وندے ماترم پڑھنے سے انکار کی وجہ

گیت وندے ماترم بنکم چندر چٹرجی (Bankim Chandra Chatterjee)کے 1882ء میں لکھے گئے بنگالی ناول آنند مٹھ کا حصہ ہے۔ طویل عرصے سے مختلف وجوہ کی بنا پر یہ نغمہ تنازعے کا موضوع رہا ہے۔ حال ہی میں حکومت کی جانب سے اس گیت کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے بعد بھارت میں ایک بار پھر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت وندے ماترم کو قومی ترانے ’’جن گن من‘‘، قومی پرچم اور دستورِ ہند کے مساوی قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ اقدام رواں سال، اگست 2026ء میں، ’’قومی وقار کی توہین سے تحفظ کے قانون‘‘ میں ترمیم کے ذریعے کیا گیا، جو 1971ء میں نافذ ہوا تھا۔ پارلیمنٹ میں یہ ترمیم بغیر کسی بحث کے منظور کر لی گئی۔ اس کی دفعات کے تحت عوامی یا نجی تقریبات میں وندے ماترم گانا لازم قرار پایا اور اس پر اعتراض کرنے یا اسے گانے سے انکار کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے عوامی تقریبات اور تعلیمی اداروں کی اسمبلیوں میں صبح کے وقت گائے جانے والے ترانوں کے ساتھ وندے ماترم گانا لازمی قرار دیا گیا۔
حکومت کے اس قدم نے مسلمانوں کو ایک مشکل صورتِ حال میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس سے ان کی مذہبی آزادی اور انفرادی ضمیر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے ان کے اندر بہت سے خدشات پیدا ہوئے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اس گیت کو قومی ترانے کے مساوی حیثیت دیے جانے کے کچھ ہی عرصے بعد مغربی بنگال کی حکومت نے ایک سرکلر جاری کیا، جس میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی صبح کی اسمبلیوں میں وندے ماترم کی ادائیگی کو لازمی طور پر شامل کریں۔ اس پر مسلمانوں کا ردعمل بھی سامنے آیا اور مختلف جماعتوں، جماعتِ اسلامی ہند، جمعیت علمائے ہند اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB)، حکیم اجمل خان فاؤنڈیشن سمیت بہت سی مسلم تنظیموں نے اس ہدایت کی سخت مخالفت کی۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس حکم کو سپریم کورٹ آف انڈیا اور کلکتہ ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا ہے، جس کے نتیجے میں یہ معاملہ قانونی دائرے میں داخل ہو گیا ہے۔
لہٰذا سوال پیدا ہوتا ہے کہ مسلم تنظیمیں وندے ماترم کو لازمی طور پر گانے کی مخالفت کیوں کر رہی ہیں؟ ان کے موقف کو سمجھنے کے لیے اس گیت کے معنی اور اُس تاریخی پس منظر کا جائزہ لینا ضروری ہے، جس میں اسے لکھا گیا تھا۔ ان پہلوؤں کا بہ غور مطالعہ مسلمانوں کے اعتراضات کی وجوہ کو واضح کرنے اور اس معاملے پر ان کے موقف کو بہتر طور پر سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وندے ماترم پر اعتراضات

وندے ماترم پر پہلا اعتراض یہ ہے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے اس کے متن میں شرک کا عنصر پایا جاتا ہے۔ شرک سے مراد اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا یا اللہ کے سوا کسی دوسرے شخص یا چیز کے لیے الوہیت کا تصور تسلیم کرنا ہے۔ اس گیت کے معنی کا جائزہ لینے سے، جو نہایت سنسکرت آمیز بنگالی زبان میں لکھا گیا ہے، یہ بات سامنے آتی ہے کہ بھارت کی جغرافیائی سرزمین کو ہندو مذہبی تصورات کے مطابق ایک ایسی دیوی کے روپ میں پیش کیا گیا ہے، جو پوجا کے لائق ہے۔ اس گیت میں کالی، سرسوتی اور درگا دیویوں کا ذکر بھی آتا ہے۔ جس ناول آنند مٹھ میں یہ گیت شامل ہے، اس کے کردار ان دیویوں کے سامنے سر جھکاتے اور ان کی عنایت و حفاظت طلب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اس کے برعکس، اسلام کی بنیاد قرآن مجید اور حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر ہے، جو اللہ تعالیٰ کی مطلق وحدانیت کی تصدیق کرتی ہیں۔ یہ بنیادی عقیدہ توحید کہلاتا ہے، یعنی اللہ کو یکتا اور واحد ماننا۔ اس عقیدے کا تقاضا یہ ہے کہ مسلمان اپنی عبادت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے مخصوص رکھیں۔ تمام دعائیں اور مناجات صرف اسی سے کی جائیں اور کسی دوسرے کو اس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ چناں چہ اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے درگا یا کالی کو الوہیت کا حامل سمجھنا یا وطنِ عزیز، یعنی ہندستان یا بھارت، کو ایک ایسی ہستی تصور کرنا جو عبادت کے لائق ہو، شرک کے زمرے میں آئے گا۔ اللہ کی ذات میں کسی کو شریک کرنا ہی شرک ہے۔ نیز شرک کو انتہائی سنگین گناہ قرار دیا گیا ہے۔ قرآن مجید کی سورۂ نساء، آیت 48؍ میں ارشاد ہے: ’’بے شک اللہ اس بات کو نہیں معاف کرے گا کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرایا جائے اور اس کے علاوہ جسے چاہے بخش دے گا۔‘‘
اسلامی تعلیمات کے مطابق جو شخص جان بوجھ کر شرک کا ارتکاب کرے اور توبہ کیے بغیر مر جائے تو وہ سنگین ترین گناہ گار ہوگا اور وہ جنت سے محروم رہے گا۔ یہی مذہبی عقائد اس گیت کو پڑھنے کے معاملے میں اسلام کے بنیادی اصولوں سے ٹکراتے ہیں۔ اسی بنا پر مسلمان وندے ماترم گانے کی مخالفت کرتے ہیں۔ خصوصاً جب اسے اسکولوں، کالجوں اور عوامی و نجی تقریبات میں لازمی قرار دیا جاتا ہے تو مشکل مزید بڑھ جاتی ہے۔
تاہم مسلمانوں کا اعتراض صرف وندے ماترم تک محدود نہیں ہے۔ ان کی تشویش ہر ایسے گیت، متن یا ادبی تخلیق سے متعلق ہے، جس میں شرک کے عناصر موجود ہوں یا جو اسلامی عقیدۂ توحید سے متصادم ہو۔ ان کے نقطۂ نظر سے ایسے مواد کو گانے یا پڑھنے پر مجبور کرنا انھیں اپنے بنیادی مذہبی عقائد سے متصادم کرنے کے مترادف ہوگا۔ لہٰذا لازمی ادائیگی کی مخالفت کا مقصد اللہ تعالیٰ کی مطلق وحدانیت پر اپنے ایمان کو برقرار رکھنا اور عبادت کو صرف اسی کے لیے خالص رکھنے کی ذمے داری پوری کرنا ہے، جو ہر مسلمان کے لیے لازمی ہے۔

حب الوطنی اور وندے ماترم

وندے ماترم کی مخالفت کو مسلمانوں میں حب الوطنی کی کمی یا وطن سے محبت نہ رکھنے پر محمول کیا جاتا ہے۔ لیکن وطن سے محبت کرنا اور اس کی عبادت کرنا دو بالکل مختلف باتیں ہیں۔ مسلمان اپنے وطن سے گہری محبت کر سکتے ہیں اور کرتے بھی ہیں۔ وہ حب الوطنی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں، بغیر اس کے کہ وہ اپنے ملک کو عبادت کا مستحق سمجھیں۔
کیا دنیا بھر کے مسلمان، بہ شمول مسلم اکثریتی ممالک میں رہنے والے تمام مسلمان، اپنے اپنے ملکوں سے محبت نہیں کرتے؟ کیا وہ ان کی عبادت کرتے ہیں؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ان میں حب الوطنی نہیں پائی جاتی؟ یا وہ اپنے ملک سے محبت نہیں کرتے؟ یہ نتیجہ اخذ کرنا نہ صرف غیر منطقی بلکہ حقیقت کے بھی خلاف ہے۔
مزید یہ کہ مسلمان تو اپنے والدین، خصوصاً ماں، کے سامنے بھی عبادت کی نیت سے سجدہ نہیں کرتے اور نہ ہی مذہبی شخصیات کی عبادت کرتے ہیں، خواہ وہ ان کا کتنا ہی احترام کیوں نہ کرتے ہوں۔ اس میں حضرت محمد ﷺ بھی شامل ہیں، جن سے مسلمان اپنی جان و مال، اپنے والدین، اپنی اولاد اور اپنے بیوی بچوں سے بھی بڑھ کر محبت کرتے ہیں۔ اس کے باوجود محبت اور عقیدت کی یہ کیفیت عبادت کی صورت اختیار نہیں کرتی، کیوں کہ اسلامی عقیدے کے مطابق عبادت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے مخصوص ہے۔
لہٰذا وطن سے محبت، حب الوطنی اور وطن یا مادرِ وطن کی عبادت کو ایک دوسرے کے ساتھ خلط ملط نہیں کرنا چاہیے۔ کوئی شخص اپنے ملک کے ساتھ گہری وابستگی رکھ سکتا ہے، اس کے لوگوں کو عزیز سمجھ سکتا ہے اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے خدمت اور قربانی دینے کو تیار ہو سکتا ہے، بغیر اس کے کہ وہ اپنے وطن کی عبادت کرے۔ مسلمانوں کے لیے مادرِ وطن کی عبادت سے انکار ہندستان کو مسترد کرنا نہیں، بلکہ اس مذہبی عقیدے کا اظہار ہے کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے۔

وندے ماترم: اصل متن اور اردو ترجمہ

ذیل میں وندے ماترم کا اصل سنسکرت متن اور اس کا اردو ترجمہ قارئین کے پیشِ خدمت ہے تاکہ وہ خود اس کے اشعار کا جائزہ لے سکیں اور اپنی رائے قائم کر سکیں کہ آیا اس گیت میں شرک، یعنی اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانے، کے عناصر موجود ہیں یا نہیں۔

پہلا بند

वन्दे मातरम्। सुजलां सुफलां मलयजशीतलाम्। शस्यश्यामलां मातरम्॥ वन्दे मातरम्॥

اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔
تو وافر پانیوں والی، پھلوں سے مالا مال اور ملے پہاڑ (ہمالیہ پہاڑ) سے آنے والی صندل کی خوشبو سے معطر، ٹھنڈی ہواؤں والی ہے۔
اے مادرِ وطن! تو لہلہاتی فصلوں سے سرسبز و شاداب ہے۔
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

دوسرا بند

शुभ्रज्योत्स्ना पुलकितयामिनीम्। फुल्लकुसुमितद्रुमदलशोभिनीम्। सुहासिनीं सुमधुरभाषिणीम्। सुखदां वरदां मातरम्॥ वन्दे मातरम्॥

اے مادرِ وطن! تیری راتیں روشن چاندنی سے مسرور اور منور ہوتی ہیں۔
تو کھلے ہوئے پھولوں اور درختوں کے پتوں سے آراستہ ہے۔
تو مسکراتے چہرے والی اور نہایت شیریں گفتگو کرنے والی ہے۔
اے مادرِ وطن! تو خوشیاں عطا کرنے والی اور مرادیں بر لانے والی ہے۔
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

تیسرا بند

सप्तकोटिकण्ठकलकलनिनादकराले।
द्विसप्तकोटिभुजैर्धृतखरकरवाले। के बोले मा तुमि अबले। बहुबलधारिणीं नमामि तारिणीम्। रिपुदलवारिणीं मातरम्॥ वन्दे मातरम्॥

اے مادرِ وطن! سات کروڑ آوازوں کے گونجتے ہوئے نعرے تیرے ماحول کو پرشور بناتے ہیں اور چودہ کروڑ بازو تیز دھار ہتھیار تھامے ہوئے ہیں۔
اے ماں! کون کہتا ہے کہ تو کمزور ہے؟
تو بے پناہ قوت کی مالک ہے۔ اے نجات دینے والی! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔
تو دشمنوں کے لشکروں کو شکست دینے والی ہے۔
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

چوتھا بند

तुमि विद्या तुमि धर्म। तुमि हृदि तुमि मर्म। त्वं हि प्राणाः शरीरे॥ बाहुते तुमि मा शक्ति। हृदये तुमि मा भक्ति। तोमारई प्रतिमा गढ़ि मन्दिरे-मन्दिरे॥ वन्दे मातरम्॥

تو ہی علم ہے، تو ہی دھرم (مذہب و فرض) ہے۔
تو ہی دل میں ہے، تو ہی دل کا جوہر ہے۔
تو ہی جسم کے اندر زندگی کی روح ہے۔
اے ماں! تو ہی ہمارے بازوؤں کی طاقت ہے۔
تو ہی ہمارے دلوں کی عقیدت ہے۔
تیری ہی مورتیاں ہم ہر مندر میں تراشتے اور بناتے ہیں۔
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

پانچواں بند

त्वं हि दुर्गा दशप्रहरणधारिणी। कमला कमलदलविहारिणी। वाणी विद्यादायिनी नमामि त्वाम्॥ नमामि कमलाम् अमलाम् अतुलाम्। सुजलाम् सुफलाम् मातरम्॥ वन्दे मातरम्॥

تو ہی دس ہتھیار رکھنے والی درگا ہے۔
تو ہی کملا (لکشمی) ہے، جو کنول کی پنکھڑیوں پر جلوہ افروز ہوتی ہے۔
تو ہی وانی (سرسوتی) ہے، علم عطا کرنے والی۔ میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔
میں اس پاکیزہ اور بے مثال کملا کو سلام کرتا ہوں۔
اے وافر پانیوں اور پھلوں سے مالا مال مادرِ وطن!
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

چھٹا بند

श्यामलां सरलां सुस्मितां भूषिताम्। धरणीं भरणीं मातरम्॥ वन्दे मातरम्॥

اے مادرِ وطن! تو سرسبز و شاداب، سادہ، خوش تبسم اور زیب و زینت سے آراستہ ہے۔
تو زمین ہے، تو ہماری پرورش کرنے والی اور ہمیں سہارا دینے والی ہے۔
اے مادرِ وطن! میں تیرے سامنے جھکتا ہوں۔

نغمے کی تشریح

وندے ماترم (Vande Mataram) کا لفظی اور درست مفہوم ہے: ’’اے ماں! میں تیرے سامنے سر جھکاتا ہوں۔‘‘ لفظ وندے (Vande) سنسکرت کے مادّے وَند (वन्द्) سے ماخوذ ہے، جس کے معنی تعریف کرنا، عبادت کرنا، تعظیم بجا لانا یا احترام کے ساتھ سر جھکانا ہیں، جب کہ لفظ ماترم (Mataram) کے معنی ’’ماں‘‘ ہیں۔ اس گیت کے سیاق و سباق میں ماترم سے مراد محض عام معنی میں ماں نہیں ہے، بلکہ یہاں مادرِ وطن کو ایک مادرانہ دیوی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو بنکم چندر چٹوپادھیائے کے ناول آنند مٹھ کے اصل پس منظر میں درگا اور بنگ (بنگال) ماتا سے وابستہ ہے۔ اس لیے اس فقرے کا لفظ بہ لفظ اور درست ترجمہ محض سلام کرنے کے بجائے سر جھکانے، سجدہ کرنے، عقیدت کا اظہار کرنے یا گہری وابستگی کا مفہوم واضح طور پر پیش کرتا ہے۔
اس نقطۂ نظر سے وندے ماترم محض سلام یا اظہارِ خیر سگالی نہیں، بلکہ ہندستان کی جغرافیائی سرزمین کے لیے عقیدت اور تعظیم کے اظہار کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں سرزمین کو ایک دیوی کی شکل دی گئی ہے۔ نظم کے تیسرے، چوتھے اور پانچویں بند میں درگا اور کالی کے حوالوں سے اس تعبیر کو مزید تقویت ملتی ہے۔ نتیجتاً اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے جب اس فقرے کو دیوی بنا دی گئی مادرِ وطن کی مذہبی تعظیم یا عبادت کے طور پر سمجھا جائے گا تو اس میں شامل الفاظ کا سیدھا تعلق ان عقائد سے ہے، جنھیں شرکیہ کلمات کہتے ہیں۔ یہ ایسے الفاظ ہیں جو اسلامی عقیدۂ توحید سے متصادم ہیں، کیوں کہ وحدانیت کے تصور کے مطابق سجدہ یا مذہبی طور پر سر جھکانا اور عبادت صرف اللہ رب العالمین کے لیے مخصوص ہے۔
اس نظم کے مجموعی طور پر چھ بند ہیں۔ پہلا بند وندے ماترم کے الفاظ سے شروع ہوتا ہے، جب کہ باقی پانچوں بندوں کا اختتام بھی اسی فقرے پر ہوتا ہے۔ چناں چہ اس تعبیر کے مطابق نظم کی ابتدا بھی شرکیہ کلمات سے ہوتی ہے اور اختتام بھی ان ہی کلمات پر۔ اس لیے اس فقرے کے معنی اور مذہبی اعتراضات کے حوالے سے، جو مسلمان اس کی لازمی ادائیگی پر کرتے ہیں، ان کا موقف درست سمجھا جائے گا۔
وندے ماترم کے علاوہ دوسرے بند میں یہ الفاظ شامل ہیں: ’’سُکھ دام وَر دام ماترم‘‘ (सुखदां वरदां मातरम्)، جنھیں مذہبی مفہوم کے اعتبار سے شرکیہ سمجھا جاتا ہے۔ ان الفاظ میں مادرِ وطن کو، جسے ایک دیوی کی صورت میں پیش کیا گیا ہے، خوشی دینے والی اور برکتیں عطا کرنے والی ہستی قرار دیا گیا ہے۔
یہ مفہوم اسلامی تصورِ توحید سے بہ راہِ راست متصادم ہے، جس کے مطابق اللہ تعالیٰ ہی مطلق خالق، حقیقی محسن اور تمام نعمتوں کا واحد حقیقی سرچشمہ ہے۔ اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے اللہ تعالیٰ کے سوا کسی دوسرے کو خدائی طاقتوں کا حامل قرار دینا یا نعمتیں عطا کرنے کا آخری اختیار اس کی طرف منسوب کرنا اس بنیادی عقیدے سے ٹکراتا ہے۔ تمام نعمتیں بلا شبہ اللہ ہی کی طرف سے آتی ہیں۔
تیسرے بند میں بھی ایسے الفاظ موجود ہیں، جنھیں اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے شرکیہ کلمات قرار دیا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک عبارت یہ ہے: ’’میں تمھیں نمن کرتا ہوں، اے تمام مصیبتوں سے پار اتارنے والی۔‘‘ اس کا ترجمہ یوں کیا جا سکتا ہے: ’’میں تیرے سامنے سر جھکاتا ہوں، اے تو وہ نجات دہندہ ہے جو ہمیں تمام مصیبتوں سے نکالتی ہے۔‘‘ یہ عبارت عقیدۂ توحید کے بالکل مخالف ہے، کیوں کہ اس عقیدے کے مطابق اللہ تعالیٰ ہی تمام مصیبتوں، مشکلات، مسائل اور پریشانیوں سے نجات دینے والا ہے۔ وہی ہمارا حقیقی اور آخری منبع ہے۔
اسی بند میں کالی دیوی کا نام بھی لیا گیا ہے، جس سے اس مذہبی تصور کو مزید تقویت ملتی ہے جو مسلمانوں کے اعتراضات کی بنیاد ہے۔ اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے اللہ کے سوا کسی دوسری ہستی کے سامنے مذہبی عقیدت کا اظہار کرنا، یا کسی دوسرے وجود کو مصیبتوں سے مکمل نجات دلانے کی خدائی طاقت کا حامل قرار دینا، اس عقیدے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ عبادت صرف اللہ کا حق ہے اور مکمل خدائی اختیار اسی کے پاس ہے۔
چوتھا بند یہ ہے:
تمی وِدیا، تمی دھرم،
تمی ہردی، تمی مرم۔
توَم ہی پراناہ شریری،
باہوتے تمی ما شکتی،
ہردیے تمی ما بھکتی،
تماری پرتِما گَڑی مندِرے مندِرے۔
اس کا مفہوم ہے: ’’تم ہی علم ہو، تم ہی دھرم (مذہب یا راست بازی) ہو، تم ہی دل ہو اور تم ہی اس کی گہری حقیقت ہو۔ تم ہی جسم کے اندر زندگی ہو۔ اے ماں! ہمارے بازوؤں میں طاقت تم ہی ہو، ہمارے دلوں میں عقیدت تم ہی ہو۔ مندروں میں جگہ جگہ تمھارے ہی مجسمے تراشے اور بنائے جاتے ہیں۔‘‘
اس بند میں مادرِ وطن کو ایسی صفات اور طاقتوں کا حامل قرار دیا گیا ہے، جو محض قومی علامت کی حدود سے تجاوز کرتی ہیں۔ اسے علم، مذہب، زندگی، قوت اور عقیدت کا سرچشمہ قرار دیا گیا ہے اور واضح طور پر اس کے مجسمے مندروں میں بنانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے ان الفاظ میں شرک کے حوالے سے خاصی تشویش پیدا ہوتی ہے، کیوں کہ ان میں مادرِ وطن کے لیے خدائی صفات تسلیم کی گئی ہیں اور اسے مذہبی عبادت کے ساتھ وابستہ کیا گیا ہے۔ ایسے تصورات عقیدۂ توحید کے مخالف ہیں، جس کے مطابق مطلق الوہیت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، وہی زندگی، علم اور تمام قوتوں کا آخری سرچشمہ ہے اور عبادت بھی اسی کا حق ہے۔
عبارت ’’تمی ودیا، تمی دھرم‘‘ مادرِ وطن کو علم اور دھرم، یعنی مذہب یا راست بازی، کے ساتھ یکساں قرار دیتی ہے۔ اس اندازِ تعبیر سے قوم کو مذہبی سچائی کا حتمی سرچشمہ اور مادرِ وطن کو ایک خدائی اختیار رکھنے والی ہستی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم اسلامی نقطۂ نظر سے آخری خدائی اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے، جو حق اور ہدایت کا واحد سرچشمہ ہے۔
اسی طرح عبارت ’’توَم ہی پراناہ شریری‘‘، جس کا مطلب ہے ’’تم ہی جسم کے اندر زندگی ہو‘‘، مادرِ وطن کو زندگی اور انسانی وجود کا بنیادی سرچشمہ قرار دیتی ہے، جس سے اسے خدائی یا مافوق الفطرت کردار حاصل ہوتا ہے۔ یہ تعبیر عقیدۂ توحید کے خلاف ہے، جس کے مطابق اللہ تعالیٰ ہی تمام وجود کا آخری سرچشمہ اور نگہبان ہے اور ہر چیز اسی کی محتاج ہے۔
اسی بند میں مندروں میں مجسمے بنانے کا واضح حوالہ بھی موجود ہے۔ عبارت ’’تماری پرتِما گَڑی مندِرے مندِرے‘‘ کا مطلب ہے: ’’ہم مندروں میں جگہ جگہ تمھارے ہی مجسمے تراشتے اور بناتے ہیں۔‘‘ نظم کے سیاق و سباق اور اس کے مذہبی تصورات میں بنکم چندر چٹوپادھیائے مندروں میں بنائے جانے والے مجسموں کو مادرِ وطن کی نمائندگی کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ اس نقطۂ نظر سے مادرِ وطن، یعنی ہندستان، کو ایک اعلیٰ دیوی کا مرتبہ دیا جاتا ہے اور سرزمین کو ایک زندہ خدائی وجود کی صورت میں پیش کیا جاتا ہے، جو مذہبی تعظیم کے لائق ہے۔
مسلمانوں کے لیے یہ الفاظ تشویش کا باعث ہیں، کیوں کہ ان میں مادرِ وطن کو خدائی صفات سے متصف کیا گیا ہے۔ اس طرح کے تصورات اسلامی عقیدے سے متصادم ہیں، جس کے مطابق الوہیت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے مخصوص ہے۔
پانچویں بند میں نظم مادرِ وطن کو واضح طور پر کئی ہندو دیویوں کے ساتھ یکساں قرار دیتی ہے۔ اس میں اسے درگا، کملا یا لکشمی، اور وانی یا سرسوتی کہا گیا ہے۔ درگا کو دس ہتھیار رکھنے والی دیوی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو طاقت اور قوت کی علامت ہے؛ کملا یا لکشمی خوش حالی، دولت اور حسن کی نمائندگی کرتی ہیں، جب کہ وانی یا سرسوتی حکمت، تعلیم اور علم کی علامت ہیں۔ ان نسبتوں کے ذریعے نظم مادرِ وطن کو محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں، بلکہ ایک ایسی خدائی ہستی کے طور پر پیش کرتی ہے، جو ان دیویوں کی صفات اور طاقتوں کی حامل ہے۔
اس طرح مادرِ وطن کو بہ راہِ راست درگا کے ساتھ یکساں قرار دیا گیا ہے، جو ہندو مذہب کی وہ دیوی ہیں جنھیں عموماً متعدد بازوؤں اور ہتھیاروں کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔ اسلامی عقیدے کے نقطۂ نظر سے ایسی شناخت ایک بنیادی اعتراض کو جنم دیتی ہے، کیوں کہ اس میں مادرِ وطن کے لیے خدائی صفات اور مذہبی حیثیت تسلیم کی جاتی ہے۔ یہ بھی عقیدۂ توحید سے متصادم ہے، جس کے مطابق تمام طاقت، خوش حالی، حسن، حکمت اور علم کا آخری سرچشمہ صرف اللہ تعالیٰ ہے اور کوئی دوسری ہستی یا وجود اس کی الوہیت میں شریک نہیں۔
آخری بند میں شاعر مادرِ وطن کو مزید ایک ایسی ہستی کے طور پر پیش کرتا ہے، جو رزق فراہم کرتی اور پرورش کرتی ہے۔ اسلامی عقیدے کے مطابق تمام مخلوقات کو رزق دینے اور ان کی پرورش کرنے والی حقیقی اور آخری ذات اللہ تعالیٰ ہے۔ کوئی دوسری ہستی یا وجود یہ مقام نہیں رکھتا۔ لہٰذا مادرِ وطن کو اس قسم کے خدائی فرائض کا حامل قرار دینا مسلمانوں کے نزدیک اللہ تعالیٰ کی مطلق وحدانیت کے بنیادی عقیدے سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اسلامی عقیدۂ توحید کے نقطۂ نظر سے اگر مادرِ وطن کو ایک دیوی کے طور پر مخاطب کیا جائے اور اسی حیثیت سے اس کے سامنے تعظیم یا اس کی عبادت کی جائے تو یہ اسلام کے بنیادی عقیدے کے خلاف ہوگا۔ الوہیت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے اور عبادت کا مستحق بھی صرف وہی ہے۔ کسی دوسری ہستی یا وجود کو خدائی مرتبہ نہیں دیا جا سکتا۔
وندے ماترم میں موجود ان ہی شرکیہ عناصر کی وجہ سے مسلمانوں نے اسے تمام شہریوں، بہ شمول مسلمانوں، پر مسلط کرنے اور تعلیمی اداروں میں لازمی پڑھنے کی مخالفت کی ہے۔

پورا ناول مسلم مخالف حوالوں سے بھرا ہوا ہے

مسلمانوں کے وندے ماترم گانے پر اعتراض کی ایک اور وجہ بنکم چندر چٹوپادھیائے کے ناول آنند مٹھ کے ساتھ اس کی وابستگی ہے۔ اس ناول کے بعض حصوں کو شدید مسلم مخالف قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اگرچہ اس ناول کو اکثر ایسی تخلیق کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جو حب الوطنی کو فروغ دیتی اور غیر ملکی حکمرانی کے خلاف مزاحمت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، حالاں کہ اس کی کہانی میں مسلمانوں کے خلاف عداوت اور انھیں مکمل طور پر ختم کرنے یا ہندستان سے نکال باہر کرنے کے تصورات بھی شامل ہیں۔
آنند مٹھ میں وندے ماترم کی شمولیت محض اتفاقی نہیں ہے۔ یہ گیت ناول کی کہانی اور اس کے نظریاتی ڈھانچے کا ایک بنیادی حصہ ہے۔ اس کا گہرا تعلق کرداروں کے مذہبی جوش، سیاسی عزائم اور ان دشمنوں کے خلاف جدوجہد سے ہے، جنھیں وہ اپنا مخالف سمجھتے ہیں، اور وہ مسلمان ہیں۔
اس نقطۂ نظر سے ناقدین کا استدلال ہے کہ ناول کے مخصوص سیاق و سباق میں یہ گیت محض مادرِ وطن سے حب الوطنی اور محبت کا اظہار نہیں رہتا، بلکہ مسلمانوں کے خلاف ایک نعرۂ جنگ کا کردار بھی ادا کرتا ہے۔
یہ تاریخی وابستگی اس بارے میں وسیع تر سوالات بھی پیدا کرتی ہے کہ ناول میں استعمال ہونے والی علامتوں اور منظرکشی نے عصرِ حاضر کی فرقہ وارانہ سیاست کو کس حد تک متاثر کیا ہے۔ کیا ناول میں مساجد کو منہدم کرنے اور مسلمانوں کو ملک سے نکالنے کی تصویرکشی کو موجودہ دور میں مساجد کے انہدام یا مدارس کی بندش جیسے اقدامات کے جواز کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے؟ خصوصاً ان ریاستوں میں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے؟ یہ سوال بھی اٹھایا جا سکتا ہے کہ آیا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بی جے پی سمیت ہندو انتہا پسند گروہوں نے ایسے تاریخی اور ادبی بیانیوں سے تحریک حاصل کی ہے۔
ناول میں ایسے بیانات موجود ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ہندوؤں کے مذہبی اور ثقافتی تشخص کو زندہ رکھنے کے لیے مسلمانوں کا اس ملک سے اخراج ضروری ہے۔

اس گیت پر اعتراض کرنے والے دیگر افراد

اس کے متن اور سیاق و سباق کی وجہ سے اس گیت پر اعتراض کرنے والے صرف باعقیدہ مسلمان ہی نہیں ہیں۔ سیکولر مسلمان بھی اس ناول اور وندے ماترم کے گیت پر سخت اعتراض کرتے ہیں۔

چند مثالیں:

سابق سفارت کار ایم آر اے بیگ نے اپنی کتاب دی مسلم ڈلیما اِن انڈیا (The Muslim Dilemma in India، 1974) میں آنند مٹھ کے مسلم مخالف پہلوؤں پر بحث اور تجزیہ کیا ہے۔
معروف وکیل اور دانش ور اے جی نورانی نے نومبر 1999ء میں رسالے فرنٹ لائن میں شائع ہونے والے اپنے مضمون ’’ہاؤ سیکولر اِ ز وندے ماترم؟‘‘ (وندے ماترم کتنا سیکولر ہے؟) میں بیگ کے حوالے نقل کیے ہیں۔ بیگ لکھتے ہیں:
’’یہ ناول مغلیہ سلطنت کے زوال کے دور میں ترتیب دی گئی ایک کہانی ہے۔ اس کا مرکزی کردار بھوانند مسلمانوں کے خلاف مسلح بغاوت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ بھرتی کے کام میں مصروف ہونے کے دوران اس کی ملاقات مہندر سے ہوتی ہے اور وہ ’بندے ماترم‘ یا ’ماں کی جے‘ کا گیت گاتا ہے۔ مہندر اس سے ان الفاظ کے معنی پوچھتا ہے۔ بھوانند جوشیلے انداز میں جواب دیتا ہے اور اپنی بات ان الفاظ پر ختم کرتا ہے:
’ہمارا مذہب ختم ہو گیا، ہماری ذات ختم ہو گئی، ہماری عزت ختم ہو گئی۔ کیا ہندو اپنے ہندو مذہب کو محفوظ رکھ سکتے ہیں، جب تک ان شراب کے نشے میں دھت نیریوں (مسلمانوں کے لیے استعمال ہونے والی ایک تحقیر آمیز اصطلاح) کو نکال باہر نہ کیا جائے؟‘
تاہم مہندر اس بات سے قائل نہیں ہوتا اور بغاوت میں شامل ہونے سے ہچکچاتا ہے۔ چناں چہ اسے آنند مٹھ کے مندر میں لے جایا جاتا ہے، جہاں اسے وشنو کی ایک بہت بڑی چار بازوؤں والی مورت دکھائی جاتی ہے۔ اس کے سامنے دو کٹے ہوئے اور خون آلود سر رکھے ہوتے ہیں۔
پجاری مہندر سے پوچھتا ہے: ’کیا تم جانتے ہو کہ یہ کون ہے؟‘ وہ وشنو کی گود میں موجود ایک مورتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے: ’یہ ماں ہے۔ ہم اس کی اولاد ہیں۔ بندے ماترم کہو۔‘
اس کے بعد اسے کالی کی مورتی کے پاس لے جایا جاتا ہے اور پھر درگا کی مورتی کے سامنے۔ ہر موقع پر اسے ’بندے ماترم‘ پڑھنے کے لیے کہا جاتا ہے۔
ناول کے ایک دوسرے منظر میں کچھ لوگ چیختے ہیں: ’مارو، مارو نیریوں کو!‘ دوسرے لوگ ’بندے ماترم‘ کے نعرے لگاتے ہیں۔ پھر سوال اٹھایا جاتا ہے: ’’کیا وہ دن آئے گا جب ہم مسجدیں توڑیں گے اور ان کی جگہ مندروں کی تعمیر کریں گے؟‘‘
نورانی اپنے استدلال کی تائید میں آکسفورڈ سے وابستہ مصنف اور دانش ور نیراد سی چودھری کا حوالہ بھی دیتے ہیں، تاکہ بنکم چندر چٹرجی کے مسلم مخالف رجحانات کو واضح کیا جا سکے۔ چودھری نے اپنی کتاب دی آٹوبایوگرافی آف این اَن نون انڈین (The Autobiography of an Unknown Indian) میں لکھا کہ چٹرجی نے ’’مسلم حکمرانی کے خلاف ہندو بغاوت کو عظمت بخشی اور مسلمانوں کو اسی تناسب سے ایک منفی روشنی میں پیش کیا۔‘‘ چودھری نے انھیں ’’واضح طور پر اور شدت کے ساتھ مسلم مخالف‘‘ قرار دیا۔
معروف مؤرخ آر سی مجمدار نے بھی اپنی تحریروں میں بنکم چندر چٹرجی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مجمدار کے مطابق آنند مٹھ اور بنکم چندر چٹرجی کی دوسری تحریروں سے یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ وہ مسلم مخالف تھے۔
نورانی کے مطابق، بعض مصنفین نے آنند مٹھ کو انگریز مخالف ناول کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے، حالاں کہ یہ ناول برطانوی مخالف نہیں تھا۔ ان کے مطابق ناول کے آخری باب میں موجود مکالمہ ثابت کرتا ہے کہ بنکم چندر برطانیہ نواز تھے اور انگریزوں سے ہمدردی رکھتے تھے، کیوں کہ وہ برطانوی حکومت کے دور میں بنگال میں ایک اعلیٰ سرکاری افسر تھے۔
ناول میں جب ایک کردار، ستیانند، کہتا ہے کہ بنگال میں مسلمانوں کی طاقت تو تباہ کر دی گئی ہے، لیکن ابھی تک ہندو راشٹر قائم نہیں ہوا، تو اسے جواب دیا جاتا ہے کہ باغیوں اور سنیاسیوں کا کام اب ختم ہو چکا ہے اور مسلمانوں کی حکمرانی دوبارہ کبھی واپس نہیں آئے گی۔ انھیں بتایا جاتا ہے کہ سنیاسیوں نے برطانوی حکومت قائم کر دی ہے، اس لیے اب لڑائی ترک کر دینی چاہیے۔ لوگوں کو اپنے معمول کے کاموں کی طرف واپس لوٹ جانا چاہیے۔ اب کوئی دشمن باقی نہیں رہا۔ انگریز ہمارے دوست بھی ہیں اور ہمارے حکمران بھی۔
ناول کے مسلم مخالف رجحانات اور اس کہانی میں وندے ماترم کی مرکزی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا مسلمانوں سے یہ توقع کی جانی چاہیے کہ وہ اس گیت کو گائیں اور اسے پڑھیں؟ دنیاوی اعتبار سے بھی یہ ان کے سماجی اور سیاسی مفاد کے خلاف ہوگا، جب کہ مذہبی اعتبار سے یہ ان کے عقائد، مذہب اور شریعت کے مخالف ہوگا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. ڈاکٹر زیبائش فردوس

    بہت اچھا تجزیہ جزاک اللہ خیرا کثیرا

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦