جنریشن زی ڈیجیٹل دنیا کی پہلی نسل (قسط:2)

پچھلی قسط میں ہم نے نوعمر بچے یعنی جین زی سے متعلق بنیادی معلومات دی تھیں کہ کس طرح یہ نسل دوسری نسلوں سے مختلف ہے، ان کی خصوصیات کیا ہیں اور ان کی تربیت پر کن چیزوں کے اثرات ہیں۔ اس قسط میں ہم ڈیجیٹل دنیا کے اثرات کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس بات پر گفتگو کریں گے کہ والدین ان بچوں کے ساتھ کیسا رویہ رکھیں۔
توجہ کا انتشار:
آئیے جانتے ہیں کہ یہ بچے سوشل میڈیا پر کس طرح کے ماحول کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ آج سوشل میڈیا کمپنیاں صرف معلومات فراہم نہیں کر رہیں بلکہ ہماری توجہ (Attention) حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
ہر نوٹیفکیشن، ہر ویڈیو اور ہر نئی پوسٹ بچے کو مزید دیر تک اسکرین سے جوڑے رکھنے کے لیے بنائی جاتی ہے۔ لہٰذا والدین کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کا مقابلہ صرف موبائل سے نہیں بلکہ ایک پوری صنعت سے ہے، جو انسانی توجہ کو اپنی کمائی کا ذریعہ بناتی ہے۔ توجہ کا دورانیہ کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے۔ ویڈیو شارٹس اور ریلز نے ان کے توجہ کے دورانیے کو اتنا کم کر دیا ہے کہ وہ استاد کی آواز پر تین منٹ سے زیادہ توجہ مرکوز نہیں کر پاتے۔ یہی بے چین، بے نیاز اور بے قرار نسل جین زی ہے۔
یہ مستقل سست نسل نہیں ہے، بلکہ ڈیجیٹل ماحول کا نفسیاتی اثر ان کی شخصیت کا حصہ بن گیا ہے۔
مختصر ویڈیوز اور مسلسل بدلتے ہوئے مواد کی وجہ سے بچوں کے لیے کتاب پڑھنا، ایک جگہ بیٹھ کر پڑھائی کرنا، طویل گفتگو سننا اور گہرائی سے غور کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ آپ غور کریں! یہ آپ کی بات توجہ سے نہیں سنیں گے بلکہ فوراً آپ کی بات کاٹ کر گفتگو شروع کر دیں گے۔
توجہ مرکوز کرنے کے لیے والدین کو مکمل منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔ گھر میں گفتگو کا ماحول بنانا چاہیے۔ اپنے بالغ بچوں سے کھانا کھانے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سوال پوچھیے۔ چوں کہ وہ نوعمر بچے ہیں، ان کا دورِ کاذب چل رہا ہے۔ اس دور میں انھیں کاذب میچوریٹی محسوس ہوتی ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم اب بڑے ہو چکے ہیں اور بڑوں سے زیادہ اور ان سے بہتر جانتے ہیں۔
اگر انھیں گھر میں اہمیت نہ ملے تو وہ اپنے سے کم عمر مخالف صنف کے لوگوں سے توجہ ملنے کے سبب گھر اور والدین سے دور ہونے لگتے ہیں۔ اس لیے انھیں مناسب اہمیت دینا، گھر کی ذمے داریوں میں شامل کرنا اور گھر کے مسائل میں مشاورت کرنا ان کی شخصیت میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔

معلومات کی بھرمار:

آج کا بچہ روزانہ اتنی معلومات حاصل کرتا ہے، جتنی شاید پچھلی نسلیں کئی ہفتوں میں حاصل کرتی تھیں۔ اس نسل کے پاس معلومات کی کمی بالکل نہیں ہے، تاہم معلومات کو صحیح رخ دینا والدین کی ذمے داری ہے۔ ہم ان شاء اللہ اس سلسلے میں اس کا ذکر کریں گے کہ کون سی چیزیں آپ کو ان کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنی چاہییں، تاکہ ان میں تنقیدی سوچ (Critical Thinking) پیدا کر سکیں اور وہ سچ اور جھوٹ، مفید اور نقصان دہ معلومات میں فرق کر سکیں۔
علم کے لیے فہم و ادراک ضروری ہے، لیکن حاصل شدہ معلومات صرف جان لینے کا احساس بسا اوقات ان میں غرور پیدا کر دیتا ہے۔

سوشل میڈیا کلچر اینڈ ٹرینڈز
(Social Media Culture & Trends ):

جب بچے اپنی قدر کا اندازہ ’لائکس‘، ’فالورز‘ اور ’ کمنٹس‘ یا گیم کے ’اسکور‘، ’کوائن‘ اور’ لیول‘ سے لگانے لگتے ہیں تو ان کی خود اعتمادی دوسروں کی رائے کی محتاج ہو جاتی ہے۔ انھیں گھنٹوں اپنی پذیرائی کا انتظار رہتا ہے۔ ان کی خوشی اور اداسی کا پیمانہ فالوور سے ملنے والے لائیک اور کمنٹ بن جاتے ہیں۔ کمپنیوں نے نسل نو کو اس کا عادی بنانے کے لیے نہ صرف صارف کی توجہ خرید لی بلکہ ان کو اپنی کمپنیوں کی مارکیٹنگ کا بے دام غلام بھی بنا دیا ہے۔
والدین کا فرض ہے کہ وہ بچوں کو یہ احساس دلائیں کہ ان کی اصل قدر ان کے اخلاق، کردار، ایمان اور صلاحیتوں میں ہے، نہ کہ سوشل میڈیا کی مقبولیت میں۔ سوشل میڈیا ہمارے بچوں کو کس طرح ٹرینڈ اور کلچر کا عادی بنا رہا ہے، اس کا ہم تفصیل سے ذکر کریں گے۔
ہر دور کا اپنا ایک کلچر ہوتا ہے۔ پہلے یہ کلچر گھر، خان دان اور معاشرے سے بنتا تھا، مگر آج کلچر کا سب سے بڑا معمار سوشل میڈیا ہے۔ ایک وائرل ویڈیو، ایک ہیش ٹیگ یا کسی مشہور انفلوئنسر کا ایک جملہ لاکھوں نوجوانوں کی سوچ اور طرزِ زندگی بدل سکتا ہے۔

انفلوئنسر کلچر (Influencer Culture):

پہلے بچے اپنے والدین، اساتذہ یا بزرگوں کو رول ماڈل بناتے تھے، جب کہ آج بہت سے نوجوان یوٹیوبرز، انسٹاگرام کریئیٹرز یا دیگر سوشل میڈیا شخصیات کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں۔ جیسے آپ نے حال ہی میں NEET امتحان کے پیپر لیک معاملے، جین زی پروٹیسٹ کو جنتر منتر پر دیکھا کہ وہاں نسل نو نے شریکِ احتجاج ہو کر یا سوشل میڈیا کے ذریعے بے شمار انفلوئنسرز کا مشاہدہ کیا۔ کئی بچوں نے انھیں رول ماڈل بنایا اور آئیڈیالائز بھی کیا۔
اس کے کچھ اثرات مثبت بھی ہیں جیسے حق گوئی، بے باکی، ناانصافی کے خلاف بے خوفی سے آواز بلند کرنا، قانونی باریکیوں کو جاننا، اینٹی سوشل واقعات سے دوری بنانا، اپنے مشن پر فوکس ہونا، نئی مہارتیں سیکھنے کی ترغیب، کاروباری سوچ، موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دینا، تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ، خود اعتمادی اور قانون کے لیے لڑنے کی استقامت۔ لیکن دوسری طرف منفی اثرات سے بھی انکار نہیں کہ غیر حقیقی طرزِ زندگی کی خواہش، شادی کے بغیر زندگی گزارنا، مذہب بیزاری، مادہ پرستی، شہرت کی غیر معمولی طلب، والدین کے اثر و رسوخ میں کمی، عامیانہ اور سوقیانہ گفتگو، فحش کلامی اور اخلاق باختہ اندازِ تکلم جیسے رجحانات بھی سامنے آئے ہیں۔

موازنہ کرنے کا کلچر
(Comparison Culture):

سوشل میڈیا ہر وقت دوسروں کی کام یابیاں دکھاتا ہے اور تقابل کا ایک مزاج پروان چڑھنے لگتا ہے۔ نتیجتاً نوجوان کسی حال میں خوش نہیں رہ پاتا۔ وہ اپنی قسمت پر مسلسل شاکی رہتا ہے اور خود کو کم تر محسوس کرتا ہے۔ وہ سوچتا ہے: ’میرے پاس یہ کیوں نہیں؟ میں اتنا خوب صورت کیوں نہیں؟ میری زندگی اتنی دل چسپ کیوں نہیں؟ میرے ساتھ ہمیشہ برا کیوں ہوتا ہے؟ میرے والدین فلاں کے جیسے کیوں نہیں ہیں؟ میں بیٹی بن کر کیوں پیدا ہوئی ہوں؟ میرے بہن بھائی نہ پیدا ہوئے ہوتے! ہماری فیملی بھی مال دار ہوتی اور ہم بھی دنیا گھومنے جاتے! وہ کتنا خوش ہیں، ہماری خوشیاں کیوں روٹھی ہوئی ہیں؟ ہمارے پاس بھی ایسا ہی گھر ہوتا؟‘
مسلسل کمی کا یہ احساس اس کی شخصیت میں تبدیلی پیدا کرتا ہے۔ وہ اپنے رشتوں سے خوش گوار تعلقات استوار نہیں کر پاتا۔ ان باتوں کے اس کی نفسیات پر بہت گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں جیسے احساسِ کمتری، احساسِ محرومی، حسد، خود اعتمادی میں کمی، ڈپریشن، بے چینی اور دوسرے سے آگے نکلنے اور خود پیچھے رہ جانے کا مسلسل غم۔

مسترد کر دینے کا رجحان (Cancel Culture):

اگر کوئی شخص کوئی غلطی کرے یا غیر مقبول رائے دے تو سوشل میڈیا پر اس کا بائیکاٹ شروع ہو جاتا ہے۔ اسے ٹرول کیا جاتا ہے۔ نوعمر بچے اسے زندگی کا غم بنا لیتے ہیں۔ اگر اس کی لپیٹ میں کوئی بچہ اسکول، کالج یا سوشل میڈیا پر آ جائے تو اس کی نفسیات تباہ ہو کر رہ جاتی ہے۔ تکلیف دہ چھیڑ چھاڑ اور غنڈہ گردی (Bullying) کا غم اس کے لیے ہمیشہ کا درد بن جاتا ہے۔
اس کے اثرات یہ ہوتے ہیں کہ اس کی قوتِ فیصلہ بری طرح متاثر ہوتی ہے، اپنی رائے دینے کا خوف پیدا ہوتا ہے، دوسروں کو جلدی جج کرنا، برداشت میں کمی اور معاف کرنے کی صلاحیت کم ہونا جیسے رویے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ اثرات صرف بچپن کی حد تک محدود نہیں رہتے بلکہ شخصیت پر تادیر باقی رہتے ہیں، حتیٰ کہ شادی کے بعد ازدواجی تعلقات میں بھی وہ ہمیشہ بے اعتماد رہتا ہے۔

فوری تسکین کا رجحان
(Instant Gratification Culture):

اس نسل کو عجلت پسند نسل کہنا قطعاً برا نہ ہوگا۔ انھیں پلک جھپکتے، ایک لمحے کے بھی حصے (Fraction of a Second) میں نتائج چاہیے۔ ان کے نزدیک ہر چیز فوراً ہونی چاہیے۔ فوری پن (Instant) کا کلچر پروان چڑھایا گیا ہے۔ جنریشن زی ہر چیز فوراً چاہتی ہے: فوری جواب، فوری کام یابی، فوری تفریح اور فوری خریداری۔ کارپوریٹ کلچر نے اس ٹرینڈ کو منصوبہ بند طریقے سے فروغ دیا ہے، تاکہ پیسہ کمانے کی رفتار میں اضافہ کیا جا سکے۔ فوری خریداری کی سہولتیں بھی اسی منصوبے کا شاخسانہ ہیں۔
لیکن ان کمپنیوں کو کیا فرق پڑتا ہے کہ پوری نسل شخصی اعتبار سے ان بنیادی صفات سے ہی محروم ہو جائے۔ شخصیت پر اس کے اثرات شدید اور تکلیف دہ ہیں اور بعض صورتوں میں یہ شخصیت کی مکمل تبدیلی کا سبب بھی بنتے ہیں۔ صبر میں کمی، محنت سے گھبراہٹ، ناکامی برداشت نہ کرنا، شدید اور فوری مایوسی اور انتہائی اقدام کی طرف فوراً بڑھ جانا جیسے رویے سامنے آتے ہیں۔

ہر وقت مصروف رہنے کا کلچر (Hustle Culture):

سوشل میڈیا پر چلنے والا یہ ٹرینڈ اور کلچر انتہائی شدید قسم کی مادہ پرستی پر مبنی تھا۔
اس کی جڑیں امریکہ کی کاروباری ثقافت اور ’امریکن ڈریم‘ (American Dream) میں پہلے سے موجود تھیں۔ اس کا مرکز امریکہ تھا، لیکن 2009 سے 2010 کے بعد سوشل میڈیا، خصوصاً انسٹاگرام (Instagram)، یوٹیوب (YouTube)، ٹوئٹر (X) اور بعد میں لنکڈ اِن (LinkedIn) پر یہ رجحان بہت تیزی سے پھیلنا شروع ہوا۔ اس نے نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کیا۔ 2015 سے 2020 کے درمیان یہ اپنے عروج پر پہنچ گیا۔
اس دور میں زبردست قسم کی سوشل میڈیا میمز چلائی گئیں، جنھیں ہیش ٹیگ کے ذریعے فروغ دیا گیا۔ انڈین ایکسپریس نے نقل کیا کہ اس دوران یہ ہیش ٹیگ لاکھوں مرتبہ استعمال ہوئے جیسے ’Rise And Grind’، ‘No Days Off ’، ‘Sleep Is For The Weak‘ اور ’Thank God It’s Monday‘۔
کسی ایک شخص نے اس کا آغاز نہیں کیا، لیکن چند افراد نے اسے عالمی سطح پر بہت زیادہ مقبول بنایا مثلاً گیری وینرچک (Gary Vaynerchuk)، جنھیں گیری وی (Gary Vee) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان میں نمایاں نام ہے۔ وہ روزانہ اٹھارہ سے بیس گھنٹے کام کرنے، کئی کاروبار ایک ساتھ چلانے اور مسلسل ’Hustle‘ کرنے کی تلقین کرتا تھا۔ دوسرا نمایاں نام گرانٹ کارڈون (Grant Cardone) کا تھا۔ ایک نام ایلون مسک (Elon Musk) کا بھی ہے، جو اَسّی سے سو گھنٹے ہفتہ وار کام کرنے کی مثالیں پیش کرتا رہا۔ بعض دیگر سلیکون ویلی (Silicon Valley)، کیلی فورنیا کے کاروباری رہنماؤں اور موٹیویشنل انفلوئنسرز نے بھی اس کلچر کو فروغ دیا تھا۔
اس رجحان کے فروغ پانے کی کئی وجوہات تھیں۔
(1) زیادہ پیسے کمانے کی ہوس اور اسٹارٹ اپ کلچر:
نئی کمپنیاں کم وسائل میں زیادہ کام چاہتی تھیں۔
(2) سوشل میڈیا:
امیر اور کام یاب لوگوں کی زندگی کو مثالی بنا کر دکھایا جاتا تھا، تاکہ لوگ اٹھارہ گھنٹے کام کرنے پر آمادہ ہوں اور کمپنیاں زیادہ سے زیادہ کام لے سکیں۔
(3) ذاتی برینڈنگ:
ہر شخص کو کہا گیا کہ خود کو ایک ’برینڈ‘ (Brand) بناؤ، تاکہ اس مادہ پرستانہ دوڑ میں انسان اپنی جسمانی تھکن کا احساس ہی نہ کرے۔
(4) سرمایہ دارانہ مقابلہ:
زیادہ پیداوار اور زیادہ منافع کی سوچ انسان کو احساس اور فطرت سے دور کرنے والے اس ٹرینڈ کو فروغ دیتی ہے۔
(5) مالی کام یابی کا خواب:
نوجوانوں کو یقین دلایا گیا کہ اگر وہ دوسروں سے زیادہ محنت کریں گے تو جلد امیر بن جائیں گے۔ امارت کے خواب کے پیچھے دوڑنے والے نوجوانوں سے کمپنیوں میں حد سے زیادہ کام لیا جانے لگا۔
اس کے اثرات نسلِ نو پر بھی بہت گہرے ہوئے۔ اس سے لڑکیاں بھی متاثر ہوئیں۔ یہ ایک ایسا تصور تھا جسے مسلسل ٹرینڈ اور اس نظریے پر مبنی فلمیں تقویت دے رہی تھیں کہ ’جب تک تم مسلسل کام نہیں کر رہے، تم کام یاب نہیں ہو۔‘

‘Sleep is for losers’، ‘Rest is laziness’، ‘Work harder’، ‘Always productive’۔

گھروں میں بھی لوگوں نے بچوں کو ایک مخصوص روٹین میں باندھ کر مسلسل مصروف رہنے کی عادت ڈال دی۔ اسکول یا کالج سے آتے ہی کھانا کھاؤ، پھر ٹیوشن، اس کے بعد عربی، اسپورٹس، ہوم ورک اور پھر سو جاؤ۔ آپ کو یاد ہوگا، ہم نے اسی سلسلے میں ’پابندی کی رسیوں سے بندھے بچے‘ کے عنوان سے اس موضوع پر لکھا تھا۔
اسی سے متاثر کالج کی لڑکیوں نے اسے غیر محسوس طریقے سے فالو کیا تھا۔ کالج، پھر انٹرن شپ، پھر آن لائن کورس، پھر جم، پھر فری لانسنگ، پھر سوشل میڈیا کنٹینٹ، پھر نیٹ ورکنگ، پھر مڈ نائٹ اسٹڈی وغیرہ۔ یہ سب اس لیے کہ ’کہیں دوسروں سے پیچھے نہ رہ جاؤں‘ کا خیال مسلسل متحرک رکھتا ہے، جو ایک طرح سے غیر حقیقی، غیر نفسیاتی اور غیر فطری ہے۔
اس کلچر کے نتیجے میں نفسیاتی امراض کم عمری ہی میں نوجوانوں میں پیدا ہونے لگے۔ ذہنی تھکن (Burnout)، دباؤ سے پھٹ پڑنا، اضطراب (Anxiety)، افسردگی (Depression)، مایوسی، ہارمونل مسائل، رشتوں کے مسائل (Relationship Problems)، ذہنی الجھن اور کم ہوتی قوتِ برداشت جیسے مسائل سامنے آئے۔ تنہائی (Loneliness) کا احساس اور لوگوں میں ناپسندیدہ ہونے کے جذبات بھی بڑھنے لگے۔
کووڈ 19 کے بعد اس کلچر کو دیکھنے کا نظریہ یکسر بدل گیا۔ کووڈ 19 کے دوران ہی لوگوں نے اس پر تنقید شروع کی، کیوں کہ ذہنی دباؤ (Stress)، ذہنی تھکن (Burnout)، اضطراب (Anxiety) اور افسردگی (Depression) کے ساتھ خان دان اور صحت کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے گھریلو جھگڑوں کا رجحان بھی بڑھا۔ اس کے ردِعمل میں نئے رجحانات سامنے آئے، جیسے ’کام اور زندگی میں توازن‘ (Work-Life Balance)، ’خاموشی سے ملازمت سے کنارہ کشی‘(Quiet Quitting)، ’آسودہ طرزِ زندگی‘ (Soft Life) اور ’سست رفتار زندگی‘ (Slow Living) وغیرہ۔ یعنی مسلسل دوڑنے کے بجائے متوازن زندگی گزارنے پر زور دیا جانے لگا۔ اسی وجہ سے ’ڈیٹ گرل‘ اور ولن کلچر کا ٹرینڈ سوشل میڈیا پر چلا، جس کی تفصیل ہم آگے دیکھیں گے۔
اسلام توازن رکھنے اور متوازن زندگی گزارنے کی تلقین کرتا ہے۔ کسی کام کو وقت پر نہ ہونے پر کبھی کبھی اسے سہل سمجھ کر گزرنا بھی چاہیے۔ طبیعت میں ٹھہراؤ ہونا بھی ضروری ہے۔

ولن کلچر (Villain Era):

’ولن کلچر‘ (Villain Culture) یا ’ولن ایرا‘ (Villain Era) سوشل میڈیا کا ایک نفسیاتی اور ثقافتی رجحان تھا، جس نے خصوصاً لڑکیوں کو متاثر کیا۔ اس رجحان کا آغاز بھی بنیادی طور پر لڑکیوں ہی کے لیے بنائے گئے مواد سے ہوا۔ اس میں لڑکیوں کو یہ پیغام دیا جاتا تھا کہ لوگوں کو خوش کرنے کی عادت (People Pleasing) چھوڑ دو، صرف اپنی خوشی اور کام یابی پر توجہ دو۔ اگر دوسروں کو تمھارا رویہ برا لگے تو ’ولن‘ کہلانے سے نہ ڈرو۔ جذباتی فاصلہ (Emotional Detachment) اختیار کرنے کو طاقت سمجھو۔
اس کے ابتدائی آثار 2021 میں ٹک ٹاک (TikTok) پر نظر آنے لگے۔ 2022 سے 2024 کے درمیان ’اِن مائی ولن ایرا‘ (In My Villain Era) ایک عالمی رجحان بن گیا۔ 2025 کے بعد بھی یہ اصطلاح استعمال ہوتی رہی، لیکن اس کی مقبولیت میں کمی آنے لگی اور اس کی جگہ ’شفا کی جانب سفر‘(Healing Era)، ’آسودہ طرزِ زندگی‘
(Soft Life) اور’متوازن زندگی‘ (Balanced Living) جیسے رجحانات نے لینا شروع کر دی۔ انفلوئنسرز اور خود امدادی مواد (Self-help Content) بنانے والوں نے اسے مزید مقبول بنایا۔
اس کا آغاز بنیادی طور پر امریکہ میں ٹک ٹاک (TikTok)کمیونٹی سے ہوا، لیکن چند ہی مہینوں میں یہ برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، ہندستان، پاکستان اور دیگر ممالک تک پھیل گیا۔
ہم سمجھتے رہے کہ ہمارے بچے ان سب سے دور ہیں، لیکن ہم یہ بھول گئے کہ ایسے کلچر کو بچوں کی نظر سے گزرنے والے کارٹونز اور ڈرامے، شارٹ ریلز اور سارا ڈیجیٹل مواد انھیں متاثر کر رہا ہے اور ہمیں خبر بھی نہیں ہوئی۔ جب ساری دنیا کے جین زی کے رویے میں یکساں تبدیلیاں نظر آنے لگیں، تب ہمیں احساس ہوا کہ پورا زمانہ بدل چکا ہے۔
اس رجحان کے پیچھے کئی عوامل تھے۔

(1) لوگوں کی خوشی کے لیے قربانی دینے سے بیزاری:

دوسروں کو خوش رکھنے کی عادت (People Pleasing) ایک ٹرینڈ تھا۔ بہت سے نوجوان، خصوصاً لڑکیاں، ہر وقت دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش کے باعث ذہنی دباؤ محسوس کر رہی تھیں۔ انھیں پیغام دیا گیا کہ اس سے نکل آؤ۔
اس کے اثرات نے طالبات میں خود سری کا رجحان پیدا کیا۔ ان سے ہمدردی، محبت و مودّت کے جذبات کم زور کیے، خان دان کا بکھراؤ، بزرگوں سے دوری اور احساسِ ذمے داری سے عاری نسل کو پروان چڑھایا۔ اس کے نقصان کو محسوس کرکے ذہنی باز آباد کاری کے دوسرے ٹرینڈ چلائے گئے۔
تاہم ولن کلچر میں اقدار سے بیزاری، رشتوں، صلۂ رحمی اور احسان شناسی کے جذبے سے عاری کرنے والے رجحانات برصغیر میں بھی خود لکھے گئے اور افسانوں، ناولوں، کہانیوں، موویز اور مارننگ ٹاک شوز میں نظر آئے۔ عورت کی مظلومیت اور فیمنزم کو اس انداز سے ابھارا گیا کہ گھر گرہستی سے بیزاری در آئی۔
(2) زہریلے تعلقات:
زہریلے تعلقات (Toxic Relationships) سے بیزاری اور دوری کے لیے لوگوں کو جذباتی استحصال سے بچنے کی خاطر سخت حدود (Boundaries) قائم کرنے کی بات کی گئی۔ قطع تعلق کر لیا جائے، دوری بنا لی جائے اور اپنی زندگی میں اپنی خوشی کا انتخاب کیا جائے۔
خان دانی نظام سے بیزاری اور ناشکری کا جذبہ بڑے منصوبہ بند طریقے سے جین زی، خصوصاً لڑکیوں اور لڑکوں میں، پروان چڑھایا گیا۔ وقتی تعلقات کی خرابی کے لیے مستقل تعلق توڑ دینا بہ ظاہر اس ٹرینڈ کا مقصد تھا۔
تاہم یہ واضح طور پر ایک فرد کو رشتوں سے کاٹنے، دوری بنانے، قطع تعلق کرنے اور معافی نہ دینے جیسی غیر اسلامی اقدار کو نوعمر بچیوں میں پروان چڑھانے والا ٹرینڈ بھی بن گیا۔ اس ٹرینڈ کے واضح اثرات آپ نسلوں پر دیکھ سکتے ہیں۔ چھوٹی سی بات سے متنفر ہو کر وہ مستقل والدین سے جدا ہو جاتے ہیں یا ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے دوری بنا لیتے ہیں یا اگر اس عمر میں شادی ہو جائے تو فوراً شادی توڑ لینے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔
اپنے ساتھی سے متعلق فوراً ’ٹاکسک پرسنالٹی‘ (Toxic Personality) کی رائے قائم کر لیتے ہیں، اس بات کو جانے بغیر کہ رشتے کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کو وقت دینا ضروری ہوتا ہے۔ بنے بنائے یا موجودہ رشتوں سے متعلق جلدی رائے قائم کرکے سیلف زون میں چلے جانا اور خود میں مگن ہو جانا جیسے رویوں کے مسائل پیدا ہونے لگے۔
(3) ذہنی صحت کی آگاہی:
کووڈ کے بعد خود کی دیکھ بھال (Self-care) اور ذاتی حدود پر زور بڑھا۔ صحت میں غذائیت، ورزش اور فضول جنک فوڈ سے دوری کے بارے میں بیداری کی ریلز بنائی گئیں، جو کسی حد تک ٹھیک ہے۔ تاہم یہ سیلف کیئر (Self-care) خود غرضی میں تبدیل ہونے لگی۔
اسکین کیئر (Skincare)، ہئیر کیئر (Haircare) اور میک اپ پر ظاہری توجہ نے انھیں کارپوریٹ کمپنیوں کا صارف بنا کر رکھ دیا اور جین زی میں آپ نمایاں تبدیلی دیکھیں گے کہ وہ بنیادی اخراجات سے زیادہ ان کمپنیوں کی مصنوعات کے صارف بنتے جا رہے ہیں۔
(4) سوشل میڈیا:
سوشل میڈیا کا اثر اس حد تک غالب ہوا کہ مختصر ویڈیوز میں ’اپنے بارے میں سوچو، کسی کی پروا نہ کرو‘ جیسے پیغامات بہت تیزی سے وائرل ہونے لگے۔ اس رجحان نے لڑکیوں کی زندگی میں بھی بڑی تبدیلی کا آغاز کیا۔ خان دان کی بنیادی اقدار سے دور کرنے والے اس ولن ایرا نے خان دانی نظام پر بھی اثر ڈالا۔
ماہرینِ نفسیات نے اس کے منفی اثرات کے باعث اس رجحان پر شدید تنقید کی۔ ان کے مطابق اس کا ایک مثبت پہلو صحت مند حدود (Healthy Boundaries) قائم کرنا تھا، جو اسلامی تعلیمات کا بھی حصہ ہے۔ اسلام قطع تعلق کے بجائے صلۂ رحمی کو مقدم رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ تاہم اس رجحان کا منفی پہلو یہ تھا کہ بعض لڑکیوں میں جذباتی سرد مہری (Emotional Coldness) اور خود غرضی (Self-centeredness) پیدا ہونے لگی۔ وہ یہ سمجھنے لگیں کہ اپنی ذات کے لیے بہتر راستہ تلاش کرنا ہی کافی ہے۔ رشتوں سے لاتعلقی اور ہم دردی میں کمی کو بھی وہ طاقت اور خود اعتمادی سمجھنے لگیں، حالاں کہ ایک صحت مند شخصیت میں خود داری کے ساتھ رحم، انصاف اور رشتوں کی ذمے داری کا احساس بھی شامل ہوتا ہے۔
اس کا سب سے بڑا نقصان قوتِ برداشت میں کمی کی صورت میں سامنے آیا۔ انسان نے بہت سے امراض پر قابو پالیا اور عمر کا دورانیہ بھی بڑھا، لیکن اس کے ساتھ تنہائی اور دکھاوے کے مصنوعی رشتے بھی اس کی زندگی کا حصہ بنتے گئے۔ انسان یہ بات بھولتا جا رہا ہے کہ قوتِ برداشت میں کمی ذہنی صحت کے کم زور ہونے کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ انسانوں کی شخصیت کو سمجھنا، انھیں ان کی خوبیوں اور خامیوں کے باوجود قبول کرنا اور ان کے ساتھ تعلق کو استوار رکھنا ضروری ہے۔
اب اس نکتے پر غور کیجیے کہ ہماری نسل کی نوعمر لڑکیوں میں اس رجحان نے اس موضوع پر بنائی جانے والی ویڈیوز، فلموں، ڈراموں، مضامین، پوسٹس اور شارٹس نے کس قدر اثر ڈالا! بچیوں میں ناشکری پیدا ہوئی اور وہ سب سے پہلے اپنے والدین سے دور ہونے لگیں۔ خود غرضی نے انھیں اپنے بہن بھائیوں سے بھی بیزار کر دیا۔
قرآن ہمیں انسان کی بشری کم زوری کا احساس دلاتا ہے۔ انسان بشر ہے اور اس سے غلطی ہو سکتی ہے۔ وہ نہ مکمل طور پر اچھا ہوتا ہے اور نہ مکمل طور پر برا۔ اگر وہ غلطی کرے تو اسے معاف کرنا چاہیے اور تعلق کو استوار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ کبھی کبھی کسی تعلق کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ انسان کو تنہائی کی طرف لے جاتا ہے۔
اسلام میں توبہ اور معافی کا نظام نہ ہوتا تو انسان گناہ کے بعد خود کو ناکارہ سمجھ لیتا اور اس کے لیے واپسی کا راستہ باقی نہ رہتا! (جاری)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے