یَا أَیُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّیِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا إِنِّی بِمَا تَعْمَلُونَ عَلِیمٌ (51)
وَإِنَّ هَذِهِ أُمَّتُكُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّكُمْ فَاتَّقُونِ (52)
فَتَقَطَّعُوا أَمْرَهُمْ بَیْنَهُمْ زُبُرًا كُلُّ حِزْبٍ بِمَا لَدَیْهِمْ فَرِحُونَ (53)
فَذَرْهُمْ فِی غَمْرَتِهِمْ حَتَّى حِینٍ (54)
أَیَحْسَبُونَ أَنَّمَا نُمِدُّهُمْ بِهِ مِنْ مَالٍ وَبَنِینَ (55)
نُسَارِعُ لَهُمْ فِی الْخَیْرَاتِ بَلْ لَا یَشْعُرُونَ (56)
پیغمبرو! حلال چیزیں کھاؤ اور نیک عمل کرو۔ تم جو کچھ کر رہے ہو، اس سے میں بہ خوبی واقف ہوں۔ یقینا تمھارا یہ دین ایک ہی دین ہے اور میں ہی تم سب کا رب ہوں۔ بس تم مجھ سے ڈرتے رہا کرو۔ پھر انھوں نے خود ہی اپنے معاملے کو آپس میں ٹکڑے ٹکڑے کر لیا۔ ہر گروہ جو کچھ اس کے پاس ہے، اسی پر اترا رہا ہے۔ بس تم بھی انھیں ان کی غفلت میں ہی کچھ مدت پڑا رہنے دو۔ کیا یہ یوں سمجھ بیٹھے ہیں کہ ہم جو بھی ان کے مال و اولاد بڑھا رہے ہیں، وہ ان کے لیے بھلائیوں میں جلدی کر رہے ہیں؟ نہیں! نہیں! بلکہ یہ سمجھتے ہی نہیں۔ (سورۂ مؤمنون، آیت 51 تا 56)
یہ سورۂ مؤمنون کی آیات نمبر 51 تا 56 ہیں۔ اس میں اہم اسباق درج ہیں:
(1) حلال رزق اور عمل صالح کا حکم ایک ساتھ دیا گیا۔
انسان معاش کی تگ و دو میں الجھا رہتا ہے۔ اس کی زندگی کا اہم وقت تجارت اور ملازمت میں گزرتا ہے، کیوں کہ آمدنی سے اس کی ضروریات بھی پوری ہوتی ہیں اور اس سے وہ اپنی خواہشات بھی پوری کر سکتا ہے۔ انسان کی ضروریات بھی بڑھتی رہتی ہیں اور خواہشات بھی ختم نہیں ہوتیں۔ انھی کے چلتے پیسوں کا لالچ اور امیر سے امیر ترین بننے کی خواہش سب سے پہلے حلال و حرام کا فرق انسان کے ذہن سے ختم کر دیتی ہے۔ جب حلال و حرام کی تمیز ختم ہو جاتی ہے تو وہ حرام کمائی میں بھی ملوث ہو جاتا ہے اور نیک اعمال سے بھی لاتعلق ہوتا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے حکم ہوا:
1۔ پاکیزہ حلال مال کماؤ۔
2۔ نیک اعمال کرو۔
(2) نفس کی اصلاح اور معاملات کی درستی کے بعد فوراً یاد دلایا گیا کہ تمھارا یہ دین ایک ہی دین ہے، ایک ہی ملت ہے۔ یعنی اللہ وحدہٗ لا شریک لہٗ کی عبادت کی طرف دعوت دینا۔ اسی لیے اس کے بعد فرمایا کہ میں تمھارا رب ہوں، بس مجھ سے ڈرو۔
(3) اس کے بعد امت کی تکلیف دہ صورت حال کا ذکر کیا گیا کہ لوگ دین کے معاملے کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے مختلف گروہوں میں بٹ گئے اور ہر گروہ اپنے پاس موجود چیز پر خوش ہے۔
یہ یاد دہانی ہے کہ اتحاد کا مطلب صرف ظاہری اجتماع نہیں، بلکہ دین کے بنیادی اصولوں پر اجتماع بھی ہے۔
(4) آیت نمبر 55 تا 56 یہ واضح کرتی ہیں کہ مال و اولاد کی کثرت کو لازماً اللہ کی رضا اور کام یابی کی علامت سمجھنا درست نہیں۔ کبھی انسان نعمتوں میں بڑھتا رہتا ہے، مگر اسے اس حقیقت کا شعور نہیں ہوتا کہ اصل کام یابی ایمان، تقویٰ اور عمل صالح میں ہے۔
شاعر نے اس کی بہترین ترجمانی کی ہے:
فرد قائم ربطِ ملت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں
یہ امت آخری امت ہے۔اس لیے اس کی حفاظت، اس کی اصلاح اور اس کا نفع بخش بنے رہنا بہت ضروری ہے۔ اور یہ آیات دراصل اسی فریم میں اس امت کو تیار کر رہی ہیں۔ اتحاد کی شروعات نفس کی اصلاح اور ایمان میں اخلاص و پختگی کے بعد پیدا ہوتی ہے۔ اور انسان اس اتحاد کو پیسوں کی لالچ، ذاتی نفع کی خواہش میں بکھیرنے سے نہیں چوکتا۔ اس لیے ان آیات میں سب سے پہلے یہی سکھا دیا گیا کہ آمدنی پاکیزہ اور حلال ہو۔ نیز دھوکا دہی، جھوٹ اور فریب سے پاک ہو۔
اس طرح یہ آیات پہلے مومن کو متحد ہونے کے لائق بناتی ہیں، پھر انھیں اتحاد کا حکم دیتی ہیں۔ اس اتحاد کی مثال کچھ اس طرح دی گئی ہے کہ جو موجیں بڑی بڑی کشتیوں کو ڈبو دیتی ہیں اور جہازوں کو ہلا دیتی ہیں۔ طوفان برپا کرتی ہیں۔ یہ اگر اکٹھی ہیں تو ان کی طاقت سے جہاز الٹتے ہیں اور اگر یہ موجیں الگ الگ ہوکرسمندر سے باہر نکل جائیں تو پانی بن کر بکھر جاتی ہیں اور ان کی کچھ حیثیت نہیں رہتی۔ یہ ایک نظام قدرت و فطرت ہے۔ اس لیے ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے اجتماعیت کے ساتھ رہنے کا حکم فرمایا ہے۔
امت مسلمہ اور ملت اسلامیہ فرقوں اور گروہوں کے مصنوعی اور سطحی اتحاد کا نام نہیں ہے، بلکہ حقیقی معنوں میں جسد واحد اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار (بنیان مرصوص) کی طرح امت واحدہ ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ وحدت امت اور اتحاد ملت کی بنیاد کیا ہے؟ ظاہر ہے کہ جس دین کی بنیاد پر یہ امت اور یہ ملت وجود میں آئی ہے، وہی دین ملت کے اتحاد کی بنیاد ہے اور وہ ہے دین اسلام۔
دین اسلام کے اصول و فروع دونوں کا سرچشمہ اور ماخذ قرآن و سنت ہے۔ قرآن پاک میں سورۂ آل عمران، آیت نمبر 103 میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے اور تفرقے سے بچنے کا حکم دیا ہے۔ آپس کے جھگڑوں اور اختلافات سے قوم کم زور ہوتی ہے۔ اتحاد ایک مضبوط دیوار کے مانند ہے، جس کا ہر فرد ایک دوسرے کو سہارا دیتا ہے۔ اسلام نے نماز باجماعت، جمعہ اور عیدین کے ذریعے مسلمانوں میں باہمی محبت اور مساوات و برابری کی تربیت دی ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب مسلمانوں کے ارادے متفق اور دل یکساں تھے، تب انھوں نے دنیا پر حکمرانی کی۔ اجتماعی تعاون اور احترام کے ذریعے معاشرے کے بڑے سے بڑے مسائل اور بحران حل کیے جا سکتے ہیں۔
اتفاق کی بدولت معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور استحکام پیدا ہوتا ہے۔ اتحاد کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ تمام مسالک اپنے اجتہادات چھوڑ دیں، اپنی علمی کاوشوں کو نظر انداز کر دیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بنیادی اسلامی عقائد (توحید، رسالت اور آخرت) پر متفق ہو کر اجتماعی معاملات میں ایک آواز بن جائیں۔ معمولی فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ اقدار کو فروغ دیا جائے۔ مسلمانوں کی کھوئی ہوئی عظمت کی بحالی کا واحد راستہ اتحاد امت ہے۔ امت کے اندر حقیقی اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں کہ دنیا میں 50 سے زیادہ مسلم ممالک ہیں، لیکن مسلمان عالمی منظرنامے میں سب سے زبوں حال نظر آتے ہیں۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اتحاد کی صرف زبانی دعوت نہیں دی، بلکہ عملاً کر کے دکھایا اور اس معاشرے میں کر کے دکھایا جس میں اتحاد نام کی کوئی چیز نہ تھی۔ قبائلی آویزش اور ذرا ذرا سی بات پر جھگڑا مہینوں اور سالوں طول پکڑتا۔
سورۂ انفال آیت نمبر 46 میںاللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور آپس میں جھگڑا نہ کرو۔ تم منتشر ہو جاؤ گے اور تمھاری ہوا اکھڑ جائے گی۔ اور صبر کرو، یقینا اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ (سورۂ انفال، آیت 46)
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کے حکم سے اس منتشر اور غیر متحد، آپس میں دست و گریباں رہنے والے قبائل کے درمیان اتحاد پیدا کر دیا، جس پر ایک غیر مسلم شاعر نے خوب صورت انداز میں داد دی۔
کس نے قطروں کو ملایا اور دریا کر دیا
کس نے ذروں کو اٹھایا اور صحرا کر دیا
کس کی حکمت نے یتیموں کو کیا دُرِّ یتیم
اور غلاموں کو زمانے بھر کا مولا کر دیا
زندہ ہو جاتے ہیں وہ جو مرتے ہیں آپ کے نام پر
اللہ اللہ! موت کو کس نے مسیحا کر دیا
آدمیت کا غرض ساماں مہیا کر دیا
اک عرب نے آدمی کا بول بالا کر دیا
آپ اور ہم جانتے ہیں کہ منتشر اینٹیں ایک عمارت نہیں کھڑی کر سکتیں اور نہ ہی منتشر موتی ایک گلے کا ہار بن سکتے ہیں۔ اسی طرح ایک منتشر امت اپنی اجتماعی قوت، عزت اور اثر و رسوخ کو برقرار نہیں رکھ سکتی۔ قرآن کریم نے ہمیں اتحاد کا راستہ بھی دکھایا اور تفرقے کے انجام سے بھی خبردار کیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ
یعنی آپس میں جھگڑا نہ کرو، ورنہ تم ناکام ہو جاؤ گے اور تمھاری ہوا اکھڑ جائے گی۔ (سورۂ انفال، آیت 46)
لہٰذا آج امت مسلمہ کو اپنی قوت، عزت اور مستقبل کے لیے اپنے بنیادی رشتے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ رشتہ جو قرآن و سنت، توحید، رسالت، آخرت، تقویٰ اور عمل صالح سے قائم ہوتا ہے۔ اختلاف رائے اپنی جگہ، مگر اختلاف کو دشمنی، تعصب اور تفرقے میں تبدیل کرنا امت کی قوت کو کم زور کرتا ہے۔
ایک ہو جائیں تو بن سکتے ہیں خورشید مبیں
ورنہ ان بکھرے ہوئے تاروں سے کیا بات بنے
٭ ٭ ٭


0 Comments