شدتِ غم سے نڈھال افضل گھر کے باہر پڑی ہوئی چارپائی پر کبھی بیٹھ جاتا، کبھی اٹھ کر بے مقصد ٹہلنے لگتا۔ کبھی دونوں ہاتھوں سے اپنا سر تھام لیتا اور کبھی آسمان کی طرف دیکھ کر ایک لمبی آہ بھرنے لگتا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے سب کچھ دھندلا گیا تھا۔ ابھی چند گھنٹے پہلے اسی گھر میں شادی کی خوشیاں تھیں، قہقہے تھے، مہمانوں کی آمد و رفت تھی، برتنوں کی کھنک تھی، بچیوں کی چہل پہل تھی، عورتوں کی آوازیں تھیں اور اب… اب ہر طرف سناٹا تھا۔
کبھی کبھی اندر سے اس کی چاروں بیٹیوں اور بیوی کی سسکیوں اور ہچکیوں کی آواز آتی تو افضل کا کلیجہ منہ کو آ جاتا۔ وہ اپنے کانوں پر ہاتھ رکھ لیتا، جیسے ان آوازوں کو سننے کی ہمت ہی نہ ہو۔ مگر وہ آوازیں کہاں رکنے والی تھیں؟ وہ تو اس گھر کی دیواروں سے ٹکرا کر اس کے دل میں اتر رہی تھیں۔
افضل بار بار اپنے آپ سے سوال کر رہا تھا:
’’آخر میری بیٹی کو کس جرم کی سزا ملی ہے؟
وہ تو بے قصور تھی۔
اس نے تو کسی کا حق نہیں مارا تھا۔
کسی کا دل نہیں دکھایا تھا۔
کسی سے کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔‘‘
اس کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ ایک غریب کسان کی بیٹی تھی۔
افضل نے آسمان کی طرف دیکھا۔
’’یا اللہ! کیا غریب ہونا اتنا بڑا جرم ہے؟‘‘
اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔
افضل ایک معمولی کسان تھا۔ اس کی زندگی کا بیشتر حصہ کھیتوں کی مٹی میں گزرا تھا۔ صبح سورج نکلنے سے پہلے اٹھنا، وضو کرنا، نماز پڑھنا، گھر سے سوکھی روٹی کا ٹکڑا کھا کر کھیت کی طرف نکل جانا اور پھر شام ڈھلے تھکے ماندے قدموں کے ساتھ واپس لوٹنا۔ یہی اس کی زندگی تھی۔
شدید گرمی ہو یا سردی، موسلا دھار بارش ہو یا تپتی ہوئی دھوپ، افضل نے کبھی محنت سے منہ نہیں موڑا تھا۔ جون کی دوپہر میں جب سورج آگ برساتا تو زمین سے اٹھتی ہوئی گرمی اس کے چہرے کو جھلسا دیتی۔ کپڑے پسینے سے شرابور ہو جاتے، مگر وہ ہل چلاتا رہتا۔ کبھی بیج بوتا، کبھی فصل کو پانی دیتا، کبھی گھاس پھوس نکالتا، کبھی فصل کو جانوروں سے بچانے کے لیے رات رات بھر جاگتا۔
اس کے ہاتھوں میں محنت کی لکیریں تھیں، ہتھیلیوں پر چھالے تھے اور چہرے پر وقت سے پہلے پڑ جانے والی جھریاں اس کی زندگی کی داستان سناتی تھیں۔
وہ اکثر اپنی بیوی سے کہا کرتا:
’’بس اللہ نے چاہا تو فصل اچھی ہو جائے گی۔ اس بار بچیوں کے لیے کچھ اچھا کریں گے۔‘‘
اس کی بیوی مسکرا کر کہتی:
’’اللہ ضرور بہتر کرے گا۔‘‘
اور دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر خاموش ہو جاتے۔
ان کے گھر میں چار بیٹیاں تھیں۔
چاروں اس کی آنکھوں کا نور تھیں۔
افضل کے لیے بیٹیاں صرف اولاد نہیں تھیں، اس کی زندگی کی امید تھیں۔ وہ کھیت میں کام کرتے ہوئے بھی ان کے بارے میں سوچتا رہتا۔ کبھی خیال آتا کہ بڑی بیٹی کے لیے اچھا رشتہ مل جائے تو اس کے ہاتھ پیلے کر دے۔ کبھی سوچتا کہ دوسری بیٹی کی شادی کے لیے کچھ زیور بنوا دے۔ پھر اچانک خیال آتا کہ ابھی تیسری اور چوتھی بھی ہیں۔
وہ حساب لگاتا۔
پھر حساب بگڑ جاتا۔
آمدنی محدود تھی اور ذمے داریاں بے شمار!
کئی مرتبہ عید آتی، مگر افضل اپنی خواہش کو دبا لیتا۔
’’اس سال پرانے کپڑوں سے کام چلا لیتے ہیں، بیٹیوں کی شادی کے لیے کچھ پیسے بچ جائیں گے۔‘‘
اس کی بیوی بھی شوہر کا ساتھ دیتی۔
کبھی اپنے لیے چپل نہ خریدتی، کبھی کپڑے کا ارمان دل میں ہی دفن کر دیتی۔ گھر کی چھوٹی چھوٹی ضرورتیں مؤخر ہوتی رہیں، مگر بیٹیوں کی شادی کے لیے تھوڑے تھوڑے پیسے جمع ہوتے رہے۔
کبھی فصل اچھی ہوتی تو افضل کچھ رقم الگ رکھ دیتا۔
کبھی کوئی اضافی کام مل جاتا تو اس کی مزدوری بھی بچیوں کے نام کر دیتا۔
کبھی بیوی اپنے صندوقچے سے چند سو روپے نکال کر کہتی:
’’یہ بھی رکھ لیجیے، بچیوں کے کام آئیں گے۔‘‘
افضل وہ رقم ہاتھ میں لے کر دیر تک دیکھتا رہتا۔
اس کے لیے وہ چند سو روپے محض رقم نہیں تھے، بلکہ اپنی بیٹیوں کے مستقبل کی امید تھے۔
یوں برسوں کی محنت، قربانی اور چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو دفن کرکے اس نے کچھ رقم جمع کی تھی۔
آخر ایک دن بڑی بیٹی کا رشتہ آیا۔
گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
بیٹی کے چہرے پر شرم و حیا کی سرخی پھیل گئی۔ ماں نے اسے سینے سے لگا لیا۔ چھوٹی بہنیں اسے چھیڑنے لگیں۔
’’اب آپ ہمیں بھول جائیں گی!‘‘
وہ شرما کر کہتی:
’’ایسی بات نہیں ہے۔‘‘
ماں اس کے لیے جہیز کا سامان جمع کرنے لگی۔ کوئی چیز نئی خریدی گئی، کوئی پرانی سنبھال کر رکھی چیز نکالی گئی۔ کسی رشتے دار نے بستر دے دیا، کسی نے برتن اور کسی نے کپڑے۔
افضل ہر چیز کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا۔
اسے لگتا تھا کہ اب اس کی برسوں کی محنت رنگ لے آئی ہے۔
شادی کی تاریخ طے ہو گئی۔
جیسے جیسے شادی کا دن قریب آتا گیا، گھر میں مصروفیت بڑھتی گئی۔
کبھی مہندی کی تیاری، کبھی کپڑوں کی فکر، کبھی مہمانوں کے کھانے کا انتظام۔ عورتیں رات دیر تک بیٹھی رہتیں اور شادی کی باتیں کرتیں۔
گھر کی چاروں بیٹیوں کے چہروں پر خوشی تھی۔
ماں کبھی بڑی بیٹی کے بال سنوارتی، کبھی اس کے کپڑے دیکھتی اور کبھی اسے نصیحتیں کرتی۔
’’بیٹی! نئے گھر کو اپنا گھر سمجھنا۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو دل پر نہ لینا۔‘‘
بیٹی خاموشی سے سر ہلا دیتی۔
افضل دور بیٹھا یہ سب دیکھتا تو اس کی آنکھیں نم ہو جاتیں۔
اس نے کتنی شدت سے اس دن کا انتظار کیا تھا!
وہ دل ہی دل میں دعا کرتا:
’’یا اللہ! میری بیٹی کو خوش رکھنا۔ اس کے نصیب اچھے کرنا۔‘‘
بالآخر شادی کا دن آ گیا۔
صبح سے ہی گھر میں چہل پہل تھی۔
آنگن میں عورتوں کی آمد و رفت تھی۔ کہیں کھانا تیار ہو رہا تھا، کہیں مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا جا رہا تھا۔ بچیاں دوڑ دوڑ کر کام کر رہی تھیں۔
دلہن کے کمرے میں خاص رونق تھی۔
اس کی سہیلیاں اور بہنیں اسے تیار کر رہی تھیں۔ ہاتھوں پر مہندی سج چکی تھی۔ عروسی لباس زیب تن کر کے جب وہ آئینے کے سامنے بیٹھی تو چند لمحوں کے لیے خود بھی اپنے آپ کو دیکھتی رہ گئی۔
ماں نے اسے دیکھا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
’’ماشاء اللہ! میری بچی آج کتنی پیاری لگ رہی ہے۔‘‘
بیٹی نے ماں کی طرف دیکھا۔
’’امی! آپ رو کیوں رہی ہیں؟‘‘
ماں نے فوراً آنسو پونچھ لیے۔
’’ارے نہیں، خوشی کے آنسو ہیں۔‘‘
مگر ماں جانتی تھی کہ یہ خوشی کے ساتھ ساتھ جدائی کے آنسو بھی تھے۔
ادھر افضل گھر کے باہر مہمانوں کی دیکھ بھال میں لگا ہوا تھا۔ اس کے دل میں عجیب سی خوشی تھی۔ بار بار گھڑی دیکھتا اور سوچتا کہ بس اب بارات آنے ہی والی ہوگی۔
بالآخر دور سے گاڑیوں کے آنے کی آواز سنائی دی۔
’’بارات آ گئی!‘‘
کسی نے خوشی سے آواز لگائی۔
گھر میں ایک دم ہلچل مچ گئی۔
بچیاں دروازے کی طرف بھاگیں۔ عورتوں نے پردے سنبھالے۔ مرد مہمانوں کے استقبال کے لیے آگے بڑھے۔
افضل کے چہرے پر برسوں بعد ایسی خوشی آئی تھی۔
وہ بارات کا استقبال کرنے کے لیے آگے بڑھا۔
اس نے سوچا:
’’آج میری محنت کام یاب ہو گئی۔ آج میری بیٹی اپنے گھر کی ہو جائے گی۔‘‘
مگر اسے کیا معلوم تھا کہ چند لمحوں بعد اس کے برسوں کے خواب بکھرنے والے ہیں۔
بارات گھر میں داخل ہوئی۔
ابتدائی طور پر سب کچھ ٹھیک رہا۔ مہمانوں کو بٹھایا گیا۔ چائے اور کھانے کا انتظام کیا گیا۔ لوگ ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔
لیکن اچانک لڑکے کے گھر والوں کی طرف سے ایک ایسی بات سامنے آئی، جس نے پورے ماحول کو بدل دیا۔
موٹر سائیکل کا مطالبہ کیا گیا!
افضل نے پہلے تو سمجھا شاید اسے غلط فہمی ہوئی ہے۔
اس نے حیرت سے پوچھا:
’’موٹر سائیکل؟‘‘
سامنے سے جواب آیا:
’’جی ہاں، لڑکے کے لیے موٹر سائیکل تو ہونی چاہیے۔‘‘
افضل کے چہرے کی رونق ختم ہو گئی۔
اس نے دھیمی آواز میں کہا:
’’بھائی! اس بارے میں تو پہلے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔‘‘
جواب آیا:
’’اب بات ہو گئی ہے۔‘‘
افضل نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا:
’’دیکھیے، میں ایک غریب آدمی ہوں۔ میں کسان ہوں۔ میں نے اپنی استطاعت کے مطابق بیٹی کی شادی کا انتظام کیا ہے۔ آپ لوگوں نے جن ضروری چیزوں کی فرمائش کی، میں نے حتی الامکان پوری کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن موٹر سائیکل…‘‘
اس کی آواز بھرّا گئی۔
’’موٹر سائیکل میرے بس میں نہیں ہے۔‘‘
مگر شاید سامنے والے دل کا حال سننے کے لیے تیار نہیں تھے۔
’’اگر موٹر سائیکل نہیں تو پھر شادی کیسے ہوگی؟‘‘
افضل کے قدموں تلے زمین نکل گئی۔
اس نے بہت منت سماجت کی۔
’’اللہ کے واسطے میری عزت کا خیال کریں۔ میری بچی کا گھر نہ اجاڑیں۔ اگر کوئی اور کمی ہے تو بتائیں، میں اپنی استطاعت کے مطابق پوری کرنے کی کوشش کروں گا۔ مگر آج کے دن یہ مطالبہ میرے لیے ممکن نہیں۔‘‘
اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔
وہاں موجود کچھ بزرگوں نے بھی سمجھانے کی کوشش کی۔
’’بھائی! شادی دو خان دانوں کو جوڑنے کا نام ہے۔ مطالبات رکھ کر رشتہ خراب نہ کریں۔‘‘
لیکن ضد بڑھتی گئی۔
دلہن کے گھر والوں کو امید تھی کہ شاید بات بن جائے گی۔
مگر وقت گزرتا گیا۔
اندر بیٹھی دلہن باہر کی گفت و شنید سے بے خبر تھی۔ وہ اپنی بہنوں کے درمیان بیٹھی تھی اور کبھی دروازے کی طرف دیکھتی، کبھی اپنی مہندی کو۔
اچانک گھر کے ماحول میں عجیب سی خاموشی چھا گئی۔
خوشیوں کی آوازیں رک گئیں۔
مسکراہٹیں غائب ہو گئیں۔
کسی نے آ کر دلہن کی ماں کو کچھ بتایا۔
اس کے ہاتھ سے پانی کا گلاس چھوٹ گیا۔
’’کیا ہوا؟‘‘
وہ کچھ دیر تک بول ہی نہ سکی۔
پھر اس نے بیٹی کی طرف دیکھا اور اسے اپنے سینے سے لگا لیا۔
بیٹی گھبرا گئی۔
’’امی! کیا ہوا؟‘‘
ماں نے اسے مضبوطی سے پکڑ لیا۔
’’کچھ نہیں بیٹی…‘‘
مگر ماں کی آواز بتا رہی تھی کہ بہت کچھ ہو چکا ہے۔
چند لمحوں میں وہ خبر پورے گھر میں پھیل گئی۔
بارات واپس جانے والی تھی۔
موٹر سائیکل نہ ملنے کی وجہ سے نکاح نہیں ہوگا۔
دلہن کے ہاتھوں کی مہندی ابھی خشک بھی نہ ہوئی تھی۔
اس کے بال ابھی تک سجے ہوئے تھے۔
گھر کے ایک کونے میں شادی کا کھانا تیار تھا۔
برتن سجے ہوئے تھے۔
مہمان بیٹھے تھے۔
لیکن شادی کا خواب ٹوٹ چکا تھا۔
افضل دروازے کے پاس کھڑا بارات کو واپس جاتے دیکھ رہا تھا۔
وہ کچھ کہنا چاہتا تھا، روکنا چاہتا تھا، مگر اس کی زبان جیسے بند ہو گئی تھی۔
اس نے صرف اتنا کہا:
’’بھائی! میری بیٹی کا کیا قصور ہے؟‘‘
کوئی جواب نہ ملا۔
گاڑیاں ایک ایک کرکے گھر سے نکل گئیں۔
اور افضل کی آنکھوں کے سامنے اس کی بیٹی کی بارات رخصت ہونے کے بجائے الٹے پیروں واپس جا رہی تھی۔
وہ دروازے کے پاس کھڑا رہا۔
دیر تک۔
بہت دیر تک۔
جب آخری گاڑی بھی نظروں سے اوجھل ہو گئی تو افضل کے قدم لڑکھڑا گئے۔
وہ وہیں بیٹھ گیا۔
اس نے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا۔
اندر سے بیٹی کے رونے کی آواز آ رہی تھی۔
’’ابو! میری کیا غلطی تھی؟‘‘
یہ سوال افضل کے دل کو چیر گیا۔
وہ اٹھا، چند قدم چلا، مگر پھر چارپائی پر آ کر بیٹھ گیا۔
وہ بیٹی کے سامنے جانے کی ہمت نہیں کر پا رہا تھا۔
اسے ڈر تھا کہ بیٹی کی آنکھوں میں سوال دیکھ کر وہ خود کو سنبھال نہیں سکے گا۔
رات گہری ہوتی گئی۔
شادی کے لیے لگائے گئے چراغ ایک ایک کرکے بجھنے لگے۔
مہمان واپس جانے لگے۔
کھانے کے برتن ویسے ہی پڑے رہے۔
کچھ دیر پہلے جن برتنوں میں خوشی کا کھانا تقسیم ہونا تھا، اب وہی برتن ایک ٹوٹے ہوئے خواب کی طرح خاموش پڑے تھے۔
آنگن میں جہاں بچیوں کی ہنسی گونج رہی تھی، اب وہاں سسکیاں تھیں۔
دلہن کے کمرے میں رکھا ہوا آئینہ خاموشی سے سب کچھ دیکھ رہا تھا۔
وہی آئینہ جس کے سامنے چند گھنٹے پہلے ایک لڑکی نے دلہن بن کر خود کو دیکھا تھا۔
اب اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔
اس نے اپنے ہاتھوں کی مہندی کو دیکھا۔
پھر اپنی ماں کی طرف دیکھا۔
اور دھیرے سے بولی:
’’امی! کیا اب یہ مہندی بھی اتار دوں؟‘‘
ماں کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔
وہ بیٹی کو سینے سے لگا کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔
ادھر افضل باہر چارپائی پر بیٹھا اپنی زندگی کا حساب کر رہا تھا۔
اسے اپنی وہ تمام عیدیں یاد آ رہی تھیں، جب اس نے اپنے لیے نئے کپڑے نہیں خریدے تھے۔
وہ دن یاد آ رہے تھے، جب بیوی نے اپنی خواہشیں قربان کی تھیں۔
وہ راتیں یاد آ رہی تھیں، جب وہ بیماری کے باوجود کھیت میں کام کرنے گیا تھا۔
وہ گرمی کی دوپہریں یاد آ رہی تھیں، جب اس نے اپنی بیٹیوں کے مستقبل کے لیے پسینہ بہایا تھا۔
وہ بارشیں یاد آ رہی تھیں، جن میں وہ بھیگتا ہوا فصل بچانے کے لیے کھیت پہنچ جاتا تھا۔
وہ ایک ایک روپیہ یاد آ رہا تھا، جو اس نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے بچایا تھا۔
آج اسے محسوس ہو رہا تھا کہ اس کی ساری محنت کسی نے ایک ہی مطالبے کے نیچے روند دی ہے۔
وہ زیرِ لب بولا:
’’میں نے تو اپنی حیثیت سے بڑھ کر کیا تھا۔‘‘
پھر اس نے آسمان کی طرف دیکھا۔
’’یا اللہ! اگر میں غریب ہوں تو کیا میری بیٹی کو خوش رہنے کا حق نہیں؟‘‘
اس کی آنکھوں سے آنسو بہتے رہے۔
رات بہت گزر چکی تھی۔
مگر افضل کی آنکھوں میں نیند نہیں تھی۔
وہ سوچ رہا تھا کہ کل صبح جب گاؤں والے پوچھیں گے:
’’بارات کیوں واپس چلی گئی؟‘‘
تو وہ کیا جواب دے گا؟
جب لوگ کہیں گے:
’’موٹر سائیکل نہیں دے سکے؟‘‘
تو وہ کیا کہے گا؟
اور سب سے بڑھ کر، جب اس کی بیٹی کل صبح اپنے ہاتھوں کی مہندی دیکھے گی تو وہ اسے کیا تسلی دے گا؟
افضل کے پاس ان سوالوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔
اس کے پاس صرف ایک غریب کسان کا ٹوٹا ہوا دل تھا۔
اور اس دل میں ایک ہی سوال گونج رہا تھا:
آخر ایک باپ اپنی بیٹی کو رخصت کرنے کے لیے اور کیا دے؟
کیا اپنی زندگی کی ساری کمائی؟
کیا اپنی عزت؟
کیا اپنی عمر بھر کی محنت؟
یا پھر اپنی بیٹی کی خوشی بھی کسی قیمت کے ساتھ ہی ملے گی؟
اس رات افضل کے گھر میں کسی نے کھانا نہیں کھایا۔
شادی کا کھانا ویسے ہی پڑا رہا۔
دلہن کا لباس ویسے ہی تن پر تھا۔
مہندی ویسے ہی ہاتھوں پر سجی تھی۔
بس فرق اتنا تھا کہ جس گھر میں آج ’’رخصتی‘‘ کے وقت بیٹی کے آنسو بہنے تھے، وہاں اس رات ایک باپ کے آنسو بہہ رہے تھے۔
اور ایک بیٹی دل ہی دل میں یہ سوچ رہی تھی:
’’کاش! میں کسی غریب کسان کی بیٹی نہ ہوتی۔‘‘
افضل نے بیٹی کی یہ سوچ محسوس کی تو اس کا دل پھٹ گیا۔
وہ فوراً اٹھا، اندر گیا، بیٹی کے سر پر ہاتھ رکھا اور بولا:
’’نہیں بیٹی! اپنے آپ کو قصوروار مت سمجھنا۔ غریب ہونا کوئی جرم نہیں۔ تم میرے لیے بوجھ نہیں ہو۔ تم میری بیٹی ہو، میری عزت ہو۔‘‘
بیٹی باپ کے سینے سے لگ کر رونے لگی۔
افضل نے اسے تھام لیا۔
اس کی اپنی آنکھیں بھی برس رہی تھیں۔
مگر اس نے دل ہی دل میں عہد کیا کہ بیٹی کی شادی ضرور کرے گا، مگر ایسے گھر میں نہیں جہاں بیٹی کی عزت سے زیادہ موٹر سائیکل کی قیمت ہو۔
وہ دوبارہ کھیت میں جائے گا۔
پھر محنت کرے گا۔
پھر پسینہ بہائے گا۔
مگر اپنی بیٹی کو ایسے گھر نہیں بھیجے گا، جہاں رشتے محبت اور اعتماد سے نہیں بلکہ مطالبات اور قیمتوں سے طے ہوتے ہوں۔
صبح ہونے لگی۔
سورج کی پہلی کرن افق پر نمودار ہوئی۔
افضل اٹھا، اس نے وضو کیا اور نماز کے لیے کھڑا ہو گیا۔
سجدے میں جاتے ہی اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
اور اس نے دستِ سوال دراز کیا:
’’یا اللہ! میری بیٹی کے لیے ایسا گھر عطا فرما، جہاں اسے جہیز سے نہیں اس کے کردار سے پہچانا جائے، جہاں اس کے باپ کی غربت کو عیب نہ سمجھا جائے، جہاں اسے عزت ملے، محبت ملے اور سکون ملے۔‘‘
نماز کے بعد وہ کھیت کی طرف چل پڑا۔
قدم تھکے ہوئے تھے۔
دل زخمی تھا۔
مگر امید ابھی باقی تھی۔
کیوں کہ کسان جانتا ہے کہ ہر فصل فوراً نہیں اگتی۔
بیج مٹی میں دفن ہوتا ہے، تب کہیں جا کر فصل لہلہاتی ہے۔
شاید افضل کی بیٹی کی زندگی میں بھی ابھی ایک نئی فصل کا وقت باقی تھا۔
ایک ایسا گھر جہاں بارات موٹر سائیکل کے بغیر بھی آئے۔
ایک ایسا گھر جہاں باپ سے اس کی حیثیت نہ پوچھی جائے۔
ایک ایسا گھر جہاں بیٹی کو بوجھ نہیں، رحمت سمجھا جائے۔
اور شاید اسی امید کے سہارے افضل نے ایک بار پھر مٹی کو اپنے ہاتھوں میں تھاما۔
اس کے ہاتھوں پر پسینہ تھا۔
آنکھوں میں آنسو تھے۔
مگر دل میں دعا تھی۔
اس کے کھیت میں دھان کی فصل ہوا کے جھونکوں سے لہرا رہی تھی۔
افضل نے فصل کی طرف دیکھا اور بے اختیار اس کے دل سے یہ شعر نکلا:
قیمت تو بہت بڑھ گئی شہروں میں دھان کی
لیکن وداع نہ ہو سکی بیٹی کسان کی
٭ ٭ ٭


0 Comments