقت آ رہا ہے‘‘ کے عنوان سے مولانا مودودی رحمہ اللہ علیہ نے آزادی کے بعد ملک میں رونما ہونے والی کشمکش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک میں دو طرح کی ذہنیت رکھنے والے لوگ ہوں گے۔ ایک وہ جو ملک میں کافرانہ حکومت قائم کرنے اور کافرانہ قوانین جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، دوسرے وہ جو اسلام کو اپنے طریقِ زندگی کی حیثیت سے پسند کرتے ہیں۔ لہٰذا ایسی صورت میں مردوں کے ساتھ عورتوں کو بھی یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کس فریق کی حمایتی ہیں؟ اور اگر اسلام کو دل سے چاہتی ہیں تو اس کشمکش میں اپنا پورا تعاون حقیقی اسلام کے پیروکاروں کو دینا ہو گا۔
اس کے بعد ’’حکومت اور رائے عامہ‘‘ کے عنوان سے حکومت کے تعین میں رائے عامہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے عوام الناس کو تلقین کی کہ کلمۂ طیبہ کا حقیقی ادراک کرتے ہوئے اپنی زندگی کے لیے اسلامی نظام کو منتخب کریں تاکہ اس کے ذریعے بننے والی حکومت پوری طرح قانونِ الٰہی کی تابع ہو۔
اس کے بعد ’’اسلامی حکومت میں خواتین کے حقوق‘‘ کے عنوان سے آپ رحمہ اللہ نے بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے ان تمام حقوق کی نشان دہی کی، جو اسلام نے بہ طورِ خاص خواتین کو عطا فرمائے۔ نیز خواتین کے تئیں عوام الناس کے ان نظریات کی تردید فرمائی، جو عام ہیں کہ اسلامی حکومت میں عورتوں کی پوزیشن گر جائے گی اور عورتیں اعلیٰ تعلیم سے محروم ہو جائیں گی وغیرہ وغیرہ۔
اسلامی حکومت کے قیام سے عورتوں کو کیا حقوق فراہم ہو سکتے ہیں، اس کی مدلل وضاحت کرتے ہوئے ان حقوق کی توضیح کی، جو مندرجہ ذیل ہیں:
(1) ایک اسلامی حکومت میں ہر بالغ عورت کو حقِ رائے دہی اسی طرح حاصل ہے، جس طرح مردوں کو حاصل ہے۔
(2) اسلامی حکومت میں عورتوں کو وراثت اور مال و جائیداد کی ملکیت کا پورا حق حاصل ہے اور کسی کو بھی ان کی املاک پر کسی قسم کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔
(3) اسلامی حکومت میں اسلام کا حقیقی قانونِ ازدواج جاری کیا جائے گا، جو عورتوں کے حقوق و مفاد کی پوری پوری حفاظت کرتا ہے۔
(4) اسلامی حکومت میں عورتوں کو تعلیم سے محروم نہیں رکھا جا سکتا بلکہ اسلامی حدود کی پابندی کرتے ہوئے اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا عورتوں کا حق ہے۔ ایسی حکومت جہاں زنانہ کالج کا انتظام کرتے ہوئے زنانہ ماہرینِ تعلیم کا انتظام ہو یا زنانہ ٹیم نہ ہونے کی صورت میں سن رسیدہ ماہرینِ تعلیم سے خدمات لیتے ہوئے زنانہ ٹیموں کا گروہ تیار کرنے کا بندوبست کیا جائے۔
(5) اسلامی حکومت میں عورتوں کو ضروری فوجی تعلیم کا حق بھی حاصل ہے، جہاں وہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے محرم مردوں سے مستفید ہوتے ہوئے خود اس میدان میں آگے بڑھ سکتی ہیں، جیسا کہ صحابیاتِ کرام رضی اللہ عنہن کی زندگی سے پتا چلتا ہے۔ اس ضمن میں ہر عورت کو اسلحے کا استعمال، تیراکی، سواری اور ڈرائیونگ کا حق حاصل ہے، بہ شرطے کہ اسلامی حدود کی پاس داری ہو۔
اس کے بعد ’’مغربی تہذیب اور اسلامی تہذیب کا فرق‘‘ کے عنوان سے آپ رحمۃ اللہ علیہ نے عوام الناس میں پھیلی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسلامی تہذیب میں عورتوں کو زیادہ سے زیادہ ترقی کا حق حاصل ہے۔ مگر دونوں تہذیبوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ مغربی تہذیب میں عورتوں کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے مصنوعی مرد بن کر میدانِ عمل میں اترنا ضروری ہے، جب کہ اس کے برعکس اسلامی تہذیب عورت کو سارے حقوق بہ حیثیت عورت ہی دیتی ہے اور ان ہی ذمے داریوں کا بار ان پر ڈالتی ہے، جو فطرت نے ان کے سپرد کی ہیں۔ اس ضمن میں اپنا مدعا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہماری قوم اور ہمارا ملک جو کچھ بھی ترقی کرے، وہ اسلامی اخلاق کے دائرے میں ہو۔
اس کے بعد سب سے آخر میں ’’پورا اسلام یا پوری فرنگیت‘‘کے عنوان سے خواتین کے سامنے انتخاب کی آزادی دیتے ہوئے یہ باور کرایا کہ ان دونوں میں سے کسی ایک کو ہی اختیار کرنا آپ کا حق ہے۔ یا تو 

 ’’ادخلوا في السلم كافة‘‘

 کی سچی تصویر بن جائیں یا پھر دعوائے اسلام کو ملتوی رکھیں اور کفر پر اسلام کا لیبل لگانے کی کوشش نہ کریں۔
خلاصہ یہ کہ یہ مختصر کتابچہ موجودہ دور کے مسلمانوں کی بہترین تصویر کشی کرتا ہے اور مسلمانوں سے اسلام کے مطالبات کی وضاحت، نیز خواتینِ اسلام کے حقوق کا مختصر مگر جامع تعارف ہے۔ یہ کتابچہ اسلام کے مزاج پر مبنی ایک ایسی تصور پیش کر رہا ہے، جو عورتوں کی عزت و تکریم کے ساتھ ساتھ ان کو ایک خود مختار اور مہذب طرزِ زندگی کا تحفہ فراہم کرتی ہے۔ یہ کتابچہ عمدہ اسلوبِ نگارش اور جامعیت کا بہترین نمونہ ہے، جس کے مطالعے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ چوں کہ یہ کائنات رب العزت کی تخلیق ہے، لہٰذا ہمارے اعمال سے ایسا معاشرہ وجود میں آنا چاہیے، جہاں صرف ربِ کائنات کی فرماں روائی ہو، جہاں ہر سو سیرتِ نبوی کی جلوہ نمائی ہو، جہاں قوانینِ الٰہی کا دور دورہ ہو، جہاں ہر انسان اور بالخصوص مدتوں سے مظلوم زمانے کی عورتوں کے حقوق کی پاس داری ہو۔ گویا ایسا معاشرہ کہ مساوات اور عدل و انصاف کی مثال قائم ہو سکے۔
ایسا تبھی ممکن ہے، جب ہم عورتیں مذہبِ اسلام میں دی گئی اپنی حیثیت کو پہچان لیں اور

’’كلكم راع وكلكم مسؤول‘‘

کے مصداق اپنی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے ’’ادخلوا في السلم كافة‘‘ کی ایسی سچی تصویر بن جائیں، جہاں جاہلیت کا گزر نہ ہو، جہاں فرنگیت کا اثر نہ ہو، جہاں ایمان و اسلام کا چلن ہو اور جہاں دل میں حبِ رسول ہو اور اعمال اس محبت کا مظہر ہوں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے