جین زی اور معلم: فکرِ نو، نسلِ نو اور اسلوبِ نبوی ﷺ

آج کا تعلیمی بحران محض نصاب کی تبدیلی یا کسی انتظامی الجھن کا نام نہیں۔ یہ انسان، اس کی آگاہی اور ٹیکنالوجی کے چوراہے پر کھڑا ایک گہرا وجودی موڑ ہے۔ اس نئے منظرنامے میں ’جین زی‘ (Gen Z) اور ان کے تعاقب میں آنے والی ’جین الفا‘ (Gen Alpha) کو محض لاابالی یا ناسمجھ نسل سمجھ لینا بہ ذاتِ خود ایک بچکانہ سوچ ہوگی۔ یہ محض عمر کا فرق نہیں، بلکہ ایک نیا فکری سانچہ اور ایک منفرد اندازِ زیست ہے۔
معلومات کے طوفان نے ماضی کے اس حاکمانہ زعم کو خاک میں ملا دیا ہے، جہاں استاد یا والدین کی کہی ہوئی بات ہی حرفِ آخر ہوا کرتی تھی۔ آج کا بچہ کسی سے معلومات مانگنے کا محتاج نہیں۔ ایک کلک پر دنیا اس کے سامنے ہے۔ مگر ستم ظریفی دیکھیے کہ معلومات کی اس بے پناہ ارزانی میں ’علم‘ ڈوب رہا ہے اور ’حکمت‘ کا نشان تک نہیں ملتا۔
ہماری سب سے بڑی الم ناک کہانی یہی ہے کہ ہم اکیسویں صدی کے روشن خیال بچوں کو بیسویں صدی کے اساتذہ اور انیسویں صدی کے زنگ آلود تعلیمی نظام سے سنوارنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے اسکولوں کو بے روح فیکٹریاں اور بچوں کو معاشی مشین کے کل پرزے بنا دیا ہے اور پھر شکوہ کرتے ہیں کہ اس نسل کے سینے میں احساسِ ذمے داری، روایات، خلوص اور اسلافی طرزِ احساس کی دھڑک کیوں نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جو نسل اسکرینوں کی تنہائی اور الگورتھم کی جکڑ بندیوں میں اپنے وجود کی تلاش میں بھٹک رہی ہے، اسے ہمارے خشک خطبات کی نہیں، بلکہ ایک سچے فکری لمس اور ہمدردانہ آغوش کی ضرورت ہے تاکہ یہ نسل ’ڈیجیٹل زومبی‘ بننے سے بچ سکے اور اس میں معاشرتی نظام کی حقیقی سمجھ بوجھ پیدا ہو۔ بہ قولِ اقبال:

گلا تو گھونٹ دیا اہلِ مدرسہ نے تیرا
کہاں سے آئے صدا لا الٰہ الا اللہ

فرسودہ نظام کی بنیادوں پر تیشۂ بغاوت

یہ نسلِ نو جب پرانے سانچوں اور دیمک زدہ اصولوں پر سوال اٹھاتی ہے تو روایت پرست ذہنیت بپھر جاتی ہے اور اسے بدتمیزی، بے ادبی، گمراہی یا بغاوت کا نام دینے لگتی ہے۔ مگر سچ پوچھیے تو یہ القابات کسی بصیرت کا نتیجہ نہیں، بلکہ فکری دیوالیہ پن اور تبدیلی سے خوف زدہ ذہنیت کا ثبوت ہیں۔
یہ محض ایک نسلی تبدیلی نہیں، بلکہ صدیوں پرانے جامد نظام کی بنیادوں پر ایک فکری زلزلہ ہے۔ جب کسی نسل کو اپنا مستقبل غیر یقینی لگے، جس نے اپنی مختصر سی زندگی میں بڑی دنیاوی تبدیلیوں، پے در پے قدرتی آفات، مختلف ممالک کی آپسی رسہ کشی میں دم توڑتی معصوم زندگیاں، معاشی کھینچ تان اور مصنوعیت کی دھند کو بہ راہِ راست دیکھا ہو، تو ان ہی حالات نے ان کے اندر سے تمام ڈر اور خوف بھسم کر دیے ہیں اور انھیں بے باک اور صریح سچ کا پیکر بنا دیا ہے۔ ساتھ ہی ایک جذباتی عجلت بھی ان کے اندر سمو دی ہے۔
یہ نسل روایتی خوف اور مصنوعی پاسِ وضع داری کی قید سے آزاد ہے۔ ان کے پاس ایک بے ساختہ، شفاف اور بے باک زبان ہے، جو پرانے بوجھل ذہنوں کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ تاہم، اس بے باکی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے سطحی اثرات اور جذباتی ہیجان کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اب استاد کا اصل کام اسی جارحانہ بے باکی اور بے ہنگم جسارت کو ایک مثبت اور دانش مندانہ سمت دینا ہے۔

معرفتی بحران، نبوی حکمتِ تربیت اور استاد کا کردار

اس انقلابی تلاطم کے بیچ سب سے بڑا اور بنیادی سوال یہ ابھرتا ہے کہ معلم کا نیا کردار کیا ہونا چاہیے؟
تاریخ کے ہر موڑ پر استاد محض معلومات کا تاجر نہیں، بلکہ روح کا مربی اور فکر کا معمار رہا ہے۔ ماضی میں استاد کی حاکمیت معلومات کی اجارہ داری پر تھی، لیکن آج آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) اور انٹرنیٹ نے اس اجارہ داری کا قصہ تمام کر دیا ہے۔ اس نئے دور میں اساتذہ اور تعلیمی نظام کو نبوی اسلوبِ تربیت کی روشنی میں اپنے اندر چار بنیادی اور انقلابی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔

حاکم سے ’فکری ہم سفر‘

استاد کو حاکمیت کا مسند چھوڑ کر نبوی اسلوبِ تعلیم اپنانا ہوگا، جہاں معلومات یک طرفہ دینے کے بجائے طالب علم کو باہمی گفتگو اور سوال و جواب کے ذریعے شاملِ فکر کیا جاتا تھا۔ رسول اکرم ﷺ صحابہ کے سامنے بہ راہِ راست حکم دینے کے بجائے سوال قائم کرتے تھے مثلاً: ’’کیا تم جانتے ہو مفلس کون ہے؟‘‘ تاکہ مخاطب کا اپنا فکری شعور بیدار ہو۔ آج کی اس نئی نسل کو بھی تحکم کی نہیں، بلکہ فکری اشتراک اور مکالمے کی ضرورت ہے۔

توبیخ کے بجائے ’تالیفِ قلب‘ اور ہمدردانہ تفہیم

یہ نسل معلومات سے لبالب بھری ہے، مگر جذباتی سہاروں اور حقیقی تعلقات کے لیے ترستی ہے۔ نبوی حکمتِ عملی سکھاتی ہے کہ جب کوئی نوجوان الجھن یا سخت سوال لے کر آئے تو اسے جھڑکنے کے بجائے اس کی بات تحمّل سے سنی جائے۔ جب ایک صحابیؓ نے بارگاہِ رسالت میں آ کر انتہائی حساس سوال پوچھا تو آپ ﷺ نے غصہ ہونے کے بجائے انھیں قریب بٹھایا، شفقت سے ان کا ہاتھ تھاما اور عقلی و جذباتی مثالوں سے ان کی تسلی فرمائی۔ کلاس روم کو صرف سبق یاد کرنے کی جگہ نہیں، بلکہ تالیفِ قلب اور ایک ایسا محفوظ گوشہ بنانا ہوگا، جہاں بچہ بغیر کسی خوف کے اپنے خدشات، اندیشوں اور خوابوں کا اظہار کر سکے۔

الگورتھم کے مقابل روح اور فکر کا تحفظ

اگر استاد کا کام صرف نصاب ختم کرانا اور امتحان پاس کرانا ہے تو یہ کام جدید AI کسی بھی انسان سے کہیں زیادہ تیزی سے کر سکتا ہے۔ استاد کا اصل کام مشین اور انسان کے اخلاقی و فکری فرق کو نمایاں رکھنا ہے۔ یعنی طالب علم کے اندر اخلاقی، جمالیاتی، تنقیدی فکر اور تزکیۂ نفس کی شمع جلانا۔

شفقت اور نظم و ضبط کا خوب صورت توازن

فکری ہم سفر بننے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اصول و ضوابط کو ہوا میں اڑا دیا جائے۔ ایک سچے مربی کو شفقت کی نرمی اور دانش مندانہ حدود کے درمیان وہ باریک توازن قائم رکھنا ہوگا، جو طالب علم کو فکری بکھراؤ اور گم راہی سے بچا سکے۔
آج کا اصل چیلنج اقبال کے ’شاہین‘ کو جدید ترین آلات و الگورتھم کے ساتھ ساتھ اپنی اسلامی اور فکری میراث کے اعتبار سے پرواز سکھانا ہے، تاکہ وہ ٹیکنالوجی کا غلام بننے کے بجائے اس کا رہنما بن سکے۔

مِلّت کے ساتھ رابطۂ اُستوار رکھ
پیوستہ رہ شجر سے، امیدِ بہار رکھ!

’جین زی‘ کوئی فکری بوجھ یا بے سمت ہجوم نہیں۔ یہ اکیسویں صدی کی ایک نئی سحر کی نوید اور تجدیدِ نو کی تڑپ ہے۔ یہ تعلیمی بحران دراصل ہمیں یاد دلاتا ہے کہ استاد کا کام ذہنوں کو خشک معلومات کے کباڑ خانے میں بدلنا نہیں، بلکہ نفوس کا تزکیہ، بصیرت کی آبیاری اور چراغ سے چراغ جلانے کا نبوی عمل ہے۔
جب تک ہم حاکمیت کا جبہ اتار کر اس نسل کے ساتھ سچی جذباتی اور فکری ہم آہنگی قائم نہیں کریں گے، تب تک بصیرت کی نئی شمعیں روشن نہیں ہو سکتیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اس نسل کو صرف ’حالتِ سفر‘ میں نہ چھوڑیں، بلکہ نبوی شفقت کا ہاتھ تھام کر اسے اکیسویں صدی کا فکری رہنما بنائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Naveeda

    Alhamdulillah iam a teacher of this kind ,I want every teacher to b of this kind ,so that we can bring a positive change in society n revolution in the society n prevail Islam n peace in the society insha allah hul azeez

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦