السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ! ماشاءاللہ!
ھادیہ ای میگزین کا اکتوبر 2026 کا 67واں شمارہ نظر سے گزرا۔ میری نظر میں ھادیہ ای میگزین ایک ایسا مفید ذریعہ ہے، جو علم و عمل کے درمیان تعلق کو مضبوط کرتا ہے اور ایک صالح معاشرے کی تشکیل کے لیے فکری بنیاد فراہم کرتا ہے۔
اس میگزین کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پیش کیے جانے والے موضوعات محض معلومات فراہم نہیں کرتے، بلکہ قاری کو محاسبۂ نفس، اصلاحِ کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے دین کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک اس کی روشنی پہنچانے کا احساس مزید گہرا ہوتا ہے۔
ھادیہ کے سبھی مضامین قابلِ ستائش ہیں، خصوصاً عطیہ صدیقہ صاحبہ کا بہترین مضمون ’’حقوق العباد: پُرامن معاشرے کی بنیاد‘‘، جو خواتین کی عملی زندگی کو پُرامن اور کام یاب بنانے کا ذریعہ ہے۔
زہرہ فاطمہ صاحبہ کا انٹرویو ’’پردہ کام یابی کی راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں‘‘ نوجوان بچیوں کے لیے ایک ایسا مفید تحفہ ہے، جو انھیں غور کرنے کا موقع دیتا ہے کہ حقیقی آزادی محض خواہشات کی پیروی کا نام نہیں، بلکہ اپنے فیصلوں میں شعور، خود احتسابی اور ذمے داری پیدا کرنے کا بھی نام ہے۔
اسی طرح ایس امین الحسن صاحب کا مضمون ’’تزکیہ و نفسیات: انسان کی اصلاح کے دو زاویے‘‘ اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے۔
میری نظر میں کسی بھی اصلاحی رسالے کی اصل کام یابی صرف اس کے مطالعے تک محدود نہیں، بلکہ اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب اس کے مضامین قاری کی سوچ میں مثبت تبدیلی پیدا کریں اور اس کے کردار کو بہتر بنائیں۔ یہ خوبیاں الحمد للہ اس میگزین کے ذریعے قارئین میں پیدا ہو رہی ہیں۔
ھادیہ ای میگزین کے الفاظ محض آنکھوں سے گزرنے والے حروف نہیں، بلکہ دل میں اتر کر فکر کو منور، کردار کو مزین اور زندگی کو مقصد آشنا بنانے کا سبب ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ھادیہ ای میگزین کو علم و ہدایت کا روشن مینار بنائے، اس کے قلم کاروں کی تحریروں میں تاثیر عطا فرمائے اور اس کی اشاعت کو خیر و برکت کا ذریعہ بنائے۔
آمین یا رب العالمین!
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سسٹر! آپ کا مراسلہ پوری ھادیہ ٹیم کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ اس حوصلہ افزائی پر ہم تہہ دل سے آپ کے شکر گزار ہیں۔ امید ہے کہ ھادیہ کے ساتھ آپ کا یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔
جزاک اللہ خیراً کثیراً
والسلام
ایڈیٹر، ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments