درس قرآن
زمرہ : النور

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُونُوا قَوَّامِينَ بِالْقِسْطِ شُهَدَاءَ لِلَّهِ وَلَوْ عَلَىٰ أَنْفُسِكُمْ أَوِ الْوَالِدَيْنِ وَالأَقْرَبِينَ إِنْ يَكُنْ غَنِيًّا أَوْ فَقِيرًا فَاللَّهُ أَوْلَى بِهِمَا فَلا تَتَّبِعُوا الْهَوَى أَنْ تَعْدِلُوا وَإِنْ تَلْوُوا أَوْ تُعْرِضُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًا.
(سورة النساء: 135)

ترجمہ:اے لوگو جو ایمان لائے ہو، انصاف کے علم بردار اور خدا واسطے کے گواہ بنو اگرچہ تمھارے انصاف اور تمھاری گواہی کی زد خود تمھاری اپنی ذات پر یا تمھارے والدین اور رشتے داروں پر ہی کیوں نہ پڑتی ہو، فریقِ معاملہ خواہ مال دار ہو یا غریب، اللہ تم سے زیادہ ان کا خیر خواہ ہے۔ لہٰذا اپنی خواہشِ نفس کی پیروی میں عدل سے باز نہ رہو۔ اور اگر تم نے لگی لپٹی بات کہی یا سچائی سے پہلو بچایا تو جان رکھو کہ جو کچھ تم کرتے ہو اللہ کو اس کی خبر ہے۔

توضیح / تشریح:

اللہ رب العزت نے فرمایا کہ انصاف کی روش پر چلو اور انصاف کے علم بردار بنو۔ تمھارا کام صرف انصاف کرنا ہی نہیں ہے بلکہ انصاف کا جھنڈا لے کر اٹھنا ہے۔ تمھیں اس بات پر کمربستہ ہونا چاہیے کہ ظلم مٹے اور اس کی جگہ عدل و راستی قائم ہو۔ عدل کو اپنے قیام کے لیے جس سہارے کی ضرورت ہے، مومن ہونے کی حیثیت سے تمھارا مقام یہ ہے کہ وہ سہارا تم بنو۔ آگے فرمایا کہ تمھاری گواہی محض خدا کے لیے ہونی چاہیے۔ کسی کی رو رعایت، کسی کی طرف داری اس میں نہ ہو اور کوئی ذاتی مفاد یا خدا کے سوا کسی کی خوش نودی تمھارے مدنظر نہ ہو۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو عدل پر قائم رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس میں ہم کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہ ڈریں۔ کسی کو خوش کرنے کے لیے، کسی طمع سے، کسی پر ترس کھا کر یا کسی مروت کی وجہ سے یا کسی سفارش پر عدل سے نہ ہٹیں۔ سب مل کر ایک دوسرے کے مددگار بن کر عدل قائم کریں۔
قسط سے مراد حقوق اللہ اور حقوق العباد کے بارے میں عدل و انصاف ہے۔
اللہ کے حقوق میں انصاف یہی ہے کہ اس کی نعمتوں کو اس کی نافرمانی میں استعمال نہ کیا جائے بلکہ ان کو اس کی اطاعت اور فرماں برداری میں صرف کیا جائے۔
حقوق العباد میں عدل وانصاف یہی ہے کہ بندوں کے وہ تمام حقوق ادا کیے جائیں، جو تم پر اسی طرح واجب ہیں جس طرح تمھارے حقوق ان پر واجب ہیں اور تم اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہو۔ پس نفقات واجبہ اور قرض وغیرہ ادا کرو اور لوگوں سے حسنِ اخلاق و حسنِ صلہ کے ساتھ معاملہ کرو، جو تم اپنے بارے میں ان سے چاہتے ہو۔

شھداء للّٰہ: اللہ کی رضا کے لیے گواہی دو

 شہادت صحیح، واقعی عدل والی اور حق ہو۔ بدلی ہوئی نہ ہو۔ نیز شہادت کو نہ چھپاؤ اگرچہ تمھارے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ یعنی کسی بھی حالت میں حق کا دامن نہ چھوڑو۔
محبت و عداوت دو ایسی چیزیں ہیں، جو انسان کو عدل و انصاف کی راہ سے ہٹا کر ظلم و جور میں مبتلا کر سکتی ہیں۔
شہادت سے تمھارے ماں باپ اور رشتے داروں کو خواہ نقصان پہنچتا ہو، پھر بھی شہادت میں ان کی مروت نہ کرنا۔ ڈنکے کی چوٹ پر شہادت دینا اور ان کے نقصان کا خیال نہ کرنا کیوں کہ حق و صداقت کا حکم سب پر حاوی ہے۔
اسلام ایسا عدل چاہتا ہے، جس سے ظلم کی نفی ہو اور جس کی وجہ سے ہر حق دار کو اس کا حق ملے۔ حقوق میں سب برابر ہوں، رشتے اور غیر رشتے دار، دوست اور دشمن، فقیر اور غنی، سب کا درجہ ایک ہو۔
سیدہ عائشہؓ نے بیان کیا کہ ایک مخزومی عورت کا معاملہ، جس نے چوری کی تھی، قریش کے لوگوں کے لیے اہمیت اختیار کر گیا اورانھوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے سوا سفارش کرنے کی ہمت کون کر سکتا ہے؟ چناں چہ حضرت اسامہؓ نے آپؐ سے بات کی تو آپؐ نے فرمایا: ’’کیا تم اللہ تعالیٰ کی حدود کے بارے میں سفارش کرنے آئے ہو؟‘‘ پھر آپؐ کھڑے ہوئے، خطبہ دیا اور فرمایا:
’’اے لوگو! تم سے پہلے کے لوگ اس لیے گمراہ ہو گئے کہ جب ان میں کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اسے چھوڑ دیتے لیکن اگر کمزور چوری کرتا تو اس پر حد قائم کرتے اور اللہ کی قسم! اگر فاطمہ بنت محمد نے بھی چوری کی ہوتی تو میں اس کا بھی ہاتھ ضرور کاٹ ڈالتا۔‘‘ (صحیح بخاری:6788)
اگر وہ امیر ہوں یا فقیر ہوں، اللہ ان دونوں سے زیادہ حق دار ہے ۔ تو ایسے میں مال دار کے مال کی رعایت نہ کرنا اور فقیر پر ترس کھا کر جھوٹی گواہی نہ دینا۔ رحم دل انسان یہ چاہتا ہے کہ کمزوری کی وجہ سے غریب کے حق میں گواہی دے جب کہ گواہی حق پر دینی چاہیے۔
اگر تم لگی لپٹی بات کرو یا سچائی سے پہلو بچاؤ، یعنی گواہی میں تحریف کرو یا گواہی دینے سے گریز کرو یا اس طرح بات کرو کہ مجرم بچ جائے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ تم نے حق بات چھپائی یا گواہی درست طور پر پیش نہیں کی۔
آخر میں کہا گیا کہ جو کچھ بھی تم کرتے ہو ، اللہ اس سے باخبر ہے تاکہ مومنوں کے دل میں یہ بات آجائے کہ اگر انھوں نے ایسا کیا تو اس کا انجام برا ہوگا۔ گواہی چھپانے والوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ یاد رکھو اللہ تمھارے اعمال سے باخبر ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦