السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ھادیہ ای میگزین سے گزشتہ دو سالہ تعارف نے مجھے اس کے فکری، اصلاحی اور تربیتی پہلوؤں سے قریب سے واقف ہونے کا موقع دیا ہے۔ اس کا 66واں شمارہ بھی اپنے متنوع اور فکر انگیز موضوعات کے ساتھ خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ ’’ہمارے تصور کا اسکول‘‘ تعلیمی شعور کو جِلا بخشتا ہے، تو ’’مداہنت سے اجتناب‘‘ حق پر استقامت کا درس دیتا ہے۔ ’’نسوانیت کو درپیش چیلنجز‘‘ اور ’’اسلام: نسوانیت کا محافظ‘‘ جیسے مضامین عورت کی شناخت، مقام اور اسلامی تشخص کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔ خباب بن ارتؓ کی سیرت صبر و استقامت کا جذبہ پیدا کرتی ہے، جب کہ درسِ حدیث اور دیگر دلچسپ گوشے علم و ذوق کی آبیاری کرتے ہیں۔
اس شمارے کی خوبی یہ ہے کہ یہ محض مطالعے کا سامان نہیں، بلکہ فکر و عمل کی دعوت بھی ہے۔ میری نظر میں ھادیہ ایک ایسا بامقصد علمی و اصلاحی پلیٹ فارم ہے، جو خواتین و طالبات کی فکری و عملی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دعا ہے کہ یہ مجلہ اپنی روشنی سے ذہنوں کو منور، کرداروں کی آبیاری اور نسلِ نو کی رہنمائی کرتا رہے۔ ان شاء اللہ، آمین!
والسلام
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جزاک اللہ، بہن! ھادیہ ای میگزین پر آپ کا تبصرہ پڑھ کر دلی مسرت ہوئی۔
اللہ رب العالمین کا شکر و احسان ہے کہ اس نے قدر شناس قارئین سے ھادیہ ای میگزین کو نوازا ہے۔
والسلام
ایڈیٹر، ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments