تعلیم کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔ اس کا مقصد محض ڈگریاں فراہم کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا یا معاشی ترقی کی راہیں ہموار کرنا نہیں، بلکہ ایسے باشعور، ذمے دار، اخلاقی اور تنقیدی فکر کے حامل شہری تیار کرنا بھی ہے جو معاشرے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ لیکن جب تعلیمی نظام اپنی بنیادی ترجیحات سے دور ہونے لگے، سیاسی کشمکش تعلیمی اداروں کے ماحول کو متاثر کرنے لگے اور سماج میں عدم برداشت، مذہبی منافرت اور نظریاتی تصادم بڑھنے لگیں تو اس کے اثرات سب سے زیادہ نوجوان نسل پر مرتب ہوتے ہیں۔ خود سیاست نے تعلیمی اداروں کو اپنی ذہنی اور فکری منافرت کا اڈا بنا دیا ہے۔
آج ہندستان کا تعلیمی منظرنامہ متعدد چیلنجوں سے دوچار ہے۔ ایک طرف معیاری تعلیم، روزگار، تعلیمی مساوات اور جدید مہارتوں کے حصول کے مسائل ہیں، تو دوسری طرف سیاسی و سماجی تقسیم اور نظریاتی کشمکش نے طلبہ کے لیے ایک پیچیدہ ماحول پیدا کر دیا ہے۔ پچھلے دنوں پرچہ لیک ہونے کے مسائل سے جین زی پریشان ہے، دوسری طرف پرائمری اور پری پرائمری اسکولوں میں بچوں کو وندے ماترم پڑھوانے کے مسئلے سے والدین پریشان ہیں۔ اس کے علاوہ نجی و سرکاری اداروں میں اسمبلی کے وقت مختلف قسم کے پوجا پاٹھ میں مسلمان بچوں کو مجبور کرنا بھی عوام میں بے چینی پیدا کر رہا ہے۔ بے روزگار نوجوان اپنی ڈگریوں کی جانب دیکھ رہا ہے کہ آخر یہ کس مقصد کے لیے حاصل کی گئی ہیں؟
ایسے حالات میں طالب علم صرف نصابی کتابوں اور امتحانات کے دباؤ سے نہیں جوجھ رہا، بلکہ اسے اپنی شناخت، نظریات، مستقبل اور سماجی تعلقات کے حوالے سے بھی متعدد سوالات کا سامنا ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا ہمارا تعلیمی نظام اس نسل کو ان چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کر رہا ہے یا خود انتشار کی اس کیفیت کا حصہ بنتا جا رہا ہے؟
تعلیم کا مقصد اور موجودہ تعلیمی بحران
تعلیم کا بنیادی مقصد انسان کی فکری، اخلاقی، سماجی اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ایک صحت مند تعلیمی نظام طالب علم کو سوال کرنے، دلیل سمجھنے، اختلاف برداشت کرنے اور حقیقت تک پہنچنے کی تربیت دیتا ہے۔ لیکن جب تعلیم گاہوں کے اساتذہ ’بی ایل او‘ بن کر موجودہ حکومت کے مستقل ’ووٹ بینک‘ کے لیے ’ایس آئی آر‘ میں مصروف کر دیے جائیں، تو وہ معصوم بچے، جن کا ایک ایک سال قیمتی ہے اور جن کے اہم ترین اکتسابی ادوار گزرتے جا رہے ہیں، ان کی تعلیم متاثر ہوتی ہے۔ جب سبھی اداروں کے اساتذہ حکومت کے مشن کا حصہ بنا دیے گئے ہیں، تو بتائیے کہ تعلیمی نظام کیسے بہتر ہو سکتا ہے؟
تعلیم کا محور محض امتحانات میں کام یابی، زیادہ نمبرات اور ملازمت کے حصول تک محدود ہو جائے تو شخصیت کی ہمہ جہت تعمیر کا پہلو پس پشت چلا جاتا ہے۔
ہندستان میں تعلیمی اداروں کو کئی سطحوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے معیار میں فرق، دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان تعلیمی سہولتوں کی نابرابری، معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے معیاری تعلیم تک محدود رسائی اور اعلیٰ تعلیم کے بعد روزگار کے حصول میں مشکلات ان میں نمایاں ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ طلبہ پر مسابقت کا بڑھتا ہوا دباؤ، کوچنگ کا بڑھتا ہوا رجحان، امتحانات میں کام یابی کی غیر معمولی اہمیت اور والدین کی توقعات بھی ان کی ذہنی کیفیت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
یہ صورتِ حال اس وقت مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے جب طالب علم کو یہ محسوس ہونے لگے کہ محنت، صلاحیت اور تعلیمی کام یابی کے باوجود اس کے مستقبل کی ضمانت نہیں ہے۔ ایسی کیفیت نوجوانوں میں مایوسی، بے یقینی اور عدم تحفظ کو جنم دے سکتی ہے۔
تعلیمی ادارے اور سیاست کی بڑھتی ہوئی مداخلت
تعلیم اور سیاست کا تعلق فطری ہے، کیوں کہ تعلیمی پالیسیاں حکومتیں بناتی ہیں اور ان کے ذریعے معاشرے کی فکری و سماجی سمت پر اثر پڑتا ہے۔ جمہوری معاشرے میں طلبہ کو سیاسی و سماجی مسائل پر غور کرنے، پالیسیوں کا تنقیدی جائزہ لینے اور اپنے حقوق و ذمے داریوں کو سمجھنے کا پورا حق حاصل ہے۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب تعلیمی ادارے علم و تحقیق کے مراکز ہونے کے بجائے سیاسی کشمکش کے میدان بننے لگیں یا طلبہ کو آزادانہ غور و فکر کے بجائے کسی مخصوص نظریے کو قبول کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔ موجودہ حالات میں آپ طلبہ کو سڑکوں پر دیکھ رہے ہیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ جیسے اداروں میں طلبہ کے ساتھ پولیس اہل کاروں کی بدسلوکی پر بھی ساری دنیا کی نظر ہے۔
تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں کا وجود بہ ذاتِ خود منفی نہیں۔ طلبہ سیاست انھیں قیادت، مکالمے، تنظیم اور جمہوری عمل کی تربیت دے سکتی ہے۔ لیکن جب اختلاف کو دشمنی، تنقید کو غداری اور نظریاتی اختلاف کو شخصی یا گروہی عداوت میں تبدیل کر دیا جائے تو اس کے تعلیمی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
طالب علم کے لیے ضروری ہے کہ وہ حکومت، سیاسی جماعتوں، سماجی تحریکوں اور مختلف نظریات کا مطالعہ کرے، ان کے حق میں اور مخالفت میں پیش کیے جانے والے دلائل کو سمجھے اور اپنی رائے قائم کرنے کی آزادی رکھے۔ تعلیم کا کام ذہنوں کو بند کرنا نہیں، انھیں کھولنا ہے۔
جمہوری ملک میں سیاسی و سماجی تقسیم کے درمیان طالب علم
سیاسی اتھل پتھل کا ایک اہم پہلو سماجی اور نظریاتی تقسیم بھی ہے۔ جب عوامی مباحث میں اختلاف کی گنجائش کم ہونے لگے، کسی مذہبی یا سماجی گروہ کے بارے میں عمومی منفی تصورات پھیلنے لگیں اور سیاسی وابستگی کو انسانی تعلقات پر فوقیت دی جانے لگے تو اس کا اثر تعلیمی اداروں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔
اس صورتِ حال میں طلبہ کے لیے اپنے ساتھیوں کو انفرادی صلاحیتوں، کردار اور رویّے کی بنیاد پر سمجھنے کے بجائے انھیں مذہبی، لسانی، ذات پات یا سیاسی شناخت کے خانوں میں دیکھنے کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ رجحان تعلیمی ماحول کے لیے نقصان دہ ہے، کیوں کہ اسکول اور کالج مختلف پس منظر والے طلبہ کے درمیان باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ سیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اگر تعلیمی اداروں میں تعصب، تحقیر یا امتیازی سلوک کو جگہ ملے تو طلبہ میں احساسِ محرومی اور عدم تحفظ پیدا ہو سکتا ہے۔ موجودہ دورِ حکومت میں نفرت کی سودے بازی نے جہاں ہر شعبے کو متاثر کیا، وہیں تعلیم گاہوں میں منافرت، تعصب اور عدم تحفظ کو بھی پروان چڑھایا ہے۔ تاہم اس کے برعکس اگر ادارے مساوات، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر قائم رہیں تو وہ سماجی تقسیم کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کسی بھی سیاسی یا سماجی صورتِ حال کے اثرات تمام طلبہ پر یکساں نہیں ہوتے۔ ان کا انحصار طالب علم کے خان دانی ماحول، معاشی حالات، سماجی شناخت، تعلیمی ادارے اور ذاتی تجربات پر بھی ہوتا ہے۔
نصاب، تاریخ اور شناخت کا مسئلہ
تعلیم کا ایک اہم مقصد طلبہ کو اپنے معاشرے، تاریخ، تہذیب اور آئینی اقدار سے واقف کرانا ہے۔ لیکن نصاب، تاریخ اور قومی شناخت سے متعلق مباحث جب سیاسی اختلافات کا موضوع بن جاتے ہیں تو طلبہ کے سامنے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ کس بیانیے پر اعتماد کریں اور مختلف دعووں کی صداقت کو کیسے جانچیں۔ مثلاً بچے گھروں میں والدین سے سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہندستان کا مشہور تہوار دیوالی ہے؟ کیا ہمارا تہوار بھی دیوالی ہے؟ کیا ہندستان میں مسلمان باہر سے آئے ہیں؟
تاریخ کا مطالعہ کسی ایک گروہ کی مدح سرائی یا کسی دوسرے گروہ کی مذمت تک محدود نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی کسی ایک مذہب کو جمہوری ملک میں بچوں کے ننھے ذہنوں پر تھوپنا چاہیے۔ یہ تو بنیادی آزادی سلب کر لینے کے مترادف ہے۔ تاریخ کو مستند شواہد، مختلف تاریخی نقطۂ ہائے نظر اور علمی تحقیق کی بنیاد پر پڑھایا جانا چاہیے۔
اسی طرح نصاب میں تبدیلیوں پر گفتگو بھی جذباتی ردعمل کے بجائے علمی معیار، شواہد اور تعلیمی مقاصد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ طلبہ کو یہ صلاحیت فراہم کرنا ضروری ہے کہ وہ سرکاری بیانات، سیاسی تقاریر، اخباری خبروں، سماجی ذرائع ابلاغ کی تحریروں اور درسی مواد میں پیش کیے جانے والے دعووں کا تنقیدی جائزہ لے سکیں۔ تعلیم کا مقصد طلبہ کو ہر دعوے پر شک کرنا سکھانا نہیں، بلکہ یہ سکھانا ہے کہ کس دعوے کو کس بنیاد پر قبول کیا جائے، کس پر مزید تحقیق کی جائے اور کس کے بارے میں شواہد ناکافی ہیں۔
سماجی ذرائع ابلاغ: معلومات کا ذریعہ یا انتشار کا محرک؟
موجودہ دور میں طلبہ کی فکری تربیت میں سماجی ذرائع ابلاغ کا کردار غیر معمولی ہو چکا ہے۔ یہ انھیں علمی مواد، تعلیمی مواقع، عالمی مباحث اور مختلف نقطۂ نظر تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ پہلے کہا جاتا تھا کہ عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے۔ اب سماجی ذرائع ابلاغ کے زمانے میں یہ تعین کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ کون سی بات کب تک چھپے گی۔ ہر چیز بالکل کھول دی گئی ہے۔ ہر بات طشت از بام ہے۔ سماجی ذرائع ابلاغ نے اخلاقیات کی جیسے دھجیاں اڑا دی ہیں۔ غلط معلومات، اشتعال انگیز مواد، نفرت آمیز تبصروں اور جذباتی پروپیگنڈے کے پھیلاؤ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم اکثر ایسے مواد کو نمایاں کرتے ہیں، جو لوگوں کے جذبات کو زیادہ متحرک کرے اور ان کی توجہ طویل عرصے تک برقرار رکھے۔ اس ماحول میں اشتعال انگیز یا یک طرفہ مواد کو زیادہ دیکھنے والا طالب علم کسی مسئلے کی پیچیدگی کو سمجھے بغیر فوری رائے قائم کر سکتا ہے۔
کسی ویڈیو کا مختصر حصہ، کسی بیان کا سیاق و سباق سے الگ اقتباس یا کسی غیر مصدقہ خبر کی تیز رفتار تشہیر طلبہ کے درمیان غلط فہمی اور تنازع پیدا کر سکتی ہے۔
اس کا حل صرف سماجی ذرائع ابلاغ پر پابندی لگانا نہیں، بلکہ طلبہ میں ذرائع ابلاغ کی آگاہی، ڈیجیٹل ذمے داری اور معلومات کی تصدیق کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
طلبہ کو سکھایا جانا چاہیے کہ خبر کا اصل ماخذ کیا ہے، تصویر یا ویڈیو کی صداقت کیسے جانچی جائے، خبر اور رائے میں کیا فرق ہے اور کسی مواد کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق کیوں ضروری ہے۔
طلبہ کی ذہنی صحت
ساری دنیا میں آج طلبہ کی ذہنی صحت شدید متاثر ہے۔ ہر فرد اسی بات سے پریشان ہے۔ تعلیمی مسابقت، مستقبل کی بے یقینی، خان دانی توقعات اور سماجی تناؤ پہلے ہی طلبہ کے لیے دباؤ کے اسباب بن سکتے ہیں۔ جب ان کے ساتھ سیاسی تنازعات، شناخت سے متعلق خدشات اور ڈیجیٹل دنیا میں مسلسل منفی خبریں بھی شامل ہو جائیں، جب وہ سیاسی محاذ آرائی میں یہ سمجھنے لگیں کہ ان کے مستقبل کو، ان کے ملک کو، کارپوریٹ بیوروکریٹس کے ذریعے بیچ دیا گیا ہے، جب وہ یہ جاننے لگیں کہ حکومت کی نفرت کی اس سیاست نے ان کی نوعمری کے جذبات کو ’’کاکروچ‘‘ اور ’’بدتمیز نسل‘‘ کہہ کر تشبیہ دی ہے، جب وہ یہ سنتے ہیں کہ انھیں اپنی ڈگریوں کے باوجود بے روزگار رکھنے کے منصوبے بنائے جا چکے ہیں، جب وہ یہ سمجھیں کہ ملک کا کل سرمایہ اور دولت چند تاجروں کی بے دام غلامی میں جا چکی ہے، تو ان کے لیے ان تمام باتوں کے دباؤ کو سنبھالنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ایسی صورتِ حال میں بے چینی، چڑچڑاپن، توجہ میں کمی، پڑھائی سے دل اچاٹ ہونا، سماجی تعلقات سے دوری اور مستقبل کے بارے میں مایوسی جیسی کیفیات سامنے آ سکتی ہیں۔ تاہم یہ علامات ہر طالب علم میں ظاہر نہیں ہوتیں اور ان کی متعدد ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
تعلیمی اداروں کو ذہنی صحت کے اس پہلو کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ طالب علم کی مشکلات کو محض کمزوری، سستی یا عدم دلچسپی قرار دینے کے بجائے ان کے اسباب سمجھنے کی کوشش کی جائے۔
اسکولوں اور کالجوں میں تربیت یافتہ مشیروں کی دستیابی، اساتذہ کی نفسیاتی تربیت، محفوظ مکالمے کے مواقع اور امتیازی سلوک کے خلاف مؤثر شکایتی نظام طلبہ کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
والدین کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کے سوالات اور خدشات کو سنیں۔ ہر سیاسی یا سماجی مسئلے پر فوری طور پر اپنی رائے مسلط کرنے کے بجائے انھیں سوچنے، سوال کرنے اور اپنے جذبات بیان کرنے کا موقع دیں۔
تعلیمی بحران اور روزگار کی بے یقینی
طلبہ کے انتشار کا ایک اہم سبب تعلیم اور عملی زندگی کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ بھی ہے۔ جب نوجوان برسوں تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق روزگار یا معاشی استحکام حاصل کرنے میں مشکلات محسوس کرتے ہیں تو ان کے لیے تعلیم کی افادیت پر سوال اٹھانا فطری ہے۔
اس مسئلے کو صرف نوجوانوں کی مہارتوں کی کمی سے تعبیر کرنا درست نہیں۔ اس میں روزگار کے مواقع، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے، علاقائی عدم مساوات، معاشی حالات اور بھرتی کے نظام جیسے عوامل بھی اہم ہیں۔
وقت کی اہم ترین ضرورت یہ ہے کہ تعلیمی نظام میں علم کے ساتھ عملی مہارتوں، تحقیق، تخلیقی صلاحیت، مسئلہ حل کرنے کی قابلیت اور کاروباری فکر کو فروغ دیا جائے۔ ساتھ ہی حکومت، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو مل کر ایسے مواقع پیدا کرنے چاہئیں، جن سے نوجوانوں کی تعلیم معاشی و سماجی ترقی میں حقیقی کردار ادا کر سکے۔
تعلیم سے متعلق پالیسیوں کا جائزہ صرف داخلوں، ڈگریوں اور امتحانی نتائج کی بنیاد پر نہیں، بلکہ طلبہ کی حقیقی تعلیمی پیش رفت، مساوی مواقع، روزگار اور سماجی ترقی کے تناظر میں بھی لیا جانا چاہیے۔
والدین اور اساتذہ کا کردار
انتشار کے ماحول میں استاد اور والدین کا کردار محض شب و روز کے گزرنے اور بچوں سے توقعات وابستہ کرنے تک محدود نہیں، بلکہ مربیانہ کردار کا تقاضا کرتا ہے۔ استاد صرف نصاب مکمل کرنے والا فرد نہیں، بلکہ وہ طلبہ کے فکری رویّوں، اخلاقی ترجیحات اور سماجی شعور کی تشکیل میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔
ایک باشعور استاد طلبہ کو کسی سیاسی جماعت یا نظریے کی اندھی حمایت یا مخالفت کی تربیت نہیں دیتا۔ وہ انھیں دلائل کا جائزہ لینے، اختلاف کو برداشت کرنے، دوسروں کے نقطۂ نظر کو سمجھنے اور اپنی رائے کے لیے معقول بنیاد فراہم کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔
کلاس روم میں ایسے مباحث منعقد کیے جا سکتے ہیں، جن میں طلبہ مختلف سماجی مسائل پر مستند معلومات کی بنیاد پر گفتگو کریں۔ اس دوران استاد کی ذمے داری ہوگی کہ کسی طالب علم کو اس کی مذہبی، لسانی، معاشی یا نظریاتی شناخت کی وجہ سے نشانہ نہ بنایا جائے۔
اساتذہ کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ طلبہ کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کو دبانے سے مسائل ختم نہیں ہوتے۔ مناسب رہنمائی، مستند معلومات اور احترام پر مبنی مکالمے کے ذریعے ان سوالات کو مثبت فکری نشوونما کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔
آئینی اقدار اور تعلیمی اداروں کی ذمے داری
ہندستان ایک متنوع معاشرہ ہے، جہاں مختلف مذاہب، زبانوں، ثقافتوں اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں۔ اس تنوع کو اختلاف اور تصادم کا مستقل سبب بننے سے روکنے کے لیے انصاف، مساوات، آزادی، انسانی وقار اور باہمی احترام جیسی اقدار کو عملی زندگی میں فروغ دینا ضروری ہے۔
تعلیمی ادارے ان اقدار کی تربیت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر طالب علم کتابوں میں مساوات پڑھے، لیکن اپنے تعلیمی ماحول میں امتیازی سلوک دیکھے یا جمہوریت کے اصول پڑھے، لیکن اپنے جائز سوالات کے اظہار سے خوف محسوس کرے، تو تعلیم اور عملی تجربے کے درمیان تضاد پیدا ہوگا۔ اس لیے تعلیمی اداروں میں شفاف انتظامیہ، منصفانہ قواعد، طلبہ کی شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام اور تمام طلبہ کے لیے مساوی مواقع یقینی بنانا ضروری ہے۔
تعلیم کو سیاسی اثرات سے بالکل الگ کرنا ممکن نہیں، لیکن اسے جماعتی مفادات کے تابع ہونے سے بچانا اور علمی آزادی، تحقیق اور انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنا ایک اہم تعلیمی ضرورت ہے۔
انتشار کا مقابلہ کیسے کیا جائے؟
موجودہ حالات میں طلبہ کے لیے رہنمائی اور تعلیمی اداروں کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
(1) تنقیدی فکر کو فروغ دیا جائے۔
طلبہ کو معلومات یاد کرنے کے ساتھ ان کا تجزیہ کرنے، دلائل کا موازنہ کرنے اور شواہد کی بنیاد پر نتائج اخذ کرنے کی تربیت دی جائے۔
(2) حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جائے۔
سرکاری اداروں کے اساتذہ سال بھر بچوں کی تدریس کے علاوہ جن مقاصد کے لیے مصروف کر دیے گئے ہیں، حکومت کا یہ رویہ دراصل نسل کو کوڑا کرکٹ سے زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔
(3) ذرائع ابلاغ کی آگاہی کو تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔
طلبہ کو غلط معلومات، مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گمراہ کن مواد، پروپیگنڈے اور غیر مصدقہ خبروں کی شناخت سکھائی جائے تاکہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں اخلاقیات کا دامن تھامے رکھ سکیں۔ اس سلسلے میں اللہ کے سامنے جواب دہی کے احساس کو پروان چڑھایا جائے کہ دھوکا، کھوٹ، فریب، لائکس اور تبصرے دنیا کے وقتی لمحات تو ہو سکتے ہیں مگر آخرت کی تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔
(4) اختلاف کے آداب سکھائے جائیں۔
مباحثوں، گروپ سرگرمیوں اور مکالمے کے ذریعے یہ سمجھایا جائے کہ اختلافِ رائے، دشمنی یا توہین کا جواز نہیں بنتا۔
(5) ذہنی صحت کو ترجیح دی جائے۔
تعلیمی اداروں میں مشاورت، نفسیاتی معاونت اور جذباتی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
(6) طلبہ کو مثبت سرگرمیوں میں شریک کیا جائے۔
سماجی خدمت، تحقیق، مطالعہ، کھیل، ثقافتی سرگرمیوں اور رضاکارانہ کاموں کے ذریعے نوجوانوں کو معاشرے کی تعمیر میں حصہ لینے کے مواقع دیے جائیں۔
(7) تعلیمی پالیسیوں پر علمی مکالمہ کیا جائے۔
نصاب، امتحانی نظام، تعلیمی مساوات اور روزگار جیسے مسائل پر جذباتی نعروں کے بجائے شواہد اور تعلیمی تحقیق کی بنیاد پر گفتگو کو فروغ دیا جائے۔
(8) والدین اور اساتذہ کے درمیان رابطہ مضبوط کیا جائے۔
طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، جذباتی کیفیت اور سماجی رویّوں کے بارے میں باہمی رابطہ رکھا جائے تاکہ مسائل کے شدت اختیار کرنے سے پہلے ہی ان کی نشان دہی ہو سکے۔
(9) طلبہ کی آواز کو اہمیت دی جائے۔
ان کے مسائل، تجاویز اور تجربات سننے کے لیے نمائندہ فورم اور محفوظ مکالماتی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ خود کو تعلیمی نظام کا فعال حصہ محسوس کریں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments