مزاج میں اتار چڑھاؤ (Mood Swings):
ٹین ایج بچہ ہر وقت غصے میں کیوں رہتا ہے؟
ایک ماں نے بڑی فکرمندی، بلکہ آنکھوں میں آنسو لیے شکایت کی کہ میم! میرا بیٹا پہلے بہت فرماں بردار تھا، قرآن حفظ کر رہا تھا، اسکول کے گریڈز بھی بہت اچھے آ رہے تھے، لیکن جیسے ہی آٹھویں جماعت کی چھٹیاں ختم ہوئیں، اس کا رویہ یکسر بدلنے لگا۔ اسکول جانے سے کترانے لگا۔ ضد کرکے موبائل لیا۔ والد چوں کہ ہر ضرورت پوری کرتے ہیں، اس لیے اچھے گریڈز آنے پر والد نے وعدے کے مطابق اسے موبائل خرید کر دے دیا تھا۔ لیکن میم! اب وہ بہت زیادہ موبائل اسکرول کرنے لگا ہے۔ رات دیر تک جاگتا ہے، صبح دیر سے اٹھتا ہے، اکثر کمرے کا دروازہ لاک کر دیتا ہے اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر چیختا ہے۔ کھانے کی میز پر کچھ کہیں تو آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں اور وہ غصے سے دیکھتا ہے۔ میم! بہت دل گھبراتا ہے کہ کہیں غلط صحبت میں تو نہیں پڑ گیا۔ یہ کہتے ہوئے وہ رونے لگیں۔ میرا ایک ہی بیٹا ہے۔ میں کیا کروں میم؟
ہم نے پوچھا: ’’عمر کیا ہے؟‘‘ جواب ملا: ’’تیرہ سال۔‘‘
آئیے بات سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
جب اللہ نے اسے پیدا کیا تھا، تب اسے کچھ آتا تھا؟
کس نے سکھایا؟
جی بالکل! اب قدرت اسے مزید آگے کے مراحل کے لیے تیار کر رہی ہے۔ وہ بگڑ نہیں رہا، بلکہ نشوونما اور ذہنی و فکری ارتقا (Growth and Development) کی وجہ سے اس میں کچھ تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
پہلے موڈ سوئنگز (Mood Swings) کو سمجھتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے مزاج میں اتار چڑھاؤ۔ بچے جب جھولتے ہیں تو کیسا مزہ آتا ہے! اسی طرح بچے کا موڈ بھی جھولے کی طرح ہوتا ہے۔ کبھی آگے بڑھتا ہے اور کبھی پیچھے آتا ہے۔ کبھی وہ جذباتی ہو جاتے ہیں، جسے جذبات کا حد سے زیادہ اُمڈ آنا (Emotional Flooding) کہتے ہیں۔ کبھی آپ دیکھیں گے کہ وہ بے نیاز ہو جائیں گے، کبھی بہت کیئرنگ ہوں گے۔ اسی طرح اس عمر میں بچے بہت حساس ہوتے ہیں اور ان کی حساسیت (Sensitivity) بڑھ جاتی ہے۔ ہلکا سا اشارہ ان کی جانب ہو، کوئی انھیں دیکھنے لگے یا ان پر کوئی سرسری تبصرہ بھی کیا جائے تو وہ فوراً مضطرب ہو جاتے ہیں۔ وہ اپنی شخصیت سے متعلق بہت حساس ہوتے ہیں۔ اس عمر میں منفی تبصرے ان کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔
والدین بچوں کی بدلتی کیفیت کو دیکھ کر سوچتے ہیں کہ:
ہمارا بچہ ہر وقت غصے میں کیوں رہتا ہے؟
اسے ہر بات بری کیوں لگتی ہے؟
ہم کچھ کہیں تو اسے تنقید کیوں محسوس ہوتی ہے؟
کبھی ہنستا ہے اور کبھی اچانک اداس کیوں ہو جاتا ہے؟
چھوٹی چھوٹی باتوں پر رونا یا ناراض ہونا کیوں شروع کر دیتا ہے؟
کیا یہ صرف عمر کا تقاضا ہے یا کوئی نفسیاتی مسئلہ؟
حقیقت یہ ہے کہ ٹین ایج، یعنی تقریباً 13؍ سے 19؍ سال کی عمر، زندگی کا ایک ایسا مرحلہ ہے جس میں جسمانی، ذہنی، جذباتی اور سماجی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہوتی ہیں۔
اس عمر میں بچہ نہ مکمل طور پر بچہ رہتا ہے اور نہ ہی جذباتی طور پر ایک مکمل بالغ انسان بن چکا ہوتا ہے۔ وہ خود کو بڑا سمجھنا چاہتا ہے، لیکن بعض حالات میں اپنے جذبات کو سنبھالنے کے لیے اسے اب بھی والدین کی رہنمائی اور مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر والدین بچے کی ضد، ہٹ دھرمی اور خودسری سمجھ کر اس کے ساتھ دوبہ دو لڑائی کرتے ہیں یا اسے طنز کرنے اور برا بھلا کہنے لگتے ہیں۔ دراصل بچہ بگڑتا نہیں ہے، بلکہ اس کے اندرونی نظام میں مختلف تبدیلیاں آ رہی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ ابتری کا شکار ہو سکتا ہے۔ اسے آپ کی محبت کی اب بھی ضرورت ہے۔
ٹین ایج بچے کا غصہ ہمیشہ بدتمیزی نہیں ہوتا۔ کبھی یہ اس کی بے بسی، ذہنی دباؤ، عدم تحفظ، تھکن یا ان جذبات کا اظہار ہوتا ہے، جنھیں بیان کرنے کے لیے اس کے پاس مناسب الفاظ نہیں ہوتے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر غصے کو جائز قرار دیا جائے، بلکہ ضروری یہ ہے کہ ہم غصے کے پیچھے چھپی وجہ کو سمجھیں اور بچے کو اپنے جذبات سنبھالنے کا طریقہ سکھائیں۔ اس عمر میں یہ سیکھنا بہت مشکل ہوتا ہے، تاہم نرمی، دوستانہ تعلق اور انسیت کے ساتھ بچوں سے رشتہ استوار کیا جائے اور اعتماد پروان چڑھے تو اس عمر میں بھی ان کی بات سننا ناممکن نہیں رہتا۔ بس اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ردِعمل کی کیفیت پیدا نہ ہونے پائے۔
(1) موڈ سوئنگز (Mood Swings)کیا ہیں؟
موڈ سوئنگز سے مراد مزاج میں ہونے والی ایسی تبدیلیاں ہیں، جن میں انسان کبھی خوش، کبھی اداس، کبھی غصے میں اور کبھی بے حد حساس محسوس کر سکتا ہے۔ مثلاً ایک ٹین ایج بچہ صبح خوشی سے اسکول جانے کے لیے تیار ہوتا ہے، لیکن اسکول سے واپس آ کر معمولی سی بات پر غصہ کرنے لگتا ہے۔ کبھی وہ والدین کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرتا ہے اور کبھی ان ہی سے کہتا ہے:
’’مجھے اکیلا چھوڑ دیں، مجھے کسی سے بات نہیں کرنی!‘‘
والدین کو محسوس ہوتا ہے کہ بچے کا رویہ ناقابلِ فہم ہو گیا ہے، لیکن اس تبدیلی کے پیچھے کئی عوامل ہو سکتے ہیں۔
موڈ سوئنگز کی کچھ وجوہات ہوتی ہیں۔ ان وجوہات کو سمجھنے سے والدین خود بھی ذہنی الجھن سے نکل پائیں گے۔
(1) ہارمونز میں تبدیلی
بلوغت کے دوران جسم میں ہارمونز کی تبدیلیاں ہوتی ہیں، جو جذبات اور مزاج پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ تاہم ہر موڈ سوئنگ کو صرف ہارمونز کا نتیجہ سمجھنا درست نہیں۔ لیکن اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس عمر میں ہارمونز کی تبدیلی بچے پر دباؤ ڈالتی ہے۔ چوں کہ اس عمر میں بچے کو قربت اور کسی ایسے ساتھی کی ضرورت محسوس ہونے لگتی ہے جو اسے سمجھے۔ اس لیے صنفِ مخالف کی طرف تجسس بھی بڑھنے لگتا ہے۔ بچہ جنسِ مخالف سے بات کرنے کو غلط بھی سمجھتا ہے اور اس کے قریب بھی ہونا چاہتا ہے۔ یہ کشمکش بھی اس کی شخصیت کے اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔
(2) دماغ کی نشوونما
ٹین ایج میں دماغ کے مختلف حصے ابھی نشوونما پا رہے ہوتے ہیں۔ جذباتی ردِعمل، فیصلوں اور اپنے رویے کو قابو میں رکھنے کی صلاحیتیں بھی بہ تدریج بہتر ہوتی ہیں۔ اسی لیے بعض نوجوان شدید جذبات کے وقت فوری ردِعمل ظاہر کر دیتے ہیں۔
ان کے دماغی خلیے زیرِ تعمیر ہوتے ہیں۔ جب بچہ نوعمری میں پہنچتا ہے تو یہ خلیے ورکنگ موڈ میں آ جاتے ہیں۔ وہ بہت کچھ سمجھنے لگتا ہے، لیکن اس فہم کے دور کو ماہرینِ نفسیات سوڈو دورِ بالیدگی (Pseudo-Maturity) یا کاذب دورِ بالیدگی (False Maturity) کہتے ہیں۔ بچے کو محسوس ہوتا ہے کہ میں اب مکمل بالغ انسان کی طرح ہوں، ہر اچھے برے کو سمجھ سکتا ہوں اور اب مجھے کسی کی مدد لینا عار محسوس ہوتا ہے۔ تاہم یہ سوچنا بھی خود فریبی ہے، کیوں کہ نوعمر بچہ اپنی عمر کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہوتا ہے۔
اس لیے والدین کو بہت عقل مندی اور زیرک نگاہی کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ سلوک کرنا چاہیے۔ انھیں غصہ نہ دلائیں، طنز نہ کریں، پھبتیاں نہ کسیں اور دوسروں کے بچوں سے ان کا تقابل نہ کریں۔
(3) نیند کی کمی
اگر بچہ دیر رات تک موبائل استعمال کرتا ہے، مناسب نیند نہیں لیتا یا صبح جلدی اٹھتا ہے تو اس میں چڑچڑاپن، توجہ کی کمی اور غصہ بڑھ سکتا ہے۔
یہ ایک عام معمول بن گیا ہے کہ گھر کے تمام افراد دیر رات تک موبائل اسکرولنگ میں وقت گزارتے ہیں اور دیر سے سوتے ہیں۔ یہ معمول انسانی ذہن کو تھکا دیتا ہے اور انسان کو چڑچڑا بنا دیتا ہے۔ یاد رہے کہ نیند دراصل انسانی دماغ کو سکون دینے اور دماغی خلیوں کو توانائی فراہم کرنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔
(4) تعلیمی دباؤ
امتحانات، نمبروں کی فکر، والدین کی توقعات اور دوسروں سے موازنہ بچے کے ذہن پر بوجھ ڈال سکتے ہیں۔
آج کل کلاس روم سے لے کر رشتے داروں کی تقریب اور حلقۂ احباب تک، ہر جگہ بچوں سے صرف گریڈز پوچھے جا رہے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بچہ تعلیم، امتحانات اور گریڈز سے کوفت محسوس کرنے لگتا ہے اور اسے ایسے الفاظ سے کراہیت ہونے لگتی ہے، جو اس کے نمبروں پر سوال اٹھاتے ہیں۔ نتیجتاً بچے جھنجلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
(5) دوستوں اور سماجی تعلقات کے مسائل
ہم جولیوں اور دوستوں کے اثرات نوعمری کی اہم خصوصیت سمجھے جاتے ہیں۔ اپنے ہم عمروں کے مطابق ڈھلنے (Adjust) میں دشواری، دوستوں کی طرف سے نظرانداز کیا جانا، مذاق اڑایا جانا، کسی قریبی دوست سے اختلاف یا سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگیوں سے موازنہ نوجوانوں کے جذبات کو متاثر کر سکتا ہے۔
اس عمر کو ہم عمروں کی صحبت کی عمر تصور کیا جاتا ہے۔ ہم عمروں کا گروپ ہی بچے کی شخصیت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ دوست کیا کہیں گے، دوستوں کی پسند و ناپسند کیا ہے، دوستوں میں بچے کے اعتماد اور اس کے مقام کی کیا اہمیت ہے، یہ سب باتیں دراصل بچے کا کل سرمایہ بن جاتی ہیں۔ وہ اپنی شخصیت کو نمایاں رکھنے کے لیے دوستوں کی ترغیب پر بعض اوقات وہ کام بھی کر گزرتے ہیں، جو شاید وہ خود نہ کرنا چاہتے ہوں۔
اسی لیے والدین اس عمر میں بچے کے ساتھ جتنا بہتر تعلق قائم رکھنے میں کام یاب ہوں گے، اتنا ہی اس کی رہنمائی کر پائیں گے۔
(6) اپنی شناخت تلاش کرنے کی کوشش
اس عمر میں بچہ سوچتا ہے اور خود سے سوال کرتا ہے:
’’میں کون ہوں؟‘‘
’’میں اپنی زندگی میں کیا کرنا چاہتا ہوں؟‘‘
’’کیا میرے والدین مجھے سمجھتے ہیں؟‘‘
’’کیا مجھے اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کا حق نہیں؟‘‘
یہ سوالات اس کی شخصیت کی تشکیل کا حصہ ہیں، لیکن ان کے ساتھ پیدا ہونے والی الجھنیں اسے جذباتی طور پر بے چین بھی کر سکتی ہیں۔
ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے لیے والدین کو گھر میں ایسا حقیقی ماحول ترتیب دینا چاہیے، جہاں بچہ اپنی رائے کا اظہار کر سکے۔ مثلاً ایک بچہ شکایت کرتا ہے کہ میرے اسکول کے استاد پڑھاتے نہیں ہیں۔ والدین اس سے کہہ سکتے ہیں: ’’آپ کو ایسا کیوں محسوس ہوتا ہے؟ اپنی بات تفصیل سے بتائیں۔‘‘
اس طرح بچے کو اعتماد ملے گا کہ اس کی بات سنی جا رہی ہے اور اس کی سوچ کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ والدین بچے کو اپنی رائے قائم کرنے، نتیجہ اخذ کرنے، بات کو سمجھنے اور سمجھانے میں اس وقت معاونت فراہم کرتے ہیں، جب وہ اپنے بچے کی بات توجہ سے سنتے ہیں اور اس پر اعتماد کرتے ہوئے اس سے مشورہ کرتے ہیں۔
والدین کو کیا کرنا چاہیے؟
بچے کے ہر بدلتے ہوئے مزاج (Mood) پر فوراً تنقید کرنے کے بجائے اس کے معمولات، نیند، تعلیمی دباؤ اور سماجی تعلقات پر توجہ دیں۔
اس سے یہ نہ کہیں:
’’تمھارا موڈ ہر وقت خراب کیوں رہتا ہے؟‘‘
اس کے بجائے کہیں:
’’میں محسوس کر رہا ہوں کہ آج کل تم کچھ پریشان رہتے ہو۔ اگر کوئی بات تمھیں پریشان کر رہی ہے تو میں تمھاری بات سننے کے لیے موجود ہوں۔‘‘
یہ جملہ بچے کو اپنی کیفیت بیان کرنے کا موقع دیتا ہے۔
یاد رکھیے! ہر موڈ سوئنگ بیماری نہیں، لیکن اگر مزاج کی تبدیلیاں بہت شدید ہوں، طویل عرصے تک رہیں یا روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے لگیں تو ان پر توجہ دینا ضروری ہے۔
ایمو شنل فلڈنگ (Emotional Flooding):
جب جذبات قابو سے باہر ہو جائیں
ایموشنل فلڈنگ ایک ایسی کیفیت ہے، جس میں انسان کے جذبات اتنی شدت اختیار کر لیتے ہیں کہ اس کے لیے سکون سے سوچنا، بات سمجھنا اور مناسب ردِعمل دینا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس کیفیت کو یوں سمجھیں جیسے ایک گلاس میں پانی آہستہ آہستہ بھرتا رہے۔ شروع میں گلاس میں جگہ ہوتی ہے، لیکن جب پانی کناروں تک پہنچ جاتا ہے تو تھوڑا سا مزید پانی بھی اسے چھلکا دیتا ہے۔
بالکل اسی طرح ایک ٹین ایج بچے کے ذہن میں پہلے ہی کئی الجھنیں ہوتی ہیں۔ پھر جب گھر کے بڑے اسے حکم دیتے ہیں تو وہ مزید پریشان ہو کر جھنجلاہٹ کے ساتھ جواب دیتا ہے۔
اس جذباتی طوفان کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جیسے:
(1) امتحان میں کم نمبر آنے کا خوف۔
(2) والدین کی ناراضی۔
(3) دوستوں کے ساتھ اختلاف۔
(4) اپنی شکل و صورت کے بارے میں عدم اطمینان۔
(5) مستقبل کے بارے میں بے یقینی۔
(6) گھر میں مسلسل تنقید یا جھگڑے۔
اب اگر والدین اس سے صرف اتنا کہیں کہ ’’تم نے اپنا کمرہ صاف کیوں نہیں کیا؟‘‘ تو وہ اچانک چیخنے لگ سکتا ہے۔ والدین حیران ہو کر کہتے ہیں:
’’اتنی سی بات پر اتنا غصہ!‘‘
لیکن ممکن ہے کہ بچے کا ردِعمل صرف کمرے کی صفائی پر نہ ہو، بلکہ اس کے اندر پہلے سے جمع ہونے والا دباؤ بھی اس ردِعمل میں شامل ہو۔
ایموشنل فلڈنگ کے دوران کیا ہوتا ہے؟
یہ سوال آپ کے ذہن میں بھی آ سکتا ہے۔ آئیے! اس کے طریقۂ کار کو سمجھتے ہیں۔
جب جذبات بہت شدید ہو جاتے ہیں تو انسان کا ذہن فوری ردِعمل کی طرف مائل ہو سکتا ہے۔ اس وقت اسے دوسروں کی بات سننے، صورتِ حال کا جائزہ لینے اور اپنے الفاظ پر قابو رکھنے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔ بچہ چیخ سکتا ہے، رو سکتا ہے، خاموش ہو سکتا ہے یا وہاں سے جا سکتا ہے۔ وہ پاؤں بھی پٹخ سکتا ہے۔
اس کیفیت میں بار بار نصیحت کرنا، سوالات کی بوچھاڑ کرنا یا اسے زبردستی اپنی بات منوانے پر مجبور کرنا صورتِ حال کو مزید خراب کر سکتا ہے۔
ایسی صورت میں والدین کیا کریں؟
پہلا کام: بحث روک دیں۔
اگر بچہ شدید غصے میں ہے تو اسی وقت اسے سمجھانے یا اپنی بات منوانے کی کوشش نہ کریں۔
دوسرا کام: ماحول پُرسکون رکھیں۔
اپنی آواز دھیمی رکھیں۔ چیخنے کے جواب میں چیخنے سے گریز کریں۔
تیسرا کام: جذبات کو تسلیم کریں۔
آپ کہیں: ’’مجھے لگ رہا ہے کہ تم اس وقت بہت پریشان ہو۔ ہم تھوڑی دیر سکون سے بیٹھ کر بات کر سکتے ہیں؟‘‘
والدین یہ کہتے ہوئے بناوٹی انداز اختیار نہ کریں، بلکہ ہم دردی اور احساسِ تعلق کے ساتھ بات کریں۔ کیوں کہ اگر انداز بناوٹی ہوگا تو بچہ اسے محسوس کر لے گا۔
چوتھا کام: مناسب وقفہ دیں۔
اگر بچہ محفوظ ہے تو اسے کچھ وقت دیں تاکہ وہ اپنے جذبات کو سنبھال سکے۔ تاہم اسے یہ احساس نہ ہو کہ آپ اسے سزا کے طور پر نظرانداز کر رہے ہیں۔ بلکہ اسے وقت اور گنجائش دیں کہ وہ اطمینان سے اپنے مسئلے کو سمجھ سکے۔ اس کی پرائیویسی کا احترام کریں اور اسے مناسب ذاتی جگہ دیں۔
پانچواں کام: بعد میں بات کریں۔
جب بچہ پُرسکون ہو جائے تو اس سے پوچھیں:
’’اس وقت تم اتنے پریشان کیوں تھے؟ ہم نے تمھیں اس سے پہلے اتنا پریشان نہیں دیکھا۔‘‘
’’اس وقت تمھیں سب سے زیادہ تکلیف کس بات سے ہوئی؟‘‘
’’اگلی بار جب تمھیں اتنا غصہ آئے تو ہم اسے بہتر طریقے سے کیسے سنبھال سکتے ہیں؟‘‘
اسےغصے پر قابو پانا (Anger Management) سکھائیں۔
یہ طریقہ بچے کو سمجھاتا ہے کہ جذبات کا پیدا ہونا فطری ہے، لیکن ان کا اظہار مناسب انداز میں کرنا سیکھا جا سکتا ہے۔
(جاری)
٭ ٭ ٭


Alhamdulillah isme bahot acche points hai inshallah ham is points par amal karnege or dusro tak iska paigam pahuchayenge