جوابی خط
جارج برنارڈشا کو ایک نقاد مسلسل چند روز تک خط لکھتا رہا،جن میں برنارڈ شا کی تحریروں پر سخت نکتہ چینی کی گئی تھی۔
ایک روز برنارڈ شانے اسے جوابی خط میں یوں لکھا:
’’اپنی تحریروں کے بارے میں خود میری بھی وہی رائے ہے جو آپ کی ہے، لیکن لاکھوں پڑھنے والوں کے خلاف میں اور آپ کر بھی کیا سکتے ہیں؟‘‘
وہ دیوار
’’صوت العرب‘‘ کی نشریات سے احمد سعید نے مجھے خبر دی کہ رام اللہ اب میرا نہیں رہا، میں وہاں کبھی نہیں لوٹ سکتا، پورا شہر زمیں دوز ہو چکا ہے۔
کئی ہفتوں کے لیے امتحانات ملتوی ہو گئے ، پھر امتحانات ہوئے ، میں کامیاب ہو گیا، فارغ التحصیل ہو گیا ، انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کی ڈگری مل گئی، مگر میرے پاس وہ دیوار نہ رہی ، جس پر وہ ڈگری لٹکانا تھی۔
کتاب: رأیت رام اللہ (میں نے رام اللہ دیکھا)،از:مرید البرغوثی،عربی سے ترجمہ: نایاب حسن
دن
دن ہمیشہ کمزوروں کے منائے جاتے ہیں۔مثلاً:یوم خواتین،یوم اساتذہ،یوم مزدور۔ کبھی ’’یومِ تھانے دار‘‘ نہیں منایا جاتا۔
(ہندی کے ادیب) ہری شنکر پرسائی
مقدمے
دنیا بھر میں سب سے زیادہ عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے والے شخص کا نام جو ناتھن لی رچز ہے۔اس کے دائر کردہ مقدمات کی تعداد چار ہزار سے زائد ہے۔ اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج ہے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس نے نے اپنا نام شائع کرنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے خلاف بھی مقدمہ کر دیا تھا۔
اسکالر
عذرا بتول کے نو اولاد تھے۔ان کا بڑا بیٹا کہتا ہے کہ امی نے کبھی نہیں کہا کہ تم ایک ڈاکٹر بنو، وہ کہتی تھیں تم اسکالر بنو،مولانا مودودی اور شہید حسن البنا کی طرح بڑے اسکالر بنو!
کتاب:ڈاکٹر عذرا بتول:سعادت کی زندگی، شہادت کی موت، از:عباس اختر اعوان
نیا لفظ
اؔکبر الہ آبادیؒ کی عادت تھی کہ سونے سے کچھ دیر پہلے اپنے آپ سے سوال کرتے کہ: آج میں نے کون سی نئی بات سیکھی؟ جواب اگر نفی میں ملتا تو ڈکشنری اٹھا کر کوئی نیا لفظ ہجّے اور معنی کے ساتھ یاد کرکے سوجاتے۔
کتاب: شام شعر یاراں،از:مشتاق احمد یوسفی
شجرۂ نسب
پروفیسر محمد ایوب قادری ایک محقق آدمی ہیں۔ شجرۂ نسب مانگ رہے تھے۔ ہمارے ہاں کہاں سے آتا ؟
ہم نے کہا کہ بزرگوں میں ہمیں اپنے والد کا نام یاد ہے یا ایک اور مورثِ اعلیٰ کا کہ اپنے زمانے کے مشہور پیغمبر تھے۔
بولے کون؟
ہم نے حضرت آدم علیه السلام کا نام بتایا تو عقیدت سے ادھ موئے ہو گئے۔
کتاب: خمار گندم،از: ابنِ انشاء
مداخلت
ایک لڑکی لکھتی ہے کہ جب میں شادی کے بعد پہلی مرتبہ اپنے میکے گئی،تو راستے میں میرے شوہر نے ایک نصیحت کی کہ وہ گھر اب تمہارا نہیں ، تم وہاں اب مہمان ہو، جب تک چاہو وہاں رہو ، لیکن وہاں کے معاملات میں مداخلت مت کرنا۔
میں نے ان کی یہ بات اپنے پلے باندھ لی، اور کبھی اپنے میکے کی کسی بھی بات میں مداخلت نہیں کی ،لیکن آج شادی کے اتنے برس گزر جانے کے بعد سوچ رہی ہوں کہ یہ اچھی بات انھوں نے رخصتی کے وقت آخر اپنی بہنوں کو کیوں نہیں سمجھائی؟
٭ ٭ ٭


0 Comments