انسان کے سامنے اگر اس کے کسی دشمن کا تعارف نہ ہو تو وہ اس سے مقابلہ کیسے کر سکتا ہے؟ دشمن کی طاقت اور اس کے حملہ آور ہونے کے راستوں سے ناواقفیت انسان کو اس کے مقابلے میں کم زور بنا دیتی ہے۔ یہی معاملہ شیطان کا بھی ہے۔ وہ انسان کا ایسا دشمن ہے جو سامنے آ کر جنگ نہیں کرتا، بلکہ بسا اوقات خیر خواہی، خواہش، جذبات، دلیل، روایت، تہذیب اور ترقی کے خوب صورت پردوں میں چھپ کر انسان کو اپنے جال میں گرفتار کرتا ہے۔ اس لیے شیطان کو پہچاننا اور اس کے حربوں سے واقف ہونا محض ایک دینی موضوع نہیں، بلکہ انسانی زندگی کی ایک اہم ضرورت ہے۔
حضرت عمر فاروقؓ کا مشہور قول ہے:’’مجھے تم پر اس بات کا خوف نہیں کہ تم اسلام سے ناواقف ہونے کی وجہ سے برباد ہو جاؤ گے، بلکہ مجھے خوف ہے کہ تم جاہلیت (باطل) کو نہ پہچاننے کی وجہ سے برباد ہو جاؤ گے۔‘‘ اس قول میں ایک نہایت اہم حقیقت کی طرف رہنمائی ملتی ہے کہ صرف حق سے واقف ہونا کافی نہیں، باطل کی حقیقت، اس کے مظاہر اور اس کے طریقۂ کار سے واقف ہونا بھی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دینی تربیت میں جہاں ایمان، عبادات اور اخلاق کی تعلیم دی جاتی ہے، وہیں انسان کو ان قوتوں اور محرکات سے بھی آگاہ کیا جانا چاہیے جو اسے ان اقدار سے دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
علامہ ابن الجوزیؒ نے چھٹی صدی ہجری میں اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے ایک شاہ کار کتاب تصنیف کی، جس کا نام ’تلبیس ابلیس‘ ہے۔ اس کتاب میں شیطان کے مختلف حربوں اور انسان کو گم راہ کرنے کے طریقۂ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ علامہ ابن الجوزیؒ نے اپنے زمانے میں رائج عقائدِ باطلہ اور مختلف فرقوں کے نظریات کا جائزہ لیتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ شیطان کس طرح لوگوں کو گم راہ کرتا ہے اور کس طرح انسان اس کے فریب میں مبتلا ہو کر اپنی اصل منزل سے دور ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس کتاب کا کئی زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے اور آج بھی یہ موضوع کے حوالے سے ایک اہم علمی کاوش سمجھی جاتی ہے۔
لیکن چھٹی صدی ہجری سے آج تک دنیا میں بہت کچھ بدل چکا ہے۔ انسان کے رہن سہن، فکر، ذرائع ابلاغ، معاشرتی تعلقات، معاشی نظام اور تہذیبی ترجیحات میں غیر معمولی تبدیلیاں آئی ہیں۔ شیطان کا مقصد اگرچہ وہی ہے، لیکن اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے ذرائع اور راستے بدل گئے ہیں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ موجودہ دور کے انسان کو ان نئے فتنوں اور تلبیسی طریقوں سے بھی آگاہ کیا جائے، جو اسے شعوری یا غیر شعوری طور پر گم راہی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ اسی ضرورت کے پیش نظر محترمہ ناعمہ صہیب نے 256 ؍ صفحات پر مشتمل کتاب ’اصلی دشمن‘ تحریر کی ہے۔
محترمہ ناعمہ صہیب نے کراچی یونی ورسٹی سے ایم اے اسلامک اسٹڈیز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ متعدد کتابوں کی مصنفہ ہیں اور گزشتہ پندرہ برس سے تصنیف و تالیف کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران انھوں نے متنوع موضوعات پر قلم اٹھایا ہے، جن میں دینِ اسلام، تاریخِ اسلام، سماجی رویے اور بچوں سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔ ان کی کتاب ’تاریخ اسلام کی عظیم شخصیات‘ کے چار ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں بھی ان کے مطالعے کی وسعت اور مختلف موضوعات کو عام فہم انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت نمایاں ہوتی ہے۔
کتاب کا بنیادی موضوع شیطان اور اس کے حربے ہیں، لیکن مصنفہ نے اسے محض روایتی مذہبی بحث تک محدود نہیں رکھا۔ انھوں نے شیطان کے فریب کو انسان کی روزمرہ زندگی، اس کے جذبات و خواہشات، نفسیاتی کیفیات، عبادات، دینی رویوں، معاشرتی زندگی اور موجودہ تہذیبی ماحول کے ساتھ جوڑ کر دیکھنے کی کوشش کی ہے۔ یوں یہ کتاب ایک ایسے موضوع کو عام قاری کے سامنے لاتی ہے، جس سے ہر انسان کسی نہ کسی سطح پر متاثر ہو سکتا ہے۔ مصنفہ کی کوشش یہ ہے کہ قاری شیطان کو صرف ایک مجرد مذہبی تصور کے طور پر نہ دیکھے، بلکہ اس کے ان طریقوں کو بھی سمجھے جن کے ذریعے وہ انسان کے فکر و عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔
کتاب کے پہلے باب ’شیطان کا تعارف‘ میں مصنفہ نے مختلف مذاہب میں شیطان کے تصور، اسلام میں شیطان کے تصور، شیطان کی انسان دشمنی کے پس منظر اور اس کے بارے میں چند اہم حقائق پر گفتگو کی ہے۔ اس کے ساتھ یہ سوالات بھی زیرِ بحث آتے ہیں کہ کیا شیطان اپنی شکل بدل سکتا ہے؟ کیا ابلیس کا تخت پانی پر ہے؟ شیطان کی طاقت کی حدود کیا ہیں؟ اس کا طریقۂ کار کیا ہے؟ اور شہوات و لالچ وغیرہ کس طرح انسان کو اس کے قریب لے جاتے ہیں؟ اس باب میں موضوع کے مختلف پہلوؤں کو مختصر مگر جامع انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
دوسرے باب ’شیطان کی انسان کے معمولات میں مداخلت‘ میں مصنفہ یہ واضح کرتی ہیں کہ شیطان انسان کی روزمرہ زندگی کے مختلف معمولات میں کس طرح مداخلت کرتا ہے۔ کھانا کھانے، سونے، شام کے اوقات، بازار جانے، کپڑے اتارنے، بیوی کے پاس جانے، قضائے حاجت، گدھے کی آواز سننے، جمائی لینے اور حتیٰ کہ موت تک کے مختلف مراحل میں شیطان کے حربوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ مصنفہ اپنی گفتگو کی تائید میں قرآنِ کریم اور صحیح احادیث کے حوالے بھی پیش کرتی ہیں، جس سے بحث کو دینی نصوص سے جوڑنے کی کوشش سامنے آتی ہے۔
اسی باب میں مصنفہ ان اسباب کا بھی ذکر کرتی ہیں جن کی وجہ سے شیطان، شیطان بنا۔ ان کے نزدیک نافرمانی، حسد، تکبر، ناشکری، ضد و سرکشی، اپنی غلطی کا جواز پیش کرنا، گستاخانہ انداز میں اللہ تعالیٰ سے گفتگو کرنا اور انتقام کی منصوبہ بندی جیسے عوامل اس سلسلے میں اہم ہیں۔ مصنفہ یہ بھی واضح کرتی ہیں کہ شیطان اپنے مشن، یعنی انسانوں کو جہنم تک پہنچانے، کے حوالے سے یک سو اور پرعزم ہے۔ اس کے مقصد میں کوئی ابہام نہیں، وہ انسان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے کے لیے مسلسل کوشش کرتا رہتا ہے۔
تیسرے باب ’شیطان کے ہتھکنڈے 1‘ میں مصنفہ سورۃ الاعراف کی آیت 17 کی روشنی میں شیطان کے مختلف راستوں پر گفتگو کرتی ہیں:
ترجمہ: پھر میں ان کے آگے اور ان کے پیچھے، ان کے دائیں اور ان کے بائیں سے ان کے پاس آؤں گا اور تو ان میں سے اکثر کو ناشکرا پائے گا۔ (سورۃ الاعراف، آیت 17)
اس آیت کی تشریح کرتے ہوئے مصنفہ کے نزدیک شیطان کے بائیں جانب سے آنے سے مراد یہ ہے کہ وہ جذبات اور شہوات کے ذریعے انسان کو اپنے قابو میں کرنے کی کوشش کرے گا۔ اسی تناظر میں اس باب میں شہوات، جذبات اور مختلف ترغیبات پر گفتگو کی گئی ہے۔ مصنفہ جبلی خواہشات کی تکمیل، اسراف و دکھاوا، ناشکری، حسد، فساد، لڑائی جھگڑا اور غصہ، فحش کام، مایوسی، خوف، محبت و نفرت کے شدید جذبات، مالِ حرام، جھوٹ، جادو ٹونا، شراب، جوا، مشرکانہ قربان گاہوں اور باہمی تعلقات میں خرابی جیسے امور کا ذکر کرتی ہیں۔ یہ وہ راستے ہیں جنھیں مصنفہ کے مطابق شیطان انسان کو ورغلانے اور اسے راہِ راست سے دور کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
چوتھے باب ’شیطان کے ہتھکنڈے 2‘ میں مصنفہ بیان کرتی ہیں کہ اگر انسان شہوات اور جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تو وہ کس طرح شیطان کے ہتھے چڑھ جاتا ہے اور رفتہ رفتہ بڑے جرائم کے ارتکاب تک پہنچ سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر انسان گناہ کے بعد جلد اس سے نکل آئے اور توبہ کر لے تو معاملہ مختلف ہوتا ہے، لیکن جب کسی دل پر شیطان کا غلبہ ہو جائے تو وہ انسان سے ایسے جرائم بھی کروا سکتا ہے، جن کا تصور تک ابتدا میں اس کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔
مصنفہ نے ایسے سات جرائم پر روشنی ڈالی ہے، جو ان کے نزدیک شیطان انسان سے کرواتا ہے اور انھیں سات مختلف عنوانات کے تحت تقسیم کرکے ان کی وضاحت کی ہے۔ اس کے بعد اسلام کے تصورِ گناہ اور اس حوالے سے رائج نظریات پر گفتگو کی گئی ہے۔ مصنفہ لکھتی ہیں: ’اگرچہ اللہ رب العزت نے ہر انسان کی فطرت کے اندر جرائم سے نفرت رکھی ہے اور گناہوں کو کوئی ٹھیک نہیں سمجھتا، لیکن شیطان کی کوشش رہتی ہے کہ اس بنیادی فطرت کو کم کرے۔‘ اس کے بعد شیطان کے پانچ ایسے داؤ بیان کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے وہ انسان کو گم راہی کی طرف لے جاتا ہے۔
اس باب کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ مصنفہ محض خطرات کی نشان دہی کرکے آگے نہیں بڑھ جاتیں، بلکہ ان سے بچنے کے عملی طریقے بھی بیان کرتی ہیں۔ ان کے مطابق جذبات کے بجائے عقل سے کام لینے کی عادت ڈالنی چاہیے، صورتِ حال کا غیر جانب داری اور عدل کے ساتھ تجزیہ کرنا چاہیے، دین و شریعت سے لازماً رہنمائی حاصل کرنی چاہیے اور سمجھ دار لوگوں سے مشاورت و کاؤنسلنگ (Counseling) کرنی چاہیے۔ اس طرح یہ باب مسئلے کی تشخیص کے ساتھ اس کے علاج کی طرف بھی رہنمائی کرتا ہے۔
پانچویں باب ’شیطان کی چالیں 1‘ میں مصنفہ ان چالوں کا ذکر کرتی ہیں، جن کے ذریعے شیطان دین کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ شرک، ابراہیمی ادیان کی آمیزش، الحاد، دینِ اسلام کے بارے میں وسوسے، مختلف نظریات و عقائد اور زندگی اور اس کے امتحان کے حوالے سے انسان کو غلط فہمی کا شکار بنانا اس بحث کے اہم موضوعات ہیں۔ مصنفہ موجودہ دور کے تناظر میں ان فتنوں کا جائزہ لیتی ہیں اور یہ بتانے کی کوشش کرتی ہیں کہ آج کا انسان کن راستوں سے دین کے بارے میں شکوک و شبہات میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ باب کے آخر میں ان شبہات کے علاج کی طرف بھی رہنمائی کی گئی ہے۔
چھٹے باب ’شیطان کی چالیں 2‘ میں شیطان کی ان چالوں کا ذکر ہے، جو منفی سوچ اور مختلف نفسیاتی کیفیات کے ذریعے انسان کو متاثر کرتی ہیں۔ مصنفہ کے مطابق شیطان چاہتا ہے کہ بندۂ مومن ذہنی اضطراب اور منفی سوچ کا شکار ہو۔ انسان کے دل کو ایک قلعے سے تشبیہ دیتے ہوئے وہ واضح کرتی ہیں کہ شیطان اس قلعے میں داخل ہو کر انسان کو مختلف نفسیاتی الجھنوں میں مبتلا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
اس ضمن میں وہ وہمی پن (OCD)، توہم پرستی، شوہر اور بیوی کے درمیان بدگمانی، ماضی کے حوالے سے منفی سوچ، مستقبل کے حوالے سے منفی سوچ، اپنی ذات کے بارے میں منفی خیالات، حالات کے باعث پیدا ہونے والی منفی سوچ اور لوگوں کے حوالے سے منفی خیالات جیسے موضوعات کا ذکر کرتی ہیں۔ باب کے اختتام پر ان مسائل سے نکلنے کے حل بھی بیان کیے گئے ہیں۔ اس بحث سے اندازہ ہوتا ہے کہ مصنفہ کو قرآن و سنت کے ساتھ ساتھ نفسیات کے مباحث سے بھی خاصی واقفیت حاصل ہے اور انھوں نے دونوں میدانوں کو باہم جوڑنے کی کوشش کی ہے۔
ساتویں باب ’شیطان کے پھندے 1‘ میں مصنفہ نے خاص طور پر دین دار لوگوں کو درپیش ان مسائل کی طرف توجہ دلائی ہے، جن کے ذریعے شیطان انھیں ورغلاتا ہے۔ ان پھندوں میں تکبر، ریا، دین میں غلط ترجیحات، ادھورا پن، صحیح مقصد کے لیے غلط طریقۂ کار اختیار کرنا، اختلافات و فرقہ بندیاں، دین کا صرف ظاہری پہلو، دین کا صرف باطنی پہلو، بدعت، لبادۂ دین، دنیا کو مقصد بنا لینا، مکمل انسان بننے کی کوشش، جھوٹی امیدیں، مفاد پرستی و لالچ، غلو، کرامتوں اور غیبی معاملات میں غیر معمولی دلچسپی اور فقہی مسائل میں بال کی کھال نکالنا شامل ہیں۔
دین دار لوگوں کے لیے یہ باب اس اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے کہ شیطان ہمیشہ کھلے گناہ کے ذریعے ہی انسان کو گم راہ نہیں کرتا، بلکہ بسا اوقات بہ ظاہر نیکی کے راستے سے بھی اسے اپنے جال میں گرفتار کرلیتا ہے۔ انسان نیکی کا ارادہ رکھتے ہوئے بھی غلط ترجیحات، ریا، غلو، تعصب یا غلط طریقۂ کار کا شکار ہو سکتا ہے۔ مصنفہ نے ان باریک پہلوؤں کی طرف توجہ دلا کر دین دار طبقے کو اپنے رویوں اور ترجیحات کا جائزہ لینے کی دعوت دی ہے۔
آٹھویں باب ’شیطان کے پھندے 2‘ میں علما اور دین کے طلبہ کو درپیش شیطانی فتنوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ علما پر شیطان کے حملے کے تحت مصنفہ انفرادیت کا شوق، خود پسندی، مقبولیت حاصل کرنے کے لیے غیر مستند مواد پیش کرنا، جھوٹ یا مصلحت پسندی، امت میں اختلاف کا باعث بننا، دوسروں کو نصیحت کرنا مگر خود اس پر عمل نہ کرنا، تحائف و نذرانے، علما کے لیے خواتین کا فتنہ، شہرت کا فتنہ، ہر سوال کا جواب دینے کی کوشش کرنا اور تنگ نظری جیسے امور کی نشان دہی کرتی ہیں۔
اسی طرح دین کے طلبہ کے لیے شیطان کے پھندوں میں اپنے استاد کو حق کا درجہ دینا، اپنے فرقے کو حق کا درجہ دینا، ناپختہ علم کے ساتھ فتویٰ بازی اور نیکی کا زعم شامل ہیں۔ اس کے بعد مصنفہ ’دین کی طرف بلانے والوں پر شیطانی حملے‘ کے عنوان سے بھی گفتگو کرتی ہیں۔ اس طرح یہ باب عام دین دار فرد سے آگے بڑھ کر علما، طلبہ اور دعوتِ دین سے وابستہ افراد کو بھی متوجہ کرتا ہے کہ دینی نسبت بہ ذاتِ خود انسان کو شیطان کے فریب سے محفوظ نہیں کر دیتی، بلکہ بعض اوقات یہی نسبت نئے قسم کے امتحانات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
نویں باب ’شیطان کی عبادات میں خلل اندازی‘ میں مصنفہ عبادات کے معاملے میں شیطان کی مداخلت پر گفتگو کرتی ہیں۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور ذکر جیسی بنیادی عبادات کے حوالے سے شیطان کے مختلف وار کا ذکر کرتے ہوئے یہ دکھایا گیا ہے کہ انسان بہ ظاہر عبادت ادا کر رہا ہوتا ہے، لیکن اس کی روح اور حقیقی مقصد سے دور ہو سکتا ہے۔
دین دار لوگ بھی نیک ارادوں کے باوجود عبادات میں شیطانی ہتھکنڈوں سے ہمیشہ محفوظ نہیں رہتے۔ شیطان کبھی عابد کی نیت پر حملہ کرکے اسے ریا میں مبتلا کرتا ہے، کبھی عبادت کے ذریعے اس کے اندر تکبر پیدا کرتا ہے، کبھی اسے غلو کی طرف لے جاتا ہے، کبھی عبادت میں جلد بازی کرواتا ہے اور کبھی کسل مندی و سستی میں مبتلا کرتا ہے۔ بعض اوقات وہ انسان کو فرض عبادت سے بھی روکنے کی کوشش کرتا ہے، مثلاً یہ خیال پیدا کرکے کہ اس وقت دل میں عبادت کے لیے مطلوبہ کیفیت موجود نہیں۔ اس طرح انسان عبادت کے ظاہر میں مشغول رہ کر اس کی روح سے محروم ہو سکتا ہے۔
دسویں باب ’شیطان کے بہروپ‘ میں مصنفہ دورِ حاضر کے فتنوں پر روشنی ڈالتی ہیں۔ ان کے مطابق شیطان ہر دور میں انسانیت کو گم راہ کرنے کے لیے نئے بہروپ اختیار کرتا ہے۔ وقت، فکر اور حالات کے مطابق مخصوص نوعیت کے نظریات اور افکار سامنے آتے ہیں، پھر ان کا اس انداز سے پرچار کیا جاتا ہے کہ رفتہ رفتہ جھوٹ ایک مسلمہ حقیقت کے طور پر قبول کر لیا جاتا ہے۔
مصنفہ ایک خوب صورت بات کہتی ہیں: ’’انسان کی نفسیات ہے کہ وہ اپنے ماحول سے متاثر ہوتا ہے، لہٰذا شیطان اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتا ہے۔ آج کے دور میں بھی اس نے کام یابی سے ایسے بہروپ بدلے ہیں کہ کوئی اس کے شکنجے سے بچا ہوا نہیں ہے، جو ان فتنوں کو پہچانتے ہیں وہ بھی نہیں، کیوں کہ ابلیسیت نے باقاعدہ ایک مستقل نظام کی شکل اختیار کرلی ہے۔‘‘
اس باب میں مصنفہ موجودہ تہذیب کے زیرِ سایہ پروان چڑھنے والے ان نمایاں خدوخال کا ذکر کرتی ہیں، جنھیں وہ شیطان کے جدید بہروپ سے تعبیر کرتی ہیں۔ ان میں غفلت، بے حیائی، مادہ پرستی، سرمایہ داری، خوب صورت نعرے، فطرت کا تغیر، سوشل میڈیا کا فتنہ، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری، لامذہبیت، حد سے بڑھتی ہوئی آرزو، حقوق کا فتنہ، نیو ورلڈ آرڈر اور سود خوری جیسے موضوعات شامل ہیں۔
اگرچہ مصنفہ نے ہر عنوان پر قابلِ توجہ بحث کی ہے، لیکن سوشل میڈیا کے موضوع پر گفتگو خاص طور پر اہم محسوس ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا انسانی فکر، ترجیحات، اخلاق اور طرزِ زندگی پر جس تیزی سے اثرانداز ہو رہا ہے، اس کے پیش نظر اس بحث کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ میرے خیال میں اس باب میں سوشل میڈیا سے متعلق پیش کیے گئے مباحث کو الگ سے ایک مختصر کتابچے کی صورت میں شائع کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
گیارہویں باب ’شیطان کے بہروپ 2‘ میں مصنفہ ابلیسی نظام کے ان آلۂ کاروں کی نشان دہی کرتی ہیں، جن کے ذریعے وہ اپنے مقاصد کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔ باب میں پہلے یہ واضح کیا گیا ہے کہ شیطان کیا چاہتا ہے، پھر ان ذرائع اور طبقات کا ذکر آتا ہے، جنھیں مصنفہ اس مقصد کی تکمیل میں اہم سمجھتی ہیں۔
سب سے پہلے ’میڈیا انڈسٹری‘ کا ذکر کیا گیا ہے۔ مصنفہ کے مطابق کارٹون، فلمیں، اداکار، فن کار، گلوکار اور ماڈلز بعض ایسے مقاصد کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جو ان کے نزدیک شیطانی ایجنڈے کی تکمیل میں معاون ہیں۔ وہ لکھتی ہیں: ’’بڑی ذہانت اور منصوبہ بندی کے ساتھ اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، بار بار دہرائی جانے والی باتیں غیر محسوس طور پر سب کے ذہنوں میں اتر رہی ہیں اور ہم نہ چاہتے ہوئے بھی اس پروپیگنڈے کا شکار ہو رہے ہیں۔‘‘
اس کے بعد مصنفہ اسکولوں کے ذریعے مخصوص ایجنڈا مسلط کیے جانے کی بات کرتی ہیں اور نوعمر بچوں کو سیکس ایجوکیشن دیے جانے کو بھی اسی تناظر میں دیکھتی ہیں۔ دنیا کی معیشت پر قبضے کی کوشش، مشہور شخصیات اور بعض خفیہ انجمنوں، مثلاً فری میسنز، ایلومناتی، اسکل اینڈ بونز وغیرہ کے ذریعے ایجنڈے کی تکمیل اور شیطان کے پجاریوں کا ذکر بھی اس باب میں کیا گیا ہے۔ آخر میں ’مسلمان کیا کریں‘ کے عنوان سے مصنفہ مسلمانوں کے لیے رہنمائی بھی پیش کرتی ہیں۔
آخری باب ’شیطان سے مقابلہ‘ میں مصنفہ اس تاثر کو سامنے لاتی ہیں کہ بہ ظاہر طاقت ور دکھائی دینے والا شیطان حقیقت میں بہت کم زور ہے۔ اس باب میں قرآن و سنت کی روشنی میں مسلمانوں کو ایسے ’15 ہتھیار‘ بتائے گئے ہیں، جن کے ذریعے وہ شیطانی چالوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور اس کے حملوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس طرح کتاب کا اختتام محض خوف اور خطرات کے بیان پر نہیں ہوتا، بلکہ قاری کو مقابلے، مزاحمت اور حفاظت کا راستہ بھی دکھایا جاتا ہے۔
الغرض ’اصلی دشمن‘ شیطان کے ان حربوں کا احاطہ کرنے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے جن کے ذریعے وہ انسان کو صراطِ مستقیم سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ کتاب کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ یہ شیطان کے مسئلے کو محض ایک نظری یا مجرد موضوع کے طور پر نہیں دیکھتی، بلکہ اسے انسان کی روزمرہ زندگی، جذبات، خواہشات، نفسیاتی کیفیات، عبادات، دینی رویوں اور موجودہ تہذیبی ماحول کے ساتھ جوڑ کر سمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔
اس کتاب کا مطالعہ اگرچہ ہر عمر کے لوگوں کے لیے مفید ہے، تاہم نوجوانوں کے لیے اس کی اہمیت خاص طور پر محسوس ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں فکر، تہذیب، ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کی دنیا جس تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس میں نوجوان نسل مختلف قسم کے فکری، اخلاقی اور نفسیاتی اثرات سے دوچار ہے۔ ایسے ماحول میں شیطان کے فتنوں کو پہچاننا اور ان سے بچنے کے طریقوں سے واقف ہونا ان کی دینی و اخلاقی تربیت کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔
کتاب کی ایک نمایاں خوبی اس کا ’اسلوبِ بیان‘ ہے۔ محترمہ ناعمہ صہیب نے ایک پیچیدہ اور گنجلک موضوع کو نسبتاً آسان اور عام فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ ہر باب کے اختتام پر چند سوالات بھی دیے گئے ہیں، جو قاری کو اپنے احتساب کا موقع فراہم کرتے ہیں اور اسے محض معلومات حاصل کرنے کے بجائے اپنی زندگی کا جائزہ لینے پر آمادہ کرتے ہیں۔ کتاب میں جگہ جگہ حکایات اور واقعات کا سہارا بھی لیا گیا ہے، جس سے بیان میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے اور قاری کی توجہ برقرار رہتی ہے۔
مجموعی طور پر ’اصلی دشمن‘ اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک اہم اور بروقت کتاب ہے۔ یہ انسان کو اس دشمن کی طرف متوجہ کرتی ہے جو بسا اوقات اس کے سامنے نہیں ہوتا، لیکن اس کی خواہشات، کم زوریوں، جذبات، خیالات اور ماحول کے ذریعے اس کی زندگی پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ کتاب کا مطالعہ قاری کو صرف یہ سوچنے پر مجبور نہیں کرتا کہ شیطان دوسروں کو کیسے گم راہ کرتا ہے، بلکہ یہ سوال بھی سامنے لاتا ہے کہ کہیں خود ہمارے اندر کوئی ایسا راستہ تو موجود نہیں، جس سے شیطان ہمارے دل و دماغ تک رسائی حاصل کر رہا ہو؟
٭ ٭ ٭


ماشاءاللہ، آپ نے نہایت خوبصورت، جامع اور تفصیلی انداز میں کتاب کا تبصرہ پیش کیا ہے۔ آپ کی تحریر نے کتاب کے بارے میں میری دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔ اب دل چاہتا ہے کہ اسے اپنی آئندہ مطالعے کی فہرست میں ضرور شامل کروں۔ اتنے مؤثر انداز میں کتاب سے متعارف کروانے کے لیے بہت شکریہ۔
بہت بہترین اور تفصیلی انداز میں آپ نے کتاب کا تبصرہ پیش کیا ہے۔ آپ کی تحریر پڑھ کر دل چاہتا ہے کہ اس کتاب کو اپنی آئندہ مطالعے کی فہرست میں ضرور شامل کروں۔
بہت شکریہ
کتاب کا اتنا جامع اور تفصیلی تعارف کے لیے جناب سہیل بشیر صاحب کا بہت بہت شکریہ