جمہوریت سے آگے

علی اپنے ابو کے ساتھ جنتر منتر کے قریب سے گزر رہا تھا۔ وہاں کچھ لوگ اپنے مطالبات کے حق میں پُرامن احتجاج کر رہے تھے۔ کوئی پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھا، کوئی نعرے لگا رہا تھا اور کوئی اپنی بات لوگوں تک پہنچا رہا تھا۔
علی کچھ دیر انھیں دیکھتا رہا، پھر بولا:
’’ابو! یہ لوگ پھر حکومت کے خلاف اپنی بات کہہ رہے ہیں؟‘‘
ابو مسکرائے۔
’’ہاں بیٹا! جمہوری نظام (Democracy) میں لوگ اپنی بات کہتے رہتے ہیں اور اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔‘‘
علی نے فوراً پوچھا:
’’اور بادشاہت (Monarchy) میں؟‘‘
ابو نے کہا:
’’بادشاہت میں ملک کا اختیار ایک بادشاہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ اکثر بادشاہ کے بعد اس کا بیٹا یا خان دان کا کوئی دوسرا فرد حکمران بنتا ہے۔ عوام اسے خود منتخب نہیں کرتے۔‘‘
علی نے کہا:
’’جمہوریت میں عوام اپنے حکمران منتخب کرتے ہیں؟‘‘
’’ہاں، جمہوریت میں لوگ اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں۔‘‘
علی کچھ دیر سوچتا رہا، پھر بولا:
’’جمہوریت میں تو عوام بہت طاقت ور ہوئے! پھر انھیں اپنے حقوق کے لیے احتجاج کیوں کرنا پڑتا ہے؟‘‘
ابو نے جواب دیا:
’’یہی بات سمجھنے کی ہے، بیٹا۔ صرف یہ کہہ دینا کہ ’یہ جمہوری ملک ہے‘ کافی نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ وہاں لوگوں کو واقعی ان کے حقوق ملتے بھی ہیں یا نہیں۔‘‘
’’لیکن ابو! اگر حق نہ ملے تو؟‘‘
’’پھر لوگ حکومت سے اپنا حق مانگتے ہیں۔ کبھی احتجاج کرتے ہیں، کبھی دھرنے دیتے ہیں اور کبھی ریلیاں نکالتے ہیں۔ بعض اوقات حالات بہت خراب ہو جاتے ہیں۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہو جاتی ہیں، لوگ زخمی ہوتے ہیں، بعض جگہ جانیں بھی چلی جاتی ہیں اور کئی خان دان مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘‘
علی خاموشی سے ابو کی بات سن رہا تھا۔
’’مطلب جمہوریت میں بھی ہر شخص کو مکمل آزادی اور اس کا حق نہیں ملتا ہے؟‘‘
ابو نے کہا:
’’جی ہاں! صرف جمہوریت کا نام لے لینے سے عوام کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔ کسی بھی نظام کو اس کے نام سے نہیں، بلکہ اس کے عمل سے پرکھنا چاہیے۔ دیکھنا چاہیے کہ کم زور کو اس کا حق مل رہا ہے یا نہیں؟ غریب محفوظ ہے یا نہیں؟ اور حکمران عوام کے سامنے جواب دہ ہیں یا نہیں؟‘‘
علی نے پوچھا:
’’تو اسلام میں کیا طریقہ ہے؟‘‘
ابو نے کہا:
’’اسلام ہمیں بتاتا ہے کہ سب سے بڑی حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہے۔ انسان اللہ کا بندہ ہے اور اسے اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنی ہے۔‘‘
علی نے حیرت سے پوچھا:
’’لیکن ابو! اگر حکمران بھی انسان ہے تو وہ لوگوں کے حقوق کیسے دے گا؟‘‘
ابو نے کہا:
’’اس کی ایک بہت خوب صورت مثال حضرت عمر بن خطابؓ کی زندگی میں ملتی ہے۔‘‘
علی سیدھا ہو کر بیٹھ گیا۔
’’جب حضرت عمرؓ خلیفہ بنے تو اپنے ابتدائی خطبے میں لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ تمھیں اپنے حقوق لینے کے لیے ہم سے کشمکش نہیں کرنی پڑے گی۔ ہمیں صرف یہ معلوم ہو جائے کہ کس کا کیا حق ہے تو ان شاء اللہ اس کا حق اس کے گھر تک پہنچ جائے گا۔‘‘
علی نے حیرت سے پوچھا:
’’یعنی لوگوں کو اپنا حق لینے کے لیے احتجاج نہیں کرنا پڑتا تھا؟‘‘
ابو نے کہا:
’’حضرت عمرؓ اپنے آپ کو لوگوں کا مالک نہیں، بلکہ اللہ کے سامنے جواب دہ خادم سمجھتے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ کسی مظلوم کو اپنا حق لینے کے لیے دروازے دروازے نہ پھرنا پڑے۔‘‘
پھر ابو نے کہا:
’’ایک مرتبہ حضرت عمرؓ رات کو مدینے کی گلیوں میں لوگوں کا حال معلوم کرنے نکلے۔ ایک گھر سے بچوں کے رونے کی آواز آئی۔ معلوم ہوا کہ ایک بیوہ کے گھر کھانے کو کچھ نہیں تھا۔ حضرت عمرؓ فوراً بیت المال سے کھانے کا سامان لائے اور اسے اپنے کندھے پر اٹھا کر اس عورت کے گھر پہنچایا۔‘‘
علی کی آنکھیں حیرت سے کھل گئیں۔
’’ابو! خلیفہ خود اپنے کندھے پر سامان اٹھا کر لے گئے؟‘‘
’’ہاں بیٹا!‘‘
’’وہ کسی خادم کو بھیج سکتے تھے نا؟‘‘
ابو مسکرائے:
’’بالکل بھیج سکتے تھے۔ مگر انھیں احساس تھا کہ اقتدار ان کے لیے عزت اور آرام کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایک امانت ہے۔ انھیں ڈر تھا کہ کہیں قیامت کے دن کسی بھوکے انسان کے حق کے بارے میں ان سے سوال نہ ہو جائے۔‘‘
علی کچھ دیر خاموش رہا۔
پھر آہستہ سے بولا:
’’ابو! اب مجھے فرق سمجھ میں آ رہا ہے۔‘‘
’’کیا فرق؟‘‘
علی نے گن کر کہا:
’’بادشاہت میں بادشاہ حکمران ہوتا ہے۔ جمہوریت میں عوام اپنے نمائندے منتخب کرتی ہے۔ لیکن اسلام ہمیں یہ بتاتا ہے کہ سب سے اوپر اللہ تعالیٰ کی حاکمیت ہے۔‘‘
ابو نے خوش ہو کر کہا:
’’بالکل!‘‘
علی نے پھر پوچھا:
’’اور حکمران؟‘‘
’’وہ بھی اللہ کا بندہ ہے اور اللہ کے سامنے جواب دہ ہے۔ اسے عوام کے حقوق کی حفاظت کرنی ہے، نہ کہ صرف اپنے اقتدار کی۔‘‘
علی نے جنتر منتر کی طرف دیکھا، جہاں لوگ اب بھی اپنے مطالبات کے پلے کارڈ اٹھائے کھڑے تھے۔
اس نے دھیرے سے کہا:
’’وہ حکومت کیسی ہو گی جہاں کسی کم زور انسان کو اپنا حق لینے کے لیے سڑک پر نکلنے کی ضرورت ہی نہ پڑے!‘‘
ابو نے علی کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا:
’’بیٹا! یہی تو اصل بات ہے۔ حکومت کا کمال صرف یہ نہیں کہ لوگ آزادی سے اپنی شکایت بیان کر سکیں، اصل کمال یہ ہے کہ لوگوں کے حقوق ان تک پہنچیں، انصاف قائم ہو اور حکمران خود کو اللہ کے سامنے جواب دہ سمجھیں۔
اور جب حکمران یہ سمجھ لے کہ اقتدار اس کی ملکیت نہیں، بلکہ اللہ کی طرف سے ایک امانت ہے تو پھر اسے حضرت عمرؓ کی طرح لوگوں کے حقوق کی فکر ہوتی ہے۔
بادشاہت (Monarchy) اور جمہوریت (Democracy) سے آگے اسلامی نظام حکومت (Divine Sovereignty) ہر ایک کو آزادی بھی دیتا ہے، عزت بھی دیتا ہے اور بغیر مطالبے کے ہر ایک کے حقوق اس کے گھر پہنچاتا ہے۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے