رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’الْمُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِ كَالْبُنْيَانِ يَشُدُّ بَعْضُهُ بَعْضًا‘‘
ایک مومن دوسرے مومن کے لیے ایسی عمارت کی مانند ہے، جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے۔ (صحیح بخاری- حدیث 481، صحیح مسلم- حدیث 2585)
یہ حدیث بہ ظاہر چند الفاظ پر مشتمل ہے، لیکن اس کے اندر پوری امت کی اجتماعی زندگی کا ایک عظیم سبق چھپا ہوا ہے۔
نبی کریم ﷺ نے مومن کو صرف یہ نہیں سکھایا کہ وہ خود نیک بن جائے، نماز پڑھے، روزہ رکھے اور اپنی اصلاح کرے، بلکہ اسلام ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ ہماری نیکی کا فائدہ دوسروں تک پہنچے، ہماری ذات کسی کے لیے سہارا بنے اور ہماری موجودگی کسی کے لیے آسانی کا سبب بنے۔
جس طرح ایک عمارت صرف ایک اینٹ سے قائم نہیں رہ سکتی، اسی طرح ایک مضبوط امت بھی صرف افراد کے اچھے ہونے سے نہیں بنتی، بلکہ جب افراد ایک دوسرے کے ساتھ جڑتے ہیں، ایک دوسرے کی کم زوریوں کو ڈھانپتے ہیں اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کو سہارا دیتے ہیں تو ایک مضبوط معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
اسی حقیقت کو قرآن کریم نہایت خوب صورت انداز میں بیان فرماتا ہے:
’’إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ‘‘
مومن تو آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ (الحجرات، آیت 10)
مومن کا رشتہ صرف خون اور خان دان کا رشتہ نہیں، یہ ایمان کا رشتہ ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
’’فَأَصْلِحُوا بَيْنَ أَخَوَيْكُمْ‘‘
پس اپنے دونوں بھائیوں کے درمیان صلح کرا دو۔ (الحجرات، آیت 10)
غور کیجیے! اگر دو مسلمان آپس میں لڑ بھی جائیں، تب بھی قرآن انھیں بھائی کہہ رہا ہے۔ یعنی اختلاف آ جائے تو بھائی چارہ ختم نہیں ہوتا۔ بلکہ بھائی چارے کا تقاضا یہ ہے کہ دلوں کے فاصلے کم کیے جائیں اور صلح کرائی جائے۔
ہجرت کے بعد رسول اللہ ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے۔ مکہ کے مہاجرین اپنے گھر، مال، کاروبار اور وطن اللہ کی خاطر چھوڑ کر آئے تھے۔ ان کے پاس ایمان کی دولت تھی، مگر دنیاوی اعتبار سے وہ بہت کچھ پیچھے چھوڑ آئے تھے۔
مدینہ میں انصار نے ان کا استقبال کیا۔ لیکن نبی کریم ﷺ نے صرف یہ نہیں فرمایا کہ ’’ان کی مدد کر دو‘‘، بلکہ آپ ﷺ نے مہاجرین اور انصار کے درمیان مواخات یعنی بھائی چارہ قائم فرمایا۔ ایک مہاجر کو ایک انصاری کا بھائی بنا دیا۔ یہ مواخات دراصل ’’المؤمن للمؤمن کالبنیان‘‘ کی عملی تصویر تھی۔
ایک شخص نے اپنا وطن چھوڑا تھا، دوسرے نے اپنے دل کا دروازہ کھول دیا۔
ایک کے پاس گھر تھا، دوسرے کو گھر کی ضرورت تھی۔
ایک کے پاس مال تھا، دوسرے کو ضرورت تھی۔
لیکن نبی کریم ﷺ نے دونوں کو ایک دوسرے کے مقابل نہیں رکھا، بلکہ ایک دوسرے کا بھائی بنا دیا۔
حضرت سعد بن ربیع رضی اللہ عنہ اور حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کی مواخات اس کی نہایت خوب صورت مثال ہے۔
حضرت سعد رضی اللہ عنہ نے اپنے مہاجر بھائی کے سامنے اپنے مال اور وسائل میں شریک ہونے کی پیش کش کی۔ لیکن حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے خود داری کے ساتھ فرمایا:
’’دُلُّونِي عَلَى السُّوقِ‘‘
مجھے بازار کا راستہ بتا دیجیے۔
یہاں اسلام کے دو عظیم اصول ایک ساتھ نظر آتے ہیں: انصار کا ایثار اور مہاجرین کی خود داری۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’مَثَلُ الْمُؤْمِنِينَ فِي تَوَادِّهِمْ وَتَرَاحُمِهِمْ وَتَعَاطُفِهِمْ، مَثَلُ الْجَسَدِ، إِذَا اشْتَكَى مِنْهُ عُضْوٌ، تَدَاعَى لَهُ سَائِرُ الْجَسَدِ بِالسَّهَرِ وَالْحُمَّى‘‘
ترجمہ: مومنوں کی باہمی محبت اور ایک دوسرے پر رحم اور شفقت کی مثال ایک جسم کی مانند ہے۔ جب جسم کا کوئی ایک عضو تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو پورا جسم بے خوابی اور بخار کے ذریعے اس کے ساتھ شریکِ درد ہو جاتا ہے۔ (صحیح مسلم، حدیث 2586)
ذرا غور کیجیے! نبی کریم ﷺ نے مسلمانوں کو الگ الگ وجود نہیں بتایا، بلکہ ایک جسم قرار دیا۔ جسم کے کسی ایک حصے میں درد ہو تو آنکھیں نہیں کہتیں کہ درد تو پاؤں میں ہے، ہمیں کیا؟ ہاتھ یہ نہیں سوچتا کہ تکلیف تو دوسرے عضو کو ہے۔ بلکہ پورا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے۔
یہی تو مومن کی پہچان ہے کہ دوسرے کا دکھ اسے بے چین کرے، دوسرے کی خوشی اسے خوش کرے اور دوسرے کی ضرورت اسے اپنی ذمے داری محسوس ہو۔
مومن وہ نہیں جو صرف اپنی راحت کے بارے میں سوچے، بلکہ مومن وہ ہے جس کے دل میں دوسروں کے لیے درد ہو۔ وہ کسی کی پریشانی کا مذاق نہیں بناتا، کسی کے زخم کو نہیں کریدتا، بلکہ جہاں ممکن ہو مرہم بننے کی کوشش کرتا ہے۔
مواخات کا مطلب صرف مال دینا نہیں، کسی کی بات سن لینا بھی مواخات ہے۔
کسی کے غم میں شریک ہونا بھی مواخات ہے۔
کسی کی غلطی کو لوگوں میں بیان نہ کرنا بھی مواخات ہے۔
کسی کی کام یابی پر دل سے خوش ہونا بھی مواخات ہے۔
کسی کے لیے چھپ کر دعا کرنا بھی مواخات ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’وَاللهُ فِي عَوْنِ الْعَبْدِ مَا كَانَ الْعَبْدُ فِي عَوْنِ أَخِيهِ‘‘
اللہ بندے کی مدد میں رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہتا ہے۔ (صحیح مسلم، حدیث 2699)
کتنی بڑی خوش خبری ہے!
ہم کسی کی مدد کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم نے اس پر احسان کیا، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے ہمیں اس کی مدد کا ذریعہ بنا کر ہم پر احسان فرمایا۔
کسی بھوکے کو کھانا کھلانے کا موقع، کسی پریشان انسان کو تسلی دینے کا موقع، کسی ضرورت مند کے کام آنے کا موقع، کسی کے لیے آسانی پیدا کرنے کا موقع، یہ سب اللہ کی عطا ہیں۔
ایک عمارت کی اینٹیں اگر ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں تو عمارت نہیں رہتی۔ اسی طرح جب مسلمان ایک دوسرے سے کٹ جاتے ہیں اور حسد، بغض، تکبر اور نفرت دلوں میں جگہ بنا لیتی ہے تو امت کی اجتماعی طاقت کم زور ہو جاتی ہے۔
ہمیں اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کے لیے خیر خواہ رہنا ہے، کیوں کہ اسلام ہمیں اختلاف سے پہلے اخوت کا رشتہ یاد دلاتا ہے۔
آج شاید ہمارے پاس کسی مہاجر بھائی کو گھر دینے کا موقع نہ ہو، لیکن ہمارے اردگرد بہت سے لوگ ایسے ہیں جنھیں وقت، توجہ، محبت، دعا، حوصلے یا کسی چھوٹی سی مدد کی ضرورت ہے۔
مواخاتِ مدینہ ہمیں بتاتی ہے کہ ایک عظیم امت صرف بڑے نعروں سے نہیں بنتی، وہ چھوٹے چھوٹے ایثار، خاموش مدد، سچی محبت اور ایک دوسرے کے درد کو اپنا درد سمجھنے سے بنتی ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments