سوال: آپ نے ایک دہائی تک قرآنِ مجید کی مکمل تفسیر پیش کرنے کا کام کیا اور آپ کئی دہائیوں سے ماہرِ نفسیات اور کونسلر (Counselor) کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں۔ جب آپ تربیتِ انسان کے موضوع پر غور کرتے ہیں تو یہ دونوں زاویے کہاں ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور کہاں مختلف ہو جاتے ہیں؟ اور یہ دونوں مل کر ایک دوسرے کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟
جواب: میرے نزدیک تزکیہ اور نفسیات دونوں کا بنیادی تعلق انسان کی اصلاح اور اس کی شخصیت کو سنوارنے سے ہے۔ دونوں ایک مشترک مقام پر آتے ہیں اور وہ ہے ’’انسان کی شخصیت کی تعمیر و نشوونما‘‘۔
تزکیہ ایک قرآنی اصطلاح ہے اور یہ رسول اللہ ﷺ کی بعثت کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد تھا۔ اس کے بنیادی طور پر دو پہلو ہیں: نفس کی پاکیزگی اور شخصیت کی نشوونما۔
دوسری طرف نفسیات نے مغرب میں ایک ایسے دور میں ترقی کی جب کلیسا اور ریاست کے درمیان کشمکش جاری تھی۔ اس کے نتیجے میں سیکولرازم کا تصور سامنے آیا، جس میں مذہب کو فرد کا ذاتی معاملہ سمجھا گیا۔ چناں چے علوم کی ترقی ایسے ماحول میں ہوئی، جہاں خالق کے وجود اور اس کے مقام کو بنیادی طور پر نظر انداز کیا گیا اور انسان کو روح رکھنے والی ہستی کے بجائے زیادہ تر ایک مشین کے طور پر سمجھا جانے لگا۔ یہی وہ مقام ہے، جہاں تزکیہ اور جدید نفسیات کے راستے ایک دوسرے سے جدا ہو جاتے ہیں۔
قرآن انسان کی نشوونما اور اس کی شخصیت کی تعمیر کے لیے الٰہی ہدایت کی روشنی میں بنیادی اصول فراہم کرتا ہے، جب کہ نفسیات ہمیں جذباتی مسائل کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے عملی طریقے دیتی ہے۔ مثلاً غصہ، خوف، اداسی، نفرت، تکبر اور خود پسندی جیسے جذبات کو سمجھنے میں نفسیات مدد دیتی ہے۔
قرآن ہمیں تقویٰ، ایمان، احسان اور صبر جیسی صفات پیدا کرنے کا راستہ دکھاتا ہے، جب کہ نفسیات ہمیں عادتیں بننے کے عمل، ذہنی صدمات، محرکات، خود کے بارے میں تصور اور انسان کی نشوونما کے مختلف مراحل کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
آپ کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ میں نے تقریباً بیس سال پہلے اسی موضوع پر ایک کتاب بھی لکھی تھی۔ اس کا اصل اردو عنوان ’’نفس کا تزکیہ، فرد کا ارتقا‘‘ ہے۔ اس کتاب میں میں نے انسانی نشوونما اور نفسی و اخلاقی ارتقا کو قرآن کے نقطۂ نظر اور عملی نفسیات دونوں پہلوؤں سے زیرِ بحث لانے کی کوشش کی ہے۔
سوال: آپ نے بچوں کی نشوونما اور شخصیت سازی کے مختلف مراحل کے بارے میں بات کی ہے۔ ہر مرحلے میں بچوں کی تربیت کا انداز کس طرح بدلنا چاہیے؟ اور والدین عموماً کس عمر میں، کس طرح کی تربیت اختیار کرکے غلطی کر بیٹھتے ہیں؟
جواب: یہ ہمیشہ سے میرے پسندیدہ موضوعات میں سے ایک رہا ہے۔ میں والدین اور اساتذہ کو بچوں کی نشوونما اور بالخصوص ارتقائی نفسیات کے حوالے سے باقاعدہ تربیت دیتا ہوں اور بچوں کی نشوونما ہمیشہ سے میری دلچسپی کا ایک اہم میدان رہی ہے۔
بچے اپنی زندگی میں مختلف مراحل سے گزرتے ہیں اور ہر مرحلے میں وہ نئی مہارتیں، صلاحیتیں، عادات اور سوچنے کے مختلف انداز سیکھتے اور اپناتے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہر عمر اپنے ساتھ کچھ ایسی عادتیں اور شخصیتی اوصاف پیدا کرنے کے امکانات بھی رکھتی ہے، جو آگے چل کر ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ابتدائی بچپن میں والدین کی بنیادی توجہ جذباتی تعلق مضبوط کرنے پر ہونی چاہیے۔ بچوں کو لوریاں سنانا، کہانیاں سنانا، ان کے ساتھ کھیلنا اور انھیں یہ احساس دلانا کہ وہ محفوظ اور محبوب ہیں، اس مرحلے کی بنیادی ضرورت ہے۔
سات سال سے کم عمر بچوں کے مرحلے میں، جب ان کی سوچ ابھی ابتدائی سطح پر ہوتی ہے، ان میں بات ماننے کی عادت پیدا کرنا ضروری ہے۔ انھیں بہت زیادہ انتخاب نہیں دینا چاہیے اور نہ ہی ہر بات سمجھانے کے لیے طویل لیکچر دینا چاہیے۔ بس سادہ انداز میں کہنا کافی ہے:’’اپنا کمرہ صاف کرو‘‘، ’’اب نماز کا وقت ہے‘‘ یا ’’نہانے کے بعد کھانا کھائیں گے۔’’
بچے والدین کی باتیں سن کر جتنا نہیں سیکھتے، اس سے کہیں زیادہ انھیں دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ اس لیے والدین کو خود وہ نمونہ بننا چاہیے جس کی پیروی وہ اپنے بچوں سے چاہتے ہیں۔
بچپن کے درمیانی مرحلے میں نماز، صفائی، احترام، ذمے داری اور نظم و ضبط جیسی عادات پختہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ وہ عمر ہے جب اقدار بچے کی شخصیت میں جڑ پکڑتی ہیں۔ اس لیے اس مرحلے میں محض احکامات دینے کے بجائے اقدار اور کردار کی تشکیل پر توجہ ہونی چاہیے۔
بلوغت سے پہلے اور بعد میں تربیت کا انداز مزید بدل جاتا ہے۔ بلوغت سے پہلے بچے عام طور پر نسبتاً آسانی سے بات مان لیتے ہیں، لیکن بلوغت کے بعد ان کا سوال کرنا اور کبھی کبھی بغاوت پر آمادہ ہونا بھی فطری ہے۔ وہ مذہب اور روایات کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہیں، نئے خیالات جاننا چاہتے ہیں، تعلقات اور جنسی معاملات کے بارے میں زیادہ متجسس ہو جاتے ہیں اور بری صحبت کے زیرِ اثر بعض ناپسندیدہ عادات بھی اختیار کر سکتے ہیں۔
اس مرحلے میں والدین کو بھی اپنا انداز بدلنا چاہیے۔ نوعمر بچوں کو واضح حدود کے اندر بہ تدریج زیادہ خودمختاری اور آزادی دینی چاہیے۔ انھیں انتخاب کے مواقع دیں، اپنی ہدایات اور توقعات کی وجوہ سمجھائیں۔ اگر وہ اختلاف کریں تو ان کی بات سنیں اور ان کے نقطۂ نظر کا احترام کریں۔ اس عمر میں مسلسل تنقید سے زیادہ انھیں قبولیت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھیں خان دان سے جذباتی طور پر جوڑے رکھنا ان کی صحت مند نشوونما میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بلوغت کے بعد حکم دینے کا انداز رفتہ رفتہ گفتگو، باہمی مشورے اور دلیل سے سمجھانے میں بدلنا چاہیے۔ والدین کو نوجوانوں کو یہ سمجھانے میں مدد کرنی چاہیے کہ ان سے کسی خاص رویے کی توقع کیوں کی جا رہی ہے۔
والدین کی ایک عام غلطی یہ ہے کہ وہ چھوٹے بچوں کو بہت زیادہ لیکچر دیتے ہیں اور نوعمر بچوں کو بہت زیادہ کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حالاں کہ اس کے برعکس ہونا چاہیے۔ جیسے ہی بچے جسمانی بلوغت کو پہنچتے ہیں، والدین ان سے ایک بالغ انسان کی طرح رویے کی توقع کرنے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے خان دانوں میں نوعمری کا دور والدین کے لیے سب سے مشکل مرحلہ بن جاتا ہے۔
سوال: آج ہندستان کے بیشتر اسکولوں، حتیٰ کہ بہت سے اسلامی تعلیمی اداروں میں بھی تعلیم کا مقصد زیادہ تر معلومات منتقل کرنا رہ گیا ہے، شخصیت اور کردار سازی نہیں۔ تعلیمی ٹرسٹس کے ساتھ آپ کے تجربے کی روشنی میں اگر نصاب اور اسکول کا روزمرہ نظام محض تعلیم دینے کے بجائے تربیت کو مرکز بنا کر ترتیب دیا جائے تو اس کی صورت کیا ہوگی؟
جواب: زیادہ تر والدین اور اسکول انتظامیہ تربیت کو تعلیم کا ایک اضافی یا غیر نصابی حصہ سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ ایک اخلاقیات کی کلاس رکھ دی جائے، دن کا آغاز قرآنِ مجید کی تلاوت سے کر دیا جائے، کبھی میلاد کا پروگرام کر لیا جائے، کسی موقع پر کسی مولانا کو خطاب کے لیے بلا لیا جائے یا طلبہ کو چند کلمے اور دعائیں یاد کروا دی جائیں تو تربیت کا حق ادا ہو گیا۔ یہ دراصل تصور تربیت کو ہی بنیادی طور پر غلط سمجھنے کا نتیجہ ہے۔
اسلام محض اس مفہوم میں ایک مذہب نہیں جس میں اسے عام طور پر سمجھا جاتا ہے، بلکہ قرآن اسے ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کرتا ہے۔ قرآن انسان کو کائنات پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ وہ سورج اور چاند، دن اور رات، نیند کے نظام، پانی کے چکر، پہاڑوں، پھولوں، پھلوں، ہوا اور خلا جیسی چیزوں پر توجہ دلاتا ہے۔ وہ صرف کائنات کے مطالعے ہی کی دعوت نہیں دیتا بلکہ تاریخ کے صفحات پڑھنے اور ان اصولوں کو سمجھنے کی ترغیب بھی دیتا ہے، جن کے تحت قومیں عروج اور زوال سے دوچار ہوتی ہیں۔ بالآخر ان سب کا مقصد یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو سمجھے، کائنات کی حقیقت کو پہچانے اور اپنے خالق کی حمد و تسبیح کرے۔
اس نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو اسکول کو ایسی ہی سوچنے والی، مشاہدہ کرنے والی اور اقدار سے وابستہ شخصیت تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
ہر اسکول کے تین بنیادی حصے ہوتے ہیں: بنیادی نصاب، ہم نصابی سرگرمیاں اور غیر نصابی سرگرمیاں۔ بنیادی نصاب تو متعلقہ تعلیمی ضوابط کے مطابق پڑھانا ہی ہوگا، لیکن اصل موقع ہم نصابی سرگرمیوں میں موجود ہے۔ یہاں اسکول انتظامیہ کو شعوری طور پر ہر مضمون کو کائنات کی اعلیٰ حقیقت سے جوڑنا چاہیے اور طلبہ کو اپنی شخصیت کا بہترین روپ بننے میں مدد دینی چاہیے۔
ریاضی، طبیعیات، کیمیا اور حیاتیات جیسے مضامین طلبہ میں کائنات کی پیچیدگی اور اس کے نظم و ضبط کا احساس پیدا کریں۔ ادب اس انداز سے پڑھایا جائے کہ وہ انسان کے اندر کا ضمیر بیدار کرے اور اقدار و اخلاق پر مبنی تہذیب کی تعمیر میں کردار ادا کرے۔ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، ثابت قدمی، اجتماعی تعاون اور ایک مضبوط مومن کی صفات پیدا کرے۔ سماجی علوم ذمے دار انسانوں کی تربیت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں معاون ہوں۔ تاریخ میں ایسی شخصیات سے متعارف کرایا جائے، جنھوں نے انسانیت کی بھلائی میں کردار ادا کیا اور ساتھ ہی طلبہ کو یہ بھی سمجھایا جائے کہ نفرت، استحصال، ناانصافی اور جنگ کے کیا نتائج نکلتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ رہنمائی کے حلقے، سماجی خدمت کے مواقع، طلبہ کو ذمے داریاں سونپنا، باہمی تعاون، خاموشی سے غور و فکر کے مواقع اور اساتذہ و طلبہ کے درمیان احترام پر مبنی تعلق بھی تعلیمی نظام کا حصہ ہونا چاہیے۔
تربیت کوئی غیر نصابی سرگرمی نہیں؛ بلکہ یہی تعلیم کی اصل روح ہے۔
سوال: بہ حیثیت کونسلر آپ ہندستان کے موجودہ تعلیمی ماحول کے نفسیاتی اثرات کو قریب سے دیکھتے ہیں، خصوصاً بچوں میں بے چینی، بہتر کارکردگی دکھانے کا دباؤ اور اپنی شناخت کے بارے میں الجھن۔ آپ کو سب سے زیادہ کون سے مسائل نظر آتے ہیں؟ اور خان دان اور تعلیمی ادارے عموماً ان مسائل کو سمجھنے میں کس طرح کی غلطی کرتے ہیں؟
جواب: سب سے پہلے میں آج کے تعلیمی ماحول میں بچوں کو درپیش چند نفسیاتی مسائل کا ذکر کرنا چاہوں گا، خاص طور پر وہ دباؤ جس میں آج کے بچوں سے کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے۔ ان پر تین طرح کا دباؤ ہوتا ہے: ایک اسکول کی طرف سے، دوسرا والدین کی طرف سے اور تیسرا خود ان کی اپنی طرف سے جب وہ اپنی صلاحیت اور استعداد سے بڑھ کر اہداف مقرر کر لیتے ہیں۔ نتیجتاً آج طلبہ میں بے چینی، ڈپریشن اور اس نوعیت کے دیگر نفسیاتی مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ بہت سے بچے آج شناخت کے بحران، ہر وقت دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے، ذہنی بوجھ، گیجٹ کی لت، سوشل میڈیا پر مسلسل اسکرولنگ، جذباتی تنہائی اور اپنی قدر و قیمت کو صرف کارکردگی سے وابستہ کرنے جیسے مسائل کا شکار ہیں۔
مجھے ایک ایسی لڑکی یاد ہے، جس نے بارہویں جماعت مکمل کی تھی اور اس کے والد نے اسے راجستھان میں NEET کی تیاری کے لیے کوچنگ میں داخل کرا دیا تھا۔ اس کے والد خلیج میں ملازمت کرتے تھے۔ وہ لڑکی میرے پاس کونسلنگ کے لیے آئی۔ دورانِ کونسلنگ میں نے اس کے والد سے بھی بات کی۔ وہ ایک سخت مزاج والد تھے اور سمجھتے تھے کہ انھوں نے اپنی بیٹی کے لیے جو کچھ کیا ہے، اس کے بدلے اسے بھی بہترین کارکردگی دکھانی چاہیے۔ ان کی خواہش تھی کہ بیٹی ڈاکٹر بنے، حالاں کہ اسے طب کے شعبے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔
والد اپنی رائے بدلنے پر آمادہ نہیں ہوئے اور بیٹی نے بھی مجبوری میں کوچنگ شروع کر دی۔ وہ دو سال تک شدید مشکلات کا شکار رہی۔ اس کی طبیعت بہت خراب ہو گئی اور بالآخر والدین کو اسے کوچنگ سے نکالنا پڑا۔ بعد میں اس نے اپنی پسند کے ایک عام انڈرگریجویٹ پروگرام میں داخلہ لیا، جہاں اس نے کہیں بہتر کارکردگی دکھائی اور اسے ذہنی اطمینان بھی حاصل ہوا۔
ایک اور واقعہ مجھے ایک ایسے لڑکے کا یاد آتا ہے، جو اپنے والد کے انتہائی سخت رویے کی وجہ سے جذباتی طور پر بالکل مفلوج ہو چکا تھا۔ وہ شدید ڈپریشن میں مبتلا تھا۔ کونسلنگ کے دوران وہ نہ معمول کے مطابق بول پا رہا تھا اور نہ ہی اس کی آواز میں کوئی توانائی تھی۔ اس کی والدہ اس کے ساتھ آئی تھیں۔ وہ رو پڑیں اور بتایا کہ ان کے شوہر چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا بہ یک وقت کئی مختلف چیزیں بنے۔
پھر انھوں نے فون پر میری بات اپنے شوہر سے کروائی۔ وہ دوسری طرف سے چیخ رہے تھے کہ انھوں نے اپنے بیٹے پر بہت پیسہ خرچ کیا ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ بیٹا حافظ بنے، لیکن دو سال گزرنے کے باوجود اس نے پانچ پارے بھی مکمل نہیں کیے تھے۔ پھر انھوں نے اسے پبلک اسپیکنگ کے کورس میں داخل کرایا، جہاں وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اس کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ ڈاکٹر بنے، حالاں کہ NEET کی کوچنگ میں بھی وہ مسلسل مشکلات کا شکار تھا۔ ذرا تصور کیجیے کہ وہ بچہ کس قدر دباؤ میں زندگی گزار رہا تھا اور کس شدید نفسیاتی صدمے سے گزر رہا تھا!
اکثر خان دان ان مسائل کو سستی، نافرمانی، پڑھائی میں عدم دلچسپی یا موبائل کی لت سمجھ لیتے ہیں۔ تعلیمی ادارے بھی انھیں عموماً نظم و ضبط کا مسئلہ قرار دیتے ہیں۔ حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ ان بچوں میں سے بہت سے اندر ہی اندر دباؤ میں ہوتے ہیں۔ ان کی بات نہیں سنی جاتی۔ وہ خوف زدہ رہتے ہیں یا پھر خود اپنی شناخت کے بارے میں الجھن کا شکار ہوتے ہیں۔
تربیت کا بنیادی فلسفہ ہمیں اپنی توجہ’’رکھنے‘‘ سے ’’بننے’’کی طرف منتقل کرنے کا درس دیتا ہے۔‘‘رکھنے‘‘سے مراد ڈگریاں، بینک بیلنس، مہنگی گاڑیاں، خوب صورت گھر اور محفوظ ملازمتیں ہیں۔ اس کے برعکس ’’بننے‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ انسان وہ شخصیت بنے، جس کا تصور قرآن پیش کرتا ہےمثلا سچا، مہربان، رحم دل، دوسروں کا سہارا بننے والا، سخاوت کرنے والا اور اخلاقی اصولوں پر قائم رہنے والا۔
تربیت کا تعلق اس بات سے نہیں کہ انسان کے پاس کیا ہے، بلکہ اس بات سے ہے کہ وہ کیا بن گیا ہے۔
سوال: چوں کہ یہ خواتین کا رسالہ ہے، اس لیے نوجوان لڑکیوں کے مسائل پر بھی بات کرتے ہیں۔ بہ حیثیت کونسلر آپ کے تجربے میں ہمارے معاشرے میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو کن بڑے مسائل کا سامنا ہے، خصوصاً وہ مسائل جو ان کی تربیت اور سماجی ماحول سے پیدا ہوتے ہیں؟ اور ان کا حل کیا ہے؟
جواب: نوجوان لڑکیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ان میں ایک بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ ان کی بات نہیں سنی جاتی اور انھیں اپنی تعلیم، کیریئر اور زندگی کے اہم فیصلے خود کرنے کی مناسب آزادی نہیں دی جاتی۔
بہت سی نوجوان خواتین ایسے ازدواجی رشتوں میں بھی پھنس جاتی ہیں، جو ان کے لیے تکلیف دہ اور نقصان دہ ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ میڈیا اکثر نوجوان مردوں کی ذہن سازی اس انداز میں کرتا ہے کہ وہ عورت کو ایک مکمل انسان کے بجائے محض ایک جسم یا ایک شے کے طور پر دیکھنے لگتے ہیں، جس کے اپنے جذبات، خواہشات اور شخصیت ہوتی ہے۔ نتیجتاً بہت سے شوہر اپنی بیویوں کی جذباتی ضروریات کو نظر انداز کرتے ہیں۔ کئی خواتین صرف اپنے بچوں کی خاطر ایسے رشتے کو برداشت کرتی رہتی ہیں۔
مجھے ایک نوجوان خاتون یاد آتی ہیں، جو اپنی ازدواجی زندگی سے شدید پریشان ہو کر میرے پاس کونسلنگ کے لیے آئیں۔ ان کے شوہر فحش مواد دیکھنے کے عادی تھے اور ایک صحت مند ازدواجی تعلق قائم کرنے میں ان کی کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی۔ انھوں نے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی کوشش کی، لیکن کام یاب نہ ہو سکیں۔ شوہر کم تعلیم یافتہ تھے اور معمولی نوعیت کی ملازمت کرتے تھے، اس لیے انھیں نسلنگ کے لیے آمادہ کرنا بھی تقریباً ناممکن تھا۔
اس خاتون کا ایک پانچ سالہ بچہ تھا۔ وہ خود کو دو انتہائی تکلیف دہ راستوں کے درمیان پھنسا ہوا محسوس کرتی تھیں۔ ایک راستہ یہ تھا کہ اپنے حقوق سے دست بردار ہو جائیں اور بچے کی خاطر ایک بے حس اور بے محبت رشتے میں زندگی گزارتی رہیں، کیوں کہ انھیں یہ خوف بھی تھا کہ طلاق کی صورت میں ان کی چھوٹی بہنوں کے رشتوں پر برا اثر پڑے گا۔ دوسرا راستہ یہ تھا کہ اپنے لیے ایک مشکل فیصلہ کرنے کی ہمت پیدا کریں۔ بالآخر اپنے والدین کی حمایت سے انھوں نے اس رشتے سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا۔
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج بھی بہت سی لڑکیوں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ خاموش رہیں، کم اظہار کریں اور اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے سے گریز کریں۔ یہاں تک کہ جب کوئی چیز انھیں اندر سے شدید تکلیف پہنچا رہی ہوتی ہے تب بھی انھیں خدمت، سمجھوتے، قربانی اور خاموشی کا درس دیا جاتا ہے۔
بہت سی لڑکیاں اپنی ذات کے بارے میں احساس کم تری، جسمانی ساخت کے حوالے سے عدم اطمینان، لوگوں کے فیصلے کا خوف، احساسِ جرم، جذبات کو دبا کر رکھنے، کیریئر کے بارے میں غیر واضح سوچ اور صحت مند حدود قائم کرنے میں دشواری جیسے مسائل کا شکار رہتی ہیں۔ کچھ لڑکیوں پر حد سے زیادہ پابندیاں ہوتی ہیں، جب کہ کچھ جذباتی طور پر بالکل نظر انداز کر دی جاتی ہیں۔
اس کا حل نہ تو اندھی فرماں برداری ہے اور نہ ہی بغاوت۔ حل درست تربیت ہے۔ لڑکیوں کو مناسب حد تک انتخاب کے آزادی دینے چاہیے اور انھیں اعتماد اور ذمے داری نبھانے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ حیا کو محض بیرونی پابندیوں کے ذریعے نافذ نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ تربیت کے ذریعے اسے ایک اندرونی قدر اور شعوری رویے کے طور پر پروان چڑھانا چاہیے۔
مجھے ایک اور والد یاد آتے ہیں، جو اپنی بیٹی کو میرے پاس اس شکایت کے ساتھ لائے کہ وہ پردہ نہیں کرتی۔ جب میں نے اس لڑکی سے ملاقات کی تو وہ ایک لمبا کوٹ اور اسکارف پہنے ہوئے تھی۔ اسلامی نقطۂ نظر سے مجھے اس کے لباس میں کوئی ایسی بات نظر نہیں آئی جسے مسئلہ بنایا جائے۔ خود اس لڑکی نے قرآن کی آیات پیش کیں اور بتایا کہ وہ قرآن کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گفتگو کے اختتام پر اس کے والد نے قدرے سخت لہجے میں کہا: ’’نہیں، میری اصل تشویش یہ نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ کالی برقع پوشی کرے۔‘‘
یہاں مجھے اکثر نسلوں کے درمیان پیدا ہونے والا ایک بڑا فرق نظر آتا ہے۔ بعض اوقات نوجوان اسلام کے خلاف بغاوت نہیں کر رہے ہوتے، بلکہ ان ثقافتی توقعات کے خلاف ردِعمل دے رہے ہوتے ہیں جنھیں مذہبی تقاضوں کے طور پر ان کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ ایسے مواقع پر والدین کو اپنے بچوں کو وہ گنجائش دینی چاہیے، جس کی خود اسلام اجازت دیتا ہے۔ میرے نزدیک یہی حقیقی تربیت ہے۔
سوال: آپ کی تحریروں اور گفتگو کا ایک اہم موضوع نیک اور صالح بچوں اور بڑوں پر مشتمل گھر اور معاشرہ تشکیل دینا رہا ہے۔ اگر ہندستان میں ایسا تعلیمی نظام قائم کیا جائے جس کی بنیاد محض معلومات کی ترسیل کے بجائے تربیت پر ہو، تو وہ کیسا ہوگا؟ اور ہمارا موجودہ نظام اس تصور سے کتنا دور ہے؟
جواب: اس وقت ہندستان کا تعلیمی نظام بنیادی طور پر اچھے انسان پیدا نہیں کر رہا۔ اس کے بجائے وہ مارکیٹ کے لیے افرادی قوت اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے اعلیٰ مہارت رکھنے والے پیشہ ور افراد تیار کر رہا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا صرف اتنا کافی ہے؟
اپنے ملک میں پھیلی ہوئی برائیوں کو دیکھیے۔ بدعنوانی، رشوت، عصمت دری، قتل، فرضی پولیس مقابلے، فرقہ وارانہ تعصب، قانون کا انتخابی استعمال، مساجد اور مسلم برادری کے افراد کے گھروں کو بلڈوزر سے منہدم کرنا۔ کیا یہ سب صرف ان لوگوں کے ہاتھوں ہوتا ہے جو تعلیم یافتہ نہیں؟ ہرگز نہیں۔ ان میں بہت سے لوگ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوتے ہیں۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہماری تعلیم نے انھیں اقدار نہیں دیں اور بہت سے معاملات میں مذہب کے سامنے جواب دہی کا احساس بھی پیدا نہیں کیا۔
اپنے اردگرد کی سیاسی ثقافت کو دیکھیے۔ مفادات کی خاطر وفاداریاں بدلنا، ووٹوں کی خرید و فروخت اور سیاسی جماعتوں کو توڑنا۔ آخر یہ سب کیوں ہوتا ہے؟ بعض لوگ جیسے ہی اپنی سیاسی وابستگی تبدیل کرتے ہیں، یوں لگتا ہے جیسے کسی استعارہ نما ’’واشنگ مشین‘‘ سے نکل کر اچانک پاک صاف ہو گئے ہوں۔ بنیادی مسئلہ یہی ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام نہ اقدار پیدا کرتا ہے اور نہ اصول پسند انسان تیار کرتا ہے۔
جب آپ کسی ایسے شخص کو دیکھتے ہیں، جس میں دیانت داری ہو، جس کا ضمیر زندہ ہو، جو انصاف پسند اور غیر جانب دار ہو اور حق و انصاف پر مضبوطی سے قائم رہے، تو اکثر اس کردار کی تشکیل میں تعلیمی نظام کا کردار بہت کم ہوتا ہے۔ زیادہ تر ایسے لوگوں کو ان کی گھریلو تربیت، اخلاقی پرورش اور اندر کا زندہ ضمیر ذاتی یا مالی مفاد پر اقدار کو ترجیح دینے کے قابل بناتا ہے۔
میں کئی مرتبہ جاپان جا چکا ہوں۔ جاپانی معاشرے کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہاں کے تعلیمی نظام نے ایسے باادب، منکسر المزاج اور قانون کی پابندی کرنے والے شہریوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے جو دوسروں کا خیال رکھتے ہیں اور جہاں بھی کام کرتے ہیں، مضبوط اقدار کو قائم رکھتے ہیں۔ ان کی تعلیم نے شعوری طور پر ان اوصاف کو پروان چڑھایا ہے۔ اسی طرح دنیا میں کئی ایسے ممالک بھی ہیں، جہاں تعلیم کا مقصد صرف ماہر پیشہ ور افراد تیار کرنا نہیں بلکہ اچھے انسان بنانا بھی ہے۔
ہمارا تعلیمی نظام ایسا ہونا چاہیے کہ طلبہ کلاس روم میں جو کچھ سیکھیں، اسے کائنات کی اعلیٰ حقیقت سے جوڑ سکیں۔ وہ روحانی شعور رکھنے والے ایسے انسان بنیں جو اقدار، اخلاق اور اصولوں کو اہمیت دیتے ہوں۔ انھیں ذمے دار شہری بننے کی تربیت دی جائے، دوسرے انسانوں کے لیے ہمدردی پیدا کی جائے اور محض دولت جمع کرنے یا آسائش بھری زندگی کے حصول کے بجائے انسانیت کی خدمت کو زیادہ بلند مقصد سمجھنے کی ترغیب دی جائے۔
تعلیم میں ہندستان کی گوناگوں تہذیبی اور مذہبی تنوع کا احترام بھی سکھایا جانا چاہیے۔ طلبہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا احترام کرنا سیکھیں اور اپنے سے مختلف لوگوں کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز میں پیش آنے کے قابل ہوں۔ انھیں ایک پیچیدہ دنیا کا سامنا کرنے کے لیے علم، حکمت، اقدار اور عملی مہارتوں سے آراستہ کیا جانا چاہیے۔
آج ہمارا تعلیمی نظام بڑی حد تک امتحانات اور معلومات رٹنے کے گرد گھومتا ہے۔ اس کے بجائے اسے اچھے انسان بنانے اور ان کی شخصیت کو سنوارنے کا مرکز بننا چاہیے۔ میرے نزدیک یہی تعلیم کا حقیقی مقصد ہے۔
سوال: ایک معروف تصور یہ ہے کہ استاد اپنے طلبہ میں وہ خوبی پیدا نہیں کر سکتا، جسے اس نے خود اپنی ذات میں پیدا نہ کیا ہو۔ یعنی تربیت کے لیے پہلے استاد کا اپنا تزکیہ ضروری ہے۔ آج کے اسکولوں اور مدارس میں، جہاں تدریس اکثر محض ایک ملازمت بن کر رہ گئی ہے، آپ کے نزدیک یہ معیار کس حد تک قابلِ عمل ہے؟
جواب:بچے کی تربیت میں تین شخصیات سب سے زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں: سب سے پہلے والدین، پھر اساتذہ اور اس کے بعد رہنما یا مربی۔ ان تینوں کو کم از کم دو کردار ادا کرنے چاہئیں۔ والدین کو استاد کا کردار بھی ادا کرنا چاہیے اور اساتذہ کو بھی مربی بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ باصلاحیت، معاشرے کی خدمت کرنے والے، روحانی شعور رکھنے والے اور اخلاقی ذمے داری کا احساس رکھنے والے انسان بنیں تو اس میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ خود بھی اپنی روحانی اور اخلاقی تربیت پر توجہ دیں۔ انھیں اپنے علم اور تجربے کے دائرے کو مسلسل وسیع کرتے رہنا چاہیے اور زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔ انھیں معاشرے کی خدمت کرتے ہوئے بھی نظر آنا چاہیے، کیوں کہ بچے ہمیں دیکھ کر کہیں زیادہ سیکھتے ہیں، بہ نسبت اس کے کہ وہ ہماری باتیں سن کر سیکھیں۔
میں یہ بات بالکل واضح الفاظ میں کہنا چاہوں گا: رہنما وہی بن سکتا ہے جو خود مطالعہ کرتا ہو۔ اس لیے اساتذہ کو بھی بہت زیادہ مطالعہ کرنے والا ہونا چاہیے۔ ان کا فارغ وقت دوسروں کی غیبت یا بے مقصد گفتگو میں نہیں گزرنا چاہیے۔ اس کے بجائے انھیں کتب خانے میں یا کہیں بھی مطالعے میں مصروف نظر آنا چاہیے۔ نئے خیالات تلاش کرتے رہنا چاہیے تاکہ وہ انھیں اپنی کلاس میں لا سکیں یا اپنے طلبہ کے اٹھائے ہوئے سنجیدہ سوالات کے جواب تلاش کر سکیں۔
استاد کا غصے پر قابو، اس کا انصاف، وقت کی پابندی، گفتگو کا انداز، عاجزی اور کمزور طلبہ کے ساتھ اس کا برتاؤ یہ سب تربیت کا حصہ ہیں۔ طلبہ شاید وہ اسباق بھول جائیں جو انھیں پڑھائے گئے تھے، لیکن وہ یہ بہت کم بھولتے ہیں کہ ان کے استاد نے انھیں کیسا محسوس کروایا تھا۔
آج بھی مجھے اپنے بعض ایسے اساتذہ یاد ہیں، جنھوں نے میری زندگی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ایسے تھے جیسے کوئی ماہر سنگ تراش ہو۔ وہ تراشنے سے پہلے پتھر کی ساخت اور اس کی فطرت کو سمجھتے تھے۔ پھر اس کی کمزور جگہوں کا خیال رکھتے ہوئے اسے احتیاط سے تراشتے تھے۔ یہی ایک عظیم استاد کرتا ہے۔ وہ ہر طالب علم کی انفرادیت کو پہچانتا ہے اور اسے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دیتا ہے۔
بدقسمتی سے بیشتر اسکولوں میں اساتذہ کی تربیت کا تقریباً سارا زور صرف کلاس روم میں پڑھانے اور مضمون کی تدریس تک محدود رہتا ہے۔ بہت کم ادارے استاد کی شخصیت کی تعمیر پر توجہ دیتے ہیں۔ شاذ ہی ایسے تربیتی پروگرام منعقد ہوتے ہیں، جو اساتذہ کو جذباتی طور پر بالغ بنانے، ان کی روحانی زندگی کو مضبوط کرنے اور ان کے اخلاقی کردار کو بہتر بنانے میں مدد دیں۔
ہمیں ایسے منظم تربیتی پروگرام بھی بہت کم نظر آتے ہیں، جو اساتذہ کو یہ سکھائیں کہ طلبہ اور والدین کے ساتھ کس طرح مہربانی، ہمدردی، بہتر گفتگو، اچھی سماعت اور شفقت کے ساتھ پیش آنا ہے۔
اساتذہ کو خود بھی اس کمی کو محسوس کرنا چاہیے اور اسکول انتظامیہ کو اس بات پر آمادہ کرنا چاہیے کہ وہ پیشہ ورانہ تربیت کے ان پہلوؤں میں بھی سرمایہ کاری کریں۔
ایک اچھا استاد صرف کوئی مضمون نہیں پڑھاتا، وہ ایک انسان کی شخصیت تشکیل دیتا ہے۔
سوال: آج نوجوان مسلمان طلبہ اور سیکھنے والوں کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور جس سیاسی ماحول میں وہ پروان چڑھ رہے ہیں، اس نے ان مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس صورتِ حال میں ان کے اندر مستقبل کے بارے میں بے چینی اور حتیٰ کہ مایوسی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ ایسے حالات میں تربیت کیا کردار ادا کر سکتی ہے؟
جواب: آج ہندستان میں ہمیں جن حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، ان کے کئی اسباب ہیں۔ یہ ایک پیچیدہ صورتِ حال ہے جس کی کوئی ایک وجہ بیان نہیں کی جا سکتی۔ البتہ ایک حقیقت واضح ہے کہ طاقت کا اس پورے معاملے میں بنیادی کردار ہے۔ جب اچھے اور صالح لوگ اقتدار کے مراکز میں ہوتے ہیں تو خیر اور بھلائی فروغ پاتی ہے اور جب اخلاقی اقدار سے محروم لوگ ان مقامات پر قابض ہو جاتے ہیں تو ناانصافی، ظلم اور استحصال جنم لیتا ہے۔
ایک زمانہ تھا جب یورپ میں لوگ کلیسا سے بدظن ہو گئے اور انھوں نے ریاست اور کلیسا کی علیحدگی کا مطالبہ کیا۔ بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ جب ریاست مکمل طور پر مذہب سے لاتعلق ہو جاتی ہے تو سیاست دان بعض اوقات مذہب کو صرف اقتدار تک پہنچنے کی سیڑھی کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ وہ نفرت پھیلا کر اور مختلف برادریوں کے درمیان تقسیم پیدا کرکے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرتے ہیں۔ افسوس کہ ہمارے سمیت بہت سے معاشروں نے بھی مذہب کو اجتماعی زندگی سے الگ کرنے کے اس تصور کو اس کے طویل مدتی نتائج کو پوری طرح سمجھے بغیر اختیار کر لیا۔
میرے نزدیک اسلام نہ تو محض محدود معنوں میں ایک مذہب ہے اور نہ ہی صرف ایک سیاسی نظریہ۔ یہ زندگی کا ایک مکمل نظام ہے، جو انسان کی روحانی اور سماجی زندگی دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ جدید فکر اکثر مذہب کو معاشرے اور ریاست کے معاملات سے الگ کرکے دیکھتی ہے، گویا یہ دو بالکل مختلف اور غیر متعلق دائرے ہوں۔ اسی لیے جب یہ بات سامنے آتی ہے کہ اسلام روحانیت کے ساتھ ساتھ عدل، مساوات، معاشی نظام، عائلی قوانین اور سماجی ذمے داریوں کے بارے میں بھی رہنمائی دیتا ہے تو اسے سمجھنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔ افسوس کہ بہت سے مسلمان بھی اسی طرزِ فکر کے عادی ہو گئے ہیں۔
میرے خیال میں تربیت کا پہلا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ اسلام کو ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کیا جائے، بالکل اسی طرح جیسے قرآن اسے پیش کرتا ہے۔
دوسری بات یہ کہ بچوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ وہ معاشرے میں خیر کے فروغ کے ذمے دار ہیں اور زندگی کے ہر میدان میں انصاف کے لیے کام کرنا ان کی ذمے داری ہے۔
تیسری بات یہ کہ طلبہ کو اعتماد کے ساتھ اسلام پر عمل کرنے کی ترغیب دی جائے اور ان کے کردار و عمل کے ذریعے انھیں اسلام کی اقدار کے بہترین نمائندے بننے کے لیے تیار کیا جائے۔
ہمیں اپنے بچوں کو خوف زدہ بنا کر نہیں پالنا چاہیے۔ ہمیں ایسے بااخلاق اور پُراعتماد بچے تیار کرنے چاہئیں جو اپنے دین کو جانتے ہوں، دوسروں کا احترام کرتے ہوں، محنت کرتے ہوں، سچ بولتے ہوں، احساسِ مظلومیت کو اپنی شناخت نہ بنائیں اور دیانت داری کے ساتھ ہندستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
تربیت دراصل نوجوانوں کو زندگی کا مقصد سمجھانے اور ان کی مسلم شناخت کو محض ایک شناخت کے بجائے ذمے داری کے احساس میں ڈھالنے کا نام ہے۔
(یہ انٹرویو اصل میں انگریزی زبان میں شائع ہوا ہے۔ پیشِ نظر متن اسی انگریزی انٹرویو کا اردو ترجمہ ہے۔ اصل انٹرویو کے مفہوم، انداز اور روح کو حتی الامکان برقرار رکھتے ہوئے اردو زبان میں یہ اہم انٹرویو قارئین کے لیے حاضر خدمت ہے۔)
٭ ٭ ٭


. Can I know the site where it is published in English.
Very informative MashaAllah. Excellent interview. words are like pearls