کلثوم واجد
عمر رضی اللہ عنہ کہا کرتے تھے:
’’متى استعبدتم الناس وقد ولدتهم أمهاتهم أحرارًا؟‘‘
تم نے لوگوں کو کب سے غلام بنا لیا، حالاں کہ ان کی ماؤں نے انھیں آزاد پیدا کیا ہے؟
آج کے دور میں غلام کوئی نہیں، جب کہ غلامی میں ہر کوئی مبتلا ہے۔ لوگوں کے ناراض ہو جانے کا ڈر، خدا کے ناراض ہو جانے سے بڑھا ہوا ہے۔ زندگی کے چھوٹے بڑے فیصلے لوگ، ماحول اور آج کل کے ٹرینڈ پر موقوف ہیں۔ یہ سوچ کی غلامی ہے، طاغوت کی غلامی! یہ زنجیروں کی غلامی سے زیادہ خطرناک ہے۔
اسی طرح اس کا دوسرا پہلو دیکھیں تو وہ یہ ہے کہ کوئی کسی کو غلام بناتا نہیں ہے، مگر اس کی چاہ ضرور رکھتا ہے کہ سامنے والا اپنی زندگی میرے مطابق گزارے۔ میری رائے کی تقلید کرے، میری قائم کی ہوئی روایات کو اپنائے اور میری بات حرفِ آخر ہو جیسے ماں اپنے بچے کو، ساس اپنی بہو کو، بہو اپنی ساس کو، ہیڈ اپنے اسٹاف کو، باپ اپنے بیٹے کو۔ غرض دوسروں کی زندگی کو کنٹرول کرنا یا دوسروں سے اس قدر متاثر ہو جانا کہ لوگوں کی آرا کا غلام ہو جانا، یہی نئی نسل کا غلامانہ رویہ ہے۔ اب اس کا حل کیا ہے؟
بہت آسان ہے۔ لوگوں کو اپنی زندگی جینے دی جائے۔ ہر بالغ اپنے فیصلے لینے کے لیے آزاد ہے۔ انھیں غلام نہ بنائیں۔ انھیں مشورہ دیں۔ مگر اپنی رائے ان پر نہ تھوپیں۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اللہ نے سب کو دی ہے۔ دوسروں کو کنٹرول کرنا چھوڑ دیں۔ یہ جان لیں کہ وہ اللہ کے غلام ہیں، آپ کے نہیں۔
دوسری بیماری کا علاج اللہ سے قربت ہے۔ جب آپ اللہ کے قریب ہو جاتے ہیں تو اس کی تقسیم سے بھی راضی ہو جاتے ہیں۔ پھر دوسروں کی زندگی آپ کو متاثر ہی نہیں کر سکتی۔ جب آپ لوگوں سے، ان کی چیزوں سے، ان کے اعمال سے متاثر ہونا چھوڑ دیں گے، تب ان کی غلامی سے آزاد ہو جائیں گے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ کہتے ہیں:
’’أَلَيْسَ اللَّهُ بِكَافٍ عَبْدَهُ‘‘
کیا اللہ اپنے بندے کے لیے کافی نہیں؟
بے شک! پس جان لیجیے، حقیقی آزادی اللہ کی غلامی میں ہے!
٭ ٭ ٭


Sehel zaban qaabile amal nukat k saath umda tehreer hai.
شکریہ 💝