رضا شیخ کو گرمیوں کی چھٹیوں میں گھر آنا کبھی بہت اچھا لگتا تھا اور کبھی یہی گھر اسے عجیب سی گھٹن میں مبتلا کر دیتا تھا۔ اس بار بھی وہ اپنے دوسرے بھائیوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے شہر آیا ہوا تھا۔ ایک کزن کی شادی تھی، اس لیے گھر میں خاصی رونق تھی۔
صبح سے شام تک گھر میں رونق لگی ہوتی تھی۔ اس سب میں رضا بھی سب کے ساتھ تھا، لیکن شاید پوری طرح ان کے ساتھ نہیں تھا۔ وہ محفل میں بیٹھا ہوتا تو اس کا دھیان کسی اخبار کی خبر کی طرف بھٹک جاتا تھا، کسی سے بات کرتا تو اچانک اسے کوئی سماجی مسئلہ یاد آجاتا، کبھی موبائل پر کوئی خبر پڑھ کر خاموش ہو جاتا اور کبھی کسی رسالے میں چھپی تحریر کے بارے میں سوچنے لگتا۔
کتابیں اس کے ساتھ گھر تک آئی تھیں۔ کچھ ادبی جرائد، ایک سیاسی کتاب، ایک پرانا رسالہ جس میں سماجی مسائل پر مضامین کا سلسلہ تھا اور چند ایسی کتابیں جنھیں وہ جانے کب سے پڑھنے کے لیے سنبھالے ہوئے تھا۔ لیکن یہاں آکر اسے موقع ہی نہیں مل رہا تھا۔ وہ کتابوں کا محض شوقین نہیں تھا، بلکہ کتابیں اس کی زندگی کا ایک مستقل حصہ بن چکی تھیں۔ اخبار ہو یا جریدہ، سیاسی تجزیہ ہو یا سماجی مسئلہ، نیوز رپورٹ ہو یا کسی ادبی شخصیت پر چھپی ہوئی تحریر، وہ ہر چیز کو اپنے لیے اہم سمجھتا تھا۔ جیسے دنیا میں ہونے والی کوئی بھی بات اس کی ذات سے الگ نہیں ہوسکتی تھی۔
وہ کتابی شخص تھا، مگر صرف کتابی شخص نہیں تھا۔ وہ ایک سماجی شخص بھی تھا۔ ملک و ملت کے حالات اسے محض اخباری خبریں نہیں لگتے تھے۔ معاشرے میں اٹھنے والا ہر مسئلہ اسے اپنی زندگی سے جڑا ہوا محسوس ہوتا تھا۔ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہونے والی ناانصافی، کسی بھی انسان پر ہونے والا ظلم، کسی مزدور کی بے بسی، کسی بچے کی بھوک یا کسی جنگ کی خبر اسے اندر تک جھنجھوڑ دیتی تھی۔ اس کے اندر یہ بہت بڑی خامی تھی کہ وہ کسی واقعے کو صرف پڑھ کر آگے نہیں بڑھ سکتا تھا۔ اسے اس کے پس منظر کے بارے میں جاننا ہوتا، پھر مزید پڑھنا ہوتا، پھر سوچنا ہوتا اور کبھی کبھی کئی دن تک وہی بات اس کے ذہن میں گردش کرتی رہتی تھی۔
ادبی دنیا کا تو وہ مرید تھا۔ کسی بڑے شاعر یا ادیب کی وفات ہو، کوئی نئی کتاب منظر عام پر آئے، کسی رسالے میں کوئی اہم بحث چھڑے یا ادب کے حلقوں میں کوئی نئی بحث جنم لے، رضا کی نگاہ وہاں بھی پہنچ جاتی تھی۔
یہ سب کرتے دیکھ کر اس کے دوست احباب اور سماجی حلقے کے لوگ اکثر اس کا مذاق اڑاتے۔
’’تمھیں دنیا کے سارے مسائل کا ٹھیکہ کس نے دیا ہے؟‘‘ کوئی کہتا۔
’’یار، کبھی اپنی زندگی بھی جی لیا کرو۔‘‘ دوسرا ہنستا۔
’’دنیا میں روز ہزاروں واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ سب کے پیچھے کیوں پڑے رہتے ہو؟‘‘
رضا ہنس کر ٹال دیتا، مگر حقیقت یہ تھی کہ وہ خود بھی کبھی کبھی اس عادت سے تنگ آجاتا تھا۔
وہ ایک تنہائی پسند شخص تھا، لیکن غفلت پسند نہیں۔ اسے تنہائی اچھی لگتی تھی، مگر بے خبری نہیں۔ وہ اکیلا بیٹھ سکتا تھا، گھنٹوں پڑھ سکتا تھا، اپنے خیالات میں گم رہ سکتا تھا، مگر یہ تصور نہیں کرسکتا تھا کہ دنیا میں کچھ ہورہا ہو اور وہ آنکھیں بند کرکے اپنی ذات کے اندر محفوظ ہوجائے اور ہی اپنے خول میں بند ہو جائے۔
ملک میں کوئی بڑا واقعہ ہوتا تو وہ اس کے بارے میں پڑھتا، دنیا میں کہیں جنگ چھڑتی تو اس کی نیند خراب ہوجاتی، کسی مظلوم کی خبر ملتی تو اس کے اندر غصہ پیدا ہوتا اور کوئی خوب صورت انسانی کوشش سامنے آتی تو وہ دیر تک خوش رہتا۔ وہ دنیا کو اپنے سے الگ رکھ ہی نہیں پاتا تھا۔
یہی چیز کبھی کبھی اس کے لیے عذاب بن جاتی تھی۔ کبھی اسے اپنے آپ پر شدید غصہ آتا۔ وہ سوچتا، آخر کیوں وہ اپنے ہاتھوں اپنی بے سکونی کا سبب بنا ہوا ہے؟ کیوں وہ ہر وقت دنیا کے جھمیلوں میں پڑا رہتا ہے؟ کیوں اس کی زندگی صرف اس کی اپنی ذات، مستقبل، نوکری، آمدنی اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں تک محدود نہیں رہ سکتی؟
وہ اپنے دوستوں کو دیکھتا تو وہ ہنستے تھے، گھومتے تھے، کھاتے پیتے تھے، اپنی زندگیوں میں مصروف رہتے تھے۔ دنیا چاند پر پہنچے یا کسی گہری کھائی میں جا گرے، انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ وہ اپنی اپنی زندگیوں میں مطمئن تھے اور وہ۔۔۔؟
وہ جانے کہاں کہاں کے غم اپنے ساتھ اٹھائے پھرتا تھا، آخر کیوں؟
شاید وہ دوسروں کے مقابلے میں زیادہ حساس طبیعت کا مالک تھا۔ شاید یہی حساسیت اس کی سب سے بڑی کمزوری تھی اور شاید یہی اس کی سب سے بڑی خوبی بھی تھی۔ وہ کبھی کبھی جھنجھلا کر کہہ اٹھتا تھا:
’’لعنت ہو ایسی حساسیت پر‘‘
کبھی کبھی شدید جھنجھلاہٹ میں وہ خود کو ہی ملامت کرتا۔ پھر اس کے اندر اضطراب کا ایک ایسا دور شروع ہو جاتا، جس میں وہ اپنے آپ سے بھی بیزار ہونے لگتا تھا۔ قنوطیت جیسے اس کے ذہن کے کسی تاریک کمرے میں بیٹھ کر اس کا انتظار کرتی رہتی تھی۔
گرمیوں کی چھٹیوں میں گھر واپسی بھی کبھی کبھی اس کے لیے اپنے آپ سے اِسی شدید مایوسی کا ایک نیا مرحلہ بن جاتی تھی۔ اب بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ گھر میں رونق تھی۔ بھائی بہن سب آئے ہوئے تھے۔ ایک کزن کی شادی کی گہماگہمی تھی۔
اس کے سارے چچا تایا کے گھر ایک قطار میں تھے اور ہر گھر میں ایک دروازہ تھا، جس سے بآسانی ایک دوسرے کے گھر میں آنا جانا لگا ہوتا تھا۔
کزن کی شادی کے سبب گھر میں ہنسی تھی، شور تھا، لوگوں کی آمدورفت تھی۔ کبھی رضا کا دل بھی بہل جاتا اور کبھی بگڑ جاتا تھا۔ کبھی کسی بھائی کے ساتھ بیٹھ کر وہ خوب ہنستا، کبھی کسی بچے کو گود میں اٹھا لیتا، کبھی شادی کی کسی رسم میں پوری طرح شامل ہو جاتا، مگر پھر کسی خبر، کسی گفتگو یا کسی خیال کے بعد اس کے اندر وہی بے چینی واپس آجاتی۔ اسے محسوس ہوتا جیسے وہ سب کے درمیان بیٹھا بھی ہو تو کہیں اور موجود ہے۔
بچپن سے ہی اس کے ساتھ یہی ہوتا آیا تھا۔ وہ گھر کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا اور شاید اسی لیے سب سے زیادہ لاڈلا بھی۔ امی اسے گھر سے دور بھیجنے پر راضی نہیں تھیں۔ بڑے بھائی بھی یہی چاہتے تھے کہ وہ کسی مقامی کالج میں داخلہ لے لے۔ روز گھر سے جائے اور شام کو واپس آجائے۔ مگر رضا کو یہ منظور نہیں تھا۔
اسے لگتا تھا کہ ایک ہی جگہ رہ کر آدمی کے اندر بھی وہی دیواریں بن جاتی ہیں، جو اس کے گرد ہوتی ہیں۔ وہ باہر جانا چاہتا تھا، نئے لوگوں سے ملنا چاہتا تھا، نئی کتابیں پڑھنا چاہتا تھا اور نئے خیالات دیکھنا چاہتا تھا۔ اور سب سے بڑھ کر وہ اپنی ذات کے اس چھوٹے سے دائرے سے باہر نکلنا چاہتا تھا جس میں گھر والے اسے محبت سے محفوظ رکھنا چاہتے تھے۔
اسے بہت سمجھایا گیا۔ کئی بار سمجھایا گیا۔ کبھی محبت سے، کبھی ڈانٹ ڈپٹ سے۔ مگر رضا اپنی ضد پر اڑا رہا،کسی اڑیل گھوڑے کی طرح۔ آخرکار وہ ضد کر کے پڑھنے کے لیے دور شہر چلا گیا۔ جاتے وقت ماں نے دل گرفتگی سے بہت سی دعائیں دیں اور بہت سی ہدایات بھی۔
بڑے بھائی نے طنزیہ کہا تھا: ’’دیکھنا! دو مہینے بعد خود ہی فون کرکے کہو گے کہ گھر واپس آنا ہے۔‘‘
اور بڑے بھائی کے اس ناراض سے طنز کو سن کر رضا نے بھی ہنس کر کہا تھا:
’’ایسا کبھی نہیں ہوگا،ان شاءاللہ!‘‘
اور ایسا ہوا بھی نہیں۔
وہ ایک حساس مگر مستقل مزاج شخص تھا۔ دیگر مہاراشٹر کے بچوں کی طرح نہیں تھا کہ کھانے پینے کی ذرا سی تکلیف کے باعث ہاسٹل سے بھاگ نکلے۔ وہ مستقل مزاج واقعی واپس نہیں لوٹا تھا۔ وہ گیا تو کتابوں، کالج، لائبریری، اپنے بزرگ دوستوں اور اپنی مصروفیات میں ایسا لگا کہ گھر سے دوری بھی اسے کچھ معلوم نہیں پڑتی تھی۔
گھر والوں کے لیے وہ ایک دیوانہ اور پاگل شخص ہی تھا۔
کزن کے شادی کے دنوں میں بھی یہی ہوتا رہا۔ سب خوش تھے اور رضا بھی خوش ہونا چاہتا تھا۔ لیکن نہیں ہو پاتا تھا۔ وہ لوگوں کی ہنسی سنتا، کھانے کی میز پر بیٹھتا، تصویروں کے لیے کھڑا ہوتا، بھائیوں کی باتوں پر مسکراتا، لیکن اندر کہیں کوئی اور ہی سلسلہ چل رہا ہوتا تھا۔ وہ ان کے بیچ ہوکر بھی ان کے پاس نہیں تھا۔
دنیا میں اتنا کچھ ہورہا تھا۔ کسی ملک میں جنگ تھی، کسی شہر میں لوگ اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر تھے، کہیں کوئی بچہ بھوک سے مر رہا تھا، ادبی دنیا میں ایک بڑے شاعر کی وفات ہوئی تھی اور رضا اس کے بارے میں کچھ پڑھنا چاہتا تھا۔
اس کے ذہن میں یہ سب چیزیں یوں موجود رہتی تھیں جیسے کسی دوسرے آدمی کے ذہن میں اس کے اپنے گھر کے معاملات۔ اس کے لیے دنیا بہت دور نہیں تھی۔ یہی اس کی مشکل تھی۔ وہ کسی مسئلے کو دیکھ کر آگے نہیں بڑھ پاتا تھا۔ وہ رک جاتا تھا۔ سوچتا تھا، پڑھتا تھا، پھر اس کے بارے میں مزید پڑھتا تھا اور پھر کئی کئی دن اس کے اندر ایک بے نام سی بے چینی رہتی تھی۔
گھر والوں کو یہ سب عجیب لگتا تھا۔ وہ ان کے نزدیک ایک پاگل اور دیوانہ شخص تھا۔
’’تم ہر چیز کو اتنا دل پہ کیوں لیتے ہو؟‘‘ اُن ہی دنوں بھائی نے اسے کسی شاعر کی فوتگی پر غمگین دیکھ کر کہا تھا۔
اور اس نے کوئی جواب نہیں دیا تھا۔
بڑے بھائی کو اس کی خاموشی کھلی۔
’’دیکھو! دنیا میں روز کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے۔تم ہر چیز کے ذمے دار تو نہیں ہو۔‘‘
اس دفعہ رضا نے مسکرا کر کہا:
’’معلوم ہے بھائی۔‘‘
’’تو پھر؟‘‘
رضا کچھ لمحے خاموش رہا، پھر آہستہ سے بولا:
’’پھر بھی ہوتا ہے۔‘‘
وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکا، نہ ہی کہہ سکتا تھا۔ وہ اپنی کیفیت الفاظ میں ڈھال کر لوگوں کو نہیں بتا سکتا تھا۔
اس کے جواب پر بڑے بھائی نے سر جھٹکا اور بڑبڑاتا ہوا چلا گیا۔
رضا کچھ دیر وہیں بیٹھا رہا۔ وہ جانتا تھا کہ بھائی غلط نہیں کہہ رہا تھا۔ وہ واقعی ہر چیز کو دل پر لیتا تھا۔
مگر کیا کرے؟
وہ اپنے دل کو کیسے سمجھاتا کہ فلاں جگہ کوئی انسان بھوکا ہے اور اس سے اسے کوئی مطلب نہیں ہونا چاہیے؟ وہ کیسے سمجھاتا کہ ظلم کہیں بھی ہو، اس کا تعلق اس سے نہیں؟ وہ کیسے اپنے ذہن کو خاموش کرتا؟
کبھی کبھی اسے اپنے آپ سے شدید کوفت ہوتی تھی۔ اسے لگتا تھا وہ بھی باقی لوگوں کی طرح کیوں نہیں ہو سکتا؟ کیوں اس کے دوست ہنس کھیل کر زندگی گزار لیتے ہیں؟ کیوں وہ اپنے مستقبل، اپنی نوکری، اپنی تنخواہ، اپنے گھر اور اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں تک محدود رہ سکتے ہیں؟ اور وہ کیوں نہیں رہ سکتا؟
آخر اس نے دنیا کا ٹھیکہ تو نہیں لے رکھا۔
مگر پھر بھی کوئی خبر اس تک پہنچتی تو اس کے اندر کچھ ہل جاتا، کوئی کتاب پڑھتا اور کئی دن اس کے اثر میں رہتا، کسی غریب کو دیکھتا تو بے اختیار اس کے بارے میں سوچنے لگتا، کسی ظلم کی خبر سنتا تو غصہ آتا، کسی اچھی چیز کے بارے میں پڑھتا تو دیر تک خوش رہتا۔ شاید وہ ضرورت سے زیادہ حساس تھا اور یہی حساسیت کبھی کبھی اس کے لیے ایک عذاب بن جاتی تھی۔
مگر گھر میں ایک شخص ایسا تھا، جو رضا کو دیکھ کر کبھی یہ نہیں کہتا تھا کہ وہ عجیب ہےیا دیوانہ ہے۔ دادا قادر!
وہ رضا کو دیکھتے تو اکثر زیر لب مسکرا دیتے۔ رضا کو معلوم تھا کہ دادا اس کی ہر حرکت پڑھ لیتے ہیں۔ وہ کب خاموش ہوا، کب بے وجہ مسکرایا، کب کتاب کھول کر بھی نہیں پڑھی، کب کسی خبر پر اس کا چہرہ بجھ گیا۔ دادا سب دیکھتے تھے۔
کیوں کہ وہ خود بھی ایسے ہی تھے۔
ان کا کمرہ گھر کے باقی کمروں سے کچھ مختلف تھا۔ درمیانے سائز کا کمرہ، ایک طرف بڑی سی کھڑکی، دوسری طرف لکڑی کی الماریاں اور ان الماریوں میں کتابیں ہی کتابیں۔ تفاسیر، احادیث، تاریخ، فلسفہ، ادب، شاعری، رسائل، جرائد، پرانی کتابیں جن کے صفحات زرد ہوچکے تھے، نئی کتابیں جن پر ابھی تک گرد بھی نہیں جمی تھی، کچھ فارسی کی کتابیں، کچھ عربی کی، اردو کا تو شاید ہی کوئی بڑا نام تھا جو ان کی الماری میں نہ ملتا۔
رضا جب بھی اس کمرے میں آتا، اسے عجیب سا اطمینان محسوس ہوتا۔ یہ وہ جگہ تھی، جہاں اسے کسی کو یہ وضاحت نہیں کرنی پڑتی تھی کہ وہ کتاب کیوں پڑھ رہا ہے۔ یہاں کوئی اس سے نہیں کہتا تھا کہ دنیا کے مسائل کو دل پر مت لیا کرو۔ یہاں اسے کوئی کتابی کیڑا نہیں کہتا تھا۔
دادا خود کتابی آدمی تھے۔ اور صرف کتابی نہیں، وہ بھی سماج کے حالات سے بے خبر نہیں رہ سکتے تھے۔ اخبار باقاعدگی سے پڑھتے، ملک کے حالات پر نظر رکھتے، لوگوں کے دکھ سکھ سنتے، کسی کی پریشانی معلوم ہوتی تو کئی دن اس کا ذکر کرتے رہتے اور کبھی کبھی رضا کو لگتا کہ اس کے اندر جو کچھ ہے، وہ سب دادا کے اندر پہلے سے موجود ہے۔
وہ واقعی ان کا پرتو تھا۔ وقت جیسے پیچھے گھوم کر وہی چہرہ دوبارہ بنا لایا تھا۔
شادی اور چھٹیاں ختم ہونے لگیں تو گھر کی رونق بھی آہستہ آہستہ کم ہونے لگی۔ مسافروں کا سامان باندھا جانے لگا تھا۔ بھائی بہن اپنے اپنے شہروں کو لوٹنے کی تیاری کر رہے تھے۔ واپسی کے دن قریب آگئے تھے۔ رضا کا دل کچھ ٹھکانے آیا تھا۔ اس دفعہ اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے اس کی گرتی صحت اور آنکھوں کے حلقوں اور اداسی پر کچھ زیادہ ہی چرچا کر لیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس کا دماغ ناامیدی کے ادھیڑ بن میں نئی امید پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہا تھاکہ آخر وہ کس طرح باقی سب کی طرح ایک نارمل زندگی جی سکے گا۔ صرف اپنی ذات تک محدود، اپنے مستقبل اور اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں مطمئن۔
واپسی سے ایک روز پہلے سب دادا قادر سے ملنے ان کے کمرے میں جمع ہوئے تھے۔ رضا بھی وہیں بیٹھا تھا۔ دادا اپنی کرسی پر بیٹھے سب کو دیکھ رہے تھے۔ باتوں باتوں میں بڑے بھائی نے رضا کی طرف اشارہ کیا۔
’’دادا! اسے سمجھائیے گا ذرا۔ چھٹیاں بھی انجوائے نہیں کرتا۔پتا نہیں کیا غم لاحق ہے اسے اس عمر میں کہ بجھا بجھا رہتا ہے۔‘‘
بھائی کی بات پر دادا قادر اس کے تیکھے نقوش والے چہرے پر محبت پاش نظریں ڈال کر مسکرا دیے۔
بڑی بہن بھی بول پڑی:
’’ بھائی اس کا علاج تو شاید کسی کے پاس ہے ہی نہیں۔‘‘
رضا نے اس بار بھی برا نہیں منایا۔ وہ بس دادا کو دیکھ کر مسکرا دیا جیسے کسی اور کے بارے میں بات ہورہی ہو۔
دادا قادر نے رضا کے خلاف بولتے ہوئے تمام نفوس کی طرف دیکھا، پھر ہلکے سے ہاتھ کے اشارے سے کہا:
’’اچھا! میں دیکھتا ہوں۔ تم سب جاؤ۔‘‘
سب سمعنا و اطعنا کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں سے اٹھنے لگے۔ ماسوائے اس کے والد کے جو بڑے انہماک سے کتب بینی میں مصروف تھے۔
بڑا بھائی چلتے ہوئے رضا کے پاس رکا، پھر اس نے محبت سے اسے دیکھا۔ اس کے بالوں کو ہلکا سا خراب کیا اور مسکراتا ہوا باہر نکل گیا۔
رضا کے والد بھی کتاب ٹیبل پر رکھ کر جانے کے لیے اٹھے اور ایک نظر اس پر ڈال کر آگے بڑھے۔ وہ انھیں ہی دیکھ رہا تھا، پھر دروازے پر جاکر وہ ایک لمحے کے لیے رکے، پھر پلٹے۔ رضا اب بھی انھیں ہی دیکھ رہا تھا۔ وہ مسکرا دیے، تو وہ بھی دل کھول کر مسکرا دیا۔ پھر اگلے ہی لمحے اس کے والد کمرے سے باہر نکل گئے۔
دادا قادر کی نگاہیں کچھ دیر دروازے پر ٹھہری رہیں، پھر رضا کی طرف پلٹ آئیں۔
انھوں نے رضا کو مخاطب کیا:
’’رضا!‘‘
’’جی دادا جان!‘‘
اس نے دروازے سے نظر ہٹائی۔
’’ادھر آؤ!‘‘
انھوں نے اپنے پاس جگہ بناتے ہوئے کہا۔ رضا ان کے قریب جاکر بیٹھ گیا۔
دادا نے اسے غور سے دیکھا۔ کچھ دیر تک بس دیکھتے رہے۔ رضا دبلا پتلا سا تھا۔ مصری ناک، درمیانی رنگت، گہری آنکھیں اور چہرے پر وہی سنجیدگی، جو دادا قادر نے اپنی جوانی کے چہرے پر کبھی دیکھی تھی۔
دادا کو ایک لمحے کے لیے واقعی یوں لگا جیسے وقت نے اپنا چکر مکمل کرلیا ہو۔ جوانی میں جو شخص آئینے کے سامنے کھڑا ہوا کرتا تھا، وہی آج ان کے سامنے بیٹھا تھا۔
انھوں نے مسکرا کر کہا: ’’تمھیں معلوم ہے رضا! تمھیں دیکھ کر کبھی کبھی مجھے اپنی جوانی یاد آجاتی ہے۔‘‘
رضا سرشار ہوا۔ ’’آپ کے دوستوں سے لے کر میرے دوستوں تک سب یہی کہتے ہیں دادا۔ اور یہ میرے لیے اعزاز ہے۔‘‘
’’بس ایک فرق ہے۔‘‘ وہ کہہ کر رکے۔
’’کیا؟‘‘ اس نے پوچھا۔
’’میں نے اپنی بے چینی اور حساسیت کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے اور تم سیکھنے کے مراحل میں ہو۔‘‘
رضا خاموش ہوگیا۔
’’تم اپنے دل سے لڑ رہے ہو رضا۔ میں غور کررہا ہوں تمھیں اپنی حساس طبیعت سے شکایت ہونے لگی ہے۔‘‘
وہ ہنوز خاموش رہا۔
دادا نے آہستہ سے کہا: ’’تمھیں لگنے لگا ہے کہ تم بلاوجہ دنیا بھر کے غم اپنے اندر بھر لیتے ہو،تمھیں لگنے لگا ہے کہ دوسرے لوگ زیادہ سمجھ دار ہیں جو اپنے مسائل سے آگے نہیں دیکھتے، تمھیں شاید یہ بھی لگنے لگا ہے کہ سکون شاید اسی میں ہے کہ آدمی اپنی ذات تک محدود ہوجائے۔‘‘
رضا ان کی دل کو پڑھ لینے والی عادت سے پریشان ہوا۔ وہ دونوں دادا پوتے ایک دوسرے کو ہاتھ کی پشت کی طرح جانتے تھے۔
دادا نے اپنی بات جاری رکھی: ’’لیکن برخوردار! یہ سکون نہیں،لوگوں کی بے نیازی اور بے حسی ہے۔دنیا کے ہر دکھ کو اپنے سینے میں جگہ دینا بھی کوئی عقلمندی نہیں، لیکن دنیا کے دکھ سے بالکل بے نیاز ہو جانا بھی زندگی نہیں ہے جگرم۔تمھیں بیچ کا راستہ سیکھنا ہے۔‘‘
’’مگر یہ کیسے ہوگا؟‘‘ رضا نے دھیرے سے پوچھا۔
دادا کچھ دیر خاموش رہے، پھر بولے: ’’تمھارے اندر جو بے چینی ہے، اسے ختم کرنے کی ضرورت نہیں۔ اسے سمت دینے کی ضرورت ہے۔‘‘
رضا انھیں دیکھتا رہا۔ وہ کہہ رہے تھے: ’’تمھارے اندر جو دل ہے نا، اسے خاموش اور بے نیاز رکھنے کی کوشش مت کرنا۔یہ بے چین اور حساس دل ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔‘‘
رضا کی نظریں جھک گئیں۔ دادا نے اسے دیکھ کر کچھ نہیں کہا، بس مسکراتے رہے۔ پھر دھیرے سے بولے: ’’اور ہاں! دنیا کے سارے غم اپنے ذمے مت لے لیا کرو۔‘‘
رضا ہنا اور بولا: ’’کوشش کروں گا۔‘‘
’’نہیں!‘‘ دادا نے فوراً کہا۔’’کوشش بھی نہیں، بس اتنا کرنا کہ حساسیت اور بے چینی تمھارے دل میں آئیں، مگر تمھارے دل اور صحت کو کھا نہ جائیں۔‘‘
کچھ دیر ان دونوں دادا پوتے کے درمیان خاموشی رہی۔ پھر دادا نے آہستہ سے کہا: ’’اور ایک بات اپنی گرہ سے باندھ لو رضا! آگاہ دل کی بے قراری، بے حس دل کے سکون سے کہیں زیادہ قیمتی ہوتی ہے۔‘‘
رضا نے سر اٹھا کر دادا کو دیکھا۔ ان کی بات اس کے دل کو لگ گئی تھی۔
دادا بولتے رہے: ’’دنیا کو محسوس کرکے بے چین ہونا کوئی عیب نہیں۔عیب تب ہے، جب آدمی دوسروں کے دکھ کو دیکھنے کی صلاحیت ہی کھو دے۔مجھے اپنی حساسیت سے لڑنے کی ضرورت نہیں، اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے۔‘‘
رضا کی آنکھیں چمکیں۔ دادا نے مسکرا کر مزید کہا: ’’تم ہر دکھ اپنے سر نہیں لے سکتے، مگر اتنا ضرور کرسکتے ہو کہ جب دنیا میں کہیں آگ لگی ہو تو کم از کم یہ نہ کہو کہ مجھے کیا مطلب؟‘‘
رضا نے دھیرے سے سر ہلایا، جیسے وہ دادا کی باتوں کو سمجھ رہا تھا اور ان کی باتوں کو اپنے اندر اتار رہا تھا۔ اسے پہلی بار محسوس ہوا کہ شاید جس زندگی کو وہ غیر معمولی سمجھتا رہا تھا، وہی دراصل اس کی اپنی معمول کی زندگی تھی۔ وہ اپنے دوستوں کو دیکھ کر ہمیشہ یہ سمجھتا رہا تھا کہ وہ لوگ نارمل زندگی گزار رہے ہیں اور وہ خود غیر معمولی۔ وہ بے سکون اور عجیب آدمی ہے۔ مگر شاید معاملہ اس کے برعکس تھا۔ شاید اپنی ذات کے خول سے باہر نکلنا، دوسروں کے دکھ کو محسوس کرنا، دنیا کو اپنے وجود سے الگ نہ سمجھنا اور اپنے حصے کی ذمے داری کو پہچاننا ہی انسان ہونے کی ایک بلند صورت ہے۔ ہر شخص ایسا نہیں کرسکتا اور شاید ہر شخص سے ایسا کرنے کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی۔ مگر رضا کر سکتا تھا۔ کیوں کہ اس کے پاس ایک ایسا دل تھا، جو دنیا کے شور کو سنتا تھا، جو دکھ کو دیکھ کر خاموش نہیں رہتا تھا، جو خوشی بھی محسوس کرتا تھا اور جو کتاب سے صرف علم نہیں، زندگی تلاش کرتا تھا۔ دادا قادر نے عینک اٹھائی اور دوبارہ کتاب کھول لی۔ رضا کچھ دیر وہیں بیٹھا رہا، پھر آہستہ سے اٹھا اور دروازے تک گیا۔ پلٹ کر دادا کو دیکھا۔ وہ کتاب پڑھ رہے تھے، مگر ان کے ہونٹوں پر ایک بہت ہلکی سی مسکراہٹ تھی، جیسے وہ اس کے ٹھہرنے کو دیکھ رہے ہوں۔ رضا بھی ان کو دیکھ کر مسکرا دیا اور ہلکے دل کے ساتھ باہر نکل گیا۔ اس کے دل کا بوجھ پوری طرح تو نہیں اترا تھا، مگر کچھ ہلکا ضرور ہوگیا تھا۔ شاید اس لیے کہ پہلی بار اسے محسوس ہوا تھا کہ دنیا کو محسوس کرنا اس کی بیماری نہیں تھی۔ یہ اس کی میراث تھی۔۔۔!
اور شاید اس میراث کو سنبھالنا ہی اس کی زندگی کا اصل کام تھا۔
وہ دوسروں سے مختلف ضرور تھا، مگر اس فرق پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔ اس کے پاس ایک دھڑکتا ہوا، بے چین اور حساس دل تھا، جو بیش قیمتی تھا۔
اور شاید اس سے زیادہ بیش قیمت چیز انسان کو مل بھی کیا سکتی تھی؟
٭ ٭ ٭


0 Comments